Tag: برقع پوش ڈاکو

  • تین برقع پوش ڈاکوؤں کا عبرت ناک انجام

    تین برقع پوش ڈاکوؤں کا عبرت ناک انجام

    مٹیاری: صوبہ سندھ کے شہر مٹیاری کے ایک علاقے میں 3 برقع پوش ڈکیت اپنی واردات میں بری طرح ناکام رہے، علاقہ مکینوں نے انھیں واردات کے دوران قابو کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مٹیاری میں برقع پوش 3 ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر ڈکیتی کی کوشش کی، تاہم گھر کے افراد اور علاقہ مکینوں نے ڈکیتی ناکام بناتے ہوئے تینوں کو دھر لیا۔

    علاقہ مکینوں نے ملزمان کی پٹائی کر کے خوب درگت بنائی اور پھر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں برقع پوش ملزمان پر کئی مقدمات درج ہیں، ملزمان میں اللہ ڈنو، عاشق اور ایک نامعلوم ڈکیت شامل ہے۔

    واردات کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کی تلاشی لی تو گھر کی چھت سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، جسے قبضے میں لے لیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مٹياری شہر میں ایک ہی رات میں ڈکیتی کی 2 وارداتیں کی گئی تھیں، مٹیاری مین شیر شاہ کالونی سے موٹر سائیکل چوری ہوئی، اور شہر کے مین بس اسٹاپ پر ایک بیکری سے 2 نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر 45 ہزار روپے کیش اور 50 ہزار کا موبائل فون لوٹا۔

    گزشتہ ماہ اے آر وائی نیوز کی ٹیم سر عام نے مٹیاری میں ایک اسٹنگ آپریشن بھی کیا تھا، جس میں ٹیم سرِعام نے پولیس افسران کی رشوت خوری کے ویڈیوز سامنے لائے تھے، جس پر ایس ایس پی مٹیاری کے دفتر میں رشوت خور پولیس افسران نے ہنگامہ مچایا تھا۔

  • دو برقع پوش ڈاکوؤں سمیت پانچ ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

    دو برقع پوش ڈاکوؤں سمیت پانچ ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

    کراچی : پولیس نے ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار شدگان میں دو برقع پوش ڈاکو بھی شامل ہیں، جنہیں علاقہ مکینوں نے رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیر آباد تھانے کے پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو برقع پوش ڈکیت کو ڈکیتی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے۔

    پیرآباد پولیس کو بذریعہ 15کال اطلاع موصول ہوئی کہ دو برقع پوش ملزم اکرم نیازی نامی شہری کے گھر میں ڈکیتی کر رہے ہیں اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔

    پولیس نے بروقت فوری کاروائی کرتے ہوئے کامیابی کے ساتھ دوملزمان جنید ولد اللہ تھاریو اور شفیع ولد شاہ عالم کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ پستول چری اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی۔

    دوسری جانب گلستان جوہر میں پولیس نے کارروائی کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، نقدی اور نشہ آوراشیاء برآمد کرلیں، ملزمان نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

  • لاہور میں پولیس کو مطلوب برقع پوش ڈاکو گرفتار

    لاہور میں پولیس کو مطلوب برقع پوش ڈاکو گرفتار

    لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت کے علاقے ایل ڈی اے نواب ٹاؤن سے ایک برقع پوش ڈاکو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈولفن اسکواڈ نے برقع پوش ڈاکو کو گرفتار کر لیا، ملزم مختلف روپ دھار کر اور برقع پہن کر دیگر ساتھیوں کے ہم راہ وارداتیں کرتا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم برقع میں ایک اور واردات کرنے والا تھا کہ اطلاع ملنے پر پولیس نے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، ملزم کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو کا کریمنل ریکارڈ بھی موجود ہے، ملزم سے مختلف وارداتوں سے متعلق تفتیش جاری ہے۔

    یاد رہے کہ مارچ میں کراچی میں بھی برقع پہن کر واردات کرنے والے دو ڈاکو پولیس نے دھر لیے تھے، نعمان اور فیاض نامی ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں پولیس نے برقع پوش ڈاکوؤں کو دھر لیا

    پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار اسٹریٹ کرمنلز خواتین کا روپ دھار کر ڈکیتیاں کرتے تھے، برقع پوش ملزم موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھا کرتا تھا۔

    کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ایسے واقعات نئے نہیں، اس سے قبل بھی برقع پوش ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی کراچی میں پولیس نے 2 ملزمان انیس اور بابر حسین کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی تھی، ملزمان موٹر سائیکل پر برقع پہن کر مختلف علاقوں میں شہریوں کو ایڈریس پوچھنے کے بہانے روکتے اور اسلحہ دکھا کر لوٹ لیتے تھے۔