Tag: برقی گاڑیاں

  • ہونڈا کا برقی گاڑیوں سے متعلق بڑا اعلان

    ہونڈا کا برقی گاڑیوں سے متعلق بڑا اعلان

    جاپان کی ہونڈا موٹر کمپنی نے برقی گاڑیوں سے متعلق بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 2030 تک 20 لاکھ سے زائد برقی گاڑیاں بنائے گی۔

    ہونڈا موٹر کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ برقی گاڑیوں کی اقسام اور پیداوار دونوں کو وسعت دینے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے، اور انھی کی بدولت کوشش ہے کہ 2030 تک ہر سال دنیا بھر میں 20 لاکھ برقی گاڑیاں تیار کی جائیں۔

    کمپنی کے حکام کے مطابق وہ اس سلسلے میں 30 ماڈل پیش کریں گے، اور برقی گاڑیوں کی پیداوار کو کمپنی کی سالانہ پیداوار کا تقریباً نصف تک پہنچایا جائے گا، خیال رہے کہ گزشتہ سال دنیا بھر میں ہونڈا کی تمام اقسام کی 40 لاکھ سے زائد گاڑیاں تیار کی گئی تھیں۔

    کمپنی کے مطابق الیکٹرک وہیکلز سے متعلق حکمت عملی کے پہلے قدم کے طور پر 2024 میں تجارتی سطح پر ایک چھوٹی گاڑی متعارف کرائی جائے گی، اس گاڑی کی قیمت 10 لاکھ سے 20 لاکھ ین کے درمیان، یا لگ بھگ 8 سے 16 ہزار ڈالر ہوگی۔

    کمپنی کا ارادہ ہے کہ 2024 کے موسمِ بہار میں نئی سالڈ اسٹیٹ بیٹریاں پیش کی جائیں، جدید قسم کے آلات سے ای وی کی رینج میں، موجودہ لیتھیم آئن بیٹریاں استعمال کرنے والی کاروں کے مقابلے میں بہت اضافہ ہو جائے گا۔

    ہونڈا کمپنی کا کہنا ہے کہ برقی گاڑیوں سے متعلقہ تحقیق و ترقی پر اگلے 10 سالوں کے دوران 50 کھرب ین، یا تقریباً 40 ارب ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔

  • خوش خبری، برقی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیکسز میں چھوٹ

    خوش خبری، برقی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیکسز میں چھوٹ

    کراچی: سندھ میں دو سال کے لیے الیکٹرک وھیکلز کی رجسٹریشن اور ٹیکسز میں بڑے پیمانے پر چھوٹ دینے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں برقی گاڑیوں کی رجسٹریشن اسلام آباد کے برابر لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ فیصلہ صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرل ڈیولپمنٹ میر شبیر علی بجارانی کی زیر صدارت سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

    اجلاس میں صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاؤلہ، صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نواب زادہ تیمور تالپور، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری جی اے نے شرکت کی۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ اور اسلام آباد میں الیکٹرک وھیکل کی رجسٹریشن میں 8 لاکھ روپے تک کا فرق ہے، اس فیصلے کے نفاذ کے بعد صوبے میں برقی گاڑی کی رجسٹریشن 1 لاکھ سے ایک لاکھ 20 ہزار تک ہو جائے گی۔

    تجویز کے مطابق 2000 سی سی گاڑی پر 5 ہزار لگژری ٹیکس لگایا جائے گا، اور سالانہ رینیوئل کی مد میں 500 روپے فیس وصول کی جائے گی۔

    اجلاس میں الیکٹرک موٹر سائیکل پر بھی زیادہ چھوٹ دینے کی تجویز پیش کی گئی، اس سلسلے میں موٹر سائیکل کی لائف ٹائم رجسٹریشن 500 روپے کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ایک سال میں 400 الیکٹرک گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئی ہیں، جب کہ سندھ میں گزشتہ دو ماہ میں صرف 4 گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئیں، سندھ میں پنجاب اور اسلام آباد کے مقابلے میں الیکٹرک وھیکل پر زیادہ ٹیکس اور رجسٹریشن فیس ہے۔

    صوبائی وزیر شبیر بجارانی نے کہا کہ سندھ سے لوگ اپنی برقی گاڑیاں اسلام آباد میں رجسٹر کروا رہے ہیں، اسلام آباد میں گزشتہ دو سال میں 4 ہزار برقی گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئی ہیں، اور زیادہ تر سندھ کے لوگوں نے رجسٹرڈ کروائی ہیں۔

    میر شبیر بجارانی نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور آلودگی کو کم کرنے کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ہم سندھ میں الیکٹرک وھیکلز سیکٹر کو فروغ دینے کے حق میں ہیں۔

    مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ وفاق کے ٹیکسز پر چھوٹ نہیں دے سکتے لیکن صوبائی ٹیکسز اور رجسٹریشن فیس ختم کر سکتے ہیں۔

    اس سلسلے میں سفارشات کو حتمی شکل دے کر وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری کے لیے سمری تیار کی جائے گی، وزیر اعلیٰ سے منظوری کے بعد اسے سندھ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: نئی طرز کی گاڑیاں تیار کرنے کا اعلان

    سعودی عرب: نئی طرز کی گاڑیاں تیار کرنے کا اعلان

    ریاض: امریکی کمپنی کی جانب سے سعودی عرب میں 2024 سے برقی گاڑیاں تیار کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی الیکٹرک وھیکلز مینوفیکچررز لوسڈ موٹرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2024 میں سعودی عرب میں برقی گاڑیوں کی تیاری شروع کر دے گا۔

    سعودی عرب میں لوسِڈ کمپنی کے نائب سربراہ سعود العسکر کی جانب سے ملک میں برقی گاڑیوں کی فیکٹری لگانے کے لیے درخواست بھی جمع کرا دی گئی ہے۔

    امریکی کمپنی لوسڈ (Lucid Motors) معروف کار ساز کمپنی ٹیسلا کے مدِ مقابل برقی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ہے، جس میں سعودی انویسٹمنٹ فنڈ نے سرمایہ کاری کر کے 62 فی صد حصص حاصل کر لیے تھے، سعودی فنڈ کو امریکی اسٹاک ایکسچینج میں کمپنی کی لسٹنگ سے 22 ارب ڈالر کا منافع حاصل ہوا۔

    مشہور برانڈ کی جانب سے نئی طرز کی گاڑیاں مارکیٹ میں لانے کا اعلان

    پچھلے ماہ کے دوران لوسڈ کمپنی پہلی بار امریکی اسٹاک ایکسچینج میں شامل ہوئی تھی اور اس کے حصص عوام کو خریداری کے لیے پیش کیے گئے تھے۔ یہ کمپنی اسی برس اپنی پہلی گاڑی لوسِڈ ایئر فروخت کے لیے پیش کرے گی، جس کی امریکا میں قیمت 77 ہزار 400 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

    کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ لوسڈ ایئر ایک کلوواٹ آور میں 4.5 میل کی رینج دے گی، جو کہ ٹیسلا کی ماڈل ایس گاڑی سے زیادہ ہے، گاڑی کی ٹوٹل رینج 517 میل تک ہے، جو کہ ٹیسلا ماڈل ایس سے 26 فی صد زیادہ ہے۔