Tag: برلن

  • برلن، تقریب میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی طبیعت بگڑ گئی

    برلن، تقریب میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی طبیعت بگڑ گئی

    برلن: جرمنی کے دارالحکومت برلن میں تقریب کے دوران جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی طبیعت بگڑ گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برلن میں تقریب کے دوران جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی، وہ کھڑے کھڑے کانپنے لگیں جس کی ویڈیو نے سب کو حیران کردیا۔

    جرمنی کے دورے پر آئے نومنتخب یوکرینی صدر کی استقبالیہ تقریب میں ترانہ چل رہا تھا اس دوران انجیلا مرکل بری طرح کانپتی اور ہونٹ بھینچتی نظر آئیں۔

    طبیعت خراب ہونے کے باوجود بھی وہ ترانہ ختم ہونے تک اپنی جگہ کھڑی ہیں جس کے بعد وہ یوکرینی صدر کے ساتھ چلی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق برلن میں درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا ہوا تھا، جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی طبیعت گرمی کی وجہ سے بگڑ گئی تھی۔

    قومی ترانے کی دھن کے اختتام پر مرکل کو معاملے کی سنگینی کا احساس ہوا اور وہ سرخ قالین پر زیلینسکی کے ہمراہ تیزی سے اپنے دفتر کی جانب چل پڑیں۔

    اس موقع پر جرمن چانسلر کے پیچھے موجود عہدے داران بھی تشویش میں مبتلا نظر آئے۔

    بعدازاں جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ ’میں نے تین گلاس پانی پیا ہے جس کے بعد طبیعت میں کافی بہتری محسوس کررہی ہوں۔’

  • برلن :‌ 85 افراد کے قاتل کی سزا کے خلاف اپیل

    برلن :‌ 85 افراد کے قاتل کی سزا کے خلاف اپیل

    برلن : درجنوں افراد کو قتل کرنے والے جرمن شہری نے عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل دائر کردی، سرکاری طور پر ہوگیل کا شکار بننے والے افراد کی مجموعی تعداد 91 تک جا پہنچی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی میں قتل کی 85 کارروائیوں کے مجرم قرار دیے جانے والے شخص نے اپنی عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل کر دی ہے۔42سالہ جرمن نیلس ہوگیل کے خلاف عدالتی فیصلہ گذشتہ ہفتے جاری ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہوگیل نے 2000 سے 2005 تک ایک ہسپتال میں کام کے دوران درجنوں مریضوں کو انجیکشن لگا کر موت کی نیند سلایا تھا, مقتولین کی عمریں 34 سے 96 برس کے درمیان تھیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گذشتہ جمعرات کے روز جاری ہونے والے عدالتی فیصلے سے قبل ہوگیل کو 6 مزید افراد کے قتل کا مجرم ٹھہرایا گیا تھا۔ اس طرح سرکاری طور پر ہوگیل کا شکار بننے والے افراد کی مجموعی تعداد 91 تک جا پہنچی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ البتہ موت کا شکار بننے والے افراد کی حقیقی تعداد کبھی معلوم نہیں ہو سکے گی کیوں کہ ان میں بہت سے لوگوں کی لاشوں کو جلا دیا گیا۔

    پولیس کو شبہ ہے کہ ہوگیل نے درحقیقت 200 سے زیادہ افراد کی زندگی کا چراغ بجھایا، اولڈنبرگ کی عدالت نے ہوگیل کو عمر قید کی سزا سنائی، فیصلے کے ساتھ ایسی شرائط بھی منسلک ہیں جن کے سبب ہوگیل کا جیل کی سلاخوں کے پیچھے 15 سال گزارنے سے پہلے باہر آنا مشکل ہو گا۔

  • جرمنی میں مساجد پر حملے، قرآن پاک کے 50 نسخے شہید

    جرمنی میں مساجد پر حملے، قرآن پاک کے 50 نسخے شہید

    برلن: جرمنی کی دو مساجد پر نامعلوم ملزمان کی جانب سے حملے کیے گئے، حملہ آوروں نے بریمین شہر کی مسجد رحمان کو نشانہ بنایا، دوسری مسجد پر کیسل شہر میں حملہ کیا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کے شہر بریمین میں واقع رحمان مسجد میں قرآن کریم کے 50 نسخے شہید کردئیے گئے جبکہ کیسل کی ایک مسجد میں نامعلوم افراد کی جانب سے سنگ باری کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق مسجد انتظامیہ کے صدر سیف الدین نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ جرمنی کے شہر بریمین میں زیادہ تر پاکستانی اور افغان باشندے آباد ہیں۔

    بریمین میں پیش آنے والا واقعے پر وہاں موجود مسلمان برادری اپنے ردعمل کا اظہار سوشل میڈیا پر کررہی ہیں۔

    مزید پڑھیں: جرمنی میں مسجد کی انتظامیہ کو مسلسل دھمکیاں، گولی بھی ارسال

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ برلن میں غازی عثمان پاشا مسجد کو مسلسل دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے تھے، ایک خط کے ساتھ بلٹ (گولی) بھی بھیجی گئی تھی۔

    جرمنی میں اس سے قبل بھی مسلمانوں پر حملوں کے واقعات رونما ہوچکے ہیں، جبکہ مسلم تارکین وطن کے خلاف نسل پرست کھلے عام نفرت کا اظہار کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں برس نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر انتہا پسند سفید فام شخص نے جدید اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 51 نمازی شہید اور 38 زخمی ہوگئے تھے۔

  • جرمنی کا فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد جاری رکھنے کا اعلان

    جرمنی کا فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد جاری رکھنے کا اعلان

    برلن: جرمنی نے باور کرایا ہے کہ برلن فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے قائم کردہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (اونروا) کی مالی مدد جاری رکھے گا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اپنے دورہ اردن کے دوران ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف ایجنسی اونروا کی مالی مدد جاری رکھے گا کیونکہ یہ اہمیت کا حامل ادارہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اردنی حکام کے ساتھ بات چیت میں مشرق وسطیٰ کے موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ہائیکو ماس کے مطابق مشرقی وسطیٰ میں موجودہ کشیدگی سے مسائل مزید گھمبیر ہوسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: جوہری ہتھیارعالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، جرمن وزیر خارجہ

    جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں اونروا کی مدد جاری رکھنا ہوگی، فلسطینی پناہ گزینوں کے حوالے سے اونروا اہمیت کا حامل ادارہ ہے، عالمی برادری کو اس کی مدد اور حمایت جاری رکھنا ہوگی۔

    ایک سوال کے جواب میں ہائیکو ماس نے کہا کہ برلن کو اردن کی معاشی مشکلات کا اندازہ ہے، جرمن حکومت عالمی برادری اور آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر اردن کی مشروط طور پر 100 ملین ڈالر کی مالی مدد کی جائے گی۔

  • جرمن شہریوں میں پناہ گزینوں کی مخالفت کے رجحان میں اضافہ

    جرمن شہریوں میں پناہ گزینوں کی مخالفت کے رجحان میں اضافہ

    برلن: جرمن شہریوں میں پناہ گزینوں کی مخالفت کے رجحان میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، 54.1 فیصد شہری جرمن میں موجود سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں کے بارے میں منفی رائے رکھتے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن فاؤنڈیشن فریڈرش ایبرٹ شٹفٹنگ (ایف ای ایس) کی ایک تازہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کے عوامیت پسندوں کے نظریات معاشرے کے مرکزی دھارے میں بھی عام ہوچکے ہیں۔

    اعداد و شمار کے مطابق ریکارڈ 54.1 فیصد جرمن شہری جرمنی میں موجود سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں کے بارے میں منفی رائے رکھتے ہیں۔

    ایف ایف ای ایس کی رپورٹ کے مطابق 2002 سے جرمنی میں دائیں بازو کی شدت پسندی سے متعلق سالانہ جائزہ رپورٹ جاری کررہا ہے، اس مرتبہ یہ رپورٹ بیلے فیڈ یونیورسٹی سے وابستہ ایک گروپ نے تیار کی ہے۔

    مزید پڑھیں: جرمنی، پناہ گزینوں کے لیے نرم دل رکھنے والی خاتون میئرپرانتہا پسند چاقو بردارکا حملہ

    یہ امر بھی اہم ہے کہ جرمنی اور یورپ میں پناہ گزینوں کے بحران کے آغاز سے قبل 2014 میں تیار کردہ رپورٹ میں 44 فی صد جرمن شہریوں نے تارکین وطن کے بارے میں منفی خیالات کا اظہار کیا تھا۔

    سن 2016 میں بھی جب پناہ گزینوں کا بحران عروج پر تھا، پناہ گزین مخالف خیالات کے حامل جرمن شہریوں کی تعداد 50 فی صد کم تھی۔

    یاد رہے کہ دو سال قبل چاقو بردار شخص نے پناہ گزینوں کے لیے آواز اُٹھانے والی خاتون ٹاؤن میئر پر چھرے کے وار کر کے زخمی کردیا تھا، حملہ آور کو جائے وقوعہ سے ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔

  • اسپینش لیگ لالیگا : بارسلونا کی فتح کی جانب کامیابی سے پیش قدمی جاری

    اسپینش لیگ لالیگا : بارسلونا کی فتح کی جانب کامیابی سے پیش قدمی جاری

    برلن : اسپینش لیگ لالیگا میں مشہور کلب بارسلونا کی کامیابی کا سفر جاری ہے، بارسلونا نے ایتھلیٹکو میڈرڈ کو دو صفرسے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق بارسلونا کی ایک اور لالیگا ٹائٹل کی جانب پیش قدمی کامیابی سے جاری ہے, سپراسٹار ٹیم کے سپراسٹار لائنل میسی اور لوئس سواریز نے میچ کے آخری پانچ منٹ میں گول کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

    ایک اور میچ میں اسٹارز سے سجی ریال میڈرڈ کی ٹیم نے جیت کو گلےلگا لیا,کریم بینزیما نے دوگول داغے۔ ایف اے کپ کے سیمی فائنل میں مانچسٹر سٹی نے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    برائٹن کو ایک صفر سےہرا کر فائنل میں جگہ بنالی، جرمن فٹ بال لیگ میں بائرن میونخ نے پانچ صفر سے ڈارٹمنڈ کو زیرکیا، اٹیلین سیریا اے میں رونالڈو کی یووینٹس نے اے سی میلان کے خلاف میچ جیت لیا۔

  • برلن : مکانات کی کمی اور کرایوں میں اضافے کے خلاف عوام سراپا احتجاج

    برلن : مکانات کی کمی اور کرایوں میں اضافے کے خلاف عوام سراپا احتجاج

    برلن : جرمنی کی عوام مکانات کی کمی اور مسلسل کرائے میں اضافے پر آپے سے باہر ہوگئی، شہریوں نے حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن میں مکانات کی کمی اور کرائے میں مسلس اضافے کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرین کی جانب سے مکانات تعمیر کرنے والی نجی کمپنیوں کے خلاف شدید غصے کا اظہار بھی کیا گیا۔

    اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ شہریوں کو کرائے میں اضافہ کی وجہ سے ان کے گھروں سے باہر نکالا جا رہا ہے جبکہ سر چھپانے کی جگہ شہریوں کا بنیادی حق ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جرمنی سمیت یورپ کے دیگر شہروں میں بھی ایسے احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس فرانس کی یلو ویسٹ تحریک نے دیگر یورپی مماک کی طرح جرمنی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جرمنی کے شہر میونخ میں بھی زرد جیکٹ پہنے سیکڑوں مظاہرین نے احتجاج کیا تھا

    فرانس کی ’یلو ویسٹ تحریک‘ جرمنی پہنچ گئی، احتجاجی مظاہرے شروع

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میونخ میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں جرمن اور فرانسیسی پرچم اٹھا رکھے تھے جببکہ اس ریلی کا مقصد جرمنی میں بڑھی ہوئی سماجی تفریق کے معاملے کو اجاگر کرنا تھا۔

    گزشتہ برس احتجاج کرنے والے مظاہرین کا کہنا تھا کہ جرمنی میں گھروں کے کرایوں میں بے انتہا اضافہ ہوچکا ہے جس کم آمدنی والے افراد کےلیے ادا ناگزیر ہوچکا ہے لہذا لوگوں کو اپنے حقوق کےلیے سڑکوں پر آنا چاہیے۔

  • جرمنی: دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے 10 انتہا پسند گرفتار

    جرمنی: دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے 10 انتہا پسند گرفتار

    برلن: جرمن پولیس نے دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے 10 انتہا پسندوں کو گرفتار کرکے اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔

    ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق جرمن پولیس نے فرینک فرٹ کے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی منصوبہ کرنے والے 10 انتہا پسندوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کی عمریں 20 سے 42 برس کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔

    جرمن حکومت کی جانب سے گرفتار ملزمان کی شہریت اور نام ظاہر نہیں کیے گئے ہیں، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھریاں، 20000 یورو کی رقم اور الیکٹرانک ڈیوائس برآمد کرلی۔

    واضح رہے کہ 2016 میں جرمنی کے دارالحکومت برلن کی کرسمس مارکیٹ میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ نے قبول کی تھی۔

    مزید پڑھیں: جرمن پولیس کی کارروائی، نیو نازی گروپ کے 7 دہشت گرد گرفتار

    چار روز قبل اٹلی میں اسکول بس ہائی جیک کرنے میں ناکامی پر دہشت گرد نے اسکول وین کو آگ لگادی تھی جس کے نتیجے میں 12 بچے جھلس گئے تھے۔

    بس ڈرائیور کے خلاف ماضی میں بھی جرائم میں ملوث ہونے کے مقدمات درج تھے، نشے میں دھت گاڑی چلانے پر جرمانہ بھی ہوچکا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں جرمن پولیس نے خفیہ اطلاعات پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے نیو نازی گروپ کے 7 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا، مذکورہ افراد نے 3 اکتوبر کو حملوں کی منصوبہ کی ہوئی تھی۔

  • ٹرک آرٹ پر مبنی ویسپا تیار ہو گئی، برلن کی سڑکوں پر چلاؤں گا: جرمن سفیر

    ٹرک آرٹ پر مبنی ویسپا تیار ہو گئی، برلن کی سڑکوں پر چلاؤں گا: جرمن سفیر

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی ویسپا پر پاکستان کا روایتی ٹرک آرٹ مکمل ہو گیا ہے، ٹرک آرٹ کے لیے جرمن سفیر نے اپنے ایک مقامی کاریگر دوست سے رابطہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن سفیر مارٹن کی ویسپا موٹر سائیکل پر پاکستانی ٹرک آرٹ کے کاریگروں رئیس اور جاحی پرویز نے اپنی مہارت دکھائی، جرمن سفیر نے ویسپا پر کام مکمل ہونے کے بعد دونوں کا شکریہ ادا کیا۔

    جرمن سفیر نے ٹویٹر پر اپنی پوسٹ میں ویسپا موٹر سائیکل اور دونوں پاکستانی کاریگروں کے ساتھ تصویریں بھی شیئر کیں۔

    مارٹن کوبلر نے لکھا کہ ان کی ویسپا تیار ہو کر آگئی ہے، اور اب وہ خوب صورت موسم بہار میں ویسپا پر اپنے پہلے سفر سے لطف اندوز ہوں گے۔

    جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ وہ جرمن شہر برلن کی سڑکوں پر اپنی فیملی کے ساتھ رنگین ویسپا چلانے کا مزا لیں گے۔

    خیال رہے کہ جرمن سفیر نے جرمنی میں اپنے گھر کے لیے فرنیچر مارکیٹ سے ایک کلاسک روایتی پرانا دروازہ بھی خریدا ہے۔ مارٹن کا کہنا تھا کہ یہ دروازہ انھوں نے اپنے دوست بختیار سے خریدا۔ خیال رہے کہ جرمن سفیر پاکستان میں عام شہریوں کے ساتھ بھی دوستانہ رویہ رکھنے کے لیے مشہور ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  جرمن سفیر نے اپنی موٹر سائیکل پر “ٹرک آرٹ” بنوا لیا

    نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کے حوالے سے جرمن سفیر نے کہا ہے واقعے کا سن کر دھچکا لگا، اموات پر غم زدہ ہوں۔ تشدد اور دہشت گردی کہیں بھی قابل قبول نہیں۔ میری دعائیں غم گین خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

  • جرمنی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 3 عراقی گرفتار

    جرمنی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 3 عراقی گرفتار

    برلن: جرمن پولیس نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کے صوبے شلیسوگ ہولشنائن میں جرمن پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے تین افراد کو حراست میں لے لیا، گرفتار تینوں افراد عراقی باشندے ہیں اور حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

    جرمن پولیس کے مطابق عراقی باشندوں کو خفیہ اطلاعات پر کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار تینوں افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ملزمان سال نو کی تقریبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ناکامی کے بعد کسی دوسرے مقام پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا ہے۔

    جرمن وزیر داخلہ زیہوفر نے عراقی باشندوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا ہے۔

    مزید پڑھیں: جرمنی: دہشت گردی کی سازش میں ملوث داعش کی سہولت کار خاتون گرفتار

    جرمن وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ گرفتار افراد کا تعلق کس دہشت گرد تنظیم ہے تاہم ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان بم بنانے کی کوشش کررہے تھے، ان کو دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی سے قبل حراست میں لے لیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں جرمنی میں دہشت گردی کی سازش میں ملوث داعش کی سہولت کار خاتون کو گرفتار کیا گیا تھا، خاتون نے داعش کے دو ارکان کی مدد کی تھی، یہ دونوں ارکان جرمنی میں ایک حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔