Tag: برمنگھم

  • برمنگھم میں کرسمس کی تقریبات شروع ہوگئیں

    برمنگھم میں کرسمس کی تقریبات شروع ہوگئیں

    برمنگھم میں کرسمس تقریبات کا باقاعدہ آغازکردیا گیا ہے، شہر کے بیشتر حصے کوبرقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برمنگھم کے وکٹوریہ اسکوائر میں برطانیہ کی سب سے بڑی جرمن کرسمس مارکیٹ کاافتتاح بھی کردیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق جرمن سفیر کرسمس لائٹس روشن کرنے کی تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوئے، کرسمس مارکیٹ میں کھانے پینے سمیت دیگر مصنوعات کے 60 سے زائد اسٹالز سجائے گئے تھے۔

    مارکیٹ میں برطانیہ بھر سے 50 لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے۔ جبکہ مارکیٹوں میں گہما گہمی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس میکسیکو کی وسطی ریاست گوانا جواٹو میں کرسمس سے قبل منعقد ہونے والی ایک روایتی پارٹی میں شرکت کرنے والوں پر ایک مسلح گروپ نے حملہ کردیا تھا، جس کے نتیجے میں 12افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

    میکسیکو کے اٹارنی جنرل کے مطابق حملوں میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے، تاہم حکام نے اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل جاری نہیں کی تھی۔

    ٹرمپ نے کرسمس پیغام میں بھی بائیڈن کو نہ بخشا

    ریاست گوانا جواٹو بڑی فیکٹریوں کی وجہ سے میکسیکو میں مشہور ہے لیکن حالیہ برسوں میں وہاں پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

  • ویڈیو: سیکڑوں کاروں کو بیک وقت چارج  کرنے والا برطانیہ کا نیا چارجنگ اسٹیشن

    ویڈیو: سیکڑوں کاروں کو بیک وقت چارج کرنے والا برطانیہ کا نیا چارجنگ اسٹیشن

    بی پی کمپنی کی جانب سے برمنگھم میں برطانیہ کے سب سے بڑے الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح کردیا گیا جس میں بیک وقت 180 کاروں کو چارج کیا جاسکتا ہے۔

    مذکورہ چاجنگ حب (مرکز) انگلینڈ کے مرکزی حصے میں واقع تین موٹر ویز کے انٹرسیکشن پر بنایا گیا ہے جس میں 30 الٹرا فاسٹ 300 کلوواٹ کے چارجنگ اسٹیشن بھی موجود ہیں جو کہ 15 منٹ میں اتنی چارجنگ کر سکتے ہیں کہ گاڑی 100 میل (160.93 کلومیٹر) تک چلنے کے قابل ہوجائے جب کہ یہاں7 کلوواٹ کے 150 سلو چارجنگ پوائنٹس بھی ہیں۔

    برطانیہ میں خدمات انجام دینے والی الیکٹرک وہیکل چارجنگ کمپمنی بی پی پلس کی سی ای او اکیرہ کرٹون نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ ایک بلین پاؤنڈ کے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت ایک عشرے کے دوران ملک میں سیکڑوں چارجنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔


    انھوں نے بتایا کہ بی پی پلس 100 فیصد قابل تجدید توانائی کا استعمال کرتی ہے، تاہم انھوں نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ اس کے ذریعے کمپنی کتنا منافع حاصل کرے گی۔

    کرٹون کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اپنی سائٹس پر خاصی تعداد میں کاروں کی آمد دیکھی ہے اور ان سائٹس میں سے اکثر ہمارے لیے منافع بخش ہیں۔

  • برطانیہ میں مسجد سے نکلنے والے بزرگ شہری کو آگ لگانے کا ہولناک واقعہ

    برطانیہ میں مسجد سے نکلنے والے بزرگ شہری کو آگ لگانے کا ہولناک واقعہ

    برمنگھم :برطانیہ میں حملہ آور نے مسجد سے نکلنے والے بزرگ شہری کو آگ لگا دی، آگ لگنے سے شہری کا چہرہ جھلس گیا۔

    تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں مسجد سے گھر جاتے شخص پر نامعلوم چیز کا اسپرے چھڑک کر آگ لگانے کا ہولناک واقعہ پیش آیا۔

    ستر سالہ متاثرہ شخص برمنگھم میں ایک مسجد سے نکل کر گھر جا رہا تھا جب اس پر حملہ کیا گیا، حملہ آور نے اس پر کچھ اسپرے کیا اور پھر اس کی جیکٹ پر آگ لگا دی، جیکٹ میں آگ لگنے سے شہری کا چہرہ جھلس گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس نے اقدام قتل کے شبہ میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔

    مسجد سے گھر جانے والے شخص کو آگ لگانے کا واقعہ لندن میں بھی گزشتہ دنوں ہوا تھا، اس مقدمے کی تفتیش انسداد دہشت گردی پولیس کر رہی ہے۔

  • لندن: چاقو زنی کی 2 وارداتیں، 2 بچے اور ایک نوجوان ہلاک

    لندن: چاقو زنی کی 2 وارداتیں، 2 بچے اور ایک نوجوان ہلاک

    لندن: برطانیہ میں چاقو زنی کی دو وارداتوں میں 2 بچوں اور ایک نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن اور برمنگھم میں چاقو زنی کی دو مختلف وارداتوں میں دو بچوں سمیت تین افراد کو جانوں سے محروم کر دیا گیا، جب کہ چالیس سال کا ایک شخص زخمی ہو گیا۔

    چاقو زنی کی پہلی واردات لندن میں ہوئی، مشرقی لندن کے علاقے ایلفرڈ میں چھریوں کے وار کر کے 1 سال کی بچی اور 3 سال کے بچے کو قتل جب کہ 40 سالہ شخص کو زخمی کر دیا گیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔

    چاقو زنی کی دوسری واردات برمنگھم میں ہوئی جہاں 20 سالا نوجوان کو دن دہاڑے چھری مار کر شدید زخمی کر دیا گیا، نوجوان کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ راستے ہی میں دم توڑ گیا، برمنگھم پولیس نے عوام سے واردات کے سلسلے میں تحقیقات میں مدد دینے کی اپیل کر دی ہے۔

    برطانیہ میں چاقو زنی کی واردات نہ رک سکی، مزید 4 افراد زخمی

    پولیس کے مطابق لندن میں ہونے والے واقعے میں دونوں بچے اور چالیس سالہ شخص ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، انھیں گھر کے اندر حملہ کر کے چاقو سے زخمی کیا گیا، جب پولیس جائے واردات پر پہنچی تو 12 ماہ کی بچی دم توڑ چکی تھی جب کہ تین سالہ بچے اور چالیس سالہ شخص کو زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا، تاہم بچہ بھی زخموں کی تاب نہ لا کر ٹراما سینٹر میں جاں بحق ہو گیا۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ کے تفتیش کاروں نے اس دوہرے قتل کی واردات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں مذکورہ فیملی کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔

  • لڑکی کی زبردستی شادی کرانے کی کوشش پر برمنگھم میں پاکستانی جوڑے کو لمبی قید

    لڑکی کی زبردستی شادی کرانے کی کوشش پر برمنگھم میں پاکستانی جوڑے کو لمبی قید

    برمنگھم: برطانوی شہر برمنگھم میں پاکستان نژاد لڑکی کی زبردستی شادی کرانے کی کوشش پر پاکستانی جوڑے کو عدالت نے جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں کراؤن کورٹ نے 55 سالہ پاکستانی نژاد شخص کو 7 سال جب کہ ان کی 43 سالہ بیوی کو ایک سال قید کی سزا سنا دی، مجرمان میاں بیوی نے عدالت کے سامنے اعتراف جرم کر لیا، کہ انھوں نے 18 سالہ رشتے دار لڑکی کی زبردستی شادی کرانے کی کوشش کی تھی، اور اس کے ساتھ بدسلوکی بھی کرتے رہے تھے۔

    میاں بیوی اور متاثرہ لڑکی کے نام قانونی وجوہ پر ظاہر نہیں کیے گئے ہیں، رپورٹس کے مطابق مجرمان لڑکی کے رشتہ دار تھے جو برطانیہ میں اس کی دیکھ بھال کر رہے تھے، جب کہ لڑکی کی والدہ کو ویزے کے مسائل کے باعث پاکستان واپس بھیجا گیا تھا۔

    پاکستانی نژاد شہری امریکی پولیس میں اہم عہدے پر فائز

    برطانوی میڈیا کے مطابق متاثرہ لڑکی کو 10 سال کی عمر میں پاکستان بھیجا گیا تھا جہاں اس کے ساتھ نہایت برا سلوک کیا گیا، اسے کھانا تک نہیں دیا جاتا تھا، جذباتی اور جسمانی تشدد بھی کیا جاتا تھا، پاکستان میں نہایت بری صورت حال سے دوچار متاثرہ لڑکی 4 سال بعد برطانیہ لوٹی۔ اس موقع پر وہ برمنگھم میں ایک اور آنٹی کے ساتھ رہنے لگی جہاں اس نے اپنی تعلیم پوری کی اور ملازمت بھی حاصل کی۔

    تاہم جولائی 2016 میں جب وہ ماں کے بیمار ہونے پر انھیں دیکھنے پاکستان گئی تو اس کے انکل نے اس سے پاسپورٹ چھین لیا اور اسے زبردستی شادی کے لیے مجبور کرنے لگے، لڑکی کے انکار پر انکل نے پستول سے بھی دھمکایا کہ یا تو ان کی پسند کی شادی کرے یا مرنے کے لیے تیار ہو جائے۔

    بعد ازاں ایک دوست نے مدد کرتے ہوئے لڑکی کو فون لا کر دیا اور اس نے برطانوی سفارت خانے کو کال کر کے مدد طلب کی، برطانوی سفارت خانے نے پاکستانی سیکورٹی اداروں کے تعاون سے لڑکی کو واپس برطانیہ منتقل کیا تھا. خیال رہے کہ برطانوی قانون میں شادی کی کم سے کم عمر 21 سال ہے اور زبردستی شادی کی روک تھام کے لیے سخت قوانین رائج ہیں۔ مذکورہ میاں بیوی پر برطانیہ میں مقدمہ چلایا گیا اور جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی۔

  • چین سے واپسی پر برطانوی شہری بیمار پڑ گیا، کرونا وائرس الرٹ

    چین سے واپسی پر برطانوی شہری بیمار پڑ گیا، کرونا وائرس الرٹ

    لندن: چین سے واپسی پر ایک برطانوی شہری بیمار پڑ گیا، جس کے بعد کرونا وائرس کے سلسلے میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے حکام الرٹ ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چینی شہر ووہان سے آنے والے برطانوی شہری میں کرونا وائرس کا شبہ کیا جا رہا ہے، 39 سالہ شخص چین سے واپسی پر گھر پہنچ کر بیمار ہوا، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ مشتبہ مریض کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    برطانوی شہر برمنگھم میں بھی کرونا وائرس الرٹ جاری کر دیا گیا، وائرس کے شبہے میں 100 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔

    ادھر یورپی کمیشن نے 250 فرانسیسیوں کی چینی شہر ووہان سے واپسی کا اعلان کر دیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ فرانسیسی باشندوں کے ساتھ دیگر یورپی ممالک کے شہری بھی ہوں گے، ان باشندوں کی واپسی 2 چارٹر طیاروں کے ذریعے ہوگی، اور صرف صحت مند شہریوں کو ہی سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

    چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 106 ہو گئی

    خیال رہے کہ اب تک امریکا، جرمنی، جاپان، فرانس، سنگاپور سمیت 16 ایسے ممالک میں جہاں اس وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ چین نے فلو کی طرح کے اس وائرس سے نمٹنے کے لیے سفری پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں، ووہان سے باہر نکلنے یا شہر میں جانے پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

    چین میں مہلک کرونا وائرس کے سبب نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے، ایک کروڑ دس لاکھ آبادی والا شہر سنسان ہو گیا اور ہر طرف ہو کا عالم ہے، لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو جان لیوا کرونا وائرس کے خلاف مدد کی پیش کش کر دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ چین سے مسلسل رابطے میں ہیں اور اس معاملے کو غور سے دیکھ رہے ہیں۔

  • ورلڈ کپ: انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست

    ورلڈ کپ: انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست

    برمنگھم: ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں میزبان انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی، جیسن رائے نے 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کرس ووکس کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں میزبان انگلینڈ نے کینگروز کی جانب سے دیا جانے والا 224 رنز کا ہدف 32.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے 14 جولائی کو ہوگا۔

    ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز جیسن رائے اور جونی بیرسٹو کے درمیان 124 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی، جونی بیرسٹو 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    جیسن رائے نے 65 گیندوں پر 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 بلند و بالا چھکے اور 9 چوکے شامل تھے، جیسن رائے کو پیٹ کمنز نے آؤٹ کیا۔

    جو روٹ 49 اور انگلش کپتان اوئن مورگن 45 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    ورلڈ کپ کے کامیاب بولر مچل اسٹارک 8 اوورز میں 64 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے، پیٹ کمنز نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم 49 اوورز میں 223 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 224 رنز کا ہدف دیا تھا، کرس ووکس اور عادل راشد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

    آسٹریلیا نے پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، کینگروز کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گری جب کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ڈیوڈ وارنر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    اسٹیو اسمتھ 85 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے، ہینڈزکومب 4 رنز بنا کر کرس ووکس کا نشانہ بنے، ایلکس کیری 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    مارکس اسٹونس کو عادل راشد نے صفر پر پویلین بھیج دیا، گلین میکسویل 22 رنز بنا کر جوفرا آرچر کا نشانہ بنے، پیٹ کمنز 6 رنز بناسکے۔

    فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے 29 رنز بنائے انہیں کرس ووکس نے آؤٹ کیا، بھیندروف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    انگلینڈ کے کرس ووکس اور عادل راشد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جوفرا آرچر نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارک ووڈ ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل ورلڈکپ 2019 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    آسٹریلیا کو ورلڈکپ میں انگلینڈ پر واضح برتری حاصل ہے جہاں انہیں دو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انگلینڈ کو 3 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو سب سے زیادہ 5 ورلڈکپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، اس کے علاوہ سیمی فائنل میں کبھی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور 7 فائنلز میں صرف 2 مرتبہ شکست ہوئی۔

  • ورلڈ کپ 2019، بھارت کی انگلینڈ سے شکست پر سوالات اٹھ گئے

    ورلڈ کپ 2019، بھارت کی انگلینڈ سے شکست پر سوالات اٹھ گئے

    برمنگھم: بھارت کی انگلینڈ سے شکست پر سوال اٹھ گئے، سابق انگلش کرکٹر ناصر حسین اور سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی بھارتی ٹیم کے کھیل پر حیران رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارتی ٹیم کی انگلینڈ کے ہاتھوں 31 رنز پر شکست نے بھارتی میڈیا اور سابق کھلاڑیوں کو حیران کردیا، بھارت کو 24 گیندوں پر 62 رنز درکار تھے، میچ وننگ بیٹسمین مہندر سنگھ دھونی ہر بال پر ٹک ٹک کرتے رہے۔

    گنگولی نے بھارت کی ہار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ زرد نیلی وردی میں بھارتی ٹیم جیتنے میدان میں اتری یا ہارنے کے لیے۔

    بھارت کا مضبوط بولنگ اٹیک پر انگلش بلے بازوں کے سامنے بے بس رہا، کلیئر آؤٹ ہونے پر بھی ریویو نہیں لیا گیا، اس سے قبل میچ میں کوہلی ریویو لینے کے باوجود آؤٹ نہ ہونے پر امپائر سے بحث کرتے نظر آئے تھے۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ 2019، انگلینڈ نے بھارت کو باآسانی 31 رنز سے شکست دے دی

    تجزیہ کاروں کے مطابق کوہلی اور روہت شرما کے بعد ایک ایسے بلے باز کو بھیجا گیا جو پہلا میچ کھیل رہا تھا، رشبھ پنٹ سے نہ چوکے چھکے لگ رہے تھے نہ سنگل لیے جارہے تھے ، بھارت نے پوری اننگز میں صرف ایک چھکا لگایا۔

    دوسری جانب شعیب اختر کے بعد سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم وقار یونس نے بھارتی ٹیم کو کھری کھری سنادیں۔

    وقار یونس نے کہا کہ پاکستان سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرتا ہے یا نہیں مجھے اس کی فکر نہیں ہے، میں اس بات پر پریشان ہوں کہ کہ کچھ چیمپئنز کی اسپورٹس مین شپ کا امتحان ہوا اور وہ اس میں بری طرح ناکام رہا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ٹیم کی جیت سے پاکستان کی سیمی فائنل کھیلنے کی راہ ہموار ہوجاتی لیکن بھارتی ٹیم انگلش ٹیم کے ہاتھوں 31 رنز سے شکست کھا گئی تھی۔

  • کرکٹ ورلڈکپ 2019: انگلینڈ اور بھارت آج مدمقابل ہوں گے

    کرکٹ ورلڈکپ 2019: انگلینڈ اور بھارت آج مدمقابل ہوں گے

    برمنگھم: آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ کے 38ویں میچ میں آج انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    انگلینڈ کی ٹیم اب تک سات میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 4 میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبرپر ہے۔ انگلش ٹیم کو تین میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    بھارت کی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک چھ میچز کھیل چکی ہے، جس میں سے انہیں پانچ میچز میں کامیابی ملی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ اس طرح بھارتی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

  • برمنگھم میں سبز رنگ کی بہار، پاکستانی شائقین فتح پر جھوم اٹھے، والہانہ رقص

    برمنگھم میں سبز رنگ کی بہار، پاکستانی شائقین فتح پر جھوم اٹھے، والہانہ رقص

    برمنگھم : لارڈز کے بعد برمنگھم میں بھی پاکستانی شائقین کا جوش اور جذبہ عروج پر رہا۔ صورتحال دیکھ کر آئی سی سی نے پھر سے ٹوئٹ کردیا.

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف شاندار کامیابی کے بعد ملک بھر میں جشن کا سماں ہے، لوگوں نے جیت کے بعد دل کھول کر خوشیاں منائیں۔

    برمنگھم میں شائقین پاکستان کی جیت پرخوشی سے نہال ہوگئے، پاکستان کے جھنڈے کے رنگ بکھیرتی ڈبل ڈیکر بس میں شائقین اسٹیڈیم پہنچے۔ لوگوں نے پاکستان ٹیم کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

    کھیل کے دوران پرستاروں نے کھل کر پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کیا۔ پاکستان کے شائقین کرکٹ کا جوش وجذبہ دیکھ کر آئی سی سی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پھرٹوئٹ کردیا۔

    آئی سی سی کے ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہرے سمندر میں نیوزی لینڈ کے فینز کو ڈھونڈیے۔ اس سے پہلے بھی جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں پرستاروں کا جوش وخروش دیکھ کر آئی سی سی نے ٹویٹ کیا تھا کہ یہ لارڈز ہے یا لاہور۔

    علاوہ ازیں پاکستان میں بھی پاکستان کی فتح کی خوشی میں مختلف شہروں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، لوگ ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے رہے، کراچی میں بھی بچوں نے گرین شرٹس کی فتح پر خوب ہلہ گلہ کیا۔

    ڈھول کی تھاپ اور میوزک پر شائقین کرکٹ جھوم جھوم پاکستان کی کامیابی کا جشن مناتے رہے، کرکٹ لورز کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے اصل ہیرو سرفراز احمد ہیں جنھوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔