Tag: برٹش ٹیلی کام

  • کرونا وائرس 5G سازشی تھیوری، انجینئرز پر بھی حملے شروع

    کرونا وائرس 5G سازشی تھیوری، انجینئرز پر بھی حملے شروع

    مانچسٹر: کرونا وائرس کی وبا 5G ٹیکنالوجی سے پھیلی ہے، اس سازشی تھیوری پر یقین کرنے والوں نے برٹش ٹیلی کام کے انجینئرز پر بھی حملے شروع کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فائیو جی ٹیکنالوجی سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے تصور نے برطانوی ٹیلی کام انجینئرز کو بھی مشکل میں ڈال دیا ہے، اب تک 39 انجینئرز پر حملے کیے جا چکے ہیں۔

    برٹش ٹیلی کام کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر نے میڈیا کو بتایا کہ حملوں میں انجینئرز کو جنسی تشدد اور بد اخلاقی کا نشانہ بنایا گیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل فائیو جی سازشی تھیوری کے تحت موبائل ٹاورز پر بھی حملے کیے گئے ہیں، اب تک 33 ٹاورز ان حملوں کا نشانہ بنے ہیں جن میں سے برٹش ٹیلی کام کے 11 ٹاورز کو بھی نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔

    فائیو جی ٹیکنالوجی سے خائف برطانویوں نے مزید 20 ٹاورز تباہ کر دیے

    چیف ایگزیکٹو بی ٹی فلپ جانسن کا مطالبہ تھا کہ اس سازشی تھیوری کو اب روکا جائے، ہمارے انجینئرز کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور مجھے ان کی فکر ہے، برٹش ٹیلی کام کے جن ٹاورز کو نقصان پہنچایا گیا وہ 5G ٹاور تھے ہی نہیں، کرونا وائرس کے پیچھے 5G کی تھیوری بے بنیاد ہے۔

    فلپ جانسن کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کا فائیو جی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، بہت سے کھمبوں پر لوگوں کی طرف سے خاردار تاریں لگا دی گئی ہیں تا کہ ہمارے انجینئرز ان پر نہ جا سکیں، جب کہ وہ لینڈ لائن ٹیلی فون سسٹم کے کھمبے ہیں۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں فائیو جی ٹاورز پر حملوں کے بعد عالمی ادارہ صحت نے بھی اس سازشی تھیوری کو رد کیا ہے، ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس ریڈیو شعاعوں کے ذریعے نہیں پھیلتا۔ یاد رہے کہ برٹش ٹیلی کام کے چیف ایگزیکٹو فلپ جانسن خود بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔

  • برطانیہ میں وزیر صحت کے بعد دوسری بڑی شخصیت میں کرونا کی تشخیص

    برطانیہ میں وزیر صحت کے بعد دوسری بڑی شخصیت میں کرونا کی تشخیص

    مانچسٹر: برطانیہ میں خاتون وزیر صحت کے بعد دوسری بڑی شخصیت میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برٹش ٹیلی کام کے چیف ایگزیکٹو فلپ جانسن کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں، ٹیسٹ مثبت آنے پر فلپ جانسن نے خود کو گھر میں محدود کر لیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ چند روز میں فلپ جانسن نے انڈسٹری کی کئی شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں، وائرس کی تشخیص کے بعد ملاقات کرنے والے افراد کو مطلع کر دیا گیا۔

    کینیڈین وزیر اعظم کی اہلیہ بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں

    دوسری طرف این ایچ ایس نے نان ایمرجنسی آپریشنز معطل کرنے پر سوچ بچار شروع کر دیا ہے، این ایچ ایس برطانیہ نے تمام مقامی اسپتالوں سے نان ایمرجنسی سرجریز کے متعلق ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایات کی ہے۔ این ایچ ایس کی ویٹنگ لسٹ پر اس وقت 46 لاکھ مریض ہیں جن کی سرجریز ہونی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو این ایچ ایس کرس ہوپ سن کا کہنا تھا کہ یہ اقدام این ایچ ایس کو کرونا سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 2 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جس کے بعد برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں کرونا وائرس کے 590 کیسز سامنے آ چکے ہیں، این ایچ ایس اب تک 29764 افراد کے ٹیسٹ کرچکا ہے۔