سری نگر : برہان وانی کے 9 ویں یوم شہادت کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹرڈاؤن ہے، ان کو بھارتی فوج نے کوکرنگ میں شہید کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک آزادی میں نئی روح پھونکنے والے بہادر کشمیری رہنما برہان وانی کی شہادت کو 9 سال مکمل ہوگئے۔
برہان وانی کے 9 ویں یوم شہادت کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹرڈاؤن ہے، برہان وانی نے سوشل میڈیا کے بے باک اور منفرد استعمال سے بڑی تعداد میں کشمیری نوجوانوں کو متاثر کیا اور حربی مہارت ، گوریلا جنگ میں نت نئے طریقوں سے قابض افواج کو ناکوں چنے چبوائے۔
اگست 2015 میں مودی سرکار نے کشمیری رہنما کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر کردی اور 8 جولائی 2016 ان کو بھارتی فوج نے کوکرنگ میں شہید کردیا، ان کے جنازے میں 2 لاکھ سے زائد کشمیریوں نے شرکت کی۔
بہادر کشمیری رہنما کی شہادت کے بعد وادی کشمیر میں وسیع پیمانے پر ہنگامے پھوٹ پڑے ، وہ اپنےتحریک آزادی کے جذبے کے باعث نوجوان کشمیر نسل کیلئے ہیرو کا مقام رکھتے ہیں۔
کشمیری رہنما 19 ستمبر 1994 کو پلوامہ کے گاؤں دداسر میں پیدا ہوئے ، وہ ڈاکٹر بننا چاہتے تھے، آٹھویں سے لیکر ہر کلاس تک 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرتے رہے۔
سال 2010 میں بھارتی فوجی اہلکاروں نے رشوت کے طور پر سگریٹ نہ دینے پر کشمیری رہنما کو کزن سمیت تشددکا نشانہ بنایا ، جس کے بعد تشدد ،پولیس ہراسانی سے تنگ آکر 16 سال کی عمر میں برہان نے حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی۔
13 اپریل 2015 کو بھارتی فوج نے ب کشمیری رہنما کے بھائی کو حراست کے دوران شدید تشدد کرکے شہید کیا۔