Tag: بریفنگ

  • سربراہ پاکستانی سفارتی مشن بلاول بھٹو کی بریفنگ کے عالمی میڈیا میں چرچے

    سربراہ پاکستانی سفارتی مشن بلاول بھٹو کی بریفنگ کے عالمی میڈیا میں چرچے

    برسلز: پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بریفنگ کے عالمی میڈیا میں چرچے ہو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برسلز میں سربراہ پاکستانی سفارتی مشن بلاول بھٹو کی بریفنگ کو عالمی میڈیا میں خوب سراہا جا رہا ہے، رہنما گرین پارٹی اور سابق رکن یورپی پارلیمنٹ فرینک نے کہا کہ بلاول نے پاکستان کے مثبت چہرے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

    سکھ آرگنائزیشن کے صدر بندر سنگھ نے کہا بلاول بھٹو نے کشمیریوں کے ساتھ سکھ برادری کے مسائل کو بھی اجاگر کر کے سکھ برادری کے دل جیت لیے ہیں۔


    مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر معاملات ٹھیک نہیں ہوسکتے، بلاول بھٹو


    سینئر جرنلسٹ آندرے باخ نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور وژن کو سراہا۔ واضح رہے کہ برسلز میں یورپین تھنک ٹینک سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہے، بھارت ڈھٹائی سے مقبوضہ کشمیر کو اندرونی مسئلہ قرار دیتا چلا آ رہا ہے۔

    انھوں نے کہا اقوام متحدہ کی قراردادیں ثبوت ہیں مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں۔ کشمیر سے نظریں چرانے کی وجہ سے دہشت گردی کو تقویت ملتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی دہشت گردی کی آڑ میں بھارتی مسلمانوں کو بھی دہشت گرد قرار دیتا ہے۔ ایک آدمی اپنے ملک کے لوگوں کو دہشت گرد کہتا ہے کیا یہ عقل کی بات ہے، مودی کی سوچ، بیانیہ اور اقدامات کسی صورت امن کے پیامبر نہیں، ہندوتوا انتہا پسندی کی وجہ سے بھی دہشت گردی جنم لے رہی ہے۔

  • پہلگام واقعہ، پاکستان کا خطےکی صورتحال پر سلامتی کونسل کو بریفنگ دینےکا فیصلہ

    پہلگام واقعہ، پاکستان کا خطےکی صورتحال پر سلامتی کونسل کو بریفنگ دینےکا فیصلہ

    پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارتی جنگی جنون اور خطے کی صورتحال پر پاکستان نے سلامتی کونسل کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    گزشتہ ماہ 22 اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کے غیر انسانی اقدامات اور جنگی جنون جاری ہے۔ مودی سرکار کے بڑھتے ہتھکنڈوں اور جنگی جنون سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کو سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔

    پاکستان سلامتی کونسل کو بھارت کے جارحانہ اقدامات سے آغاہ کرے گا اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو بھی اجاگر کرے گا۔

    سلامتی کونسل میں پاکستان اراکین کو واضح کرے گا کہ بھارتی اقدامات خطے میں امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

    سفارتی اقدام پاکستان کی عالمی برادری کے سامنے درست حقائق پیش کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن ڈرامے کے بعد بھارت میں مودی سرکار پاکستان اور مسلم دشمنی میں ہر حد پار کر رہی ہے۔

    اس واقعہ کے فوری بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ ختم کرنے کا غیر قانونی اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستانیوں کے لیے تمام ویزے منسوخ کرتے ہوئے انہیں تین دن میں بھارت چھوڑنے کی مہلت دی اور اس میں علاج کے لیے گئے کئی پاکستانیوں کو بھی واپس بھیج دیا جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہے۔

    دوسری جانب ہندو انتہا پسند آر ایس ایس کی حامی مودی سرکار اس واقعہ کی آڑ میں بھارت میں ایک بار پھر ہندو مسلم فسادات کرانے کی سازش رچا رہی ہے جس کے لیے مسلم مخالف گانے ریلیز کیے جا رہے ہیں۔

    مودی حکومت اپنی نا اہلی اور ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کے لیے اس کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کا ڈراما رچا رہی ہے تاہم دنیا اس واقعہ پر سوالات اٹھا کر خود بھارتی حکومت کے منفی پروپیگنڈےکو بے نقاب کر رہی ہے۔

    پاکستان کی جانب سے بھی پہلگام واقعہ کے ثبوت مانگے گئے تاہم دو ہفتے گزر جانے کے باوجود اب تک بھارت کی جانب سے کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے جب کہ پاکستان نے ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے مذکورہ واقعہ پر غیر جانبدار اور شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔ پاکستان کے اس اقدام کو دنیا بھر کی جانب سے سراہا جا رہا ہے لیکن بھارت کو اس پیشکش پر سانپ سونگھ گیا ہے۔

  • امریکا اور چین میں جنگ ہونے والی ہے؟ آج اہم بریفنگ ہو گی

    امریکا اور چین میں جنگ ہونے والی ہے؟ آج اہم بریفنگ ہو گی

    امریکی صدر کی مشیر خاص ایلون مسک کو آج چین کے ساتھ ممکنہ جنگ کی صورت میں انتہائی خفیہ منصوبے پر بریفنگ کی جائے گی۔

    نیویارک ٹائمز نے جمعرات کو امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی ارب پتی ایلون مسک کو جمعہ کو پینٹاگون کی طرف سے چین کے ساتھ کسی بھی جنگ کے بارے میں امریکی فوج کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس بریفنگ میں 20 سے 30 سلائیڈز ہیں جن میں امریکی منصوبہ بندی بیان کی گئی ہے۔

    امریکی محکمہ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ جمعہ کو ایلون مسک محکمۂ دفاع کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا اور چین روایتی حریف ہیں۔ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان ٹیکنالوجی تک رسائی، تجارتی محصولات اور سائبر سیکیورٹی سے لے کر TikTok، تائیوان، ہانگ کانگ، انسانی حقوق اور COVID-19 کی ابتدا تک کے اختلافات پر برسوں سے کشیدہ تعلقات رہے ہیں۔

  • اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں معطل ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا

    اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں معطل ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا

    اقوام متحدہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں معطل ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر جولین ہارنیز و دیگر عہدیداران نے پریس بریفنگ میں سیلاب متاثرین کیلئےامدادی سرگرمیاں معطل ہونےکاخدشہ ظاہر کیا ہے۔

    پریس بریفنگ میں اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہمارے پاس فنڈز 15 جنوری کو ختم ہو جائیں گے، ہمیں امدادی سرگرمیوں کیلئے بڑے پیمانے پر فنڈنگ درکار ہے۔

     اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اور ہیومینٹیرین کو آرڈینیٹر جولین ہارنیز نے کہا کہ محدود فنڈنگ کی وجہ سے تمام ضروریات پوری کرنا ممکن نہیں ہے۔

    انکا کہنا تھا کہ سیلاب کے 3 ماہ بعد حالات مزید بگڑ گئے ہیں، صحت سے متعلق امداد 6.4 ملین افراد کے بجائے 1.8 ملین کو دی گئی، غذائی امداد 3.9 ملین کے بجائے صرف 1.5 ملیں لوگوں کو دی گئی۔

    بریفنگ میںں بتایا کہ سیلٹرز کی امداد 3.5 ملین کے بجائے صرف 1.9 ملین لوگوں کو دی گئی، تعلیمی امداد 7 لاکھ کے بجائے 1 لاکھ 35 ہزار لوگوں کو دی گئی۔

    کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ تحفظ سے متعلق امداد 8.5 ملین کے بجائے0.99 ملین افراد کو دی گئی، بیرون ملک پاکستانی اپنے بہن بھائیوں کی مدد کریں۔

    پاکستان میں اسکولوں اور صحت کے مراکز بنانے کی ضرورت ہے، متاثرہ علاقوں میں بڑھتی ہوئی تعداد غذائی عدم تحفظ کا شکار ہو رہی ہے۔

  • کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا: امریکی قونصل جنرل

    کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا: امریکی قونصل جنرل

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوان عثمان ڈار اور امریکی قونصل جنرل کے درمیان ملاقات ہوئی، قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا ہے، ایسے منصوبے 5 سے 10 سال میں معاشی اثرات ظاہر کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی قونصل جنرل نے وزیر اعظم آفس کا دورہ کیا جہاں ان کی وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے امور نوجوان اور کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کے لیے یو ایس ایڈ کے ذریعے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان ڈار نے امریکی قونصلیٹ جنرل کو قرض کے تازہ اعداد و شمار پر بریفنگ دی جبکہ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے فارمولے سے بھی آگاہ کیا۔

    امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ منصوبے میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا ہے، ہم منصوبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے خواہش مند ہیں، ایسے منصوبے 5 سے 10 سال میں معاشی اثرات ظاہر کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی حکومتی سطح پر سرپرستی قابل تعریف ہے، مشترکہ تعاون سے نوجوانوں کو مزید مواقع دیے جا سکتے ہیں۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور تکنیکی تربیت کی فراہمی ترجیح ہے، کامیاب جوان اور ہنر مند پاکستان پروگرام کے اعداد و شمار تسلی بخش ہیں، پروگرام وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی توجہ کا مرکز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، پاک امریکا باہمی اشتراک سے روزگار کے نئے دروازے کھولے جا سکتے ہیں۔

  • اس وقت توجہ کابل سے امریکیوں اور اتحادی افغانوں کے انخلا پر ہے: امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف

    اس وقت توجہ کابل سے امریکیوں اور اتحادی افغانوں کے انخلا پر ہے: امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف

    واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع جنرل آسٹن کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ واحد جگہ ہے جو اس وقت امریکیوں کے کنٹرول میں ہے، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی کے مطابق اس وقت توجہ امریکیوں اور اتحادی افغانوں کے انخلا پر ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی وزیر دفاع جنرل آسٹن اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جنگ وہ ہے جو میں نے خود لڑی، میں اس ملک اور ان لوگوں کو جانتا ہوں جو میرے شانہ بشانہ لڑے۔ جنہوں نے ہماری مدد کی ان کی مدد کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔

    جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی کا کہنا تھا کہ یہ اندازہ بعد میں لگایا جائے گا کہ افغانستان میں کیا غلطیاں ہوئیں، اس وقت توجہ امریکیوں اور اتحادی افغانوں کے انخلا پر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ طالبان نے کابل کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے، طالبان ہمارے انخلا آپریشن میں دخل اندازی نہیں کر رہے۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کابل ایئرپورٹ واحد جگہ ہے جو امریکیوں کے کنٹرول میں ہے، اس وقت امریکا کی کابل کے اندر آپریشن کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، کابل میں موجود سینکڑوں افراد ایئرپورٹ نہیں پہنچ پا رہے۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ انخلا کا مشن کب پورا ہوگا۔

  • ازبک وزیر خارجہ کی ملاقات، وزیر اعظم کا تجارتی سرگرمیاں بڑھانے پر زور

    ازبک وزیر خارجہ کی ملاقات، وزیر اعظم کا تجارتی سرگرمیاں بڑھانے پر زور

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کا کہنا ہے کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی، وزیر اعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سرگرمیاں بڑھانے پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دی، بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، انہوں نے اپنے ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی، وزیر اعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سرگرمیاں بڑھانے پر زور دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ازبک صدر نے وزیر اعظم کو تاشقند کانفرنس میں شرکت کا پیغام بھی پہنچایا۔

    خیال رہے کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی تھی، آرمی چیف اور ازبکستان کے وزیر خارجہ کی ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

  • شہر کے لیے 12 سو میگا واٹ بجلی دستیاب، طلب 11 سو میگا واٹ ہے: آئیسکو

    شہر کے لیے 12 سو میگا واٹ بجلی دستیاب، طلب 11 سو میگا واٹ ہے: آئیسکو

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کا کہنا ہے کہ شہر کے لیے 12 سو میگا واٹ بجلی دستیاب ہے جبکہ طلب 11 سو میگا واٹ ہے، سر پلس بجلی موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی چوہدری سالک حسین کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے سی ای او عبدالرزاق نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کے لیے 12 سو میگا واٹ بجلی دستیاب ہے جبکہ طلب 11 سو میگا واٹ ہے، سر پلس بجلی موجود ہے، ہمیں کنکشن دینے میں اعتراض نہیں۔

    اجلاس میں دوران بریفنگ کہا گیا کہ سی ڈی اے کے اعتراضات کی وجہ سے کنکشن نہیں لگائے جاتے، جہاں سی ڈی اے کا عمل دخل نہیں وہاں کنکشن لگ رہے ہیں۔ سی ڈی اے حکام کو بلا کر ان سے سوال کیا جائے۔

    کمیٹی کے رکن عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے غیر قانونی تعمیرات پر چشم پوشی کرتا ہے۔ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں سی ڈی اے حکام کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

  • قائمہ کمیٹی اجلاس: پاک افغان تجارتی معاہدے پر بریفنگ

    قائمہ کمیٹی اجلاس: پاک افغان تجارتی معاہدے پر بریفنگ

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے اجلاس میں وزارت تجارت کے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ پاک افغان تجارت میں آپریشنل سائیڈ پر کچھ مسائل کا سامنا ہے، کافی حد تک مسائل حل ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی نوید قمر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پاک افغان تجارتی معاہدے کے حوالے سے وزارت تجارت حکام نے بریفنگ دی۔

    وزارت حکام کا کہنا ہے کہ افغان سائیڈ سے 2 مذاکراتی دور ہوچکے ہیں، آخری دور میں طرفین نے اپنی اپنی ترامیم پیش کیں۔ پاک افغان تجارتی معاہدے کی مدت 11 فروری کو ختم ہورہی ہے۔

    چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ 11 فروری کو معاہدہ ختم ہو رہا ہے، نئے معاہدے پر اتفاق نہیں ہوا جس پر وزارت کے حکام نے کہا کہ افغان وزیر تجارت نے مشیر تجارت کو خط لکھا ہے، معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ آپریشنل سائیڈ پر کچھ مسائل کا سامنا ہے، کافی حد تک مسائل حل ہوگئے ہیں۔ پاک افغان تجارتی معاہدے پر طرفین میں ڈیڈ لاک نہیں۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان سے جانے والے کنٹینر سے ایک ہزار ڈالر فیس لی جاتی ہے، افغانستان کی جانب سے کہا گیا کہ ہمیں اس کی معلومات نہیں۔

    چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اجلاس میں پاک افغان تجارتی معاہدے پر بریفنگ دی جائے۔

  • کرونا وائرس سے بچنے کے لیے عوام نے میرا ساتھ دینا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    کرونا وائرس سے بچنے کے لیے عوام نے میرا ساتھ دینا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچنے کے لیے عوام نے میرا ساتھ دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کرونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سندھ میں کروناوائرس کے 469 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سکھر میں265، کراچی میں 189، دادو1، لاڑکانہ میں7 کیسز ہیں،حیدرآباد میں بھی کروناوائرس کے 7 کیسز ہیں،آج کراچی میں 17 نئے کرونا کیسز آئے ہیں جبکہ لوکل ٹرانسمیشن کیسزکی تعداد 132ہوگئی ہے۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کوشش ہے سندھ کے عوام کو کرونا وائرس سے بچاؤں،کرونا وائرس سے بچنے کے لیے عوام نے میرا ساتھ دینا ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں عوام کے تعاون کی ضرورت ہے، لاک ڈاؤن میں اپنی ہیلتھ سروسز پر توجہ دے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1415 تک جا پہنچی ہے ، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 12 افراد جاں بحق اور 29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔