Tag: برینٹن ٹرینٹ

  • اتنے  لوگوں کی جان لینے والا موت کا حقدار  ہے، کزن  برینٹن ٹرینٹ

    اتنے لوگوں کی جان لینے والا موت کا حقدار ہے، کزن برینٹن ٹرینٹ

    کرائسٹ چرچ : کرائسٹ چرچ مساجد میں حملہ کرنے والے برینٹن ٹرینٹ کی کزن نے سزائے موت کی حمایت کرتے ہوئے کہا اتنے لوگوں کی جان لینے والا موت کا حقدار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ کی مساجد میں دہشت گرد حملے کے ملزم برینٹن ٹرینٹ کی کزن کا کہنا ہے جوکچھ اس نے کیا اس پروہ موت کا حقدار ہے، انصاف یہی ہے کہ اتنے لوگوں کی جان لینے والے کے ساتھ بھی وہی کیا جائے جواس نے ان لوگوں کے ساتھ کیا۔

    یاد رہے گذشتہ جمعے نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں سفید فام شخص نے دو مساجد پر اُس وقت فائرنگ کی تھی کہ جب وہاں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسلمانوں کا اجتماع شروع ہونا تھا۔

    فائرنگ کے واقعے میں 49 مسلمان شہید جبکہ متعدد نمازی شدید زخمی ہوئے، ملزم نے اپنے گھناؤنے عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کی تھی۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہےاور وہ آسٹریلوی شہری تھا، جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے بھی کی تھی۔

    مزید پڑھیں : کرائسٹ چرچ: مساجد پر حملہ کرنے والا دہشت گرد عدالت میں پیش

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برینٹن ٹیرینٹ کو ایک روز قبل عدالت میں پیش کردیا گیا جہاں اس پر قتل کے جرم میں فرد جرم عائد کی گئی تھی اور عدالت نے مرکزی ملزم کا 5اپریل تک ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔

    بعد ازاں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گردی کے خوفناک حملے کے بعد وزیر اعظم اور کایبینہ کی جانب سے اسلحہ کنٹرول قوانین میں تبدیلی کا اعلان کیا گیا تھا۔

    جیسنڈا آرڈن کا کہنا تھا کہ سفید فام قوم پرستی پوری دنیا کو درپیش بڑا مسئلہ ہے۔

  • دہشت گردی کا شکار باپ بیٹے کی تدفین کرائسٹ چرچ میں کی جائے گی، دفتر خارجہ

    دہشت گردی کا شکار باپ بیٹے کی تدفین کرائسٹ چرچ میں کی جائے گی، دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ دہشت گردی واقعے میں شہید ہونے والے باپ بیٹے کی تدفین کرائسٹ چرچ میں کی جائے گی، دہشت گردی کے متاثرین کے اہل خانہ ویزا کی درخواست دے سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں گزشتہ روز ہونے والے افسوسناک سانحے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں 6 پاکستانی بھی شامل ہیں، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نعیم رشید اور ان کے بیٹے طلحہ کی تدفین کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، ان کی تدفین کرائسٹ چرچ میں کی جائے گی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیوزی لینڈ میں پاکستانی کمیونٹی، ہائی کمیشن نے انتظامات کرنے میں تعاون کیا، مزید 4 شہید پاکستانیوں کے جسد خاکی پاکستان لانے کے انتظامات کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کرائسٹ چرچ حملے کے ہیرو نعیم راشد کی والدہ کی عمران خان سے اپیل

    ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں شہید افراد کے لواحقین کے لیے ویزا معاونت کی جائے گی، شہدا کے قریبی لواحقین ویزا اینڈ امیگریشن سائٹ پر درخواست جمع کراسکتے ہیں، پاکستان میں نیوزی لینڈ کے اعزازی قونصلر ویزا میں معاونت کریں گے۔

    قونصل جنرل کو درخواست ای میل [email protected] کی جاسکتی ہے، نیوزی لینڈ ویزا کے لیے درخواست 03428200200 پر واٹس ایپ بھی کی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز آسٹریلوی شہری برینٹن ٹرنٹ نے نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے 46 نمازیوں کو شہید کردیا تھا، ملزم پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے، شہید ہونے والوں میں 6 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔