Tag: بریک فیل

  • ویڈیو: نجی کمپنی کی بس کا بریک فیل ہو گیا، سڑک پر تباہی پھیل گئی

    ویڈیو: نجی کمپنی کی بس کا بریک فیل ہو گیا، سڑک پر تباہی پھیل گئی

    کراچی: جوہرموڑ کے قریب نجی ٹیکسٹائل کمپنی کی بس کا بریک فیل ہونے سے تیز رفتار بس 15 گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے جوہر موڑ کے قریب پیش آیا ہے، جہاں ایک نجی ٹیکسٹائل کمپنی کی بس کا بریک فیل ہونے سے گاڑی 15 سے زائد گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔

    ذرائع کے مطابق پولیس، ٹریفک پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

  • ٹرک کے بریک فیل ہونے کے بعد ڈرائیور نے کیا کیا؟

    ٹرک کے بریک فیل ہونے کے بعد ڈرائیور نے کیا کیا؟

    گاڑیوں سے بھری پرہجوم سڑک پر کسی گاڑی کے بریک فیل ہوجانا نہایت خوفناک بات ہوسکتی ہے، اور اگر بریک کسی ٹرک کے فیل ہوئے ہوں تو نہایت ہولناک حادثہ پیش آسکتا ہے، بھارت میں ایسا ہی ایک حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست مہاراشٹر میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ایک بڑے ٹرک کے بریک فیل ہوجانے کے بعد ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیا اور ٹرک کو آگے دوڑانے کے بجائے پیچھے ریورس میں چلانے لگا۔

    اس دوران سامنے سے آتے موٹر سائیکل سواروں کو بھی صورتحال کا اندازہ ہوا تو انہوں نے ٹرک ڈرائیور کو پیچھے کا راستہ بتاتے ہوئے اسے گائیڈ کرنا شروع کردیا جبکہ دیگر گاڑیوں کو بھی وہاں سے ہٹا کر راستہ صاف کرنے لگے۔

    ٹرک 3 کلو میٹر تک ریورس میں چلتا رہا جس کے بعد ایک کھیت آیا اور ٹرک اس کھیت کے اندر موڑ دیا گیا۔ کھیت کی کھردری زمین پر ٹرک کی رفتار کم ہوتی گئی اور بالآخر ٹرک بحفاظت رک گیا۔

    یہ واقعہ رواں برس جنوری کا ہے جس کی ویڈیو ایک بار پھر سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے ڈرائیور کی حاضر دماغی اور موٹر سائیکل سواروں کے مدد کرنے پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ ان تمام افراد کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔

  • پنجگور ایئرپورٹ : پی آئی اے کا طیارہ بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوا

    پنجگور ایئرپورٹ : پی آئی اے کا طیارہ بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوا

    کراچی : پنجگور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کی وجہ بریکوں کا فیل ہوجانا تھا، طیارے کے کچے میں اترنے کی وجہ سے ٹائر بھی پھٹ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجگور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کے کچے میں اترنے کا معاملہ  پر مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ٹی آر طیارہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے کچے میں اتارا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ کراچی سے روانہ ہوا تو اس کا بریک نمبر دو پہلے ہی خراب تھا جس کی اطلاع شعبہ انجینئرنگ نے طیارے کے ٹیکنیکل لاگ میں کپتان کو دے دی تھی۔

    پرواز پی کے517کراچی سے پنجگور ایئرپورٹ پر لینڈ کررہی تھی، لینڈنگ کے دوران بریک نمبر ایک نے بھی اچانک کام چھوڑدیا تھا، ذرائع کے مطابق طیارے کے کپتان یحیٰ نے انتہائی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئےطیارے کے پنکھوں کو ریورس کرکے اس کی رفتار کم کردی اور کسی بڑےحادثے سے بچنے کیلئے طیارے کا رخ کچے کی جانب کردیا تھا۔

    حادثے کا شکار ہونے والے مذکورہ طیارے میں43 مسافر سوار تھے،جو محفوظ رہے، اے ٹی آر طیارے کا رجسٹریشن نمبر اے پی، بی کے وائی ہے،طیارے کے کچے میں اترنے کی وجہ سے اس کے ٹائر بھی پھٹ گئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 9 مئی کو ڈیرہ غازی خان سے کراچی جانے والے اے ٹی آر طیارے کے انجن میں ٹیک آف کرتے ہی آگ لگ گئی تھی، پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت ڈی جی خان ایئرپورٹ پراتار لیا تھا۔

    مزید پڑھیں: پنجگور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ دوران لینڈنگ رن وے سے اتر گیا

    اس سے قبل گزشتہ سال 21 اکتوبر کو ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ ایندھن فراہم کرنے والی گاڑی سے ٹکرا گیا تھا، حادثے میں طیارے کو نقصان پہنچا تھا۔

  • مری بس حادثہ: ایک بچہ جاں بحق، سینتیس زخمی

    مری بس حادثہ: ایک بچہ جاں بحق، سینتیس زخمی

    مری کے علاقے تریٹ سیداں میں مسافر بس کھائی میں گر گئی  حادثے کے نتیجےمیں ایک بچہ جاں بحق ہو گیا ، خواتین اور بچوں سمیت سینتیس زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ، پانچ زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

    مری میں تریٹ سیداں کے قریب آڑو کس کے مقام پر مسافر بس کھائی میں جا گری حادثہ بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا جسکی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکنوں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسلام آباد کے پمز اسپتال روانہ کر دیا۔ 

    حادثے کا شکار ہونے والی بس میں اڑتیس مسافر سوار تھے جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو لاہور سے مری کی سیر کیلئے آئے تھے، پمز اسپتال کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ عیسانی نے میڈیا کو بتایا کہ پانچ زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

    ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے حادثے کی وجہ ڈرائیور کی لاپروائی بھی ہو سکتی ہے۔

     وزیراعظم نوازشریف نے کمشنر راولپنڈی کو ذاتی طور پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی اور زخمیوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حادثے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔