Tag: بزرگ خاتون

  • کراچی: بزرگ خاتون سے سونے کی بالیاں چھین کر ملزم فرار، سی سی ٹی وی فوٹیج

    کراچی: بزرگ خاتون سے سونے کی بالیاں چھین کر ملزم فرار، سی سی ٹی وی فوٹیج

    کراچی (26 اگست 2025): لوٹ مار کی نئی واردات میں موٹر سائیکل سوار ملزم بزرگ خاتون سے سونے کی بالیاں چھین کر فرار ہو گیا۔

    شہر قائد میں لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔ تاہم اب لٹیروں سے بزرگ خواتین بھی محفوظ نہیں رہیں۔ بلدیہ مدینہ کالونی میں بزرگ خاتون سے لوٹ مار کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    یہ واردات منگل کی صبح رونما ہوئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بزرگ خاتون گلی سے گزر رہی ہیں کہ اچانک موٹر سائیکل سوار ملزم ان کے قریب آ کر رکتا ہے، جس کے باعث وہ خاتون خوفزدہ ہو جاتی ہیں۔

    ملزم اپنی موٹر سائیکل سے اتر کر خاتون کے کان سے زبردستی سونے کی بالیاں اتار لیتا ہے۔ اس موقع پر وہ مزاحمت کرتی ہیں ، لین ناکام رہتی ہیں اور ملزم با آسانی فرار ہو جاتا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق متعلقہ تھانہ پولیس پہلے تو اس واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہی تھی کہ انہیں ایسی کسی واردات کی اطلاع نہیں اور نہ ہی کسی نے شکایت درج کرائی ہے۔

    تاہم جب واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تو پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور متاثرہ خاتون کی تلاش شروع کر دی ، جب کہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

     

  • لاہور :  ڈاکو اسلحے کے زور پر  بزرگ خاتون سے  ایک لاکھ 90 ہزار روپے لے اُڑے

    لاہور : ڈاکو اسلحے کے زور پر بزرگ خاتون سے ایک لاکھ 90 ہزار روپے لے اُڑے

    لاہور : جوہر ٹاؤن میں ڈاکو اسلحے کے زور پر بزرگ خاتون سے ایک لاکھ 90 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کے بیٹے نے درج کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں بزرگ خاتون سے ڈکیتی کی واردات ہوئی، جس میں ڈاکو اسلحے کے زور پر بزرگ خاتون سے نقدی لے اڑے۔

    فوٹیج میں دو ڈاکوؤں کو بزرگ خاتون سے واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے، دو موٹرسائیکلوں پر سوار ڈاکوؤں نے رکشے میں بیٹھی خاتون سے لوٹ مار کی۔

    واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کے بیٹے طارق کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے ، مقدمے کے متن کے مطابق والدہ بینک سے غیرملکی کرنسی تبدیل کرا کر باہر رکشے میں بیٹھی تھیں کہ ڈاکوخاتون سے ایک لاکھ نوے ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوئے۔

    یاد رہے لاہور کے تھانہ نصیرآباد کی حدود میں ڈاکو نے شہری سے ایک کروڑ 32 لاکھ سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

    شہری سونے کا کاروبار کرتا ہے سونا دے کر نقد رقم لے کر جا رہا تھا، 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان گن پوائنٹ پر کیش چھین لیا تھا۔

  • قبرستان کے باہر پھول فروخت کرنے والی بزرگ خاتون کی دلخراش داستان

    قبرستان کے باہر پھول فروخت کرنے والی بزرگ خاتون کی دلخراش داستان

    کراچی: اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے آنے والوں کیلئے قبرستان کے داخلی دروازوں پر پھول پتیاں فروخت کرنے والوں کی دکانیں اور کیبنز موجود ہوتے ہیں۔

    ان ہی دکانداروں میں ایک بررگ خاتون بھی ہیں جو کراچی کے میوہ شاہ قبرستان کے باہر گزشتہ 50سال سے شہریوں کو پُھول پتیاں فروخت کرتی ہیں۔

    ستر سال سے زائد عمر کی باہمت بیوہ خاتون نورالنساء جو کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کے بجائے خود محنت کرکے اپنا گزر بسر کررہی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کی نمائندہ روحہ فاطمہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا میرے دس بچے ہیں جنہیں شوہر کے انتقال کے بعد پال پوس کر بڑا کیا ان کی شادیاں کیں لیکن کبھی کسی سے مدد لینے کیلئے اپنا ہاتھ نہیں پھیلایا۔

    نورالنساء نے بتایا کہ شوہر کے دنیا سے چلے جانے کے بعد ایسے حالات میں گھر چلانے کے لیے کچھ نہ کچھ تو کرنا ہی تھا۔ میرے والدین کہا کرتے تھے کہ مانگنے سے بہتر کمانا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ میرا چھوٹا بیٹا مجھ سے کہتا ہے گھر بیٹھو میں تمہارا پورا خرچہ دوں گا لیکن میں نے منع کردیا۔

  • جھکی کمر کے ساتھ 90 سالہ بزرگ خاتون ووٹ ڈالنے پہنچ گئیں

    جھکی کمر کے ساتھ 90 سالہ بزرگ خاتون ووٹ ڈالنے پہنچ گئیں

    ملک بھر میں آج عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے، کراچی کی جھکی کمر کے ساتھ 90 سالہ بزرگ خاتون نے ووٹ کاسٹ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کے موقع پر جوش و خروش دیکھا جارہا ہے، کراچی کے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے حلقے این اے 237 میں جھکی کمر کے ساتھ 90 سالہ بزرگ خاتون مائی ماکا نے ووٹ کاسٹ کردیا۔

    بزرگوں کا بھی یہی پیغام ہیں کہ نکلیں پاکستان کی خاطر اور اپنا ووٹ ڈال کر اپنا فیصلہ سنائے، دوسری جانب ملک بھر سے عام انتخابات 2024 میں بزرگ مرد و خواتین بھی اپنا ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشن پہنچے ہیں۔

    پشاور میں بزرگ ووٹر نے وہیل پر اپنا ووٹ ڈالا اس کے علاقہ بارون آباد، ساہیوال میں بھیساکیوں پر پرووٹر پولنگ اسٹیشنز پہنچے اس کے علاوہ سیالکوٹ میں اور ٹوبہ ٹیگ کی بزرگ خواتین نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

  • حیدر آباد میں بزرگ خاتون کا کھلے نالے میں ڈوبنے کا افسوس ناک واقعہ

    حیدر آباد میں بزرگ خاتون کا کھلے نالے میں ڈوبنے کا افسوس ناک واقعہ

    حیدر آباد: صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں ایک بزرگ خاتون کے کھلے نالے میں ڈوبنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدر آباد میں ایک بزرگ خاتون کھلے نالے میں گر کر جاں بحق ہو گئیں، ریسکیو عملے نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد لاش نکال لی۔

    یہ واقعہ پنجرہ پول کے علاقے چوڑی مارکیٹ کے قریب پیش آیا، 65 سالہ خاتون قدیمی برساتی نالے کے قریب سے گزرتے ہوئے اس میں گر گئی تھیں، خاتون کے ساتھ موجود پوتی نے چیخ پکار شروع کی تو علاقہ مکینوں نے ریسکیو عملے کو طلب کر لیا۔

    خوشاب میں خاتون نے کزن کے ڈیڑھ سالہ بیٹے کو زندہ دفن کردیا

    ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے اہلکاروں نے دو گھنٹے بعد نالے سے لاش نکال کر سول اسپتال منتقل کر دی، ریسکیو عملے کے مطابق میت کی شناخت دڑی نامی خاتون کے نام سے ہوئی ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نالے کی دیوار نہ ہونے سے یہاں حادثات معمول بن چکے ہیں۔

  • 4 بیٹوں کی قبروں کے پاس زندگی گزارنے والی بزرگ خاتون

    4 بیٹوں کی قبروں کے پاس زندگی گزارنے والی بزرگ خاتون

    قاہرہ: مصر میں ایک بزرگ خاتون گزشتہ 33 سال سے اپنے 4 مرحوم بیٹوں کی قبروں کے پاس زندگی گزار رہی ہیں، ان کے 4 بیٹے ایک المناک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر میں ایک بزرگ خاتون 33 سال سے اپنے 4 بیٹوں کی قبروں کے پہلو میں بیٹھی ہوئی ہیں، غمزدہ ماں نے اپنی کہانی اور بیٹوں کے مرنے کے بعد قبرستان میں زندگی گزارنے کی تفصیلات مصری میڈیا کو سنائیں۔

    مذکورہ خاتون جنوبی مصر کے شہر بنی سویف میں غیر آباد صحرائی علاقے میں تنہا زندگی گزار رہی ہیں۔

    ام ایمن نامی خاتون کا کہنا ہے کہ ان کی عمر 75 برس ہے اور وہ پورا دن اپنے بیٹوں کی قبروں کے پاس گزارتی ہیں جو شیح رفعت قبرستان میں ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ رات گزارنے گھر آتی ہیں اور اگلے روز صبح سویرے قبرستان جاتی ہیں، 33 سال سے ان کا یہی معمول ہے۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے 5 بیٹے تھے جن میں سے چار سنہ 1990 میں گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث آگ لگنے سے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اب وہ اپنا پورا دن یہیں گزارتی ہیں، وہ قبرستان میں ابدی نیند سوئے ہوئے اپنے بچوں سے بات کرتی ہیں۔ انہیں روزمرہ زندگی کی تفصیلات ایسے بتاتی ہیں جیسے وہ سن رہے ہیں۔

    مذکورہ خاتون نے قبرستان کے قریب ایک چھوٹا سے کمرہ بنا لیا ہے جہاں وہ پورا دن گزارتی ہیں، وہیں کھانا بناتی ہیں۔ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ ان کے بچے ان کے ساتھ ہیں اور وہ خواب میں ملنے آتے ہیں۔

    خاتون نے وصیت کی ہے کہ مرنے کے بعد انہیں ان کے بچوں کے پہلو میں دفن کیا جائے۔

  • ڈکیت دن دہاڑے بزرگ خاتون کے گلے سے سونے کی چین چھین کر فرار

    بھارت میں ایک ڈکیت دن دہاڑے ایک بزرگ خاتون کے گلے سے سونے کی چین چھین کر فرار ہوگیا، بزرگ خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو بزرگ خواتین ایک گلی سے گزر رہی ہیں اور ایک شخص بائیک پر ان کے سامنے سے آرہا ہے۔

    قریب سے گزرتے ہوئے اچانک وہ شخص بزرگ خاتون کے گلے میں ہاتھ ڈال کر ان کی چین زور سے کھینچتا ہے اور بائیک پر فرار ہوجاتا ہے۔

    جھٹکا لگنے سے خاتون بری طرح زمین پر گرتی ہیں جبکہ چین کھینچے جانے سے ان کی گردن بھی شدید زخمی ہوجاتی ہے۔

    دوسری خاتون بھاگ کر ان کی مدد کرتی ہیں اور انہیں اٹھاتی ہیں۔ خاتون کا کہنا ہے کہ سونے کی چین کی مالیت 6 لاکھ بھارتی روپے تھے۔

    پولیس نے ملزم کی ویڈیو جاری کر کے اس کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔

  • کراچی : ڈاکوؤں کو بزرگ خاتون پر بھی رحم نہ آیا ، سونے کی بالی اور چین لے کر فرار

    کراچی : ڈاکوؤں کو بزرگ خاتون پر بھی رحم نہ آیا ، سونے کی بالی اور چین لے کر فرار

    کراچی : ڈاکوؤں کو بزرگ خاتون پر بھی رحم نہ آیا ، ملزمان خاتون پر تشدد کے بعد سونے کی بالی اور چین لے کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہرِ قائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بدستور جاری ہیں، کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 4 سیکٹر 35 اے میں ڈکیتی کی واردات ہوئی۔

    جہاں ملزمان نے گلی سے گزرتی بزرگ خاتون کو تشدد کانشانہ بنایا اور تشدد کے بعد سونے کی بالی اور چین لے کر فرار ہوگئے۔

    متاثرہ خاتون گلی میں چیختی چلاتی رہی لیکن ملزمان کو رحم نہ آیا۔

    یاد رہے گذشتہ چار روز کے دوران کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر 4 نوجوانوں کو قتل کردیا گیا ، کورنگی میں ڈکیتوں کی جانب سے قتل وغارت گیری کے باوجود پولیس سڑکوں سے غائب ہیں۔

    ستمبر کے چار روز میں جاں بحق افراد کی تعداد نوہوگئی ہے ، لیاقت آباد چار نمبرپر چوبیس سالہ مزمل کو ڈاکوؤں نے گولی مار دی تھی۔

    لواحقین نے بتایا تھا کہ مقتول دو بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا اور پنکچرکی دکان چلاتا تھا۔

    ایک اور واردارت میں زمان ٹاؤن اورماڈل کالونی میں دوافراد ڈاکووں کی فائرنگ سےقتل ہوئے۔

    دو ستمبرکواورنگی مومن ِآبادمیں عثمان اورعبدالحسیب جاں بحق ہوئے جبکہ گلستان جوہرمیں فیملی کے سامنے زیشان نامی شخص کو قتل کیا گیا اور کورنگی میں بھی نوجوان طلحہ اور محمد صالح کو ڈاکووں نے قتل کیا۔

  • امریکا: لٹیرا ہارٹ اٹیک کا شکار بزرگ خاتون سے موبائل چھین کر فرار

    امریکا: لٹیرا ہارٹ اٹیک کا شکار بزرگ خاتون سے موبائل چھین کر فرار

    امریکا میں ایک لٹیرے نے ہارٹ اٹیک کا شکار جاں بہ لب خاتون کو بھی نہ بخشا اور ان کا موبائل فون اٹھا کر فرار ہوگیا۔

    یہ واقعہ امریکی شہر سینٹ لوئیس میں پیش آیا جو سڑک پر لگے سرویلنس کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک 64 سالہ خاتون سڑک پر چلتے چلتے اچانک گر جاتی ہیں اور شدید تکلیف کا شکار دکھائی دیتی ہیں۔

    پولیس کے مطابق خاتون کو اچانک دل کا دورہ پڑا تھا جو بعد ازاں ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔ اس وقت وہاں ان کی مدد کرنے والا کوئی نہیں تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قریب کھڑی سرخ رنگ کی وین سے ایک شخص باہر نکلا اور خاتون کے قریب جا کر انہیں دیکھنے لگا، اس کے بعد اس نے ان کا موبائل فون اٹھایا اور وہاں سے روانہ ہوگیا۔

    مذکورہ شخص نے خاتون کو کوئی مدد فراہم نہیں کی جو بے حس و حرکت تھیں۔ کچھ دیر بعد ایک ایمبولینس آئی اور خاتون کو اسپتال لے گئی جہاں ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔

    پولیس نے مذکورہ ویڈیو جاری کر کے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی اس شخص یا سرخ رنگ کی وین کے بارے میں جانتا ہے تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔

  • لاہور: آئی جی پنجاب نے بزرگ خاتون سے بدتمیزی کا نوٹس لے لیا، اے ایس آئی گرفتار

    لاہور: آئی جی پنجاب نے بزرگ خاتون سے بدتمیزی کا نوٹس لے لیا، اے ایس آئی گرفتار

    لاہور:  آئی جی پنجاب نے سی پی او  آفس کے گیٹ پربزرگ خاتون سے بد کلامی کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایات جاری کر دیں.

    تفصیلات کے مطابق بزرگ خاتون سے بدکلامی کے مرتکب اے ایس آئی آصف علی کومعطل کردیا گیا  اور   فوری طورپرگرفتارکر کے محکمانہ و قانونی کارروائی شروع ہوگئی.

    آئی جی پنجاب نے کہا کہ بزرگ شہریوں کا احترام ہم سب پرفرض ہے، شہریوں سےغیرمناسب رویہ برتنےوالوں کی پولیس میں جگہ نہیں.

    خیال رہے کہ نئی سرکار آنے کے باوجود پنجاب پولیس کا رویہ تبدیل نہیں‌ ہوا ہے. لاہور میں سی پی او آفس کے باہرپولیس کے جوان نے ضعیف خاتون سے بدتمیزی کی.

    خاتون کی چھڑی اٹھا کر زمین پر دے ماری اور آئی جی پنجاب کے پاس داد رسی کے لئے آئی بزرگ خاتون کو  ڈانٹتا، برا  بھلا کہا.

    مزید پڑھیں: پولیس حراست میں صلاح الدین کی ہلاکت، اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

    اے ایس آئی آصف علی کرسی پر بیٹھی معمر خاتون سے انگلی اٹھا کر متکبرانہ انداز میں بات کرتا رہا. اہل کار نے ضعیف خاتون کی ایک نہ سنی، آئی جی پنجاب کےنام درخواست بھی وصول نہ کی.

    واقعے کی فوٹیج سامنے آئی، تو پولیس افسروں کوہوش آیا، اے ایس آئی آصف علی کومعطل کر کے وردی میں ہی حوالات میں ڈال دیا.