Tag: بزرگ والد

  • بیٹے کو نہیں چھوڑنا تو پورے گھر کوسولی پر لٹکا دیں، بزرگ  شہری کی عدالت میں دہائی

    بیٹے کو نہیں چھوڑنا تو پورے گھر کوسولی پر لٹکا دیں، بزرگ شہری کی عدالت میں دہائی

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ میں نو سال سے لاپتہ شہری موسیٰ بن سجاد کے بزرگ والد نے عدالت میں دہائی دیتے ہوئے کہا کہ اگر بیٹے کو نہیں چھوڑنا تو پورے گھر کوسولی پر لٹکا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق 9 سال سےلاپتہ بیٹے کی عدم بازیابی پر بزرگ شہری وہیل چیئر پر عدالتوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، سندھ ہائی کورٹ میں نو سال سے لاپتہ شہری موسیٰ بن سجاد کے کیس کی سماعت ہوئی۔

    شہری موسیٰ بن سجاد کے والد نے عدالت میں کہا کہ میرا بیٹا 9سال سے لاپتہ ہے،بیٹا نہیں چھوڑنا تو پورےگھر کوسولی پر لٹکا دیں، ہمارے گھر پر بیٹے کے جانے کے بعد قیامت کامنظرہے، 24 گھنٹے میں ایک بار کھانا کھانے کوملتاہے۔

    بزرگ شہری کا کہنا تھا کہ بیٹے نے کہا عدالت میں زیادہ بات نہ کروتوہین عدالت ہوجائےگی تو میں توکہتا ہوں مجھے جیل میں ڈال دو2وقت کی روٹی توملےگی، جس پر جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے کہا کہ ہمیں آپ سےہمدردی ہے، عدالت لاپتہ افرادکی بازیابی کے لیے بھرپور کوشش کررہی ہے۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کا بیٹا جہادی تنظیم سے رابطوں میں تھا، پشاور سے رپورٹ آچکی ہے،کسی ادارے کی تحویل میں نہیں، ۔جے آئی ٹی میں موسیٰ بن سجاد کی جبری گمشدگی ثابت ہوچکی ہے، جس پر لاپتہ شہری کے والد نے کہا کہ ملک کے قانون میں جہاد کرنا جرم ہے ہمیں سزا دے دیں۔

    جس پر عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ کولاپتہ شہری کی اہلخانہ کومعاوضہ دینے کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق وزارت داخلہ اور دفاع سے 22 جنوری کو رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • بھارت: بیٹی نے بوڑھے باپ کو گھر سے نکال دیا

    بھارت: بیٹی نے بوڑھے باپ کو گھر سے نکال دیا

    نئی دہلی: بھارت میں بیٹی نے بوڑھے باپ کو گھر سے نکال دیا، بزرگ کا کہنا ہے کہ بیٹی اور داماد انہیں مستقل ہراساں کرتے رہے تھے، پولیس نے بزرگ کو شیلٹر ہوم منتقل کردیا۔

    یہ افسوسناک واقعہ بھارتی پنجاب کے شہر بھرت پور میں پیش آیا جہاں رام چندر نامی بزرگ شخص لدھیانہ سے اپنی بیٹی کے پاس کسی تقریب میں شرکت کرنے آئے لیکن کرونا وائرس کی وجہ سے وہ یہاں پھنس گئے اور واپس نہ جاسکے۔

    بزرگ شخص کا کہنا ہے کہ کچھ دن گزر جانے کے بعد بیٹی اور داماد نے انہیں ہراساں کرنا شروع کیا، بزرگ نے اس کی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد پولیس نے ان کے بیٹے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہیں ہوا۔

    بزرگ کے مطابق ایک دن اچانک بیٹی اور داماد نے انہیں گھر سے نکال دیا جس کے بعد وہ پولیس کے پہنچے۔ پولیس نے عارضی طور پر انہیں ایک شیلٹر ہوم میں منتقل کردیا۔

    اس دوران پولیس نے ان کے بیٹے سے رابطہ کر کے ساری صورتحال بتائی تاہم بیٹے نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے سفری انتظام نہ ہونے کے باعث آنے سے معذوری ظاہر کی۔

    پولیس نے خصوصی رابطہ کروا کے کسی طرح بیٹے کو بھرت پور بلوایا اور بزرگ کو اس کے ساتھ واپس بھجوا دیا۔ پولیس نے بیٹی اور داماد کو امن و امان میں خلل ڈالنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔