Tag: بزنس کلاس

  • پاکستان ریلویز کی ٹرینوں میں کھٹملوں کے ساتھ لال بیگ بھی راج کرنے لگے

    پاکستان ریلویز کی ٹرینوں میں کھٹملوں کے ساتھ لال بیگ بھی راج کرنے لگے

    کراچی: پاکستان ریلویز کی ٹرینوں میں کھٹملوں کے ساتھ لال بیگ بھی راج کرنے لگے ہیں، قراقرم ایکسپریس کی بزنس کلاس میں مسافر لال بیگوں سے پریشان ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قراقرم ایکسپریس کی بزنس کلاس کے 5 ہزار روپے سے زائد کا ٹکٹ خریدنے کے باوجود مسافر سکون سے سو نہیں سکتے، ریلوے انتظامیہ کی غفلت کے باعث قراقرم ایکسپریس کی بزنس کلاس کوچ میں لال بیگوں نے مسافروں کو پریشان کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس کی چودہ نمبر بوگی کے مسافروں نے اپنے کمپارٹمنٹ سے باہر رات گزاری، بچے اور خواتین بھی کوچ کے باہر سفر کرنے پر مجبور ہوئے۔

    ریل گاڑی سے سفر کرنے پر شیخ رشید نے جرمن سفیر کا شکریہ ادا کیا

    پاکستان ریلوے کی بوگیوں میں کھٹملوں کے بعد اب لال بیگوں نے بھی جگہ بنانا شروع کر دی، بزنس کلاس کے مسافروں نے محکمہ ریلویز سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہزاروں روپے دینے کے باوجود ٹرینوں میں سکون کا سفر نہیں کر پاتے۔

    مسافروں کا کہنا تھا کہ کوچ کی سیٹوں کے اندر کھٹمل اور لال بیگ بڑی تعداد میں پھرتے ہیں، جن کی وجہ سے نیند نہیں ہو پاتی، شکایت لے کر ٹرین منیجر کے پاس گئے تو وہ چادر تان کر سو رہے تھے، ایسی بزنس کلاس سہولت تو دنیا میں کہیں نہیں۔

  • پی آئی اے کا یورپ کی پروازوں میں بزنس کلاس ختم کرنے کا فیصلہ

    پی آئی اے کا یورپ کی پروازوں میں بزنس کلاس ختم کرنے کا فیصلہ

    کراچی:پا کستان کی قومی ایئر لائن کو خسارے سے نکالنے برطانیہ سمیت یورپ کی پروازوں میں سے بزنس کلاس ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے ایئر لائن کو خسارے سے نکالنے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام شروع کردیا ہے، جن میں بزنس کلاس ختم کرکے مسافروں کی تعداد بڑھانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مانچسٹر،برمنگھم،کوپن ہیگن،بارسلونا،میلان اور پیرس جانیوالی تمام پروازوں میں بزنس کلاس ختم کردی جائے گی۔

    جہازوں میں بزنس کلاس ختم کرکے اس جگہ پر تمام سیٹوں کو اکانومی پلس کردیا جائے گا، جس سے زیادہ مسافر ایک پرواز میں سفر کرسکیں گے اور ائیر لائن زیادہ ریونیو اکھٹا کرسکے گی۔

    یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یورپ کو جانے والی تمام پروازوں میں 15 جنوری سے صرف اکانومی پلس کی بکنگ کی جائے گی اور تمام مسافر ایک ہی کلاس میں سفر کرسکیں گے۔

    انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسافروں کو پی آئی اے کے ذریعے زیادہ سے زیادہ سفر کرنے کی ترغیب دینے کے لیے برطانیہ سمیت یورپ جانیوالی پروازوں پر 30فیصد کرایوں میں کمی بھی کی جائے گی۔

  • پی آئی اے طیاروں میں اکانومی نشستوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

    پی آئی اے طیاروں میں اکانومی نشستوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

    کراچی : پی آئی اے کے بوئنگ 777  طیاروں میں اکانومی نشستوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پانچ بوئنگ طیاروں کی بزنس کلاس میں فلیٹ بیڈ سیٹیں نصب کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ بوئنگ 777 طیاروں میں اکانومی نشستوں کی تعداد بڑھائی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ بوئنگ طیاروں میں جدید ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم کی تنصیب کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اکانومی کلاس میں نئی نشستوں کی تنصیب کے بعد نشستوں کی تعداد 316 ہو جائے گی، پانچ بوئنگ طیاروں کی بزنس کلاس میں فلیٹ بیڈ سیٹوں کی تنصیب کے بعد بزنس کلاس میں نشستوں کی موجودہ تعداد35 سے کم ہو کر جدید فلیڈ بیڈ سیٹوں کی تعداد 24 ہو گی۔

    ذرائع کے مطابق اکانومی اور بزنس کلاس میں کم وزن کی نشستوں کی تنصیب کے بعد طیارے کی فیول کھپت میں بھی کمی ہو گی، بوئنگ طیاروں میں نصب کی جانے والی نشستیں ذوڈیک نامی امریکی کمینی کی تیارکردہ ہیں۔

    اس سے قبل گیون نامی اطالوی کمپنی کی نشستیں نصب کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بوئنگ طیاروں کی دونوں کلاسز میں پینا سونک کمپنی کا تیار کردہ تفریحی سسٹم نصب کیا جائے گا۔

    بزنس کلاس میں ای ایکس تھری، اکانومی میں ای ایکس لائٹ نامی آئی ایف ای سسٹم نصب ہو گا، آئی ایف ای سسٹم میں ایک سو سے زائد چینلز کی سہولت دستیاب ہو گی، نشستوں کی تبدیلی سمیت آئی ایف ای سسٹم کی تنصیب کا کام ایک سال میں مکمل کیا جائے گا۔