Tag: بزنس کی خبریں

  • نومبر 2019: مہنگائی کی شرح میں 12.67 فیصد اضافہ

    نومبر 2019: مہنگائی کی شرح میں 12.67 فیصد اضافہ

    کراچی: گزشتہ ماہ (نومبر 2019) میں مہنگائی کی شرح میں 12.67 فیصد اضافہ ہوا، ٹماٹر کی قیمت میں 376 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ماہ نومبر میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ نومبر 2019 میں مہنگائی کی شرح 12.67 فیصد رہی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت بڑھنے پر نومبر 2018 کے مقابلے میں نومبر 2019 میں 18.36 فیصد اضافی بوجھ پڑا۔ دالوں کی قیمت میں نومبر 2018 کے مقابلے میں نومبر 2019 میں 18 سے 56 فیصد کا بوجھ بڑھ گیا۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ پیاز کی قیمت میں 159 فیصد کا اضافہ ہوا، ٹماٹر نومبر 2018 کے مقابلے میں نومبر 2019 میں 376 فیصد مہنگا ہوا۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی رفتار غذائی اجناس کی قیمت بڑھنے پر تیز ہوگئی ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل اسٹیٹ بینک اپنی ایک رپورٹ میں کہہ چکا ہے کہ اگلے برس جنوری سے مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوجائے گی، آئی ایم ایف نے مہنگائی 13 فیصد تک بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔

    اسٹیٹ بینک حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کا اندازہ ہے مہنگائی 11 سے 12 فیصد کے درمیان رہے گی، مہنگائی کی شرح گرنے پر پالیسی ریٹ میں بھی کمی پر غور کیا جائے گا۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج: 100 انڈیکس میں 40 ہزار پوائنٹس کی سطح دوبارہ بحال

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج: 100 انڈیکس میں 40 ہزار پوائنٹس کی سطح دوبارہ بحال

    کراچی: ہفتے بھر کی لگاتار تیزی اور گزشتہ روز معمولی مندی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 40 ہزار پوائنٹس کی سطح دوبارہ بحال ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک بار پھر تیزی دیکھی جارہی ہے۔

    دن کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 115 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد 100 انڈیکس 39 ہزار 670 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرنے لگا۔

    تاہم ایک گھنٹے بعد انڈیکس میں 200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس میں 40 ہزار پوائنٹس کی سطح دوبارہ بحال ہوگئی۔ اس وقت 100 انڈیکس 40 ہزار 7 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سے اسٹاک مارکیٹ میں بے حد تیزی دیکھی جارہی ہے۔ رواں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو 100 انڈیکس 40 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا تھا۔

    پیر کے روز دن کے اختتام تک 100 انڈیکس میں 836 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد 100 انڈیکس 9 ماہ بعد 40 ہزار کی سطح عبور کر کے 40 ہزار 124 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

    تاہم گزشتہ روز یعنی منگل کو انڈیکس میں 40 ہزار کی سطح برقرار نہ رہ سکی۔

    گزشتہ روز دن کے اختتام تک 100 انڈیکس میں 335 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد 100 انڈیکس 39 ہزار 788 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    گزشتہ روز مارکیٹ میں 14.43 ارب روپے مالیت کے 44.84 کروڑ شیئرز کا کاروبار کیا گیا تھا۔

  • شبر زیدی کی ایک بار پھر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاکید

    شبر زیدی کی ایک بار پھر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاکید

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے ایک بار پھر عوام کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاکید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایف بی آر دفاتر یقینی بنائیں گیس و بجلی کے تمام صنعتی اور کمرشل صارفین رجسٹر ہوں۔

    اپنے ٹویٹ میں شبر زیدی نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ صارفین نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروائے ہیں۔ جن صارفین نے گوشوارے جمع نہیں کروائے وہ دی گئی مہلت سے فائدہ اٹھائیں۔

    خیال رہے کہ ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارےجمع کروانے کی تاریخ میں پانچویں بار توسیع کی ہے جس کے تحت اب انکم ٹیکس گوشوارے 16 دسمبر 2019 تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

    اس سے قبل ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ریٹرن جمع کرنے کی آخری تاریخ 2 اگست، 31 اگست، 31 اکتوبر، اور 30 نومبر مقرر کی تھی البتہ تاریخ میں اب ایک بار پھر توسیع کی گئی ہے۔

    ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد میں 69 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد ٹیکس دہندگان کی تعداد 25 لاکھ تک پہنچ گئی۔

  • پاکستان اسٹاک مارکیٹ: مسلسل تیزی کے بعد 100 انڈیکس میں کمی

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ: مسلسل تیزی کے بعد 100 انڈیکس میں کمی

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل تیزی کے بعد مندی کا رجحان دیکھا گیا، دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 39 ہزار 788 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز یعنی منگل کو انڈیکس میں 40 ہزار کی سطح برقرار نہ رہ سکی۔

    دن کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 300 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس 40 ہزار 338 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرنے لگا۔

    تاہم اس کے بعد کاروبار میں کمی آنے لگی، دن کے اختتام تک 100 انڈیکس میں 335 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد 100 انڈیکس 39 ہزار 788 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں 14.43 ارب روپے مالیت کے 44.84 کروڑ شیئرز کا کاروبار کیا گیا۔

    خیال رہے کہ 100 انڈیکس میں 40 ہزار کی سطح گزشتہ روز عبور ہوگئی تھی۔

    گزشتہ روز دن کے اختتام تک 100 انڈیکس میں 836 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد 100 انڈیکس 9 ماہ بعد 40 ہزار کی سطح عبور کر کے 40 ہزار 124 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

    گزشتہ ہفتے بھی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی۔ گزشتہ ہفتے سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوا، مارکیٹ میں 1.73 ارب شیئرز کے سودے ہوئے۔ مارکیٹ کے ہفتہ وار کاروبار کی مالیت 61 ارب روپے رہی۔

    کاروبار میں تیزی کے بعد مارکیٹ کیپٹلائزیشن 264 ارب روپے اضافے سے 7511 ارب روپے رہی تھی۔

  • پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار

    اسلام آباد: عالمی ڈیٹا کمپنی بلومبرگ نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ڈیٹا کمپنی بلومبرگ کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹ ہے۔ بلومبرگ کے مطابق 36 فیصد ریٹرن کے ساتھ پاکستان اسٹاک مارکیٹ پہلے نمبر پر ہے۔

    بلومبرگ کا کہنا ہے کہ یہ لسٹنگ گزشتہ 3 ماہ کے اعداد و شمار پر ہے۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا چین کے ساتھ مشترکہ ٹریڈنگ کا معاہدہ ہوا ہے۔ معاہدے کی مالیت 28 لاکھ 50 ہزار ڈالر ہے۔ یہ رقم آسان اقساط میں پانچ سال میں ادا کرنی ہوگی۔

    یہ اخراجات اسٹاک مارکیٹ اتنظامیہ اٹھا رہی ہے، اسے بروکرز پر منتقل نہیں کیا جائے گا۔ مذکورہ سسٹم سے کمپنیوں کی کراس لسٹنگ آسان اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین سلیمان مہدی کے مطابق شینزین دنیا کی تیسری بڑی اسٹاک مارکیٹ ہے جہان ایک دن میں 40 لاکھ سودے ہوتے ہیں اور ایک سیکنڈ میں 2 ہزار سودے بک کیے جاتے ہیں۔

    معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں چینی بروکریج فرمز نے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

    چینی اسٹاک مارکیٹ سرمایہ کار فرمز اربوں ڈالر کا سرمایہ مینیج کرتی ہیں۔ ان کمپنیوں کی جانب سے پاکستانی حصص بازار میں 2 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج: 100 انڈیکس 9 ماہ بعد 40 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج: 100 انڈیکس 9 ماہ بعد 40 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا

    کراچی: کاروباری ہفتے کے پہلے روز یعنی پیر کے دن پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی، 100 انڈیکس 40 ہزار کی سطح عبور کرگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کے بعد نئے ہفتے کے پہلے روز یعنی پیر کے دن بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا، دن کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

    ایک گھنٹے بعد 100 انڈیکس میں مزید 250 یعنی کل 450 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 39 ہزار 740 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔

    دن کے اختتام تک 100 انڈیکس میں 836 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 9 ماہ بعد 40 ہزار کی سطح عبور کر کے 40 ہزار 124 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

    100 انڈیکس میں 39 ہزار کی سطح گزشتہ ہفتے عبور ہوگئی تھی اور یہ 8 ماہ بعد ہوا تھا۔ گزشتہ ہفتے میں 100 انڈیکس میں 13 سو 61 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا۔

    جمعے کے روز 500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے بعد 100 انڈیکس 39 ہزار 287 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

    گزشتہ ہفتے سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوا، مارکیٹ میں 1.73 ارب شیئرز کے سودے ہوئے۔ مارکیٹ کے ہفتہ وار کاروبار کی مالیت 61 ارب روپے رہی۔

    کاروبار میں تیزی کے بعد مارکیٹ کیپٹلائزیشن 264 ارب روپے اضافے سے 7511 ارب روپے رہی۔

  • مصر کے امیر ترین شخص پاکستان پہنچ گئے، بڑی سرمایہ کاری متوقع

    مصر کے امیر ترین شخص پاکستان پہنچ گئے، بڑی سرمایہ کاری متوقع

    اسلام آباد: غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کے سلسلے میں اب تک کی بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کے اہم رابطے کام کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی زلفی بخاری کے رابطوں کی بدولت مصر کے امیر ترین شخص نجيب ساويرس پاکستان پہنچ گئے، جن کے اثاثوں کی کل مالیت 2.8 ارب ڈالر ہے، نجیب ساويرس وزیر اعظم عمران خان سے آج اہم ملاقات کریں گے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سرمایہ کاری ہاؤسنگ منصوبے اور سیاحت کے شعبے میں کیے جانے کا امکان ہے، وزیر اعظم سے قبل نجیب ساویرس نے زلفی بخاری سے اہم ملاقات کی، زلفی بخاری نے کہا کہ نجیب ساویرس کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

    معاون خصوصی نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے، ہم آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں، نیا پاکستان بنانے میں آپ کا کردار بھی اہم ہوگا۔ نجیب ساویرس نے جوابی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے، پاکستان کے لوگ محنتی، ثقافت پسند اور روایات کے امین ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  منی گرام کا 2020 تک پاکستان میں سرمایہ کاری 1ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان

    واضح رہے کہ رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 239 فی صد اضافہ ہوا ہے، اس مدت کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری 650 ملین ڈالر رہی، ناروے سے 264 ملین اور چین سے 122 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں آئی۔

    منی گرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولیم الیگزینڈر نے 2020 تک پاکستان میں سرمایہ کاری 1 ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان کیا جب کہ چین کے ساتھ مشترکہ ٹریڈنگ کے معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 2 ارب ڈالر چینی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

  • نومبر 2019 میں ملکی برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں: مشیر تجارت

    نومبر 2019 میں ملکی برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں: مشیر تجارت

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ برآمد کنندگان اور وزارتِ تجارت کی کاوشیں رنگ لے آئیں، نومبر 2019 میں ملکی برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالرزاق داؤد نے ملکی برآمدات کے حوالے سے اہم ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی برآمدات میں اہم اضافہ ہوا ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات 9.6 فی صد زائد رہیں، نومبر 2019 میں 2 ارب 2 کروڑ ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا نومبر 2018 میں ایک ارب 84 کروڑ ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں، 9.6 فی صد اضافے سے اب 17 کروڑ 70 لاکھ کی زائد برآمدات کی گئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نومبر میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 14.9 فی صد اضافہ ہوا: مشیر خزانہ

    درآمدات کے حوالے سے انھوں نے لکھا کہ نومبر 2019 میں 3 ارب 81 کروڑ ڈالر کی درآمدات کی گئیں، جب کہ نومبر 2018 میں 4 ارب 62 کروڑ ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں، 17.5 فی صد کمی سے 81 کروڑ 10 لاکھ کی کم درآمدات کی گئیں۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ تجارتی خسارہ نومبر 2019 میں 1 ارب 79 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا، نومبر 2018 میں تجارتی خسارہ 2 ارب 78 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، تجارتی خسارے میں نومبر 2019 میں 35.5 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    خیال رہے کہ مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے بھی ٹویٹ کے ذریعے کہا تھا کہ نومبر میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 14.9 فی صد اضافہ ہوا، جو مئی 2013 کے بعد ایک ماہ میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔

  • نومبر میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 14.9 فی صد اضافہ ہوا: مشیر خزانہ

    نومبر میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 14.9 فی صد اضافہ ہوا: مشیر خزانہ

    اسلام آباد: مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ نومبر میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 14.9 فی صد اضافہ ہوا، جو مئی 2013 کے بعد ایک ماہ میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ نومبر میں KSE 100 انڈیکس میں 14.9 فی صد اضافہ ریکارڈ ہوا جو ایک ماہ کے دوران مئی 2013 کے بعد سب سے زیادہ اضافہ ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں عبد الحفیظ شیخ نے مزید کہا کہ 16 اگست 2019 سے انڈیکس میں 10 ہزار 500 پوائنٹس (36.6 فی صد) کا اضافہ ہوا، سرمایہ کاروں کا حکومتی اقدامات پر اعتماد بڑھتا نظر آ رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 2 ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری متوقع

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس 39 ہزار کی سطح عبور کر گیا تھا جب کہ انڈیکس میں 13 سو 61 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد انڈیکس 8 ماہ بعد 39 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔

    ایک رپورٹ کے مطابق چین کے ساتھ مشترکہ ٹریڈنگ کے معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 2 ارب ڈالر چینی سرمایہ کاری متوقع ہے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں چینی بروکریج فرمز نے سرمایہ کاری میں دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔