Tag: بزنس

  • گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں کمی

    گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں کمی

    کراچی: گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 47 پیسے کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت 159.11 روپے ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ کاروباری ہفتے میں ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی۔ گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر 1 روپے 47 پیسے سستا ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 160.158 سے کم ہو کر 159.11 روپے ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 20 پیسے سستا ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 160.70 سے کم ہو کر 159.50 روپے کا ہوا۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ پر بیرون مالک پاکستانی ترسیلات زر بھیج رہے ہیں، ترسیلات کی وجہ سے روپے کی قدر میں بہتری دیکھی جارہی ہے۔

    دوسری جانب گزشتہ کاروباری ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی دیکھی گئی، 100 انڈیکس میں 436 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز انڈیکس 31 ہزار 666 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    ایک ہفتے میں 100 انڈیکس کی کم ترین سطح 31 ہزار 431 پوائنٹس رہی، گزشتہ ہفتے مارکیٹ کیپٹلائزیشن بھی 119 ارب کم ہو کر 6344 ارب رہ گئی۔

  • آئی ایم ایف پروگرام کا مقصد پاکستانی معیشت میں توازن بحال کرنا ہے: آئی ایم ایف مشن چیف

    آئی ایم ایف پروگرام کا مقصد پاکستانی معیشت میں توازن بحال کرنا ہے: آئی ایم ایف مشن چیف

    اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے مشن چیف ارنیستو راما ریز ریگو کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کا اصل مقصد پاکستانی معیشت میں توازن بحال کرنا ہے، موجودہ حکومتی پالیسیوں میں پروگرام مددگار ثابت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے مشن چیف ارنیستو راما ریز ریگو کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف موجودہ پاکستانی حکومت کے پروگرام میں مدد فراہم کرے گا، معاشی بحالی کا پروگرام دو اہم ستونوں پر مشتمل ہے۔

    مشن چیف کا کہنا تھا کہ ان میں پہلے نمبر پر بڑے مسائل کا حل اور دوسرے نمبر پر اداروں کی تنظیم نو شامل ہے۔ معشیت کو لاحق بڑے مسائل میں اندرونی اور بیرونی ادائیگیوں کا توازن، قرضوں کی ادائیگی اور دیگر مالیاتی معاملات شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ ٹیکسوں کا کم حصول ہے، پروگرام میں فنڈ کا زور ٹیکس نیٹ میں اضافے پر ہے۔

    مشن چیف کا کہنا تھا کہ مارکیٹ بیسڈ ایکس چینج ریٹ بھی برآمدات کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ سماجی بہبود کے اخراجات میں اضافہ معاشی بحالی کے لیے اہم ہے۔ کاروبار کے لیے ماحول بہتر بنانا، ریڈ ٹیپ کا خاتمہ اور ٹیکس پالیسی ریفامز بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔

  • ہواوے کو دوبارہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ تجارت کی اجازت مل گئی

    ہواوے کو دوبارہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ تجارت کی اجازت مل گئی

    واشنگٹن : امریکی حکومت نے چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ’ہواوے‘ پر عائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر نئے ٹیکس عائد نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاﺅس کے اقتصادی مشیر لاری کوڈلو نے کہا ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی امور پر مذاکرات امریکی کمپنیوں کو ہواوے کی مصنوعات کی فروخت کے لائسنس جاری کرنے کا بہترین موقع ہے۔

    لاری کوڈلو کا کہنا تھا کہ چین کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ‘ہواوے’ پر عائد کردہ پابندیوں میں نرمی عام معافی نہیں، چینی کمپنی پر بعض پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔

    اقتصادی مشیر کا بیان ایسے وقوت میں سامنے آیا ہے جب ہفتے کے روز چینی اور امریکی صدور نے دونوں ملکوں کے درمیان جاری معاشی جنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، بات چیت کے دوران امریکی حکومت نے چینی مصنوعات پر نئے ٹیکس عائد نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ دونوں معاشی طاقتوں کے درمیان جاری تجارتی محاذ آرائی کے جلو میں چینی صدر سے جاپان میں ہونے والی ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لچک دار رویہ اپنایا۔

    امریکی حکومت نے چینی ٹیکنالوجی کمپنی ‘ہواوے’ کی مصنوعات کی خرید وفروخت کی اجازت دے دی ہے اور باور کرایا ہے کہ چینی مصنوعات امریکا کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں بنیں گی۔

    وائٹ ہاﺅس کے مشیر نے انٹرویو میں کہا کہ چین کے ساتھ تجارت کے لیے بہترین موقع ہے، وزیر تجارت ویلبر روس کو چاہیے کہ وہ پرمٹ جاری کرنے کا دروازہ کھول دیں۔

    خیال رہے کہ امریکا نے رواں سال چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے موبائل فون کی خریداری پر یہ کہہ کر پابندی عاید کر دی تھی کہ ان موبائلوں میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی جاسوسی کے مقاصد کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔

    ‘ہواوے نے امریکا کی طرف سے جاسوسی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن کے پاس ہواوے کے خلاف جاسوسی کے حوالے سے دعوے کا کوئی ٹھوس ثبوت یا دلیل نہیں۔

    امریکی کانگرس کے بعض ارکان جن میں ری پبلیکن کے ٹیڈ کروز اور مارکو روبیو بھی شامل ہیں کو خدشہ ہے کہ اگرہواوے کو امریکا میں مکمل آزادی کے ساتھ کام کی اجازت دی جاتی ہے یہ کمپنی امریکا کی حساس ٹیکنالوجی یا مارکیٹ پر غیر معمولی انداز میں اثر انداز ہو سکتی ہے۔

  • "اوینجرز اینڈ گیم” نے پانچ دن میں‌ تاریخ رقم کر دی، ایک ارب ڈالر کا بزنس

    "اوینجرز اینڈ گیم” نے پانچ دن میں‌ تاریخ رقم کر دی، ایک ارب ڈالر کا بزنس

    لاس اینجلس:‌ ہالی وڈ کی مشہور  زمانہ سیریز  اوینجرز  کی نئی فلم نے تاریخ رقم کر دی، تمام ریکارڈز توڑ  ڈالے.

    تفصیلات کے مطابق اوینجرز سیریز کی فلم اینڈ گیم نے پانچ دن میں ایک ارب ڈالر کا بزنس کرکے تمام تجزیہ کاروں کو ورطہ حیرت میں‌ ڈال دیا، صرف امریکا میں فلم نے 35 کروڑ  امریکی ڈالرز کا بزنس کیا۔

    ایک اندازے کے مطابق فلم نے ٹکٹس کی فروخت سے ایک ارب 20 کروڑ امریکی ڈالرز کمائے ہیں، اینڈ گیم مارول اسٹوڈیوز سپر ہیرو فرنچائز کی 22 ویں فلم ہے، جس نے ناظرین کے دل جیت لیے ہیں.

    یاد رہے کہ اوینجرز سیریز کی گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم "انفنیٹی وار” نے بھی ریکارڈ توڑ  بزنس کیا تھا، فلم نے ابتدائی دنوں میں 64 کروڑ  امریکی ڈالر کی کمائی کا ریکارڈ بھی توڑا تھا، مگر اینڈ گیم کے بزنس نے ہالی وڈ کی تاریخ کو بدل ڈالا.

    مزید پڑھیں: سپرہیرو فلمز: مارول کا پاکستانی نژاد کامک کردار ’کمالہ خان‘ پر فلم بنانے کا فیصلہ

    ڈزنی اسٹوڈیوز کی یہ فلم وہ پہلی فلم ہے، جس نے صرف پانچ دن میں ہی ایک ارب ڈالر کی حیران کن حد کو عبور کی.

    فلم نے ہندوستان میں بھی شان دار بزنس کیا، چین میں بھی فلم نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے. چین میں فلم 33 کروڑ امریکی ڈالرز سے زائد کا بزنس کر چکی ہے.

  • ایران نے امریکا کو آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکی دے دی

    ایران نے امریکا کو آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکی دے دی

    تہران : ایرانی حکام نے امریکا کی جانب عائد اقتصادی پابندیوں پر رد عمل دیتے ہوئے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ برس ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے سے انخلاء کے بعد ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا حکم بھی جاری ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایران کے سپاہ پاسداران کے سربراہ محمد باقی نے کہا کہ اگر امریکا نے بلاجواز اقتصادی پابندیاں نہ ہٹائیں تو ایران آبنائے ہرمز بند کر کے خلیجی ریاستوں سے دنیا بھر کو تیل کی سپلائی روک دے گا۔

    جنرل محمد باقری کا کہنا تھا کہ اگر ایران کی برآمد نہیں کرسکتا کسی بھی ملک کو یہ اجازت نہیں ہوگی وہ تیل کے جہاز گزارے۔

    ایرانی سپاہ پاسداران کے سربراہ جنرل باقری کا بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے کہ جب امریکا نے ایران سے تیل درآمد کرنے والے ممالک چین، بھارت، اور ترکی سمیت 8 ممالک کو اقتصادی پابندیوں کے ضمن میں دی گئی استثنیٰ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر ان ممالک نے بھی ایران سے تیل خریدنے پر معذرت کرلی تھی۔

    مزید پڑھیں : امریکا کے بعد ایران نے بھی جوہری ڈیل سے انخلا کی دھمکی دے دی

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی پاپندیوں کے بعد ایران نے بھی جوہری معاہدے سے انخلا کی دھمکی دے دی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے یہ عندیہ امریکی نئی پابندیوں کے ردعمل میں دیا گیا ہے، خیال رہے کہ امریکا نے ایران دوست ممالک کو ایرانی تیل کی خریداری کے لیے دیا گیا استثناء ختم کردیا ہے۔

  • پاکستان کی ایکسپورٹ 2 سے 3 سال میں بڑھے گی: مشیر تجارت

    پاکستان کی ایکسپورٹ 2 سے 3 سال میں بڑھے گی: مشیر تجارت

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ایکسپورٹ 2 سے 3 سال میں بڑھے گی، گزشتہ چند ماہ سے پاکستان کی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ایکسپورٹ 2 سے 3 سال میں بڑھے گی، یورپ میں تاثر ہے کہ پاکستان آگے جانے کے لیے تیار ہے۔

    رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ مارچ میں برآمدات کم ہوئیں، وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جنوری، فروری میں برآمدات بڑھ رہی تھیں مارچ میں اچانک گریں۔ جب تک پوری لائن صحیح نہیں چلے گی رکاوٹیں آئیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے پاکستان کی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ یقیناً مہنگائی بڑھی ہے، مارچ میں گروتھ نہیں ہوئی۔ فیصل آباد کے تاجروں نے بتایا مارچ میں آرڈرز میں اضافہ ہوا۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ چیلنجز ہیں ہمیں سوچنا ہوگا کہاں سے بہتری آنی چاہیئے، وزیر اعظم 28 اپریل کو چین جائیں گے اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

    گزشتہ روز رزاق داؤد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم کی ترجیح کاروبار میں آسانی ہے۔ بہت اہم اصلاحات مکمل کرلی گئی ہیں۔ عالمی بینک کی رپورٹ میں پاکستان کی درجہ بندی بہتر ہوگی۔ چین کے سرمایہ کاروں نے کاروبار میں آسانی پر زور دیا۔ پاکستان میں سوائے چند کمپنیوں کے کسی میں معیار نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ نئے طریقہ کار پر کمپنی رجسٹریشن 4 گھنٹے میں ہو رہی ہے۔ کاروبار کے لیے ٹیکس ادائیگی 47 سے کم کر کے 10 فیصد کردی۔ کراچی میں پراپرٹی رجسٹریشن عمل 208 دنوں سے 14 پر آگیا۔ لاہور میں پراپرٹی رجسٹریشن عمل 26 سے 15 دن کر دیا گیا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہماری مصنوعات کا عالمی معیار نہ ہونا کم برآمدات کی وجہ ہے، 47 قسم کے وفاقی اور صوبائی ٹیکسوں کو کم کر کے 10 کیا۔ چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر پیشرفت ہوئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان 28 اپریل کو چین جا رہے ہیں۔ دورہ چین میں آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط ہوں گے۔

  • کاروبار میں آسانی کے لیے اہم اصلاحات مکمل کرلی گئیں: مشیر تجارت

    کاروبار میں آسانی کے لیے اہم اصلاحات مکمل کرلی گئیں: مشیر تجارت

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ترجیح کاروبار میں آسانی ہے۔ بہت اہم اصلاحات مکمل کرلی گئی ہیں، نئے طریقہ کار پر کمپنی رجسٹریشن 4 گھنٹے میں ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ ہارون شریف کا کہنا تھا کہ 15 اپریل کو عالمی بینک کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، مختلف ملکوں کے سرمایہ کار دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار آسان بنا رہے ہیں۔

    ہارون شریف نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ میں 8 ہزار کمپنیاں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں، غیر ملکی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ کمپنیوں کی جانب سے ادائیگیوں کو آن لائن کردیا ہے۔ ورلڈ بینک کے انڈیکس میں درجہ بندی بہتر کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ اراضی کی رجسٹریشن کا عمل بھی آسان بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کی اجازت کی منظوری کا عمل بھی آسان بنایا ہے، ہم ایشیا کی اکانومی کے برابر جگہ بنالیں گے۔ سرمایہ کار ہماری پالیسوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ فوکل یونٹ ہے۔

    ہارون شریف کا کہنا تھا کہ اسٹینڈرڈ کے لیے پروڈکٹ کے ساتھ سرٹیفکیشن دینی چاہیئے، 8 ہزار کمپنیاں 8 ماہ میں رجسٹرڈ ہوئی ہیں۔ 6 ماہ پہلے بیس لائن دیکھی تو سنہ 47 طرح کی ادائیگیاں تھیں، ویب پورٹل سے اب ادائیگیاں ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

    مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ترجیح کاروبار میں آسانی ہے۔ بہت اہم اصلاحات مکمل کرلی گئی ہیں۔ عالمی بینک کی رپورٹ میں پاکستان کی درجہ بندی بہتر ہوگی۔ چین کے سرمایہ کاروں نے کاروبار میں آسانی پر زور دیا۔ پاکستان میں سوائے چند کمپنیوں کے کسی میں معیار نہیں۔

    رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ نئے طریقہ کار پر کمپنی رجسٹریشن 4 گھنٹے میں ہو رہی ہے۔ کاروبار کے لیے ٹیکس ادائیگی 47 سے کم کر کے 10 فیصد کردی۔ کراچی میں پراپرٹی رجسٹریشن عمل 208 دنوں سے 14 پر آگیا۔ لاہور میں پراپرٹی رجسٹریشن عمل 26 سے 15 دن کر دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری مصنوعات کا عالمی معیار نہ ہونا کم برآمدات کی وجہ ہے، 47 قسم کے وفاقی اور صوبائی ٹیکسوں کو کم کر کے 10 کیا۔ چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر پیشرفت ہوئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان 28 اپریل کو چین جا رہے ہیں۔ دورہ چین میں آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط ہوں گے۔

    مشیر تجارت کا مزید کہنا تھا کہ چین کو ایک ارب ڈالر کی مزید برآمدات شروع ہوچکی ہیں، درآمدات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ امید ہے رواں سال 25 ارب ڈالر کی برآمدات حاصل کریں گے۔

  • سونے کی قیمت تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ 70700 روپے کا ہو گیا

    سونے کی قیمت تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ 70700 روپے کا ہو گیا

    کراچی: سونے کی قیمت تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ 150 روپے اضافے سے 70 ہزار 700 روپے کا ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان مزید تیز ہو گیا ہے، قیمتیں تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح پر آ گئیں، فی تولہ 70700 روپے کا ہو گیا ہے۔

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 3 ڈالر کی مزید کمی ہونے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 150 روپے مہنگا ہو گیا۔

    آل کراچی صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کو بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1291 ڈالر سے گھٹ کر 1288 ڈالر ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سونے کی قیمت میں مزید اضافہ، فی تولہ 70550 روپے کا ہو گیا

    دوسری طرف کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں 10 گرام سونے کی قیمت میں 129 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    فی تولہ سونے کی قیمت 70550 روپے سے بڑھ کر 70700 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 60485 روپے سے بڑھ کر 60614 روپے ہوئی۔

    آج منگل کو چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی 10 روپے اور دس گرام قیمت میں 8.60 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں چاندی کی فی تولہ قیمت 890 روپے سے بڑھ کر 900 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 763 روپے سے بڑھ کر 771.60 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

  • خطے کی ابھرتی ہوئی مارکیٹس میں پاکستانی تجارتی مفاد کو فروغ دیا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

    خطے کی ابھرتی ہوئی مارکیٹس میں پاکستانی تجارتی مفاد کو فروغ دیا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ خطے کی ابھرتی ہوئی مارکیٹس میں پاکستان کے تجارتی مفاد کو فروغ دیا جائے.

    ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے ٹریڈ آفیسرزکی پوسٹنگ سے متعلق اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اجلاس میں اس ضمن میں اہم فیصلے کیے گئے.

    وزیر اعظم کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ٹریڈ آفیسرز کی اسامیوں کا20 فیصد کوٹہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے مختص کرنے کی منظوری دی گئی، فیصلہ پاکستان کے تجارتی مفاد کے پیش نظر کیا گیا.

    خیال رہے کہ وزیراعظم نے ٹریڈ آفیسرزکی تعیناتی کاطریقہ کار بدلنےکی ہدایت کی تھی، نئی منظور شدہ پالیسی میں میرٹ اور شفافیت کومد نظر رکھا گیا.

    اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی، جس کے مطابق ٹریڈ افسران کی کارکردگی مانیٹرکی جائے گی، مستقبل میں کارکردگی جانچنے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا.

    مزید پڑھیں: ہماری اولین ترجیح چھوٹے کسان کے مفاد کا تحفظ ہے، وزیراعظم

    اس موقع پر سیکریٹری کامرس یونس دھاگا نے وزیراعظم کوٹریڈ ڈیٹا سسٹم پربریفنگ دی اور مطلع کیا کہ تجزیاتی سسٹم ملک میں تجارتی مفادات کے فروغ میں مدد دے گا.

    یاد رہے یکم مارچ کو   وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ہماری اولین ترجیح چھوٹے کسان کے مفاد کا تحفظ ہے، زراعت ہماری معیشت کے لیے بہت اہم حیثیت رکھتی ہے۔

  • مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی سات ماہ، تجارتی خسارہ ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا

    مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی سات ماہ، تجارتی خسارہ ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا

    اسلام آباد: مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2018-19ء ) کے دوران برآمدات اور درآمدات پر کنٹرول کے نتیجے میں تجارتی خسارہ 19.26 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2018-19ء ) کے دوران 13 ارب 23کروڑ ڈالر کی برآمدات کی گئیں، جو گزشتہ مالی سال 2017-18 ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2017-18ء ) کی 12 ارب 94کروڑ ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 29کروڑ ڈالر زیادہ رہیں۔

    اس طرح گذشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات میں 2.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، دوسری جانب ملکی درآمدات مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2018-19ء ) کے دوران 34 ارب 26کروڑ ڈالر رہیں، جو گذشتہ مالی سال 2017-18 ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2017-18ء ) کی 34 ارب 26 کروڑ ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں ایک ارب 77کروڑ ڈالر کم رہیں۔

    مالی سال 2019 کے 7 ماہ میں ترسیلات زر 12 ارب ڈالرز سے تجاوز کرگئی

    اس طرح درآمدات میں 5.17 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مالی سا ل 2017-18 ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2017-18ء ) کے دوران تجارتی خسارہ 21 ارب 32کروڑ ڈالر تھا، جو مالی سال 2018-19 ء کے ابتدائی سات ماہ ( جولائی تا جنوری 2018-19ء ) کے 19 ارب 26کروڑ ڈالر کے تجارتی خسارے کے مقابلے میں 2 ارب 6 کروڑ ڈالر کم رہا، اس طرح تجارتی خسارے میں 9.66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔