Tag: بزنس

  • پاکستان اسٹاک مارکیٹ: گزشتہ ہفتے کاروبار میں اضافہ

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ: گزشتہ ہفتے کاروبار میں اضافہ

    کراچی: گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں مثبت رجحان دیکھا گیا، 100 انڈیکس میں 900 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 957 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 2.32 فیصد اضافے کے ساتھ 42 ہزار 85 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    3 سے 7 اکتوبر 2022 کے دوران انڈیکس کی بلند ترین شرح 42 ہزار 390 اور کم ترین سطح 41 ہزار 92 پوائنٹس رہی۔

    گزشتہ ہفتے شیئرز بازار میں 2.17 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے۔

    شیئرز بازار کے ہفتہ وار کاروبار کی مالیت 52 ارب روپے 39 کروڑ روپے رہی جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 80 ارب روپے بڑھ کر 6862 ارب روپے ہوگئی۔

  • بجلی کمپنیوں کی ناقص کارکردگی، صارفین کی جانب سے ہزاروں شکایات

    بجلی کمپنیوں کی ناقص کارکردگی، صارفین کی جانب سے ہزاروں شکایات

    اسلام آباد: بجلی کمپنیوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے بجلی صارفین کی جانب سے شکایات کے انبار لگ گئے، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے درج کروائی گئی اور حل شدہ شکایات کا اعداد و شمار جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کمپنیوں کے خلاف درج کروائی گئی شکایات کی تفصیلات جاری کردیں۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ایک سال میں بجلی کمپنیوں کے خلاف 12 ہزار 778 شکایات درج کروائی گئیں، ایک سال میں کے الیکٹرک کے خلاف سب سے زیادہ شکایات درج کروائی گئیں۔

    جولائی 2021 تا جون 2022 کے الیکٹرک کے خلاف 5 ہزار 716 شکایات درج کروائی گئیں، اس عرصے میں لاہور کی لیسکو کے خلاف 1 ہزار 489، حیدر آباد کی حیسکو کے خلاف 1 ہزار 415 اور سکھر کی سیپکو کے خلاف 952 شکایات موصول ہوئیں۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ ملتان کی میپکو کے خلاف ایک سال میں 775، پشاور کی پیسکو کے خلاف 626، اور فیصل آباد کی فیسکو کے خلاف 653 شکایات درج کروائی گئیں۔

    دستاویز کے مطابق نیپرا نے ایک سال میں 12 ہزار 143 شکایات کا ازالہ کیا، بجلی کمپنیوں کے خلاف 635 شکایات تصفیے کے مختلف مراحل میں ہیں۔ نیپرا نے بجلی کمپنیوں کے خلاف ملک بھر میں کھلی کچہریوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

  • ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ: نجی بینکوں نے موقع سے فائدہ اٹھا کر 56 ارب روپے منافع کمایا

    ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ: نجی بینکوں نے موقع سے فائدہ اٹھا کر 56 ارب روپے منافع کمایا

    اسلام آباد: گزشتہ چند ماہ میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے دوران نجی بینکوں نے خوب فائدہ اٹھایا، نجی بینکس نے اس دوران 56 ارب روپے کا منافع کمایا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر سے کھیلا جاتا رہا، نجی بینک موقع دیکھ کر فائدہ اٹھاتے رہے۔

    ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈالر کے اتار چڑھاؤ میں نجی بینکوں نے 56 ارب روپے کا منافع کمایا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے پر اسٹیٹ بینک نے نجی بینکوں سے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، بینکوں نے ایل سیز کھولنے کے لیے انٹر بینک ریٹ سے اضافی رقم وصول کی۔

    اسٹیٹ بینک نے 8 نجی بینکوں کو نوٹسز بھی جاری کردیے ہیں، اسٹیٹ بینک کی تحقیقاتی رپورٹ جلد مکمل ہوجائے گی، تحقیقاتی رپورٹ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو پیش کی جائے گی۔

  • ’بروقت بجلی کی بحالی میں ناکامی‘ بجلی کمپنی کو 1 کروڑ روپے جرمانہ

    ’بروقت بجلی کی بحالی میں ناکامی‘ بجلی کمپنی کو 1 کروڑ روپے جرمانہ

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جامشورو گرڈ اسٹیشن میں ٹرپنگ کے معاملے میں نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) پر 1 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ستمبر 2021 میں جامشورو گرڈ اسٹیشن میں ٹرپنگ کے معاملے پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) پر 1 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

    نیپرا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹرپنگ گرڈ اسٹیشن پر آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے ہوئی، ٹرپنگ سے حیسکو اور کے الیکٹرک میں جزوی بلیک آؤٹ ہوا تھا۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ جرمانہ بروقت بجلی سپلائی کی بحالی میں ناکامی پر کیا گیا، این ٹی ڈی سی کو بجلی سپلائی کی بحالی میں 2 گھنٹے اور 33 منٹ لگے تھے۔

    نیپرا کے مطابق ایکٹ کے تحت این ٹی ڈی سی سے وضاحت طلب کی اور شوکاز نوٹس جاری کیا، این ٹی ڈی سی مقررہ وقت میں کوئی بھی جواب دینے میں ناکام رہا۔ این ٹی ڈی سی نیپرا قواعد وض وابط کی خلاف ورزی کا قصور وار پایا گیا۔

  • ملک میں مہنگائی میں اضافہ، لیکن پچھلے مہینے سے کم

    ملک میں مہنگائی میں اضافہ، لیکن پچھلے مہینے سے کم

    اسلام آباد: ستمبر 2022 کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 23.2 فیصد اضافہ ہوا تاہم یہ اضافہ اگست سے 1.2 فیصد کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ملک میں ستمبر 2022 کے دوران مہنگائی میں 23.2 فیصد اضافہ ہوا۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ اگست 2022 میں یہ شرح تاریخ کی بلند ترین سطح 27.3 فیصد پر تھی، اگست کے مقابلے میں ستمبر میں مہنگائی 1.2 فیصد کم ہوئی۔

    اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 21.2 فیصد رہی جو اگست میں 26.5 فیصد تھی، دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 26.1 فیصد رہی جو اگست میں 28.8 فیصد تھی۔

    ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں یہ کمی ستمبر میں بجلی کے چارجز میں کمی کی وجہ سے ہوئی۔

  • ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 30 کروڑ ڈالرز کی کمی

    ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 30 کروڑ ڈالرز کی کمی

    کراچی: ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 30 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد مجموعی ذخائر 13 ارب 76 کروڑ 19 لاکھ ڈالر کے رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 23 ستمبر تک 30 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 76 کروڑ 19 لاکھ ڈالر کے رہ گئے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 23 ستمبر تک 34 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر 8 ارب 59 لاکھ ڈالر رہ گئے۔

    علاوہ ازیں بینکوں کے پاس زرمبادلہ ذخائر میں 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد بینکوں کے پاس زرمبادلہ ذخائر 5 ارب 75 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ہوگئے۔

  • عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 8 ماہ کی کم ترین سطح پر

    عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 8 ماہ کی کم ترین سطح پر

    اسلام آباد: بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی جارہی ہے، خام تیل کی قیمتیں 8 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی جارہی ہے۔

    برینٹ خام تیل 4 ڈالر 31 سینٹ کمی کے ساتھ 86.15 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا، ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 4 ڈالر 75 سینٹ کمی کے بعد 78.74 ڈالر پر آگئی۔

    عالمی خام تیل کی قیمتیں 8 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔

    یاد رہے کہ 29 اگست سے اب تک امریکی ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں تقریباً 14 ڈالر تک کمی ہوچکی ہے، عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے جبکہ پاکستان میں پیٹرول دن بدن مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ دنیا میں سب سے زیادہ تیل برآمد کرنے والے ممالک نے رواں ماہ ستمبر میں اپنی پیداوار میں قدرے اضافہ کرنے پر اتفاق کیا تھا تاکہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کم کرنے میں مدد مل سکے۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان

    ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 10کروڑ ڈالر قرض دینے کا اعلان کردیا، رقم اسپتالوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے خرچ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 10کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی، یہ رقم صوبہ خیبرپختونخوا کے صحت کے نظام میں بہتری کیلئے خرچ ہوگی۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کےتحت صحت کے حوالےسے سہولیات کے بنیادی ڈھانچے کو جدید کیا جائے گا اور رقم اسپتالوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے خرچ ہوگی۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ انسانی وسائل کی منصوبہ بندی اور ادویات کی سپلائی چین کے انتظام کو بہتر بنانا ہوگا۔

    اعلامیے کے مطابق کرونا کے بعد پاکستان کو اب غیر معمولی سیلاب کا سامنا ہے، سیلابی پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے خطرے بڑھ رہے ہیں، منصوبہ اسپتالوں میں خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں کلیدی کرداراداکرے گا۔

    یاد رہے ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی بھرپور معاونت کا اعلان کرتے ہوئے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے بڑے پیکج کی تیاری شروع کردی ہے۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیلئے فنڈ جاری کیے جائیں گے۔

  • پاکستان سے روئی کی برآمدات شروع

    پاکستان سے روئی کی برآمدات شروع

    اسلام آباد: پاکستان سے روئی کی برآمدات شروع کردی گئی، روئی کی 20 ہزار بیلز کے برآمدی معاہدے طے پا چکے ہیں۔

    چیئرمین کاٹن جنرز فورم کے چیئرمین احسان الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان سے روئی کی برآمدات شروع کردی گئی، آغاز میں 3 ہزار سے زائد روئی کی بیلز بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ویت نام کو بھیجی گئیں۔

    چیئرمین کا کہنا ہے کہ روئی کی 20 ہزار بیلز کے برآمدی معاہدے طے پا چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بارشوں سے روئی کا معیار خراب ہونے سے برآمد کنندگان کو مشکلات بھی ہیں، پاکستان میں روئی کی قیمت 22 سے 23 ہزار روپے فی من ہے۔

  • 5 سو ارب قرض کی ادائیگی کے بعد بھی 22 سو ارب کے قرضے واجب الادا

    5 سو ارب قرض کی ادائیگی کے بعد بھی 22 سو ارب کے قرضے واجب الادا

    اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے 564 ارب قرض ادائیگی کے بعد بھی 2253 ارب کے گردشی قرض واجب الادا ہیں، سی پیک کے پاور پروجیکٹس میں گردشی قرض 220 ارب سے تجاوز کرگیا۔

    تفصیلات کے مطابق حال ہی میں جاری کی گئی ایک دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 564 ارب قرض ادائیگی کے بعد بھی 2253 ارب کے گردشی قرض واجب الادا ہیں۔

    دستاویز میں کہا گیا کہ گزشتہ مالی سال 564 ارب روپے کا گرشی قرض اتارا گیا، سی پیک کے پاور پروجیکٹس میں گردشی قرض 220 ارب سے تجاوز کرگیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے جون میں سی پیک پاور پروجیکٹس کے لیے 50 ارب ادا کیے تھے، سی پیک کے پاور پراجیکٹس کے سرمایہ کاروں نے تحفظات سے آگاہ کردیا۔

    آئی ایم ایف نے بھی مہنگے بجلی گھروں پر اعتراض اٹھا دیا، زیادہ کپیسٹی چارجز والے بجلی گھروں سے از سر نو معاملات طے کرنے پر غور ہوگا۔ آئی ایم ایف نے شرط رکھی ہے کہ کپیسٹی چارجز کم کرنے کے لیے از سر نو معاہدے کیے جائیں۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نے سی پیک پاور پروجیکٹس کا سرکلر ڈیٹ ختم کرنے کا عندیہ دے دیا، حکومت نے توانائی کے ریٹ کم ہونے پر سی پیک پاور پروجیکٹس کو ادائیگی کی یقین دہانی کروا دی۔