Tag: بسمہ معروف

  • کرکٹرز بسمہ معروف اور محمد علی انسداد پولیو پروگرام کے سفیر مقرر

    کرکٹرز بسمہ معروف اور محمد علی انسداد پولیو پروگرام کے سفیر مقرر

    لاہور: کرکٹرز بسمہ معروف اور محمد علی کو انسداد پولیو پروگرام کے سفیر مقرر کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ انسداد پولیو پروگرام خضر افضال نے کہا ہے کہ بسمہ معروف اور محمد علی کو انسداد پولیو پروگرام کے سفیر مقرر کیا گیا ہے، کرکٹرز کی شمولیت پولیو ٹیموں کے لیے سازگار ثابت ہوگی۔

    خضر اقبال نے بتایا کہ بسمہ اور علی کی پولیو کے انسداد کے لیے کاوشیں قابل داد ہیں، قومی ہیروز والدین کے ساتھ رابطہ کاری میں مدد دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا پنجاب میں پولیو کی مقامی افزائش کا چیلنج درپیش ہے، اور ان کی ترجیح 100 فی صد بچوں کو قطرے پلانا ہے۔

    بسمہ معروف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہماری ترجیح ہونی چاہیے، پولیو کے مکمل خاتمے تک سخت نگرانی کی ضرورت ہے، کرکٹر محمد علی نے کہا کہ ہم پولیو ٹیموں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  • بسمہ معروف کا انٹرنیشنل کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان

    بسمہ معروف کا انٹرنیشنل کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان

    پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے فوری طور پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ میں نے اس کھیل سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے جس سے مجھے سب سے زیادہ پیار ہے۔ یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے، جو چیلنجوں، فتوحات اور ناقابل فراموش یادوں سے بھرا ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپنے خاندان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، جنہوں نے شروع سے لے کر اب تک میرے پورے کرکٹ سفر میں میرا ساتھ دیا، میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا۔

    ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان ویمنز ٹیم کی مایوس کن کارکردگی، چیئرمین پی سی بی کا سخت فیصلہ

    انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی طرف سے تعاون انمول رہا ہے خاص طور پر میرے لیے پہلی بار پیرنٹل پالیسی کو نافذ کرنے میں، جس نے مجھے ماں ہوتے ہوئے اپنے ملک کی اعلیٰ سطح پر نمائندگی کرنے کے قابل بنایا۔

    بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ میں ان مداحوں کی تہہ دل سے مشکور ہوں جن کی غیر متزلزل حمایت میرے پورے کیریئر میں حاصل رہی۔ جہاں بھی اور جب بھی میں نے اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے انہوں نے مجھے سپورٹ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ آخر میں، میں اپنی ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جو میرے لیے خاندان کی طرح بن گئے ہیں، ہم نے میدان کے اندر اور باہر جس دوستی کا مظاہرہ کیا ہے وہ ایسی چیز ہے جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گی۔

    خواتین کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ ہم سب پاکستان خواتین کرکٹ میں بسمہ کی بے پناہ خدمات کے معترف ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہم بسمہ کے عزم اور ٹیم اور ملک کے لیے گراں قدر خدمات کے لیے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، میں بسمہ کی مستقبل کی کوششوں میں نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں اور دعا ہے کہ ان کا آگے کا سفر اتنا ہی فائدہ مند اور بھرپور ہو جتنا ان کا کرکٹ کریئر رہا ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی بائیں ہاتھ کی بیٹر بسمہ معروف نے اپنا ون ڈے ڈیبیو 2006 میں انڈیا کے خلاف کیا تھا اور 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے 276 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جو کسی بھی پاکستانی خاتون کرکٹر کی جانب سے سب سے زیادہ میچز ہیں۔

    بسمہ معروف نے 6ہزار 226 بین الاقوامی رنز بنائے ہیں جن میں 33 نصف سنچریاں شامل ہیں اور دائیں ہاتھ کی لیگ اسپن سے 80 بین الاقوامی وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔

    اپنے شاندار کریئر کے دوران، بسمہ خواتین کی اس ٹیم کا حصہ تھیں جس نے 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں دو بار گولڈ میڈل جیتا تھا۔

    بسمہ معروف نے 96 بین الاقوامی میچوں میں ٹیم کی کپتانی بھی کی، انہوں نے آئی سی سی ویمنز ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے چار ایڈیشنز (2009، 2013، 2017 اور 2022) میں پاکستان کی نمائندگی کی، نیوزی لینڈ میں 2022 کے ورلڈ کپ میں انہوں نے ٹیم کی قیادت بھی کی۔

    ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بسمہ معروف نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آٹھ ایڈیشنز (2009, 2010, 2012, 2014, 2016, 2018, 2020, اور 2023) میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 2020 اور 2023 میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے عالمی مقابلوں میں وہ ٹیم کی کپتان تھیں۔

  • قومی ویمنز کرکٹرز بسمہ معروف اور غلام فاطمہ کی کار حادثے کا شکار

    قومی ویمنز کرکٹرز بسمہ معروف اور غلام فاطمہ کی کار حادثے کا شکار

    کراچی میں جاری قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شریک دو کھلاڑی بسمہ معروف اور غلام فاطمہ کی کار حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے سبب دونوں کرکٹرز معمولی زخمی ہوگئیں۔

    پی سی بی کے مطابق بسمہ معروف اور غلام فاطمہ کراچی میں جاری کیمپ کا حصہ ہیں اور جمعہ کی شب کار حادثے میں انہیں معمولی چوٹیں آئیں جس کے بعد انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کے مقامی اسپتال میں احتیاطی ٹیسٹ کرائے گئے اور پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کی دیکھ بھال کررہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑی جمعہ کی شب کراچی میں مقیم ایک ساتھی کرکٹرز کے ساتھ چائے پینے کی غرض سے ہوٹل سے نکلی تھیں کہ یوٹرن لیتے ہوئے گاڑی فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی، حادثے میں دیگر پلیئرز محفوظ رہیں۔

    آج جس مقام پر ہوں اس کی وجہ کون ہے؟ حارث رؤف نے بتادیا

    ذرائع کے مطابق بسمہ اور غلام فاطمہ کی انجری بہت معمولی نوعیت کی ہے، جنہیں ضروری طبی امداد فراہم کردی گئی ہے۔

  • بسمہ معروف بابر اعظم سے بہتر ہیں! عروج ممتاز کا بے باک تبصرہ

    بسمہ معروف بابر اعظم سے بہتر ہیں! عروج ممتاز کا بے باک تبصرہ

    پاکستان کی سابق ویمن کرکٹر عروج ممتاز نے کہا ہے کہ بعض دفعہ بسمہ معروف دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین بابراعظم سے بہتر لگتی ہیں۔

    عروج ممتاز نے یہ چونکا دینے والی بات ایک ٹی وی شو کے دوران کہی۔ میزبان نے انھیں بڑی اسکرین پر بسمہ معروف کی تصویر دکھائی جس پر تبصرہ کرتے ہوئے عروج کا کہنا تھا کہ بسمہ خواتین کی بابر اعظم ہیں۔

    اس دوران سابق پاکستانی ویمن کرکٹر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کبھی کبھار بسمہ معروف ون ڈے کے نمبر ون بیٹر بابر اعظم سے بہتر بھی ہیں۔ ان کی بات سن کر میزبان کے منہ سے واہ نکل گیا۔

    عروج کی یہ ویڈیو کلپ انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے اور بہت سے لوگ ان کے اس تبصرے پر حیرانی کا اظہا کررہے ہیں۔

    بسمہ معروف پاکستان کی نمایاں خواتین کرکٹرز میں سے ایک ہیں۔ انھوں نے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا اور کئی بار پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔

    133 ون ڈے انٹرنیشنلز میں بسمہ نے 3278 رنز بنائے ہیں جبکہ 140 ٹی ٹوئنٹی میچز میں وہ 2893 رنز بناچکی ہیں۔ مجموعی طور پر انھوں نے دونوں فارمیٹس میں 32 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔

    باؤلنگ کی بات کی جائے تو انھوں نے 50 اوور کے فارمیٹ میں 44 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ کرکٹ کی مختصر ترین فارمیٹ میں انھوں نے 36 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

  • بسمہ معروف نے کپتانی سے استعفیٰ دینے کے بعد کیا کہا؟

    بسمہ معروف نے کپتانی سے استعفیٰ دینے کے بعد کیا کہا؟

    پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دینے کے بعد بسمہ معروف نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے۔

    قومی  ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا کہ قومی ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے کسی بھی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے۔

    بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ اب تبدیلی کی ضرورت ہے اور نئی اور نوجوان کپتان کو تیار کرنے کا صحیح وقت ہے۔

    بسمہ معروف پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت سے مستعفی، وجہ کیا ہے؟

    سابق کپتان نے کہا کہ میں ٹیم اور نئی آنے والی کپتان کی ہر طرح سے مدد، رہنمائی اور حمایت کے لیے ہمیشہ حاضر رہوں گی، پاکستان زندہ باد۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے۔

  • بسمہ معروف نے بھارت کے خلاف میچ کو یادگار بنالیا

    بسمہ معروف نے بھارت کے خلاف میچ کو یادگار بنالیا

    قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے روایتی حریف کے خلاف شاندار نصف سینچری جڑ دی۔

    جنوبی افریقا کے شہر نیولینڈ میں کھیلے جارہے ٹی ٹوئنٹی ویمنز ورلڈکپ میں آج روایتی حریف پاکستان اوربھارت مد مقابل ہیں۔

    گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی اننگز کی خاص بات کپتان بسمہ معروف کی بھارت کے خلاف شاندار نصف سینچری اسکور کرنا تھا۔

    بسمہ معروف نے 55 گیندوں میں 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ان کی دلکش اننگز میں 7 چوکے بھی شامل تھے، اسی کے ساتھ ہی بسمہ معروف کی ٹی ٹوئنٹی میں نصف سینچریوں کی تعداد 4 ہوگئی۔

    یہ بھی پڑھیں: بسمہ معروف نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

    کپتان بسمہ معروف کے علاوہ عائشہ امین 43 اسکور بنا کر ناٹ آوٹ رہیں، گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز اسکور کئے اور بھارت کو جیت کے لئے 150 رنز کا ہدف دیا۔

    بھارت کی جانب سے رادھا یادیو نے دو جبکہ دبتی شرما اور پوجا وسترکار نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

    واضح رہے کہ بسمہ معروف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل فارمیٹ میں 111 میچوں میں 27.44 کی اوسط اور 91.11 کی اوسط سے 2388 رنز بنارکھے ہیں۔

    اس فارمیٹ میں ان کا سب سے بڑا ذاتی اسکور 70 رنز ناٹ آؤٹ ہے، بسمہ معروف ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں 11 نصف سنچریاں درج کراچکے ہیں۔

  • ایشیا کپ سے قبل قومی ٹیم کی کپتان کو ہٹائے جانے کا امکان

    ایشیا کپ سے قبل قومی ٹیم کی کپتان کو ہٹائے جانے کا امکان

    لاہور: ویمن ایشیا کپ ٹی 20 سے قبل قومی ٹیم کی کپتان کو ہٹائے جانے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشیا کپ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کی چھٹی پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے جبکہ ان کی جگہ تجربہ کارآل راؤنڈر ندا ڈار قیادت کی مضبوط امیدوار ہیں۔

    ایونٹ کےاسکواڈ کےلیے ہیڈکوچ ڈیوڈ ہیمپ کےبغیر ٹرائل میچز کروائیں جائیں گے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی جویریہ خان اور ناہیدہ خان سمیت دیگر سینیئرز کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ایونٹ یکم اکتوبرسے بنگلادیش میں کھیلا جائےگا جبکہ قومی ٹیم 28 ستمبر کو اڑان بھرے گی۔

    ایشیا کپ یکم اکتوبر سے 16 اکتوبر تک کھیلا جائے گا، جس میں بنگلہ دیش، پاکستان، بھارت، سری لنکا، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

  • امید ہے مستقبل میں سیریز پاکستان میں ہوں گی: کپتان ویمن ٹیم

    امید ہے مستقبل میں سیریز پاکستان میں ہوں گی: کپتان ویمن ٹیم

    کراچی: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ انگلینڈ کےخلاف سیریز کی تیاری بہت اچھی جارہی ہے، سیریز کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز ملائیشیا میں ہو رہی ہے، تاہم امید ہے آگے سیریز پاکستان میں ہی ہوں گی، انگلینڈ کے خلاف کھیلنا ایک بڑا چیلنج ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انگلینڈ سے میچز آئی سی سی چمپئن شپ کا حصہ ہیں جن میں پوائنٹس کی بڑی اہمیت ہے۔

    بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف بھی سیریز کھیلنا چاہتے ہیں تاہم بھارت سیریز نہیں کھیل رہا جس سے کرکٹ کو نقصان ہو رہا ہے۔ سابق کپتان ویمن ٹیم ثناء میر سے متعلق بسمہ معروف نے کہا کہ سیریز سے دستبردار ہونا ثناء کا اپنا فیصلہ ہے، وہ ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں، سیریز میں ان کی کمی محسوس ہوگی۔

    انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ اسکواڈ کا اعلان

    کپتان پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے بتایا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ پی سی بی کا ہے۔

    خیال رہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے علیحدہ علیحدہ اسکواڈ ہے۔ سیریز 9تا 20 دسمبر تک ملائیشیا میں شیڈول ہے، پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم 30 نومبر کو ملائیشیا روانہ ہوگی۔

    واضح رہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر انٹرنیشنل کرکٹ سے بریک لینے کا اعلان کرچکی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میری نیک خواہشات پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں، آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز میں شرکت نہیں کروں گی۔

  • قومی ٹیم کی کپتان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

    قومی ٹیم کی کپتان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

    لاہور: قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق بسمہ معروف کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، آئی سی سی نے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان کو گلوبل ڈولپمنٹ اسکواڈ کا کپتان مقررکردیا.

    گلوبل اسکواڈ جلد آسٹریلیا کا دورہ کرے گا، بگ بیش لیگ کی ٹیموں سےمیچز کھیلے گا.

    اس سلسلے میں بسمہ کا کہنا ہے کہ گلوبل اسکواڈ کی کپتانی اعزاز کی بات ہے، اس تجربے سے میرے کھیل میں بھی بہتری آئےگی.

    خیال رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں‌ نے عالمی کرکٹ میں خود کو منوا لیا ہے. ٹیم کی باصلاحیت رکن ندا ڈار نے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ سے معاہدہ کرلیا۔

    نڈا ڈار بگ بیش لیگ کھیلنے والی پہلی پاکستانی ویمن کرکٹر ہوں گی۔

    وہ بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کریں گی، پاکستانی آل راؤنڈر لیگ کھیلنے کے لئے پانچ اکتوبر کو لاہور روانہ ہوں گی۔

  • آئی سی سی کی بسمہ معروف کو مبارک باد

    آئی سی سی کی بسمہ معروف کو مبارک باد

    کراچی: پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اُن کی سالگرہ پر مبارک باد دیتے ہوئے خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق 18 جولائی 1991 کو پیدا ہونے والی بسمہ معروف آج اپنی 28ویں سالگرہ منارہی ہیں، اُن کی دوستوں نے اہم دن کو یادگار بنانے کے لیے سرپرائز پارٹی بھی رکھی۔

    بسمہ معروف نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی دوستوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا آج کا دن اُن ہی کی وجہ سے یادگار بنا۔

    دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بسمہ کو سالگرہ پر مبارک باد کا پیغام دیتے ہوئے انہیں دنیائے کرکٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا اور کہا کہ اُن کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کو ایک سچا اور ایماندار پلیئر ملا۔

    آئی سی سی نے بتایا کہ بسمہ نے 2006 میں انٹرنیشنل کرکٹ کا ڈیبیو کیا اور انہوں نے اب تک 200 سے زائد کیپس اپنے نام کیں اس کے علاوہ 21 نصف سنچریاں بھی بنائیں جبکہ اُن کا سب سے زیادہ اسکور 99 رہا ۔

    علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان کو مبارک باد دیتے ہوئے اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بسمہ معروف کی دوستوں نے بھی انہیں مبارک باد دی۔

    بسمہ معروف کے کیریئر پر ایک نظر

    واضح رہے کہ 5 جون 2016 کو بسمہ معروف کو پاکستان ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقررکیا گیا تھا، بعد ازاں انہیں 30 ستمبر کو پی سی بی نے ایک بار پھر ٹیم کی قیادت انہیں سونپی، بسمہ معروف 100 ایک روزہ اور تقریبا اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ بسمہ معروف انجری کا شکار ہوگئیں تھیں جس کے بعد اُن کا کیریئر  خطرات سے دوچار ہوگیا تھا تاہم کامیاب آپریشن کے بعد انہوں نے جرات مندی کا مظاہرہ کیا اور سخت ٹریننگ کے بعد وہ ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئیں۔