Tag: بشریٰ بی بی

  • بشریٰ بی بی کا 24نومبر کے احتجاج سے متعلق ویڈیو پیغام جاری

    بشریٰ بی بی کا 24نومبر کے احتجاج سے متعلق ویڈیو پیغام جاری

    بشریٰ بی بی کا 24نومبر کے احتجاج سے متعلق ویڈیو پیغام جاری کردیا گیا، بشریٰ بی بی نے ویڈیو میں بانی پی ٹی آئی کا عوام کے نام پیغام پہنچایا۔

    تفصیلات کے مطابق بشریٰ بی بی نے عوام سے 24نومبر کے احتجاج میں شرکت کی اپیل کی، بشریٰ بی بی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پوری قوم کو 24نومبرکو نکلنے کی کال دی ہے، بانی پی ٹی آئی نے ہرطبقے کو احتجاج کا حصہ بننے کا پیغام دیا ہے۔

    بانی پی ٹی آئی نےکہا ہے وہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے وکلا، ججز کو احتجاج کا حصہ بننے کی دعوت دی ہے، کہا جارہا ہے کہ 24نومبر کی تاریخ تبدیل کردی جائے۔

    بشریٰ بی بی نے کہا کہ 24نومبر کی تاریخ کسی صورت تبدیل نہیں ہوگی، جب تک بانی خود تاریخ بدلنے کا اعلان نہیں کرتے تبدیل نہیں ہوگی، جب تک بانی خود عوام سےخطاب نہیں کرتے 24 تاریخ تبدیل نہیں ہوگی۔

    انھوں نے کہا کہ ہمارااحتجاج آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، ادارے اور پولیس اپنے بچوں پر ظلم کیوں کررہی ہے؟، کیا پاکستان صرف بانی پی ٹی آئی کا ہے؟ کیا قربانیاں بانی پی ٹی آئی نے دینی ہیں؟ کیا بانی کا دل نہیں کرتا کہ وہ آرام کریں؟ ان کوبہت چھوٹی جگہ پررکھا گیا ہے۔

    بانی پی ٹی آئی نے حکومت گرانے کا امریکا پر الزام عائد کیا تھا، بشریٰ بی بی نے کسی اور پرالزام لگادیا، بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں۔

    بشریٰ بی بی نے کہا کہ باجوہ کو کہا گیا یہ آپ کس شخص کو لے آئےہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں، کہا گیا ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہیے تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا اور بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کردیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ بانی ڈیڑھ سال سے انصاف اور قانون کی بالادستی کےلیے جیل میں ہیں، قانون کے مطابق کسی کو پُرامن احتجاج سے نہیں روکا جاسکتا۔

    بشریٰ بی بی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی باہر آکر کسی صورت بدلہ نہیں لیں گے، بانی پی ٹی آئی نے یہ واضح کردیا ہے بدلہ لینا اللہ کو بھی پسند نہیں ہے۔

  • ’بشریٰ بی بی اپنے بچوں کو بھی مرنے مارنے کے لیے لائیں‘

    ’بشریٰ بی بی اپنے بچوں کو بھی مرنے مارنے کے لیے لائیں‘

    لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بشریٰ بی بی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو بھی مرنے مارنے کے لیے لائیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور قاسم اور سلیمان کو اپنے ساتھ کھڑا کرکے جہاد کے نعرے لگائیں۔

    عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس اب دہشت گردی کے سوا کچھ نیا نہیں رہ گیا۔

    انہوں نے کہا کہ گنڈاپور آج بانی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کیے بغیر چلے گئے یوں لگ رہا ہے کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی صرف اسٹیبلشمینٹ سے مذاکرت چاہتے ہیں، ان کی جماعت کے لوگ ڈبل ایجنٹ بنے ہوئے ہیں، ہماری طرف سے مذاکرات کی آفر موجود ہے۔

    خواجہ آصف نے پی ٹی آئی قیادت کو پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ڈو اورڈائی‘‘ کا مسئلہ ہے تو اپنے بچے بھی لائیں۔

    وزیر دفاع نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں پی ٹی آئی دو مرتبہ وفاق پر حملہ آور ہوئی، علی امین گنڈاپور دونوں بار کارکنوں کو چھوڑ کر بھاگ گئے۔

    یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی کال دی گئی ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی نے اس حوالے سے مذاکرات کی اجازت بھی دے دی ہے۔

  • 24 نومبر کے احتجاج کیلئے نوجوانوں کو متحرک کیا جائے، بشریٰ بی بی

    24 نومبر کے احتجاج کیلئے نوجوانوں کو متحرک کیا جائے، بشریٰ بی بی

    پشاور: بشریٰ بی بی نے آئی ایس ایف اور یوتھ ونگ کے رہنماؤں سے کہا ہے کہ 24 نومبر کے احتجاج کیلئے نوجوانوں کو متحرک کیا جائے۔

    ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے تحریک انصاف کے آئندہ ہونے والے احتجاج سے قبل آئی ایس ایف اور یوتھ ونگ کے رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات میں مینا خان، شاہد خٹک اور سہیل آفریدی بھی موجود تھے۔

    بشریٰ بی بی نے اس ملاقات میں رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا، انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو نوجوانوں سے بہت توقعات ہیں۔

    ملاقاتوں کے حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی نے بعض پارٹی عہدیداروں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، بشریٰ بی بی نے باجوڑ کے رہنما گل ظفر سے بھی ملاقات کی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی طرف سے گل ظفر کی پارٹی کے لیے خدمات کو سراہا۔

  • خدشہ ہے 24 نومبر سے پہلے مجھے گرفتار کر لیا جائے گا، بشریٰ بی بی

    خدشہ ہے 24 نومبر سے پہلے مجھے گرفتار کر لیا جائے گا، بشریٰ بی بی

    پشاور:بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے 24 نومبر سے پہلے مجھے گرفتار کیا جائے گا، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے 24 نومبر کو پوری تیاری کے ساتھ نکلنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں پی ٹی آئی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں علی امین گنڈا پور، شیخ وقاص اکرم،عمرایوب سمیت دیگر نے شرکت کی، پنجاب سے قومی وصوبائی اسمبلی ارکان بھی شریک ہوئے۔

    اجلاس میں بشری ٰبی بی نے پردے میں رہ کر پہلی بار خطاب کیا تاہم خطاب کے وقت شرکا کو موبائل بند کرنے کی ہدایات کی گئیں۔

    بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے کہا کہ میراسیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچانے کے لیے آج آئی ہوں، بانی پی ٹی آئی کا سیاسی پیغام ورکرز تک پہنچانا مشکل ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کاپیغام ہے 24 نومبرکوپوری تیاری کے ساتھ نکلنا ہے تاہم خدشہ ہے 24 نومبر سے پہلے مجھے گرفتار کیا جائے گا۔

    عمران خان کی اہلیہ نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق بات چیت کی، اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی فائنل کال پرسخت احتجاج ریکارڈکرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

  • میں اب اس عدالت نہیں آؤں گی ، بشریٰ بی بی  روسٹرم  پر روپڑیں

    میں اب اس عدالت نہیں آؤں گی ، بشریٰ بی بی روسٹرم پر روپڑیں

    اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی دوران سماعت روسٹرم پر روپڑیں اورکہا میں اب اس عدالت نہیں آؤں گی، یہاں ناانصافیاں ہوتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی چھ اور اہلیہ کی ایک مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    دوران سماعت بشریٰ بی بی روسٹرم پر آئیں اور آبدیدہ ہوگئیں اور کہا نو ماہ سے ناانصافیاں دیکھ رہی ہوں، بانی پی ٹی آئی اور مجھے ناانصافی کی بنیاد پر سزا دی گئی، انصاف تو ہے ہی نہیں میں انصاف کیلئے نہیں آئی۔

    سابق خاتون اول کا کہنا تھا کہ میرا کمبل اور دیگرسامان گاڑی میں ہے، جب کہیں گے جیل جانے کو تیار ہوں، وکلا صرف وقت ضائع کرتے ہیں، جو شخص جیل میں بیٹھا ہے کیا وہ انسان نہیں، میں اب اس عدالت نہیں آؤں گی، یہاں ناانصافیاں ہوتی ہیں۔

    عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی چھ اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو اٹھارہ نومبر کو سنایا جائے گا۔

    عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواستوں پر دلائل طلب کرلیے اور کہا بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کی درخواستوں پرفیصلہ ایک ساتھ سنایا جائےگا۔

    عدالت نے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کی وڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی کو پیش نہ کیا تو جیل سپرنٹنڈنٹ کو اِدھر کھڑا ہونا پڑے گا۔

  • بشریٰ بی بی وزیراعلیٰ کے پروٹوکول میں واپس پشاور پہنچ گئیں

    بشریٰ بی بی وزیراعلیٰ کے پروٹوکول میں واپس پشاور پہنچ گئیں

    بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی وزیراعلیٰ کے پروٹوکول میں واپس پشاور پہنچ گئیں، وزیراعلیٰ ہاؤس کی انیکسی میں قیام کریں گی۔

    تفیصیلات کے مطابق بشریٰ بی بی جو شوہر کی ہدایت پر لاہور آئی تھیں انھیں کے پی حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ کے پروٹوکول میں لاہورسے پشاور پہنچایا گیا، ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی وزیراعلیٰ ہاؤس کی انیکسی میں کچھ دنوں کیلئے قیام کرینگی۔

    پارٹی ذرائع نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی 3 روز قبل بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر لاہور پہنچی تھیں۔

    اس سے قبل توشہ خانہ 2 ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کی ضمانت کے ہائیکورٹ فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کے ایک جج نے چیمبر میں ضمانت دی، ضمانت میں سپریم کورٹ کے طے کردہ اصولوں کو مد نظر نہیں رکھا گیا۔

    یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کی ضمانت منظور کی تھی، جس کے بعد انھیں رہا کیا گیا تھا، عمران خان کی اہلیہ مجموعی طور پر9 ماہ جیل رہیں، ان کو رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔

    سزا کا فیصلہ آنے کے بعد بشری بی بی نے خود جیل میں آکر گرفتاری دی تھی، بعد ازاں ان کو اڈیالہ جیل کے بجائے بنی گالہ منتقل کیا گیا تھا، کمشنر اسلام باد نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دیا تھا۔

  • بشریٰ بی بی کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں  چیلنج

    بشریٰ بی بی کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

    اسلام آباد : توشہ خانہ 2 ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ 2 ریفرنس میں ایف آئی اے نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔

    بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کی ضمانت کے ہائیکورٹ فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کے ایک جج نے چیمبر میں ضمانت دی، ضمانت میں سپریم کورٹ کے طے کردہ اصولوں کو مد نظر نہیں رکھا گیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ استغاثہ کا کیس یہ ہے کہ بشریٰ بی بی اپنے شوہر کے ساتھ ملوث ہیں، جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہ کروانے کے شواہد کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔

    درخواست میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ طے کر چکی خاتون کا بھی کا کرمنل ریکارڈ ہو ضمانت نہیں مل سکتی، 263 دن کسی کو جیل میں رہنے کی بنیاد پر ضمانت نہیں دی جاسکتی۔

    مزید پڑھیں : بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسلام آبادہائیکورٹ کا 23اکتوبرکافیصلہ کالعدم قراردےکربشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخ کی جائے۔

    یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کی ضمانت منظور کی تھی، جس کے بعد انھیں رہا کیا گیا تھا۔

    خیال رہے عمران خان کی اہلیہ مجموعی طور پر9 ماہ جیل رہیں، ان کو رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔

    سزا کا فیصلہ آنے کے بعد بشری بی بی نے خود جیل میں آکر گرفتاری دی تھی، بعد ازاں ان کو اڈیالہ جیل کے بجائے بنی گالہ منتقل کیا گیا تھا، کمشنر اسلام باد نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دیا تھا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی توشہ خانہ سزا معطل کردی تھی تاہم ان کو توشہ خانہ ٹو میں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔

  • بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی لاہورپہنچ گئیں

    بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی لاہورپہنچ گئیں

    بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی لاہورپہنچ گئیں، بشریٰ بی بی نےلاہور روانگی سے قبل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر بشریٰ بی بی زمان پارک پہنچیں، بشریٰ بی بی زمان پارک میں قیام کریں گی، بشریٰ بی بی اپنے دانتوں کا چیک اپ کرانے کیلئے لاہور آئی ہیں۔

    قریبی ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کو گزشتہ کئی سال سے مسوڑھے کا درد لاحق ہے، بشریٰ بی بی کو دوران قید عقل داڑھ میں تکلیف کی شکایت ہوئی تھی۔

    بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی اہلیہ و سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کو اسی ماہ کی 24 اکتوبر کو جیل سے رہائی ملی تھی اور وہ پشاور روانہ ہوگئی تھیں۔

    بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد بنی گالہ پہنچی تھیں اور ان کو لاہور کیلیے روانہ ہونا تھا، تاہم پلان میں تبدیلی کے بعد وہ لاہور کے بجائے پشاور چلی گئی تھیں۔

  • رہائی کے بعد بشریٰ بی بی کو بڑا ریلیف مل گیا

    رہائی کے بعد بشریٰ بی بی کو بڑا ریلیف مل گیا

    پشاور: پشاور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کوکسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاورہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ  بشریٰ بی بی کی مقدمات تفصیل کیلئے دائردرخواست پرسماعت ہوئی۔

    جسٹس شکیل احمد،جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ پر مشتمل بنچ نےسماعت کی، وکیل درخواست گزار نے کہا کہ چاروں صوبوں میں کیسز درج ہیں، جس پر جسٹس شکیل احمد نے استفسار کیا بشریٰ بی بی کےخلاف خیبر پختونخوا میں تو کوئی کیس نہیں ہوگا؟

    وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ جی یہاں پر کیس نہیں اس وجہ سے یہاں آئےہیں تو جسٹس اسداللہ نے ریمارکس دیئے یہاں کوئی کیس نہیں توکیا دوسرے صوبوں کیلئے او منی بس دے سکتے ہیں۔

    وکیل نے کہا دوسرے صوبوں میں مقدمات ہوں تو یہاں سے حفاظتی ضمانت لےسکتےہیں ، جس پر جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ کا کہنا تھا کہ دائرہ اختیار میں آئےتوالگ بات ہےاورلایاجائےتوالگ بات ہے، کے پی میں کیس نہیں ہے تو پنجاب، بلوچستان اور سندھ کیلئےحفاظتی ضمانت دے سکتے ہیں۔

    قاضی انور ایڈوکیٹ نے بتایا کہ ہائیکورٹ کی جانب سےپہلےبھی عدالتی ضمانتیں دی گئی ہیں تو جج کا کہنا تھا کہ یہ نہیں کہناچاہتےکہ حفاظتی ضمانت نہیں دے رہے صرف معاونت لینا چاہتے ہیں۔

    جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیے آرٹیکل 199 میں دائر اختیار کا لفظ استعمال ہوا ہے، قاضی صاحب سے ہم سیکھنا چاہتے ہیں اس لیےسوالات کرتےہیں۔

    عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو کسی بھی مقدمےمیں گرفتارنہ کرنےکاحکم دیتے ہوئے کہا کہ اٹارنی جنرل آفس مقدمات تفصیل سےمتعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرائے۔

    پشاور ہائیکورٹ کا اٹارنی جنرل آفس کو 14 دن میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

  • ‘بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کو پارٹی عہدہ دینا ہے یا نہیں؟ بانی فیصلہ کریں گے’

    ‘بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کو پارٹی عہدہ دینا ہے یا نہیں؟ بانی فیصلہ کریں گے’

    اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کو پارٹی عہدہ دینا ہے یا نہیں بانی فیصلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نالائقی، نظام کی ناکامی پر بحث ہونی چاہیے، دیگر مسائل پربات کرکےعوام کے مسائل سے توجہ ہٹا دی جاتی ہے، گیس کے زائد بل آ رہے ہیں، مہنگائی کی وجہ سے لوگ سبزیاں نہیں پکاسکتے۔

    27ویں ترمیم کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جس طرح 26ویں ترمیم منظورکرائی گئی ویسےہی 27ویں ترمیم منظور کرائی جائےگی، رات کی تاریکی میں آنےوالی ترامیم سےعوام کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایران پرحملہ ہوا اس پربحث کرنی چاہیے لیکن27ویں ترمیم پر بات کی جارہی ہے، 27ویں ترمیم کے علاوہ بھی دیگر مسائل ہیں جس پر بحث ہوسکتی ہے۔

    پی ٹی آئی میں اختلاقات کی تردید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اندرکوئی لڑائی نہیں ہے نہ اتحاد کمزور ہوا ہے، پی ٹی آئی کے رہنما مضبوطی کے ساتھ پارٹی کے ساتھ کھڑےہیں، کہا جاتا تھا ڈی چوک پر کوئی نہیں آسکتا لیکن وہاں ہزاروں کارکن جمع ہوئے، اس وقت پی ٹی آئی سےزیادہ متحد اور کوئی پارٹی نہیں ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے بتایا کہ میں نےکہا تھا بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےلیے دسمبر تک انتظار کریں، پی ٹی آئی نے ثابت کردیا ہےکہ ملک کی منظم ترین جماعت ہے۔

    پارٹی عہدوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کو پارٹی عہدہ دیناہےیانہیں بانی فیصلہ کریں گے، بانی پی ٹی آئی جس کو عہدہ دیں گے کارکنان اس کے ساتھ ہوں گے، بانی پی ٹی آئی جس کو بھی عہدہ دیں انہیں کارکردگی دکھانی پڑےگی۔