Tag: بشکک

  • بشکیک میں طلبا پر تشدد: کرغزستان میں پاکستانی سفیر کا اہم ویڈیو پیغام جاری

    بشکیک میں طلبا پر تشدد: کرغزستان میں پاکستانی سفیر کا اہم ویڈیو پیغام جاری

    بشکیک میں پاکستانی طالب علموں پر تشدد کے واقعات اور موجودہ صورتحال پر کرغزستان میں تعینات سفیر نے اہم ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔

    پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بشکیک میں انتہا پسندوں نے غیر ملکی ہوسٹلز پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم 14 پاکستانی طلبا زخمی ہوئے جبکہ ایک طالب علم شاہ زیب اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

    حسن علی ضیغم نے بتایا کہ کرغزستان سے متعلق سوشل میڈیا پر آنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، حملوں میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے پاکستانی طلبا کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کی ہے۔

    کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں آج پاکستانی طلبا کے ہاسٹلز پر حملے ہوئے۔ پاکستان طلبا نے بتایا تھا کہ پاکستانی ہاسٹلز پر حملے میں متعدد طلبا زخمی ہوئے، بلوائی بہت بڑی تعداد میں تھے جنہوں نے ہاسٹلز میں توڑ پھوڑ کی۔

    طلبا کا کہنا تھا کہ کل عرب ممالک کے طلبہ سے مقامی لوگوں کا جھگڑا ہوا تھا تاہم حملوں کے بعد کرغزستان کی فوج ہوسٹلز کے باہر پہنچنا شروع ہوگئی۔

    بعدازاں سفیر حسن علی ضیغم نے سوشل میڈیا پر پیغام میں ہدایت کی تھی کہ حالات معمول پر آنے تک بشکیک میں موجود پاکستانی طلبا گھروں کے اندر ہی رہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں اور طلبا کی حفاظت یقینی بنانے کیلیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    ادھر، وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی طلبا کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام تر ضروری مدد اور تعاون فراہمی کی ہدایت کی تھی۔

    شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بشکیک میں پاکستانی طلبا کی صورتحال پر گہری تشویش ہے، سفیر کو تمام ترضروری مدد اور تعاون فراہمی کی ہدایت کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم آفس پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

  • کرغرستان میں صورتحال انتہائی تشویشناک، پاکستانی طالبعلموں پر تشدد کیا جا رہا ہے، زلفی بخاری

    کرغرستان میں صورتحال انتہائی تشویشناک، پاکستانی طالبعلموں پر تشدد کیا جا رہا ہے، زلفی بخاری

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ بشکک میں میڈیکل کے پاکستانی طالب علموں پر تشدد کیا جارہاہے، صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرغرستان میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، 48 گھنٹے کیلئےسیاست ایک طرف رکھ کربچوں کامسئلہ حل کیاجائے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ بشکک میں میڈیکل کے پاکستانی طالبعلموں پرتشدد کیا جارہا ہے، پاکستانی طلبا مقامی انتہا پسند ہجوم کی طرف سے شدید تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ کرغرستان میں طلبا میں اس وقت خوف و ہراس پھیل چکا ہے، کرغزستان کے اعلیٰ حکام سے بھی درخواست کرتا ہوں وہ اس معاملے کو اٹھائیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی طلباکی حفاظت کرنا ان کا کام اورفرض ہے، ہمارادفتر خارجہ ایک بار پھر سو رہا ہے، پلیز اٹھو اور ہمارے بیٹوں اوربیٹیوں کی حفاظت کرو۔

  • وزیر اعظم عمران خان اور مودی کے درمیان مصافحہ، مختصر بات چیت، وزیر خارجہ کی تصدیق

    وزیر اعظم عمران خان اور مودی کے درمیان مصافحہ، مختصر بات چیت، وزیر خارجہ کی تصدیق

    بشکک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور نریندر مودی نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور دونوں وزرائے اعظم میں مختصر بات چیت بھی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کرغزستان کے دارالحکومت بشکک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک بھارت وزرائے اعظم نے ملاقات کی، مصافحہ کیا اور ہلکی پھلکی گپ شپ کی۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان اور نریندر مودی میں مصافحہ سربراہ اجلاس کے دوران ہوا، وزیر اعظم نے نریندر مودی کو انتخابات جیتنے پر مبارک باد دی۔

    انھوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ابھی بھی الیکشن موڈ سے باہر نہیں آئی ہے، بھارت سے مذاکرات ہوں گے تو باوقار طریقے سے ہوں گے، پاکستان امن پسند ملک ہے، بھارت بات چیت کے لیے تیار نہیں تو پاکستان انتظار کر سکتا ہے، پاکستان کو مذاکرات کے لیے کوئی جلدی نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی یوتھ کونسل کا مستقل رکن بنا دیاگیا

    شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دنیا میں مختلف تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں لیکن بد قسمتی سے غیر یقینی صورتِ حال میں اضافہ ہو رہا ہے، اس پسِ منظر میں شنگھائی تعاون تنظیم کا یہ فورم امن و استحکام کی بات کرتا ہے، فورم پر علاقائی روابط کے فروغ کی بات ہوتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کرغزستان میں 2600 پاکستانی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ایس سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر پاکستان نے 3 معاہدے بھی کیے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی بیلا روس کے صدر کے ساتھ ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر خوش گوار ماحول میں بات ہوئی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ صدر بیلا روس سے زرعی اور جدید مشینری سے متعلق تعاون پر گفتگو ہوئی۔

  • وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر سے غیررسمی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر سے غیررسمی ملاقات

    بشکک: وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر سے غیررسمی ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور کچھ دیر کے لیے بات چیت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر پیوٹن کے درمیان غیررسمی ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں میں ملاقات شنگھائی تنظیم اجلاس کے سائیڈ لائن پر ہوئی، دونوں رہنماؤں کی ون آن ون ملاقات کل ہوگی۔

    روسی خبررساں ادارے سے گفتگو

    اس سے قبل وزیراعظم نے روسی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کی افواج کے درمیان تعاون بڑھا ہے، روس کے ساتھ دفاعی تعاون مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ میں روس کا دورہ کرنا پسند کروں گا، زندگی میں ایک بار روس کا دورہ کیا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کا امکان ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دورہ چین میں صدر پیوٹن سے ملاقات ہوچکی ہے، روس کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات خوش آئند ہیں۔

    صحافی کے سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ روس سے اسلحے کی خریداری کا فی الحال ہمارا کوئی ارادہ نہیں ہے، اسلحے پر خرچ ہونے والی رقم انسانی ترقی کے لیے استعمال کریں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اب 60 کی دہائی جیسے حالات نہیں رہے، پاکستان، بھارت دونوں امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، اب سرد جنگ جیسی صورت حال کا سامنا نہیں ہے۔

    ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ فی الحال، منصوبے پر کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہورہی ہے، منصوبے پر پیش رفت نہ ہونے کی وجہ امریکا کی عائد کردہ پابندیاں ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ویزہ اصلاحات کا نظام بہتر بنادیا ہے، اب لوگ آسانی سے پاکستان آکر ایئرپورٹ پر ویزہ حاصل کرسکتے ہیں، 70 ممالک کو ایئرپورٹ پر ویزے کی سہولت دے رہے ہیں، ماضی میں کسی ملک کے ساتھ ایسا معاہدہ نہیں تھا۔

  • پاکستان کے جذبۂ خیر سگالی کے مظاہرے پر بھارت کی منافقت، دفتر خارجہ کا رد عمل

    پاکستان کے جذبۂ خیر سگالی کے مظاہرے پر بھارت کی منافقت، دفتر خارجہ کا رد عمل

    اسلام آباد: پاکستان کے جذبۂ خیر سگالی کے مظاہرے پر بھارت کی منافقت کی ایک بار پھر سامنے آ گئی ہے، جس پر دفتر خارجہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو فضائی حدود کے استعمال کی اجازت بھارت کی درخواست پر دی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کے طیارے کے لیے پاکستانی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کے اعلان پر ترجمان دفتر خارجہ کا ردِ عمل سامنے آ گیا ہے جس سے ایک بار پھر پڑوسی ملک کی منافقت طشت از بام ہو گئی ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ بھارت نے مودی کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت مانگی تھی۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے مطلوبہ مراحل کے بعد بھارت کو آج فضائی حدود کی اجازت دی گئی تھی۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اب یہ بھارت پر منحصر ہے کہ وہ جو بھی فضائی راستہ استعمال کرے، بشکک جانے کے لیے بھارتی وزیر خارجہ کو بھی فضائی حدود کی اجازت دی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کی ہٹ دھرمی، مودی کے طیارےکیلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں وزیر اعظم مودی کی شرکت کے لیے بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے ایوی ایشن ڈویژن کو 8 جون کو درخواست موصول ہوئی تھی جس پر آج پاکستان نے ایئر اسپیس کھولنے کا اعلان کر دیا تھا۔

    تاہم بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، پاکستان کی جانب سے مودی کے طیارے کے لیے فضائی حدود کی اجازت ملنے پر بھارت نے عمان ایران کے راستے جانے کا اعلان کر دیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان بھی دو روزہ سربراہ کانفرنس میں شریک ہوں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان اور مودی کی ملاقات  بشکک میں 13 ، 14 جون کو ہوگی، بھارتی میڈیا

    وزیراعظم عمران خان اور مودی کی ملاقات بشکک میں 13 ، 14 جون کو ہوگی، بھارتی میڈیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان اوربھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی ملاقات بشکک میں تیرہ اورچودہ جون کوہوگی، دونوں رہنماؤں کی ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے قبل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی ملاقات کرغستان کے دارالحکومت بشکک میں تیرہ اورچودہ جون کوہوگی۔

    ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کا عمل شروع کرنے پرتبادلہ خیال کیا جائے گا، دونوں رہنماؤں کی ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے قبل ہوگی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق عمران خان کے وزیراعظم بننے اور نریندرمودی کے بھارت کا دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد پہلی ملاقات ہوگی۔

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مودی کو  الیکشن میں کام یابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا تھا وہ نریندر مودی کے ساتھ خطے میں امن، ترقی اور خوش حالی کے لیے کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

    بعد ازاں عمران خان نے مودی کو کال کر کے دوبارہ بھاری اکثریت سے منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی مسئلہ کشمیر سمیت حل طلب مسائل پر مذاکرات کی دعوت بھی دی تھی۔

    مزید پڑھیں: عمران خان کا بھارتی وزیر اعظم مودی سے ٹیلی فون پر رابطہ، انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد

    نعیم الحق نے تصدیق کی تھی کہ عمران خان اور نریندر مودی کی 15 منٹ تک ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی،  وزیراعظم نے مودی کے سامنے مؤقف پیش کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن قائم کر کے ہی عوام کو خوشحالی دی جاسکتی ہے۔

    خیال رہے بھارت کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 345 نشستیں اپنے نام کی ، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری 30 مئی کو ہوگی۔

    نریندرمودی کی تقریب حلف برداری کے لیے مختلف ممالک کے سربراہان مملکت کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم تقریب حلف برداری میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کو مدعو نہیں کیا جائے گا۔

  • جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے خطے میں استحکام ضروری ہے: وزیر خارجہ کا ایس سی او اجلاس سے خطاب

    جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے خطے میں استحکام ضروری ہے: وزیر خارجہ کا ایس سی او اجلاس سے خطاب

    بشکک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدارامن کے لیے خطے میں استحکام ضروری ہے، دہشت گردی خطے کے ممالک کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود بشکک، کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ ایس سی او خطے کے ممالک کے درمیان رابطوں کا اہم ذریعہ ہے، پاکستان ایس سی او کے چارٹر پر عمل درآمد کے لیے پر عزم ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مشترکہ خوش حالی کے لیے پاکستان خطے کے ملکوں میں رابطوں کا فروغ چاہتا ہے، پاکستان ایس سی او ممالک کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف کام کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ چینی صدر کے ون روڈ ون بیلٹ منصوبے سے خطے کے ممالک ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا ہے، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، خطے کے امن کے لیے مستحکم افغانستان ضروری ہے۔

    انھوں نے خطاب میں کہا ترقی، ماحول اور اجتماعی سلامتی جیسے چیلنجز دنیا میں اہمیت پا رہے ہیں، مسائل کا حل اجتماعی کوششوں اور تعاون پر مبنی فکر میں مضمر ہے، ہماری پختہ سوچ ہے پاکستان کی منزل ایس سی او سے جڑی ہے، ہماری سوچ میں ایشیا میں مشترکہ خوش حالی کا تصور پنہاں ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی کی صورت میں درپیش ہے، پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا کام یابی سے مقابلہ کیا، پاکستان ایس سی او کے تحت تجربہ اور مہارت بانٹنے کو تیار ہے، دہشت گردی کی بنیادی وجوہ کا حل انتہائی نا گزیر تقاضا ہے، اگر ہم امن چاہتے ہیں تو پھر انصاف سے کام لینا ہوگا۔

    شاہ محمود نے کہا کہ جنوبی ایشیا مختلف قسم کے چیلنجز کی بنا پر باقی دنیا سے پیچھے ہے، ان چیلنجز میں معیار زندگی، غربت، ناخواندگی اور امراض شامل ہیں، ہم نے کرتارپور راہداری کے ذریعے شنگھائی اسپرٹ کا مظاہرہ کیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے ہم نے 7 نکاتی ایجنڈا دے دیا ہے، ایس سی او کو ادارہ جاتی فریم ورک اور دائرہ کار میں وسعت لانی چاہیے، ایس سی او کو ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے پر توجہ دینی ہوگی، پاکستان ایس سی او یوتھ کونسلز میں شمولیت کا بھی منتظر ہے۔

  • خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے: وزیر خارجہ

    خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بشکک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں چین اور روس کے وزرائے خارجہ سے باالخصوص ملنا چاہوں گا۔ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کرغزستان کے دارالحکومت بشکک روانہ ہوگئے۔ بشکک روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بشکک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہوگا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ 8 ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کروں گا، اس کے علاوہ 3 اہم دو طرفہ ملاقاتیں طے ہیں۔ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے، چین اور روس کے وزرائے خارجہ سے باالخصوص ملنا چاہوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ چاہوں گا کہ مستقل 5 ارکان سے مشاورت کروں، واپسی پر خصوصی اجلاس میں بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ جائزے کے بعد ایران کے وزیر خارجہ کو واضح نقطہ نظر دے سکیں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کریں گے، 2 روزہ اجلاس آج کرغزستان کے شہر بشکک میں شروع ہورہا ہے۔ وزیر خارجہ اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔

    اجلاس میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے بھی وزیر خارجہ کی ملاقات متوقع ہے۔ وزیر خارجہ اجلاس میں وفود کی سطح پر مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔