Tag: بصرہ

  • تعزیت کے لیے آنے والے 37 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے

    تعزیت کے لیے آنے والے 37 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے

    بغداد: عراق کے شہر بصرہ میں ایک انتقال پر آنے والے 37 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، تمام افراد کو ایک ہی شخص سے وائرس منتقل ہوا جو انتقال پر شریک ہوا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عراق کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے ملک کے بیشتر شہروں میں سخت احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی پابندی عائد ہے مگر اس کے باوجود بصرہ میں ایک شخص کے انتقال کے بعد تعزیت کے لیے متعدد افراد شریک ہوئے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اس موقع پر شریک افراد میں ایک شخص کرونا وائرس کا شکار تھا جس نے شرکا سے مصافحہ کیا اور بعض کو گلے بھی لگایا، اس ایک شخص کی وجہ سے مزید 37 شرکا کو وائرس منتقل ہوگیا۔

    ترجمان وزارت کا کہنا ہے کہ کرونا کے شکار تمام مریضوں کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ باقی تمام شرکا کا بھی کرونا ٹیسٹ لیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملک گیر آگاہی مہم کے باوجود بعض لوگ ہدایات پر عمل نہیں کرتے اور بڑی تعداد میں اکٹھے ہو رہے ہیں، اسی رویے کی وجہ سے کرونا کے انسداد کی تمام تر کوششیں بے سود ہو رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ عراق میں اب تک کرونا وائرس کے 1 ہزار 928 مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ 90 اموات ہوچکی ہیں۔

  • عراق: امریکی حکام نے بصرہ میں‌ موجود قونصل خانہ بند کردیا

    عراق: امریکی حکام نے بصرہ میں‌ موجود قونصل خانہ بند کردیا

    واشنگٹن : امریکی حکام نے بصرہ میں واقع امریکی قونصلیٹ کو یہ کہتے ہوئے عارضی طور بند کردیا ہے کہ ایران نواز مسلح گروہ کی جانب سے دھمکیاں موصول ہورہی تھی، جن کا جواب بعد میں ایران کو دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ اس وقت ہوا جب امریکا نے عراق کے شہر بصرہ میں واقع قونصل خانہ ایرانی حمایت یافتہ مسلح گروہوں کی دھمکیوں کے تناظر میں بند کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ایران کی دھمکیوں کا جواب بعد میں دیا جائے گا، تاہم امریکی وزیر نے قونصل خانہ بند کرنے کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

    مائیک پومپیو نے بصرہ میں امریکی قونصلیٹ کو موصول ہونے والی دھمکیوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عراق یا کسی دوسری جگہ امریکی شہری یا تنصیب کو نقصان پہنچا تو اس کا خمیازہ ایران کو بھگتنا پڑے گا پھر چاہے حملے میں ایران ملوث ہو ایرانی نواز مسلح گروہ ملوث ہوں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکیوں پر حملے کی صورت میں ایران کے خلاف موثر کارروائی کی جائے گی۔

    عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی حکام کی جانب سے ایران پر عائد کیے جانے والے الزامات کے حوالے کسی قسم کے ثبوت پیش نہیں کیے گئے ہیں۔

    مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ قونصل خانہ پر ایرانی حمایت یافتہ گروہوں کی جانب سے کسی قسم کا بھی راکٹ حملہ کیا جاسکتا ہے، اس لیے بصرہ میں موجود قونصل خانہ عارضی طور پر بند کردیا گیا۔

    خیال رہے کہ سال 2018 میں دارالحکومت بغداد کے ایسے علاقے میں راکٹ حملہ ہوا تھا جس میں امریکی سفارت خانہ، حکومت عمارتیں اور عراقی پارلیمنٹ موجود ہے لیکن اس راکٹ کا نشانہ امریکا یا اس کی تنصیب نہیں تھی۔

  • عراق میں امریکی تنصیبات پر حملہ ہوا تو ایران خمیازہ بھگتے گا، امریکا

    عراق میں امریکی تنصیبات پر حملہ ہوا تو ایران خمیازہ بھگتے گا، امریکا

    واشنگٹن : امریکی حکومت نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق میں امریکی تنصیبات کو نقصان پہنچا تو ایران امریکا کے فوری رد عمل کے لیے تیار رہے، امریکا عراق میں موجود امریکی شہریوں کا ہر ممکن دفاع کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے ایک مرتبہ پھر ایران کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عراق میں ایرانی فورسز نے امریکا کے خلاف کوئی بھی فوجی کارروائی کی تو تہران کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    وایٹ ہاوس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق میں موجود امریکی تنصیبات پر ایرانی حملے کی صورت میں شدید رد عمل دیا جائے گا۔

    امریکی حکومت کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایران نے بصرہ اور دارالحکومت بغداد میں اپنے حامیوں کو امریکی قونصل خانے حملہ کرنے نہیں روکا تھا۔

    امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ عراق میں امریکی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ایرانی تربیت یافتہ شدت پسندوں نے ایران کا فراہم کردہ اسلحہ استعمال کیا ہے۔

    واشنگٹن نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا عراق میں موجود اپنے شہریوں کے دفاع ہر صورت میں یقنی بنائے گا۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل عراقی شہری بصرہ میں واقع امریکی قونصل خانے پر تین راکٹ حملے کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا تھا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر  رد عمل دیتےہوئے کہا ہے کہ امریکا کا پاگل پن بہت بڑھ چکا ہے، ایران پر پابندی عائد کرنے کے بعد عالمی عدالت پر پابندی لگانے کی دھمکیاں دے رہا ہے عالمی برادری کو چاہیے کہ امریکا کو راہ راست پر لائے۔