اسپین (5 اگست 2025): اسپین میں سیر وتفریح کے بعد برطانوی لڑکے کو جانا تو تھا انگلینڈ لیکن جا پہنچا اٹلی وہ بھی بغیر ٹکٹ کے۔
برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق اسپین کے ایئرپورٹ پر 15 سالہ لڑکا اپنے والدین سے بچھڑ گیا اور غلطی سے دوسرے جہاز میں بیٹھ کر اٹلی جا پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی جوڑا اپنے 15 سالہ بیٹے کے ساتھ اسپین میں چھٹیاں منانے کے بعد لندن واپس جانے کے لیے ایک مصروف ہسپانوی ایئرپورٹ پہنچے تھے۔ تاہم جہاز میں سوار ہونے سے قبل ہی ان کا بیٹا والدین سے بچھڑ گیا۔
مذکورہ لڑکا لندن جانے والی پرواز کے بجائے غلطی سے اٹلی جانے والی پرواز میں جا بیٹھا۔ والدین کو جیسے ہی پتہ چلا، انہوں نے ایئرپورٹ پر لگا خطرے کا الارم بجا دیا، تاہم تب تک جہاز میلان (اٹلی) کے لیے اڑان بھر چکا تھا۔
پولیس نے ایئرپورٹ سے بین الاقوامی روانگی والے علاقے سے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا تو انہیں معلوم ہوا کہ برطانوی جوڑے کا بیٹا بغیر ٹکٹ میلان مالپینسا جانے والی پرواز میں سوار ہو گیا ہے۔
دوسری جانب اٹلی جانے والی پرواز کے دوران ایئرلائن کے عملے نے ایک مسافر کو بغیر ٹکٹ سفر کرتے دیکھ کر جب اس سے تفصیلات لیں اور اصل صورتحال کا علم ہوا تو اس لڑکے کی میلان میں عملے اور مقامی حکام سے ملاقات کرائی اور اس نے خاندان کے ایک فرد سے ملاقات کا انتظام کیا۔
حکام کی جانب سے خاندان کے فرد کی شناخت تو نہیں بتائی گئی تاہم وہ ممکنہ طور پر لڑکے کی والدہ تھیں، جو رپورٹ کے مطابق اسی روز اٹلی جانے والی ایک اور پرواز کے ذریعہ میلان پہنچ گئی تھیں۔
فضائی کمپنی ایزی جیٹ کے ترجمان نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم ہوائی اڈے اور ماہون میں اپنے گراؤنڈ ہینڈلنگ فراہم کرنے والوں سے تحقیقات کر رہے ہیں کہ کس طرح ایک نوعمر لڑکا میلان جانے والی غلط پرواز میں بغیر ٹکٹ سوار ہوا اور سفر کر کے اٹلی بھی پہنچ گیا۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ مذکورہ لڑکے سے میلان میں ہماری ٹیم اور مقامی حکام نے ملاقات کی تھی اور ہم نے اس دن خاندان کے ایک فرد سے ملاقات کے لیے سفری انتظامات کیے ہیں۔ ہم اپنا تعاون پیش کرنے کے لیے خاندان کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔