Tag: بقر عید

  • میئر کراچی نے شہریوں سے آلائشیں جگہ جگہ نہ پھینکنے کی درخواست کر دی

    میئر کراچی نے شہریوں سے آلائشیں جگہ جگہ نہ پھینکنے کی درخواست کر دی

    کراچی: میئر کراچی نے شہریوں سے آلائشیں جگہ جگہ نہ پھینکنے کی درخواست کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انھوں نے شہریوں سے آلائشوں کو جگہ جگہ نہ پھینکنے کی درخواست کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ جامع حکمت عملی بنائی گئی ہے۔

    میئر کراچی نے کہا آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے شہری انتظامیہ کی مدد کریں، ہم نے شہر کے مختلف مقامات پر کلیکشن پوائنٹس بنائے ہیں، چھوٹی گاڑیاں گھروں سے آلائشیں اٹھا کر جی ٹی ایس پھر لینڈ فل سائٹس منتقل کریں گی۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا شہری آلائشوں کو اٹھانے کے لیے ہیلپ لائن 1128 پر شکایات درج کرا سکتے ہیں، سالڈ ویسٹ کا عملہ چند ہی گھنٹے میں آ کر آلائش اٹھا کر لے جائے گا، یہ سارا کام کسی بھی قسم کے چارجز لیے بغیر کیا جا رہا ہے۔


    صدر زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی جانب سے قوم کو عید کی مبارک باد


    میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے درخواست کی ہے کہ کراچی کو صاف رکھنے میں شہری انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں آج ہفتے کو عید الاضحیٰ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے، شہری ملک بھر میں نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانور قربان کر رہے ہیں۔

  • ملک بھر میں عید الاضحیٰ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے

    ملک بھر میں عید الاضحیٰ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے

    اسلام آباد: ملک بھر میں آج ہفتے کو عید الاضحیٰ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

    اے آر وائی نیٹ ورک کی جانب سے تمام اہل وطن کو دلی عید مبارک ہو، چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانور قربان کیے جانے کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔

    قربانی کا گوشت رشتے داروں، دوست احباب اور غربا میں تقسیم ہوگا، مزے مزے کے پکوان بھی تیار ہوں گے۔

    صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے قوم کو عید کی مبارک باد دی گئی، پیغام میں صدر زرداری نے کہا عید قربان کا دن ہمیں اللہ کی رضا کے لیے قربانی کی ترغیب دیتا ہے، عید پر معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کا سہارا بننے کی ضرورت ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا عید اپنے نفس، خواہشات اور مفادات کو اعلیٰ مقصد کے لیے قربان کرنے کا درس ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول اور ایئر چیف کی جانب سے بھی قوم کو مبارک باد دی گئی، اور کہا گیا کہ مسلح افواج پائیدار امن، خوش حالی اور قومی ہم آہنگی کے لیے دعاگو ہیں، اور پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    قبل ازیں، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عمرہ ادا کیا، ان کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا، دونوں رہنماؤں نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور آپریشن بنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اللہ کا شکر ادا کیا۔

    معاشی میدان اور عوامی فلاحی اقدامات میں کامیابیوں پر بھی اللہ کا شکر ادا کیا گیا، امت مسلمہ اور خاص طور پر مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے لیے دعائیں کی گئیں۔

  • بقر عید پر فلموں کی ریلیز، فلم سنسر بورڈ کے چیئرمین کا اہم اعلان

    بقر عید پر فلموں کی ریلیز، فلم سنسر بورڈ کے چیئرمین کا اہم اعلان

    کراچی: سندھ بورڈ آف فلم سنسر (ایس بی ایف سی) کے چیئرمین خالد بن شاہین نے اعلان کیا ہے کہ بقر عید سے قبل اپنی فلمیں سنسر کے جائزے کے لیے بورڈ کے پاس جمع کرائیں۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ میں چند ہی دن رہ گئے ہیں، ایسے میں سندھ کے فلم سنسر بورڈ کے چیئرمین نے فلم سازوں اور پروڈیوسرز سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ریلیز کی تاریخوں، بالخصوص عید کی ریلیز سے قبل اپنی فلمیں سنسر کے جائزے کے لیے جمع کرائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ تاخیر اور پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ فلم ساز وقت پر فلمیں سنسر کروا لیں، کیوں کہ عید جیسے تہواروں پر ریلیز کے آخری لمحوں میں فلمیں جمع کرائے جانے کے رجحان کی وجہ سے بورڈ کے اراکین کو وقت کی کمی کے باعث دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    خالد بن شاہین نے کہا کہ چیلنجوں کے باوجود سنسر ٹیم سنیما ٹریڈ اور فلم انڈسٹری کو بہتر سروسز کی فراہمی کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے، اور سنسرنگ کے عمل میں فلم سازوں کو در پیش رکاوٹیں دور کرنے اور ایک خوشگوار تجربے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔


    ہارر فلم ’بلیک فون 2‘ کا آفیشل ٹریلر ریلیز، فلم کب ریلیز ہوگی؟


    چیئرمین ایس بی ایف سی نے عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی تمام فلموں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا، انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فلمیں شائقین کو محظوظ کریں گی اور لوگوں کے لیے خوشی کا باعث بنیں گی۔

  • ایران، بھارت اور بنگلا دیش، برطانیہ، کینیڈا، اور امریکا میں بھی آج عیدالاضحیٰ، خصوصی پیغامات

    ایران، بھارت اور بنگلا دیش، برطانیہ، کینیڈا، اور امریکا میں بھی آج عیدالاضحیٰ، خصوصی پیغامات

    ایران، بھارت اور بنگلا دیش، برطانیہ، کینیڈا، اور امریکا میں بھی آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت ایران، بھارت، بنگلا دیش، برطانیہ، کینیڈا اور امریکا میں آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے، نئی دہلی سمیت دیگر شہروں میں عید کے اجتماعات ہوئے، جب کہ مشرق وسطیٰ سمیت دیگر ممالک میں عید کا دوسرا روز ہے۔

    بھارت کے مختلف شہروں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے، نماز کے بعد سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے، ایران کے دارالحکومت تہران اور بنگلا دیش میں بھی عید کے اجتماعات ہوئے۔

    عالمی رہنماؤں نے عیدالاضحیٰ پر مبارک باد کے پیغامات جاری کیے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، امریکی صدر بائیڈن، کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد دی، واضح رہے کہ برطانیہ، کینیڈا اور امریکا میں بھی مسلم کمیونٹی آج عید منا رہی ہے جب کہ کئی علاقوں میں گزشتہ روز بھی عید منائی گئی۔

    آج ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

    گزشتہ روز متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، ترکی، انڈونیشیا اور دیگر ممالک میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے، ابوظبی میں عید پر شان دار آتش بازی سے آسمان جگمگا اٹھا۔

  • بقر عید: معدے و ڈائریا کے 10 ہزار مریض اسپتال پہنچ گئے

    بقر عید: معدے و ڈائریا کے 10 ہزار مریض اسپتال پہنچ گئے

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں مختلف اسپتالوں پر عید پر قربانی کا گوشت کھانے کے بعد پیٹ کے امراض میں مبتلا مریضوں کا رش لگ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں عید الاضحیٰ پر معدے و ڈائریا کے 10 ہزار مریض اسپتال پہنچ گئے، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ پر معدے کی بیماریوں کی بڑی وجہ قربانی کے گوشت کو جلدی پکانا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق متاثرہ مریض آنتوں میں انفیکشن، ڈائریا، معدے کی جلن، السر اور فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو کر اسپتال پہنچے ہیں۔

    میؤ اسپتال میں 1600 مریض، جناح اسپتال میں 1500 مریض، جنرل اسپتال میں 1450، جب کہ سروسز اسپتال میں 1300 مریض رپورٹ ہوئے۔

    اسی طرح گنگا رام میں 1248 مریض، شاہدرہ میں 838 مریض، میاں میر اسپتال میں 700 مریض، نوازشریف یکی گیٹ میں 700 مریض، اور کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں 646 مریض رپورٹ ہوئے۔

  • بقر عید پر پی آئی اے کا دل چسپ انداز

    بقر عید پر پی آئی اے کا دل چسپ انداز

    کراچی: قومی ایئر لائن نے بقر عید پر دل چسپ انداز اختیار کر لیا، مسافروں کے لیے خصوصی انتظامات کر لیے، مسافروں کو عید کی مناسبت سے کھانے کھلائے جا رہے ہیں۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے عید الاضحیٰ پر دوران پرواز، ڈومیسٹک فلائٹس میں مسافروں کے لیے عید کیک، بریانی اور شیر خرما کا اہتمام کیا گیا ہے۔

    پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق جہاز پر موجود مسافر چاہے گھروں کو جا رہے ہوں یا گھر سے نکلے ہوں، جہاز پر ان کو اپنائیت دینا پی آئی اے کی روایات رہی ہیں۔

    پی آئی اے کے ترجمان نے اس سلسلے میں بنائی گئی تصاویر بھی جاری کیں، ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے عید الاضحیٰ کی خوشیاں بانٹنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے۔

    پی آئی اے کا چینی شہر چینگڈو کیلئے پروازوں کا آغاز

  • عید الاضحیٰ، سندھ حکومت نے بڑی پابندی عائد کر دی

    عید الاضحیٰ، سندھ حکومت نے بڑی پابندی عائد کر دی

    کراچی: عید الاضحیٰ پر سندھ حکومت نے گھروں کے باہر قربانی کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے گھروں کے باہر قربانی کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے، محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس میں اضافے کے باعث شہری رہائشی علاقوں میں قربانی کی اجازت نہیں ہے، جانوروں کی قربانی کے لیے کھلے میدان کا انتخاب کیا جائے، اور جانوروں کی قربانی کرتے ہوئے مجمع اکھٹا نہ ہو۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پولیس کو کارروائی کی ہدایت کر دی ہے، محکمے نے کہا ہے کہ نماز عید کے اجتماعات بھی کھلی جگہ میں منعقد کیے جائیں گے، اور ایک ہی مقام پر نماز عید کے ایک سے زائد اجتماعات الگ اوقات میں کیے جائیں۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق نماز عید کے لیے آنے والوں کو تھرمل اسکینر سےگزارا جائے، نماز کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے، اور عید کے اجتماعات میں بیمار افراد، بچوں اور بزرگ شہریوں شرکت نہ کرنے دی جائے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ عید کی نماز پڑھنے والے افراد فیس ماسک کا استعمال لازمی کریں، اور شہری نماز عید کے بعد ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے بھی گریز کریں۔

  • عید کے دن بجلی کا تار گرنے سے 2 نوجوان جاں بحق

    عید کے دن بجلی کا تار گرنے سے 2 نوجوان جاں بحق

    سکھیکی: پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں 2 موٹر سائیکل سوار نوجوان گزشتہ روز بجلی کا تار گرنے سے جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع حافظ آباد کے شہر پنڈی بھٹیاں میں نواحی گاؤں جندراکہ میں عید کی خوشیاں غم میں تبدیل ہو گئیں، موٹر سائیکل سوار بدقسمت نوجوانوں پر بجلی کا تار ٹوٹ کر گر گیا۔

    واقعے میں موٹر سائیکل سوار دو نوجوان جاں بحق ہو گئے جب کہ تیسرا زخمی ہو گیا ہے، بتایا جا رہا ہے کہ بجلی کا تار بوسیدہ ہو چکا تھا، جس کی زد میں آ کر نواحی گاؤں جندراکہ کا رہائشی وقاص موقع ہی پر جاں بحق ہوا جب کہ علی کی حالت تشویش ناک تھی تاہم وہ بھی جاں بر نہ ہو سکا، تیسرے زخمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

    سرگودھا لاہور روڈ پر نوجوان کی لاش رکھ کر ورثا نے احتجاج کیا

    رپورٹس کے مطابق جاں بحق نوجوان آپس میں کزن ہیں، عید کے دن تفریح کے لیے نکلے تھے اور ہوٹل پر کھانا کھانے آئے تھے، اسی دوران اوپر سے گزرنے والی 11kv کی تار ٹوٹ کر گر گئی اور کرنٹ لگنے سے وقاص اور علی جاں بحق ہو گئے۔

    جاں بحق ہونے والوں کے ورثا نے گیپکو کے خلاف احتجاج کیا اور لاشیں لاہور سرگودھا روڈ پر رکھ کر روڈ بلاک کر دیا، اور ٹائر جلائے۔

  • آوارہ کتوں نے قربانی کے بکرے پر حملہ کر دیا، بکرا شدید زخمی (ویڈیو)

    آوارہ کتوں نے قربانی کے بکرے پر حملہ کر دیا، بکرا شدید زخمی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کے ایک علاقے میں آوارہ کتوں نے قربانی کے بکرے پر حملہ کر دیا، جس سے بکرا شدید زخمی ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد ایف بھی ایریا میں آوارہ کتوں نے قربانی کے جانوروں کو کاٹنا شروع کر دیا ہے، گزشتہ روز 4 آوارہ کتوں نے گھر کے باہر بندھے بکرے کو کاٹ کر شدید زخمی کیا۔

    واقعے کی سی سی ٹی فوٹیج اے آر وائی نیوز پر بھی چلائی گئی، بکرا ایک بیل کے ساتھ بندھا ہوا تھا کہ رات کے وقت اچانک چار کتوں نے اس پر حملہ کر دیا، بکرے نے کچھ دیر تک کتوں کے آگے مزاحمت کی، اس دوران بیل بھی خود کو بچاتا رہا، تاہم کچھ دیر بعد آوارہ کتے بکرے کو کاٹنے میں کامیاب ہو گئے۔

    کتوں کے کاٹنے سے بکری کی گردن اور پچھلی ٹانگیں شدید زخمی ہو گئی تھیں، جس کے باعث مالک نے بکرے کو ذبح کر دیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بکرا کچھ دیر تک آوارہ کتوں کا مقابلہ کرتا رہا لیکن پھر چار کتوں کے آگے بے بس ہو گیا، سندھ کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی آوارہ کتوں کا مسئلہ کچھ عرصے سے سنگین صورت اختیار کر چکا ہے، آئے دن لوگ کتوں کے کاٹے کا شکار ہو رہے ہیں۔

    تاہم قربانی کے جانور پہلی بار آوارہ کتوں کے اس طرح نشانہ بنے ہیں، جس نے قربانی کرنے والوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

  • عید اسپیشل ٹرینیں چلانے، معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ

    عید اسپیشل ٹرینیں چلانے، معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ

    لاہور: وزارت ریلوے نے بقر عید پر اسپیشل ٹرینیں چلانے اور معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عید پر خصوصی ٹرینوں کے ساتھ ساتھ معمول کی ٹرینوں میں اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر کیا گیا۔

    ریلوے ترجمان نے بتایا ہے کہ 7، 8، 9، اور 10 اگست کو ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگائی جائیں گی۔

    ترجمان کے مطابق چاروں دن 5 شیڈول ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ ہوا ہے، ان اضافی کوچز کی بکنگ فوری طور پر کھول دی گئی ہے۔

    شیڈول کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین 10 اگست کو کراچی سے راولپنڈی براستہ لاہور روانہ ہوگی، دوسری عید اسپیشل ٹرین 10 اگست کو کوئٹہ سے راولپنڈی براستہ لاہور روانہ ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی حکومت کا عید الاضحیٰ پر چار چھٹیاں دینے کا اعلان، نوٹی فکیشن جاری

    ریلوے ترجمان کا کہنا تھا کہ عید اسپیشل ٹرینوں کی بکنگ 24 گھنٹے پہلے کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے عید الاضحیٰ پر ملک بھر میں سرکاری تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق چھٹیاں 12 سے 15 اگست تک ہوں گی۔

    واضح رہے کہ آئے دن ٹرینوں کی تاخیر کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے، آج بھی لاہور سے مختلف شہروں کے لیے روانہ ہونے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار رہیں، ان ریل گاڑیوں میں کراچی ایکسپریس، جناح ایکسپریس، اکبر ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور پاکستان ایکسپریس شامل تھیں۔

    شیخ رشید نے ٹرینوں کی تاخیر کے حوالے سے کہا کہ ایک ماہ کی مہلت دے دیں، بارشوں کی وجہ سے سگنل سسٹم متاثر ہوتا ہے، ہماری 136 میں سے 6 ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں لیکن وہ بھی ایک ماہ میں ٹھیک ہو جائیں گی۔