Tag: بلا

  • بابر اعظم نے اپنا بَلّا تبدیل کر لیا!

    بابر اعظم نے اپنا بَلّا تبدیل کر لیا!

    پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے اپنا بیٹ تبدیل کر لیا ہے اور وہ آج کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں نئے بلے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

    حالیہ کرکٹ کے کامیاب ترین بلے بازوں میں شمار کیے جانے والے اسٹار پاکستانی بیٹر بابر اعظم نے سال کی تبدیلی کے ساتھ ہی اپنا بیٹ بھی تبدیل کر لیا ہے اور وہ نئے سال کے پہلے ٹیسٹ میچ میں نئے بلے کے ساتھ جنوبی افریقہ کیخلاف کیپ ٹاؤن کے میدان میں اتریں گے۔

    بابر اعظم جو پہلے مشہور اسپورٹس برینڈ گرے نکولز کے بیٹ کو استعمال کرتے تھے۔ آج سے وہ پاکستانی برینڈ سی اے اسپورٹس کا بیٹ استعمال کریں گے۔

     

    اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر گرے نکولز نے اپنی پوسٹ میں اسٹار قومی بیٹر کے اپنی برینڈ چھوڑنے کی تصدیق کی ہے جب کہ اسی حوالے سے سی اے اسپورٹس نے بھی انسٹا گرام پر ایک پوسٹ کی ہے جس میں بابر اعظم کو خوش آمدید کہا گیا ہے۔

     

    سی اے سپورٹس نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’کنگ بابر اعظم کو سی اے فیملی میں خوش آمدید، ہمیں ان کے خود سے جڑنے پر فخر ہے۔‘

    بتاتے چلیں کہ گرے نکلوز مشہور برطانوی کمپنی گریز انٹرنیشنل کا برینڈ ہے جو  1855 سے کرکٹ کا سامان تیار کر رہا ہے۔

    دوسری جانب سی اے سپورٹس کا تعلق پاکستانی شہر سیالکوٹ سے ہے اور بابر اعظم سے قبل جاوید میانداد، شعیب ملک، سعید انور اور انضمام الحق جیسے بڑے پاکستانی کرکٹرز اسی کمپنی کے بیٹ استعمال کر چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ بابر اعظم طویل عرصے سے خراب فارم سے گزر رہے ہیں اور ان کا بلا رنز نہیں اگل رہا۔ گزشتہ سنچورین ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں انہوں نے نصف سنچری بنائی تھی جو ان کی دو سال بعد پہلی نصف سنچری تھی۔

  • پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے لیے بلے کا نشان بحال کر دیا

    پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے لیے بلے کا نشان بحال کر دیا

    پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو بلے کے نشان پر الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان کے کیس میں پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کر لی، اور اس کے لیے بلے کا نشان بحال کر دیا۔

    عدالتی فیصلے کے بعد اب پی ٹی آئی کو انتخابی نشان ’’بلے‘‘ پر الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے، پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو یہ حکم بھی دے دیا ہے کہ پی ٹی آئی کے لیے انتخابات کا سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرے۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 22 دسمبر کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دیے تھے۔ پشاور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جب کہ محفوظ شدہ فیصلہ جسٹس اعجاز انور نے سنایا، جس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا 22 دسمبر کا آرڈر غیر آئینی ہے۔

    عدالت نے کہا الیکشن کمیشن کے 22 دسمبر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کا پارٹی سرٹیفکیٹ الیکشن ایکٹ 2017 کے شق 209 کے تحت ویب سائٹ پر شائع کرے، اور آرٹیکل 215 کے تحت الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کو انتخابی نشان ’’بلا‘الاٹ کرے۔ عدالت نے کہا کہ تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

    بیرسٹر سینیٹر علی ظفر نے عدالتی فیصلے پر کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے غیر قانونی آرڈر کے ذریعے بلے کا نشان چھینا تھا، پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے آرڈر کو کالعدم قرار دے دیا ہے، انھوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا تھا کہ 20 دنوں میں انٹرا پارٹی الیکشن کرائے جائیں، جب پی ٹی آئی نے الیکشن کرایا تو کہا گیا کہ اس الیکشن کے لیے جس کمشنر کی تعیناتی کی گئی تھی وہ درست نہیں تھی جس پر انٹرا پارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ اور آئین کے تحت الیکشن کمیشن کو اختیار نہیں ہے کہ پارٹی الیکشن کالعدم قرار دے، پشاور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے پوری بحث سنی، اللہ کاشکر ہےآج انصاف اور قانون کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا، عدالت میں ہمارا پارٹی الیکشن مانا گیا اور بلے کا نشان بحال ہو گیا۔ اگر 15 منٹ میں انتخابی نشان ویب سائٹ پر نہ ڈالا گیا تو توہین عدالت ہوگی۔

  • ننھی سی مچھلی ’بلا‘ بن گئی، ساتھی مچھلیوں کو ہڑپ کر گئی

    ننھی سی مچھلی ’بلا‘ بن گئی، ساتھی مچھلیوں کو ہڑپ کر گئی

    امریکا کی رہائشی خاتون اس وقت خوفزدہ ہوگئیں جب ان کی پالتو مچھلی غیر معمولی طور پر بڑی ہو کر اپنی ساتھی مچھلیوں کو ہی ہڑپ کر گئی۔

    امریکی شہر شکاگو کی رہائشی الیگزینڈریا ملر نے سنہ 2018 میں یہ گولڈ فش ایک میلے کے دوران ایک کھیل میں جیتی تھی، اس وقت یہ صرف 2 انچ کی تھی اور پلاسٹک کی تھیلی میں تھی۔

    لیکن ملر کا کہنا ہے کہ اب یہ 2 انچ کی مچھلی بڑی ہو کر گوشت کھانے والی بلا میں بدل چکی ہے اور اس کی جسامت 12 انچ ہوچکی ہے۔

    ملر کے مطابق گولڈ فش عام طور پر چھوٹی جسامت کی ہوتی ہے، علاوہ ازیں اپنے ماحول کے حساب سے بھی ان کی جسامت کم یا زیادہ ہوجاتی ہے، تاہم ان کی پالتو مچھلی غیر معمولی انداز میں بڑھ رہی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ مچھلی ٹینک میں موجود دیگر مچھلیوں کو بھی کھا گئی جس کے بعد مجبوراً انہیں اس مچھلی کو علیحدہ رکھنا پڑا۔

    ملر کا کہنا ہے کہ وہ اس مچھلی کو رکھنے کے لیے اب تک 2 ٹینک بدل چکی ہیں، ہر دفعہ مچھلی اپنے ٹینک سے بڑی ہوجاتی ہے اور ٹینک اس کے لیے ناکافی اور چھوٹا پڑنے لگتا ہے جس کے بعد انہیں نیا ٹینک خریدنا پڑتا ہے۔

    ملر اب تک ٹینک خریدنے کے لیے کافی رقم خرچ کرچکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مچھلی کی دہشت کے باوجود انہیں اس سے لگاؤ ہے اور اسے کسی دریا میں چھوڑنے کا فیصلہ ان کے لیے مشکل ہوگا۔