Tag: بلاول بھٹو

  • این اے 249: ن لیگ نے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگ لی

    این اے 249: ن لیگ نے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگ لی

    کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن نے کراچی کے انتخابی حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگ لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔

    ملاقات میں بلاول بھٹو اور شاہد خاقان میں این اے 249 ضمنی انتخاب پر بات چیت ہوئی، شاہد خاقان نے ن لیگی امیدوار کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت مانگ لی۔

    بلاول بھٹو نے ن لیگی رہنما کو جواب دیا کہ پارٹی سے مشاورت کے بعد آگاہ کروں گا، اس ملاقات میں شیری رحمان، نوید قمر اور مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔

    این اے 249: پاک فوج سے مدد طلب

    واضح رہے کہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں مقامی سطح پر سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 55 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، جن کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے اور 25 مارچ تک اس کی جانچ پڑتال جاری رہے گی، ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل جمع کرانے کی آخری تاریخ 29 مارچ ہے، جب کہ اپیلٹ ٹریبونل میں اپیل کے فیصلوں کی آخری تاریخ 5 اپریل مقرر کی گئی ہے۔

    کاغذات نامزدگی 7 اپریل تک واپس لیے جا سکتے ہیں، امیدواروں کو انتخابی نشان 8 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے، جب کہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 29 اپریل کو ہوگی۔

  • بلاول بھٹو صاحب، نیوٹرل کا مزہ آیا؟ ن لیگی رہنما کا طنز اور بلاول کا چُبھتا جواب

    بلاول بھٹو صاحب، نیوٹرل کا مزہ آیا؟ ن لیگی رہنما کا طنز اور بلاول کا چُبھتا جواب

    لاہور: سینیٹ چیئرمین کے لیے انتخاب ہارنے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے ایک ٹویٹ میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین کو طنز کا نشانہ بنا دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایوان بالا میں آج سینیٹ چیئرمین کے لیے یوسف رضا گیلانی اور صادق سنجرانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، تاہم ووٹنگ کے بعد جیسے ہی نتیجہ سامنے آیا، طلال چوہدری کا حیرت انگیز ٹویٹ بھی چند لمحوں میں سامنے آیا۔

    طلال چوہدری نے اپنے طنزیہ ٹویٹ میں لکھا ’بلاول بھٹو صاحب! ’نیوٹرل‘ کا مزہ آیا۔‘

    اس ٹویٹ کے بعد یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا یوسف رضا گیلانی کی شکست نے پی ڈی ایم رہنماؤں کے اتحاد کی شکستگی کو آشکار کیا ہے۔

    بیٹے کی چال باپ کے خلاف پڑ گئی

    دوسری طرف پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری پر جوابی وار کیا، انھوں نے کہا سینیٹ الیکشن کوئی تنظیم سازی نہیں تھی، ہم جمہوری جدوجہد لڑ رہے ہیں، نیوٹرل کی کامیابی صرف پی پی کی نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں فیصل آباد میں طلال چوہدری کو ایم این اے عائشہ رجب بلوچ کے بھائیوں نے ہراسگی کے الزام میں رات ڈھائی بجے تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس انھوں نے کہا تھا کہ خواتین نے مجھے خود تنظیم سازی کے لیے فون کر کے بلایا تھا۔

    بلاول نے کہا میں طلال کی طرح پہلی بار الیکشن نہیں لڑ رہا، غیر جانب داری کے حصول کے لیے قربانیاں دینی پڑتی ہیں، جانیں تک قربان کرنی پڑ جاتی ہیں، پی ڈی ایم متحد نہ ہوتی تو کامیابی کبھی نہ ملتی۔

  • بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم پاکستان کو پی ڈی ایم میں شمولیت کی دعوت دے دی

    بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم پاکستان کو پی ڈی ایم میں شمولیت کی دعوت دے دی

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کی ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی، بلاول نے کہا ایم کیو ایم پاکستان ہمارے ساتھ شامل ہو کر کراچی کے لیے آواز اٹھائے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا ایم کیو ایم پی ڈی ایم کا حصہ بن کر حکومت کا مقابلہ کرے، ہم سینیٹ الیکشن میں حکومت کو سرپرائز دیں گے، سینیٹ الیکشن کے نتائج حکومت کوگھر بھجوانے میں مددگار ہوں گے، پی ڈی ایم نے حکومت کو ہر میدان میں چیلنج کیا، ہم نے کے پی سے پشین تک حکومت کو شکست دے دی ہے۔

    پی ٹی آئی کے ظہرانے میں ایم کیو ایم کی شرکت سے اچانک معذرت نے ہلچل پیدا کر دی

    بلاول بھٹو نے خفیہ ووٹنگ پر کہا ہم نے خفیہ اور اوپن بیلٹنگ سے متعلق اپنی تیاری کی ہوئی ہے، امید ہے سپریم کورٹ صدارتی آرڈیننس پر آئین و قانون کے مطابق فیصلہ دے گی۔

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی، حکومتی صفوں میں مایوسی کا ماحول ہے، ملکی سیاست نے انگڑائیاں لینا شروع کر دی ہیں۔

    سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد پی ڈی ایم جماعتوں کے سربراہی اجلاس ہوں گے۔

  • سینیٹ اتنخابات : مریم نواز اور بلاول بھٹو کے درمیان آج اہم ملاقات ہوگی

    سینیٹ اتنخابات : مریم نواز اور بلاول بھٹو کے درمیان آج اہم ملاقات ہوگی

    لاہور : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کریں گے، جس میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی آج جاتی امرا میں ملاقات ہوگی ، ملاقات میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ، قمر زمان کائرہ ، منظور چوہدری اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما بلاول بھٹو کے ہمراہ ہوں گے۔

    ملاقات میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائےگی اور پی ڈی ایم سےمتعلق دیگراموربھی ملاقات میں زیربحث آئیں گے۔

    دوسری جانب پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کل طلب اجلاس 2 بجے مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا، اجلاس کی صدارت کنوینر احسن اقبال کریں گے،اجلاس کا دو نکاتی ایجنڈاجاری کردیا گیا ہے ، پی ڈی ایم لانگ مارچ تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا،سینٹ انتخابات کےحوالے سے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے گی۔لانگ مارچ کیلیئے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

    گذشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاہور پہنچے تھے ،جہاں وہ سینیٹ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں تین دن قیام کریں گے۔

    یاد رہے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے یوسف رضا گیلانی نے ملاقات کی تھی ، ملاقات میں یوسف رضا گیلانی نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا اہم پیغام بھی شہباز شریف کو پہنچایا ۔

    یوسف رضا گیلانی اور شہباز شریف نے دیگرسیاسی رہنماوں کے ساتھ سینٹ الیکشن کے حوالے سے مشاورت کی جبکہ نومنتخب سینیٹر اعظم نزیر تارڑ نے پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی کیس اور حمزہ شہباز کی ضمانت کے حوالے سے شہباز شریف کو بریفنگ بھی دی ۔

  • سینیٹ میں آپ کامیاب ہوں گے ، بلاول بھٹو  کی  یوسف رضا گیلانی کو یقین دہانی

    سینیٹ میں آپ کامیاب ہوں گے ، بلاول بھٹو کی یوسف رضا گیلانی کو یقین دہانی

    کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں کامیابی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا پی ڈی ایم نےکامیابی کے لیے بھرپور کوششوں کایقین دلایا ہے، امید ہے سندھ ،جنوبی پنجاب، بلوچستان سمیت خیال دوست بھی ووٹ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے سینیٹ امیدوار یوسف رضا گیلانی اورمراد علی شاہ کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سینیٹ الیکشن پرطویل نشست ہوئی اور کچھ سیاسی شخصیات سے فون پر رابطہ بھی کیا گیا۔

    بلاول بھٹو نے یوسف رضا گیلانی کو یقین دہانی کرائی کہ سینیٹ میں آپ کامیاب ہوں گے ، پی ڈی ایم نےکامیابی کے لیےبھرپورکوششوں کایقین دلایا ہے، امید ہے سندھ ،جنوبی پنجاب، بلوچستان سمیت خیال دوست بھی ووٹ دیں گے۔

    سینیٹ امیدوار یوسف رضاگیلانی کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے کئی ناراض ارکان بھی رابطے میں ہیں، کچھ ناراض ارکان نےخودبھی رابطہ کرکے ووٹ کا یقین دلایا ہے، جس پر بلاول بھٹو نے کہا سلیکٹڈ کی پریشانی ان کے چہرے سے عیاں ہے۔

    ذرائع کے مطابق جہانگیرترین کے رابطوں پر بھی ملاقات میں گفتگو ہوئی ، وزیراعلیٰ سندھ نے بھی پارٹی کے تمام ایم این ایز کی جانب سے یوسف رضاگیلانی کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی۔

  • ’میرے بچے کو سمجھا دیں‘ کشمیر کے سودے کے بیان پر شاہ محمود کا بلاول کا نام لیے بغیر طنز

    ’میرے بچے کو سمجھا دیں‘ کشمیر کے سودے کے بیان پر شاہ محمود کا بلاول کا نام لیے بغیر طنز

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج سینیٹ میں کہا کہ میں شیری رحمان سے اتفاق کرتا ہوں خارجہ پالیسی طویل المدتی بننی چاہیے، لیکن اپنے زیر تربیت کو سمجھا دیں ایسے بیان نہ دیں کہ کشمیر کا سودا کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود سینیٹ میں اظہار خیال کر رہے تھے، انھوں نے کہا ہم سے پہلے ایک حکومت تھی جس کے حلق میں کشمیر کا نام اٹک جاتا تھا۔ شاہ محمود نے شیری رحمان کو مخاطب کر کے کہا میرے بچے کو سمجھا دیں کہ کشمیر سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ دیں۔

    شاہ محمود نے بلاول بھٹو کا نام لیے بغیر طنز کرتے ہوئے کہا کوئی مائی کا لال کشمیر کا سودا نہیں کر سکتا، سمجھا دیجئےگا میرے بچے کو کہ ایسی بات نہ کرے۔

    اس سے قبل پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے اظہار خیال میں کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ خارجہ پالیسی کے مسائل پارلیمان میں حل ہوں گے، کشمیر پر عالمی کانفرنس کیوں نہیں منعقد ہو رہیں؟ کشمیر پر مشترکہ اجلاس بھی ہمارے مطالبے پر بلایا گیا۔ انھوں نے کہا صدر بائیڈن پاکستان اور خطے کے معاملات سے آگاہ ہیں، امریکا پاکستان کو افغانستان کے زاویے سے دیکھ رہا ہے، لیکن حکومت کی کوئی حکمت عملی نظر نہیں آتی۔

    وزیر خارجہ نے کہا خارجہ پالیسی کے اثرات طویل المدت ہوتے ہیں، آج درپیش حالت کے ذمہ دار وہ لوگ بھی ہیں جو بار بار اقتدار میں رہے، وہ بھی ذمہ دار ہیں جو کشمیر کمیٹی میں رہے، تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ خارجہ پالیسی میں پاکستان تنہا رہ گیا، لیکن یہ صرف بھارت کی ناکام کوشش ہے، آج بھارت پر جو انگلیاں اٹھ رہی ہیں یہ پاکستان کے خلاف تھیں۔

    انھوں نے کہا میں ابھی یو اے ای سے ہو کر آیا ہوں، ان کے وزیر خارجہ سے 3 گھنٹے ملاقات ہوئی، دبئی کے لیے بھارت کے ساتھ تعلقات رکھنا پروفیشنلز کی بنیاد پر فطری بات ہے، دبئی کے پاکستان کے ساتھ تعلقات بھارت کی وجہ سے متاثر نہیں ہو سکتے، یو اے ای نے واضح کہا کہ بھارت سے تعلقات پاکستان کی قیمت پر نہیں بنائیں گے۔

    شاہ محمود نے سعودی عرب سے تعلقات سے متعلق اعتراض پر کہا ہم سعودی عرب سے ادھار پر تیل تاحیات نہیں لے رہے تھے، یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ معاہدہ محدود مدت کے لیے تھا، جب ہمارے زر مبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہم نے ادائیگیاں کر دیں، اس میں تعلقات خراب کرنے والی کیا بات ہوئی، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں بے چینی کی کوئی بات نہیں، ہمارے تعلقات اسٹریٹجک ہیں، وہ پاکستان کی اہمیت جانتا ہے۔

  • پی ڈی ایم جماعتوں کی جانب سے استعفوں کی ڈیڈ لائن کا آخری دن

    پی ڈی ایم جماعتوں کی جانب سے استعفوں کی ڈیڈ لائن کا آخری دن

    اسلام آباد: آج پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جماعتوں کی جانب سے استعفوں کی ڈیڈ لائن کا آخری دن تھا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے ڈیڈ لائن گزرنے پر ردِ عمل ظاہر کر دیا۔

    زلفی بخاری نے ڈیڈ لائن پر اپنے رد عمل میں کہا کہ 31 جنوری ہے ہم پی ڈی ایم کے استعفوں کا انتظار کر رہے ہیں، جب کہ وزیر اعظم مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں۔

    زلفی بخاری نے لکھا کہ جیسا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں ’مائنڈ اوور میٹر‘ یعنی معاملات کو قابو کرنے کے لیے ذہنی قوت سے کام لیں… ہمیں کوئی اعتراض نہیں اور ان کی کوئی اوقات نہیں۔

    ادھر ماہر قانون دان بابر اعوان نے بھی اس سلسلے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہیلو پی ڈی ایم! آج 31جنوری ہے، استعفے کس سال کی 31 جنوری کو آئیں گے؟ آر یا پار کی کوئی تاریخ؟‘

    بابر اعوان نے مزید لکھا کہ عمران خان نئے سال میں بھی این آر او نہیں دے گا.

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نے پی ڈی ایم کی دی گئی ڈیڈ لائن پر استعفیٰ دینے میں ناکام رہے، انھیں موقع دیا گیا تھا کہ عزت کے ساتھ حکومت سے ایک طرف ہو جائے، تاکہ آزاد اور شفاف الیکشن سے جمہوریت کی منتقلی ہو۔

    وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی طنزیہ ٹویٹ کیا، لکھا سنا تھا آج کوئی استعفیٰ آنے والا ہے، چلو جو ہم سے مانگے تھے وہ چھوڑو، وہ جو منہ پر مارنے تھے وہ کہاں گئے؟ کہیں اپنے ہی منہ پر تو نہیں مار لیے۔ شہزاد اکبر نے کہا پی ڈی ایم کا اصل مقصد ذاتی مفاد کا تحفظ تھا، انھوں نے سیلف ڈیفنس خود قبول کیا، ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق سے سوال ہوا تو وہ بولے یہ فیصلہ پی ڈی ایم اجلاس میں ہوگا، تھوڑا انتظار کریں۔

  • بلاول بھٹو کا بختاور بھٹو زرداری کی شادی پر مبارک باد دینے والوں سے اظہار تشکر

    بلاول بھٹو کا بختاور بھٹو زرداری کی شادی پر مبارک باد دینے والوں سے اظہار تشکر

    کراچی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بختاور بھٹو زرداری کی شادی پر مبارک باددینے والوں سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا افسوس ہے کورونا کی ایس او پیز کے باعث بہت سے معززین کو دعوت نہ دے سکے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنی بہن بختاور بھٹو زرداری کی شادی پر مبارک باددینے والوں سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا شادی کی تقریبات میں کم مہمانوں کو مدعو کیا گیا۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، لاہور اور لاڑکانہ میں بھی شادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ، تقریبات میں معززین، دوست اور پی پی پی فیملی کے افراد شریک ہوسکیں گے، افسوس ہےکورونا کی ایس او پیز کےباعث بہت سے معززیں کو دعوت نہ دے سکے۔

    خیال رہے بختاور بھٹو کی مہندی کی سادہ تقریب آج 27 جنوری کو ہوگی جب کہ 29 جنوری کو نکاح اور بارات کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی۔

    ترجمان بلاول ہاؤس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بختاور کی شادی میں 300 سے کم مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

  • بلاول کا وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان

    بلاول کا وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان

    لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں انڈسٹریل اسٹیٹ منصوبے کے افتتاح کے موقع پر بلاول بھٹو نے کہا ہم جمہوری طریقے سے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لے کر آئیں گے، ہم جانتے ہیں کہ غیر جمہوری طاقتوں کو سیاست سے کیسے نکالنا ہے۔

    بلاول کا کہنا تھا تحریک عدم اعتماد پر پی ڈی ایم کے اتحادیوں کو بھی منائیں گے، ہمیں وار کرنا ہے تو اسمبلیوں میں کرنا ہے، حملہ کرنا ہے تو آئینی اور جمہوری طریقے سے کرنا ہے، یہ طریقہ یہی ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک لائیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہم اتحادیوں کو بھی تحریک عدم اعتماد پر قائل کریں گے، پھر ہماری چائے کی دعوتوں پر بھی ان کے پسینے نکلیں گے، اور اس کا جو اثر ہوگا وہ دس دس جلسوں کا بھی نہیں ہوگا۔

    لاڑکانہ میں خطاب میں بلاول نے کہا وفاقی حکومت نے مشکل معاشی صورت حال میں عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ہے، سندھ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ عوام کی بہتری کے لیے کچھ کر سکیں۔

    قبل ازیں بلاول بھٹو نے ایئر پورٹ روڈ پر انڈسٹریل اسٹیٹ منصوبے کا افتتاح کیا، اس موقع پر وزیر اعلی ٰسندھ، نثار کھوڑو، جام اکرام اللہ دھاریجو بھی موجود تھے۔ یہ انڈسٹریل زون لاڑکانہ سے 14 کلو میٹر دور ایئر پورٹ روڈ پر قائم کیاگیا ہے، اس پہلے صنعتی زون میں 94 صنعتیں 20 ہزار سے زائد افراد کو روزگار دیں گی۔

    اپنے خطاب میں پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ وفاق کی عوام دشمن پالیسیوں کے سامنے پیپلز پارٹی رکاوٹ ہے، اس حکومت کے خلاف ہم پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے نکلے ہیں، اس حکومت کو آئینی اور جمہوری طریقے سےگھر بھیجیں گے۔

  • ملک مشکل میں ہے، ملک کا مستقبل روشن دیکھنا چاہتے ہیں: بلاول بھٹو

    ملک مشکل میں ہے، ملک کا مستقبل روشن دیکھنا چاہتے ہیں: بلاول بھٹو

    مالاکنڈ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک اس وقت مشکل میں ہے، ہم ملک کا مستقبل روشن دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام خود مستقبل کے فیصلے کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ خیبر پختون خوا کے ضلع مالاکنڈ میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کے دوران کر رہے تھے، انھوں نے کہا ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کہا کہ اس دور میں سب سے زیادہ کرپشن ہوئی ہے، ہم کرپشن کے ناسور کو ختم کریں گے۔

    چیئرمین پی پی نے کہا خیبر پختون خوا کو واجب الادا 160 بلین روپے نہیں دیے گئے، حکومت آپ کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا چاہتی ہے، ہم تو چاہتے تھے کہ فاٹا خیبر پختون خوا میں ضم ہو، لیکن انھوں نے خیبر پختون خوا کو فاٹا میں ضم کر دیا۔

    بلاول بھٹو نے مزید کہا ملک میں نہ صحافت، نہ سیاست اور نہ عوام آزاد ہے، ہم آزادی کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے، میں اور آپ مل کر یہ جدوجہد کریں گے۔

    پیپلز پارٹی کی اے آر وائی نیوز ٹیم پر حملے پر معذرت، اے این پی کی مذمت

    انھوں نے کہا ملک کی معیشت تباہ ہوگئی، پاکستان کی معیشت کا گراف بنگلا دیش اور افغانستان سے بھی نیچے ہے، ہم پر ایسی حکومت مسلط کی گئی ہے جسے معیشت کا بھی نہیں معلوم، پاکستان میں آدھے گھر غذائی قلت کا شکار ہیں، پورے پاکستان کو اندھیرے میں دھکیلا گیا، 50 لاکھ گھر کا وعدہ کر کے غریب عوام کے سر سے چھت چھین لی گئی۔

    بلاول نے کہا مالاکنڈ کے عوام نے پورے پاکستان کو فیصلہ سنا دیا، ان کا ایک ہی مطالبہ ہے حکومت کا خاتمہ، دہشت گردوں کو امریکا افغانستان سے نہ بھگا سکا، مالاکنڈ کے عوام نے بھگایا، مالاکنڈ کے عوام نے آمروں کا مقابلہ کیا، عوام سے وعدہ کر رہا ہوں مل کر اس حکومت کا خاتمہ کریں گے۔