Tag: بلاول بھٹو

  • مولانا فضل الرحمان  کی بلاول بھٹو کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت

    مولانا فضل الرحمان کی بلاول بھٹو کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت

    کراچی : جمیعت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو زرداری کو 9جولائی کوکراچی میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی ، جس پر بلاول بھٹو نے اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمیعت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سےفون پر رابطہ کیا ، دونوں رہنماؤں میں علاقائی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

    مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو زرداری کو 9جولائی کوکراچی میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ، جس پر بلاول بھٹو نے اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کرادی۔

    اس موقع پر بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان سے ون آن ون ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات پر اتفاق ہوا۔

    خیال رہے اٹھارویں ترمیم، این ایف سی ایورڈ اور ملک کی معیشت کے سلسلے میں جمعت علمائے اسلام (ف) نے کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اے پی سی کے مہمان خصوصی ہوں گے، تاہم بڑی سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں کی شرکت ایک سوالیہ نشان بن گئی ہے، سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے پلیٹ فارمز پر مشاورت شروع کر دی اور تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے، تاہم مرکزی رہنماؤں کی شرکت پر بڑی سیاسی جماعتیں تذبذب کا شکار ہیں۔

  • بلاول بھٹو کی دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سندھ پولیس کو شاباش

    بلاول بھٹو کی دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سندھ پولیس کو شاباش

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سندھ پولیس کو شاباش دی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر کو فون کیا۔آئی جی سندھ نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر حملے کےحوالے سے بلاول بھٹو کو بریفنگ دی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پرسندھ پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس آج اپنی بہترین پیشہ وارانہ مہارت کی وجہ سے کامیاب ہوئی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید اہلکاروں نے قوم کے خاطر جانیں قربان کیں، شہید جوانوں کے اہل خانہ کی ہر ممکن سپورٹ کی جائے۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ، چاروں حملہ آور ہلاک

    واضح رہے کہ ملک دشمن عناصر کی امن خراب کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دستی بم حملے اور فائرنگ سے سب انسپکٹر سمیت 7 افراد شہید ہو گئے جبکہ 4 دہشت گرد مارے گئے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے جدید ہتھیار، دستی بم اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے اسٹاک ایکسچینج کے باہر موجود مشتبہ کار کا بھی معائنہ کیا۔

  • بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان کو  2 آپشن دے دیئے

    بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان کو 2 آپشن دے دیئے

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمارے وزیراعظم کے پاس دو ہی آپشن ہیں، وہ ایوان سے معافی مانگیں یا استعفی دیں اورگھر چلے جائیں، حکومت کا یہ بجٹ ہر لحاظ سے فیل ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہم نے بجٹ پر کافی طویل تقریریں کی ہیں، ملکی موجودہ صورتحال پروزیراعظم کے پاس صرف2آپشن ہیں ، وزیراعظم اس ہاؤس سے معافی مانگیں کہ غلطی ہوئی ہے یا ملک کی موجودہ صورتحال پر وزیراعظم استعفیٰ دیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دیں اور اورگھر چلے جائیں، وزیراعظم کا عہدہ کسی قابل شخص کو عہدہ دیا جائے، بجٹ تقریر میں کہا گیا پیٹرولیم قیمتوں میں کمی سے 42ارب کا ریلیف ملےگا ، بجٹ منظور ہونے سے قبل ہی عوام پر پیڑول بم گرایا گیا ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی جیبوں پرڈاکہ ڈالا گیا۔

    چیئرمین پی پی نے کہا اوگرا نے جو نوٹی فکیشن جاری کرنا تھا وہ کوئی وزیر کیسےکر سکتا ہے، پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کاتمام فائدہ آئل کمپنیوں کو پہنچا، یہ واپس اپنےحلقوں میں کیسے جائیں گے ،عوام کو کیا منہ دکھائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے فیصلے کو فورم پر چیلنج کریں گے، یہ عوام کی جیب سے پیسے نکال کر آئل کمپنیوں کو منافع دے رہے ہیں، دواؤں کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ ہوا تو وزیراعظم نے نوٹس لیا، اب دواؤں کی قیمت میں 500 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم نے آٹے چینی اور ماسک کا نوٹس لیا تو ان کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ، وزیراعظم کسی چیز کا نوٹس نہ لیں خود کو قرنطینہ میں رکھیں، کوئی جعلی ڈگری کو سپورٹ نہیں کرے گا، پنے پائلٹس، سول ایوی ایشن کی عالمی سطح پر کردار کشی کرتے ہیں، کوئی کمزوری ہوتو اسکا حل نکال سکتے ہیں۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت سمجھتی ہے جس کو بھی نوکری ملتی ہے وہ سیاسی ہے، لوگوں کو بے روزگار کرنا کس قسم کا ریلیف ہے، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنا ظلم ہی ہوتا ہے، حکومت کی کورونا کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی نہیں ، یہ نالائق اور نااہل ہیں کام نہیں کر سکتے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کا یہ بجٹ ہر لحاظ سے فیل ہوچکا ہے ، یہ بجٹ کورونا اور نہ زراعت کے خطرے کا مقابلہ کرتا ہے ، حکومت نے ہر پاکستانی کے جیب پر  ڈاکہ ڈالا ہے ، جس جس پر کرپشن کا الزام لگا وہ سب باعزت بری ہوئے، جب ہم باعزت بری ہوں گے توان کے لوگ جیل میں ہوں گے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ راجہ پرویزاشرف سے معافی مانگیں جس کی کردار کشی کی گئی، جہانگیر ترین لندن میں مزے اڑا رہےہیں۔

  • اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس تاخیر کا شکار کیوں ہوئی؟

    اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس تاخیر کا شکار کیوں ہوئی؟

    اسلام آباد: اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس تاخیر کا شکار ہو گئی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ اب اے پی سی آئندہ ہفتے بلائے جانے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے اے پی سی آئندہ ہفتے بلائی جائے گی، کانفرنس میں تاخیر شہباز شریف کی علالت کے باعث ہوئی ہے، اسلام آباد میں اے پی سی کی میزبانی بلاول بھٹو کریں گے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی سے آل پارٹیز کانفرنس کے التوا کی درخواست کی تھی، شہباز شریف نے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن کی اے پی سی انتہائی اہم ہے، کانفرنس میں ذاتی طور پر شرکت کا خواہش مند ہوں، لیکن میرے کرونا ٹیسٹ کے نتائج آنے تک اے پی سی نہ بلائی جائے۔

    بلاول بھٹو نے اے پی سی پر سینئر پارٹی قیادت کا مشاورتی اجلاس آج طلب کر لیا ہے، وہ ویڈیو لنک پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔

    قبل ازیں، بلاول بھٹو نے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی کو فون کیا، دونوں رہنماؤں نے قومی بجٹ کو مسترد کرنے پر اتفاق رائے کیا، بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت پر عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے، حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی، عمران خان کو آئین پر تنقید سے فرصت نہیں، قیمتوں میں اضافہ کر کے مافیا کو فائدہ پہنچایا گیا۔

    اسفندیار ولی نے بھی بلاول بھٹو اور شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطوں میں اپنا مؤقف سامنے رکھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی ایما پر غریب دشمن بجٹ پیش کیا ہے، بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، محاصل کے اہداف زمینی حقائق کے بر عکس رکھے گئے ہیں، اپوزیشن 18 ویں ترمیم میں کسی صورت رد و بدل برداشت نہیں کرے گی۔

  • بلاول بھٹو کا سردار اختر مینگل کو فون

    بلاول بھٹو کا سردار اختر مینگل کو فون

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سردار اختر مینگل کو ٹیلی فون کر کے این ایف سی ایوارڈ سمیت دیگر امور پر بات چیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے بجٹ امور پر مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا۔

    بلاول بھٹو اور سردار اختر مینگل کے درمیان 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔دونوں رہنماؤں نے اگلے ہفتے اے پی سی کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نےملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ سربراہ بی این پی سردار اختر مینگل نے چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    سردار اختر مینگل کی جانب سے اتحاد ختم کرنے کے اعلان کے بعد حکومت کی جانب سے انہیں منانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے تاہم حکومت اب تک اس میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔

  • وفاقی بجٹ ہیلتھ سسٹم کی بجائے اپنے اراکین اسمبلی کے لیے لایا گیا: بلاول کی تنقید

    وفاقی بجٹ ہیلتھ سسٹم کی بجائے اپنے اراکین اسمبلی کے لیے لایا گیا: بلاول کی تنقید

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سمجھ رہے تھے وفاقی بجٹ کرونا روک تھام اور صحت کا نظام بہتر کرنے کے لیے ہوگا، لیکن یہ بجٹ تو ان کے اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز کے لیے ہے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا وفاقی بجٹ میں صوبوں سے نا انصافی کی گئی، سندھ کو 229 ارب کم دیے جا رہے ہیں، پنجاب سے بھی بجٹ میں کٹوتی کی گئی، ٹڈی دل کے مسئلے کو بھی نظر انداز کیا گیا، این ایف سی میں صوبوں کو پورا حصہ دیا جائے۔

    انھوں نے کہا ریاست پر ایسا وقت آتا ہے تو حکومت اتحاد قائم کرتی ہے لیکن جب سے کرونا آیا پی ٹی آئی نے تنازع کھڑا کیا، وزیر اعظم سیاست کر رہے ہیں، سندھ کے وزیر اعلیٰ سے لے کر وزرا تک کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، اگر ہم اپنے حقوق کے لیے باہر نکلے تو کوئی نہیں سنبھال سکے گا۔

    پی پی چیئرمین نے کہا تمام سیاسی جماعتوں نے بجٹ مسترد کر دیا، کرونا سے نمٹنے کے لیے وفاق غیر سنجیدہ ہے، وفاق سے اپیل کرتے ہیں اس وبا کو سنجیدہ لیں، امید تھی وفاق ہر صوبے کے لیے ہیلتھ پیکج دے گا، لیکن پی ٹی آئی کا بجٹ عوام کی صحت اور زندگی کو تحفظ نہیں دیتا، وفاقی حکومت نے ایسا بجٹ پیش کیا جیسے کرونا سے ہمیں خطرہ ہی نہیں یہ کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا ہمارے اسپتالوں پر حملہ کیا جا رہا ہے، وفاقی حکومت ہمارے تین اسپتال کافی عرصے سے چوری کرنے کی کوشش کر رہی ہے، وفاق کو سندھ کے اسپتال چھیننے نہیں دیں گے، پی ٹی آئی کو چیلنج کرتا ہوں این آئی سی وی ڈی کی طرح کا ایک اسپتال دکھا دیں تو یہ اسپتال لے جائیں، ایل آر ایچ جو عمران خان کا رشتہ دار چلا رہا ہے اس کا جے پی ایم سی سے مقابلہ کر لیں۔

    انھوں نے کہا جیسے ہی شہباز شریف صحت یاب ہوتے ہیں تو اے پی سی بلائیں گے، جس میں این ایف سی ایوارڈ پر بھی بات چیت کریں گے، پاکستان میں کرپشن موجود ہے، لیکن کرپشن کے خلاف مہم کرپشن ختم کرنے کے لیے نہیں ہو رہا، اس کا مقصد دوسرا ہے، کرپشن کا مقابلہ کرنا پڑے گا، عدلیہ میں بھی کرپشن ایشوز ہوں گے، جسٹس قاضی فائز کی جاسوسی کا معاملہ سامنے آیا یہ سنجیدہ معاملہ ہے، ججز کی جاسوسی کے معاملے پر جے آئی ٹی بنانی چاہیے۔

    پی پی چیئرمین نے اختر مینگل کے اقدام کو ٹھیک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اختر مینگل کو بلوچستان میں معاشی اور عوامی حقوق کی فکر ہے، اب ان کو وفاقی حکومت کے ساتھ رہنے کا حق نہیں بنتا، امید کرتا ہوں کہ اختر مینگل اپنے فیصلے پر قائم رہیں گے۔

    لاڑکانہ میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا اپنے شہیدوں کے لیے میں دعا گو ہیں، سندھ حکومت دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات کر رہی ہے، ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

  • سندھ میں ایک روپے کی کرپشن بھی برداشت نہیں، بلاول بھٹو

    سندھ میں ایک روپے کی کرپشن بھی برداشت نہیں، بلاول بھٹو

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سندھ میں ایک روپے کی کرپشن بھی برداشت نہیں، جو بھی کرپشن کرے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے جام اکرام اللہ دھاریجو، سردار محمد بخش مہر نے ملاقات کی جس میں گھوٹکی کے سیاسی امور سے متعلق گفتگو کی گئی، رہنماؤں نے بلاول بھٹو کو اینٹی کرپشن، محکمہ صنعت سے متعلق بریفنگ دی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ کرپٹ شخص کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو اس کے خلاف گھیرا تنگ کریں، سندھ میں کرپشن کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں ہے، کرپٹ افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ کرپٹ افراد کو ان کے انجام تک پہنچا کر عبرت کی مثال بنایا جائے، ایسی مثال بنایا جائے کہ کوئی کرپشن کا سوچ بھی نہ سکے۔

    بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ صنعت کاروں سے ملاقات کریں اور ان کے مسائل کو حل کریں، ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کے صنعتی زونز کے انفرا اسٹرکچر کو مزید بہتر بنایا جائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے جو بجٹ پیش کیا ہے وہ کسان اور مزدور دوست نہیں ہے، حکومت کا بجٹ کرونا سے نمٹنے کا بجٹ ہے اور نہ ہی کسی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ پاکستان کو ہمیشہ کے لیے لاک ڈاؤن کردیں، ہم نے یہی کہا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات پر عمل کریں۔

  • ہر پاکستانی کی صحت اور معاشی صورتحال خطرے میں ہے، بلاول بھٹو

    ہر پاکستانی کی صحت اور معاشی صورتحال خطرے میں ہے، بلاول بھٹو

    اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہر پاکستانی کی صحت اور معاشی صورتحال خطرے میں ہے، آج کے جیسے حالات کا صدی میں ایک بار سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے جو بجٹ پیش کیا ہے وہ کسان اور مزدور دوست نہیں ہے، حکومت کا بجٹ کرونا سے نمٹنے کا بجٹ ہے اور نہ ہی کسی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہے۔

    بلاول بھٹو نے سوال کیا کہ کس نے کہا تھا کرونا وائرس زکام ہے، کون لاک ڈاؤن کے خلاف تھا اور وہ آج بھی ہے، کس نے کہا تھا کرونا وائرس پاکستان میں وبائی نہیں ہے؟ اپنی مجرمانہ غفلت کا ملبہ آپ پاکستان کے عوام پر کس طرح ڈال سکتے ہیں؟

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ طبی عملے کے 40 ارکان کرونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں، جب ہمیں پتا تھا ملک میں زیادہ کیسز اور اموات ہونگی توکیا تیاری تھی؟ بجٹ میں کیا ڈاکٹرز اور طبی عملے کو کوئی رسک الاؤنس دیا ہے؟ بجٹ ایسا ہے جیسے کرونا ماضی میں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر 15 منٹ بعد ایک پاکستانی کی کرونا سے موت ہورہی ہے، کیا حکومت نے بجٹ میں کرونا سے نمٹنے کے لیے کوئی پیسہ رکھا؟ کرونا کا پھیلاؤ حکومت کی ناکامی اور نااہلی ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ پاکستان کو ہمیشہ کے لیے لاک ڈاؤن کردیں، ہم نے یہی کہا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات پر عمل کریں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ گزشتہ سال آصف زرداری نے ٹڈی دل کا مسئلہ اٹھایا تھا، کیا حکومت چاہتی ہے پاکستان میں ساری فصلیں تباہ ہوجائیں تب یہ ایکشن لیں گے، حکومت کیا کھانے کی اشیا ختم ہوجائیں گی تب ایکشن لے گی۔

  • الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو کے مالی گوشواروں میں تضاد کا کیس نمٹا دیا

    الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو کے مالی گوشواروں میں تضاد کا کیس نمٹا دیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے مالی گوشواروں میں تضاد کا کیس جواب جمع کرانے پر نمٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے بلاول بھٹو کے مالی گوشواروں میں تضاد کیس کی سماعت کی۔

    بلاول بھٹو زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور بلاول کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرایا گیا، جس پر الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو زرداری کا جمع کرایا گیا جواب قبول کر لیا۔

    بعد ازاں الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو زرداری کے خلاف مالی گوشواروں میں تضاد سے متعلق کیس نمٹا دیا۔

    بلاول بھٹو زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تمام چیزوں کی دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کرائی،اور رپورٹ پیش کی جسے الیکشن کمیشن نے تسلیم کر لیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ کورونا کا ہےجب تک کورونا کو کنٹرول نہیں کیا جائے گا تب تک معیشت بہتر نہیں ہو گی، بیرون ممالک میں لاک ڈاون سے کورونا کو کنٹرول کیا گیا۔

  • سندھ کو وفاق سے کم فنڈز ملنے کے باوجود بلاول کا غریب دوست بجٹ بنانے کی ہدایت

    سندھ کو وفاق سے کم فنڈز ملنے کے باوجود بلاول کا غریب دوست بجٹ بنانے کی ہدایت

    کراچی: وفاق کی جانب سے صوبہ سندھ کو کم فنڈز ملنے کے باوجود پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے حکومت سندھ کو غریب دوست بجٹ بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے حکومت سندھ کو ہدایت کی ہے کہ بجٹ میں صحت اور زراعت کے شعبوں کو ترجیح دی جائے، بجٹ میں کرونا وبا اور ٹڈی دل کے حملوں کی روک تھام اہم ایجنڈا ہوگا۔

    گزشتہ روز بلاول بھٹو کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سیکریٹری خزانہ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بریفنگ دی، پی پی چیئرمین کو کرونا سے متعلق اسکیموں، سوشل سیکورٹی اور انسداد غربت کے پروگراموں سے متعلق تفصیلات بتائی گئیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ ٹڈی دل سے متاثر چھوٹے کاشت کاروں کو بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات پر سبسڈی دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا حکومت سندھ کو محدود وسائل اور بحران کا سامنا ہونے کے باوجود غریب دوست بجٹ تیار کرنا ہوگا، وفاق کی جانب سے کم فنڈز فراہم کیے جانے کے باعث سندھ کی حکمت عملی کو نقصان پہنچا ہے۔

    انھوں نے کہا سندھ کو وفاق سے 835 ارب روپے کے شیئر سے 229 ارب روپے کم ملے، یہ سندھ اور دیگر صوبوں کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے۔

    واضح رہے کہ اس وقت صوبہ سندھ کو ایک طرف اگر کرونا وائرس کی وبا کا سامنا ہے، جو پھیلتی ہی جا رہی ہے اور اب تک 38 ہزار 108 کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ 650 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں، دوسری طرف فصلوں کو ٹڈی دل کے بڑے خطرے کا سامنا ہے، جس سے صحت اور خوراک دونوں کے شعبے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔