Tag: بلاول بھٹو

  • بلاول بھٹو 2025 میں وزیراعظم اور دولہا بھی بن سکتے ہیں، ماہر علم نجوم کی پیشگوئی

    بلاول بھٹو 2025 میں وزیراعظم اور دولہا بھی بن سکتے ہیں، ماہر علم نجوم کی پیشگوئی

    ماہر علم نجوم سامعہ خان نے پیش گوئی کی ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو 2025 میں وزیراعظم اور دولہا بھی بن سکتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سامعہ خان نے کہا کہ 3 لوگوں کے ستارے زیادہ مضبوط اور گردش میں ہیں جن میں شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان، بانی پی ٹی آئی شامل ہیں، عمران خان کو ستارے کے مطابق شادی راس نہیں آئی۔

    انہوں نے کہا کہ 2023 میں کہا تھا بانی پی ٹی آئی آئسولیشن میں جارہے ہیں، 12 جنوری سے عمران خان کی آئیسولیشن ختم ہونے کا سلسہ شروع ہورہا ہے، 10 فروری 2025 سے ان کی آئسولیشن ختم ہونے جارہی ہے، ان کے لیے جنوری سے فروری عارضی ریلیف کے ماہ ہوں گے۔

    سامعہ خان نے کہا کہ ستاروں کے مطابق ملک کے حالات بہتری کی جانب نظر آرہے ہیں، سال کے شروع کے ماہ وزیراعظم شہباز شریف کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔

    ماہر علم نجوم کے مطابق بلاول بھٹو کا سیاسی ستارہ بہت مضبوط ہے، ان کو 2025 میں نوازتے دیکھ رہی ہوں، ہوسکتا ہے ان کو وزیراعظم کے منصب سے نوازا جائے اور وہ دولہا بھی بن سکتے ہیں۔

  • ’ن لیگ نے حکومت کرنی ہے تو اتفاق رائے سے فیصلے کرنے ہوں گے‘

    ’ن لیگ نے حکومت کرنی ہے تو اتفاق رائے سے فیصلے کرنے ہوں گے‘

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ  اگر ن لیگ نے کامیابی سے حکومت کرنی ہے تو اتفاق رائے سے فیصلے کرنے ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رتو ڈیرو میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی ایک صوبے کی نہیں وفاق پرست جماعت ہے، جو فیصلہ وفاق کو کمزور کرے گا اس پر پیپلزپارٹی کا ردعمل آئے گا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت فیصلوں میں پیپلزپارٹی سمیت دوسری جماعتوں کی بھی رائے لے، پیپلزپارٹی اپنے مفاد اور اصولوں پر سودا نہیں کرتی، اگر پاکستان آج محفوظ ہے تو یہ پیپلزپارٹی کا تحفہ ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ سمجھتی ہے کہ ان کے پاس دو تہائی اکثریت ہے اور انہیں پوچھنے کی ضرورت نہیں، ان کی سیاست موٹروے سے شروع ہوکر میٹرو پر ختم ہوجاتی ہے۔

    چیئرمین پی پی نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ پارلیمان میں بیٹھنے کی بنیادی وجہ معیشت ہے، معاشی طور پر بہتری آرہی ہے تو عوام تک بھی پہنچنی چاہیے، حکومت کا مہنگائی کم کرنے کا دعویٰ کاغذات کی حد تک تو نظر آرہا ہے الیکشن میں ہر ووٹر کا مطالبہ یہی تھا کہ مہنگائی میں کمی ہو۔

    انہوں نے کہا کہ کتنے مسلمان ممالک میں ایٹمی ٹیکنالوجی ہے؟ جو پاکستان مخالف بیانات دے رہے ہیں پی ٹی آئی ان کی مذمت کرے، جو ان کے حق میں بیان دیتے ہیں وہ دوسری طرف پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی کے خلاف ہیں، ایک طرف ان کے حق میں بیان دیتے ہیں دوسرے الفاظ میں اسرائیل کے حق میں ہوتے ہیں۔

    بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ یہ سوشل میڈیا کا دور ہے چیزیں عوام سے نہیں چھپائی جاسکتیں، پی ٹی آئی کو ان سنگین سوالوں کے جوابات دینے پڑیں گے۔

  • ’پیپلزپارٹی چاہے تو بلاول کل وزیراعظم بن سکتے ہیں‘

    ’پیپلزپارٹی چاہے تو بلاول کل وزیراعظم بن سکتے ہیں‘

    لاڑکانہ: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اگر پیپلزپارٹی چاہے تو بلاول بھٹو کل وزیراعظم بن سکتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو بھیک مانگ کر 70 ووٹوں پر کمزور وزیراعظم نہیں بنیں گے، ملکی مسائل کی خاطر پیپلزپارٹی ن لیگ کے ساتھ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پانی کی تقسیم پر پیپلزپارٹی  نے کبھی سمجھوتا نہیں کیا۔

    اس سے قبل خورشید شاہ نے سکھر میں صحافیوں کے وفد سے غیر رسمی گفتگو کی اس دوران ان سے سوال کیا گیا تھا کہ سنا ہے فضل الرحمان بانی پی ٹی آئی سے ملنے جیل جارہے ہیں۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اللہ کرے فضل الرحمان بانی پی ٹی آئی سے ملنے جیل چلے جائیں تو ہم سہولت کار بنیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مولانا کی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو اور تصویر جاری ہو، ملاقات ہوگی اور تصویر جاری ہوگی تو یہ نوجوانوں کے لیے اچھا پیغام ہوگا۔

    پی پی رہنما نے کہا تھا کہ سب جانتے ہیں بانی پی ٹی آئی اپنی تقاریر میں مولانا کے لیے کیا کہتے تھے۔

    خورشید شاہ نے کہا تھا کہ ٹرمپ کی کامیابی اچھی بات ہے امید ہے امریکا اور پاکستان کے تعلقات بہتر ہوں گے، پاکستان خود مختار ملک ہے نہ ہم نے کبھی مداخلت کی نہ امریکا کرے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق فیصلہ پاکستان کی عدالتیں کریں گی۔

  • بانی پی ٹی آئی صرف بہانہ، پاکستان کا ایٹمی پروگرام نشانہ ہے، بلاول بھٹو

    بانی پی ٹی آئی صرف بہانہ، پاکستان کا ایٹمی پروگرام نشانہ ہے، بلاول بھٹو

    لاڑکانہ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی صرف بہانہ اصل میں پاکستان کا ایٹمی پروگرام نشانہ ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی 17ویں برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ طاقتیں میلی آنکھ سے دیکھ رہی ہیں کہ پاکستان ایٹمی طاقت نہ ہو، امریکا نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر پابندیاں لگائی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ہوتے ہوئے پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، جو آج بیانات داغ رہے ہیں کیا یہی وہی لوگ نہیں جو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف ہیں، کیا یہ وہی لوگ نہیں جو اسرائیل کی حمایت میں اور اس شخص کی حمایت میں بیانات دیتے ہیں یہ وہی لوگ ہیں جو ہمیشہ پاکستان کے ایٹمی، میزائئل پروگرام کے خلاف بیانات دیتے ہیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ تاثر ہے مخصوص لابی چاہتی ہے ایسی حکومت آئے جو طاقت کے لیے ہر چیز پر سمجھوتا کرے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ہوتے ہوئے اس قسم کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی، پیپلزپارٹی ہمیشہ پاکستان کے مفاد کو ترجیح دیتی ہے، پیپلزپارٹی ملک کے خلاف ہر سازش ناکام بنائے گی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سیاست کو ایک طرف رکھ کر پاکستان کے دفاع کا سوچنا ہوگا، امریکا نے پاکستان کے میزائل پروگرام پرپابندیاں لگائی ہیں،پیپلزپارٹی پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔

  • بلاول بھٹو اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی ملاقات میں کیا باتیں ہوئیں؟ بلاول نے کیا کہا؟

    بلاول بھٹو اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی ملاقات میں کیا باتیں ہوئیں؟ بلاول نے کیا کہا؟

    اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی بلاول بھٹو سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اسحاق ڈار کا رویہ معذرت خواہانہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے لیے رابطہ کیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کی جانب سے پی پی چیئرمین کو ایک بار پھر تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

    ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے کوآرڈینیشن کمیٹیوں کی جلد ملاقات کی یقین دہانی کرائی، جب کہ ان کے اصرار پر بلاول بھٹو نے ایک اور موقع دینے پر آمادگی ظاہر کی۔

    ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے اسحاق ڈار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیپلز پارٹی کے صبر کا مزید امتحان نہ لے، حکومت پیپلز پارٹی کے تحفظات اور شکایات فوری دور کرے، مجھ پر اپنی جماعت کا شدید دباؤ ہے،۔

    انھوں نے کہا حکومت کوآرڈینیشن کمیٹیوں کی ملاقاتوں کا شوق پورا کر لے، کوآرڈینیشن کمیٹیوں کی ناکامی پر وزیر اعظم سے بات کروں گا۔ واضح رہے کہ حکومت اور پی پی کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کی ملاقات تاحال طے نہیں ہوئی۔

  • پاکستان کو کچھ لوگ انتہاپسندی کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو

    پاکستان کو کچھ لوگ انتہاپسندی کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ پاکستان کو انتہاپسندی کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ لوگ ملک کو انتہاپسندی کی جانب سے دھکیلنا چاہتے ہیں اور وہ ہمارے نوجوانوں کا مستقبل تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن میں اپنے نوجوانوں کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ آج بھی کچھ ایسی سوچ رکھنے والے موجود ہیں جو خواتین کو پیچھے کھینچنا چاہتے ہیں، سندھ کی خواتین ناصرف پاکستان بلکہ دنیا میں کردار ادا کریں گی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آج لیاری میں بین الاقوامی طرز کے فٹبال گراؤنڈ موجود ہیں، صوبے بھر سے خواتین اسپورٹس کے لیے موجود ہیں یہ بڑی کامیابی ہے، سندھ حکومت نے کراچی کے عوام کے لیے یہ منصوبہ شروع کیا، قائد اعظم نے کہا تھا جب تک خواتین کا کردارنہ ہو کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے ثابت کیا تھا کہ پاکستان کی خواتین جو کرنا چاہیں کرسکتی ہیں، اپنے نوجوانوں کو کھیلتے، پڑھتے اور روزگار کرتے دیکھنا چاہتا ہوں، میں اور آپ مل کر ملک کے نوجوانوں کی ترقی کا بندوبست کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے اس علاقے سے محنت کی شروعات کی، صدر زرداری نے اس شہر اور اس علاقے کے لیے کام کیا، ناصرف مسائل ہیں بہتری کی گنجائش بھی ہے۔

    چیئرمین پی پی نے کہا کہ نوجوان محںت کررہے ہیں لیاری انہیں اصل نمائندگی دے رہا ہے، آپ کی محنت اور جدوجہد سے تاریخ میں پہلی بار جیالا میئر کھڑا ہے، یہ پوری جماعت کی کامیابی ہے لیکن صف اول کا کردار لیاری کا ہے، وزیر اعلیٰ آپ اور کے ایم سی لیاری میں سب سے زیادہ کام کریں، وزیر اعلیٰ یہاں لائٹ کا بندوبست کریں تاکہ دن رات میچ کھیل سکیں۔

    بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بہت سے شعبوں میں بہتری کی گنجائش ہے، اپنے وزیر اعلیٰ سے کراچی سمیت پورے سندھ پر توجہ لیں گے۔

  • بلاول بھٹو سے سینیٹر فیصل واوڈا کی اہم ملاقات

    بلاول بھٹو سے سینیٹر فیصل واوڈا کی اہم ملاقات

    اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے سینیٹر فیصل واوڈا کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی پی بلاول بھٹو اور فیصل واوڈا کی ملاقات میں سیاسی صورت حال، ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست سے پیدا بحران پر گفتگو کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول اور واوڈا کی ملاقات زرداری ہاؤس میں ہوئی ہے۔

    اس سے قبل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جو مرشد ہے وہی بانی پی ٹی آئی کی تباہی کا ذمہ دار اور ضامن ہے۔

    فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ جو لوگ ڈیل کے تحت باہر آئے ہیں وہ ڈیل سے باہر جائیں گے تو پھر حراست میں بھی جائیں گے۔دھرنے سے سب سے پہلے بشریٰ بی بی اور گنڈاپور بھاگے۔بشریٰ بی بی جان دینے کو تیار تھیں مگر فوٹیج آگئی کہ وہ ٹہلتے ہوئے گاڑی میں بیٹھ رہی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر بیگم جاکر بانی پی ٹی آئی کو دم درود والا پانی پلادیں یا دہی کھلادیں تو ریاست ذمہ دار نہیں ہوگی،اور اگر اُنہیں بچانا ہے تو یہی راستہ ہے کہ ان کی ملاقات نہیں کرائی جائے۔

    واوڈا کہ بشریٰ بی بی جب عمران خان کی زندگی میں آئیں ، اُس کے بعد وہ گھڑی چور، مار دھاڑ پر یقین کرنے والے اور اداروں کے خلاف ہوئے ۔

  • کراچی سمیت سندھ بھرمیں پھر تیر چل گیا، بلاول بھٹو کامیابی پر اظہار تشکر

    کراچی سمیت سندھ بھرمیں پھر تیر چل گیا، بلاول بھٹو کامیابی پر اظہار تشکر

    کراچی : چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے بلدیاتی ضمنی انتخابات میں کامیابی پر کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں پھر تیر چل گیا اور بی بی شہید کے جیالے جیت گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بلدیاتی ضمنی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد اور جیالوں کو شاباشی دی۔

    چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ایک بار پھر تیر چل گیا، بی بی شہید کے جیالے جیت گئے، بلدیاتی ضمنی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عوام نے پھر نفرت ،تقسیم کی سیاست مسترد کرکے عوامی خدمت کو چنا، کراچی میں پی پی امیدواروں کا بڑے مارجن سے جیت کرسوئپ کرنا تاریخی پیشرفت ہے، یقین ہے پیپلز پارٹی کے نومنتخب بلدیاتی نمائندے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں کامیابی آپ کے کندھوں پر بھاری ذمہ داریاں اور امتحان لائی ہے، آپ کو محدود وسائل ،زیادہ مسائل کا سامنا ہوگا، مسائل کا حل پارٹی ویژن کا نفاذ اور آپ کی محنت ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں بلدیاتی ضمنی انتخاب کا میدان پیپلزپارٹی نے مار لیا

    خیال رہے کراچی کی 10 بلدیاتی اور ایک کنٹونمٹ کی نشست پر انتخابات میں 9 نشستیں لے کر پیپلزپارٹی نے میدان مار لیا۔

    شہر قائد میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی نے 4 چیئرمین اور 4 کونسلر اور ایک وائس چیئرمین کی نشست حاصل کی۔

  • بلاول بھٹو کا اسموگ سے پریشان شہریوں کو دلچسپ مشورہ

    بلاول بھٹو کا اسموگ سے پریشان شہریوں کو دلچسپ مشورہ

    اسلام آباد : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے دیگر شہروں میں اسموگ سے پریشان شہریوں کو دلچسپ مشورہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فضائی آلودگی کی وجہ سے لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، پشاور اور ایبٹ آباد سمیت مختلف شہر بری طرح متاثر ہیں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے دیگر شہروں میں اسموگ سے پریشان شہریوں کو کراچی منتقل ہونے کا مشورہ دے دیا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے اپنے بیان میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے شہروں میں آلودگی کی تفصیل بھی شیئر کی، جس میں بڑے شہروں میں اے کیو آئی پوائنٹس کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔

    خیال رہے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی وطن واپس پہنچ گئے اور جمعرات سے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔

    بلاول جلد پیپلزپارٹی کی سی ای سی کا اجلاس بلائیں گے، اجلاس میں وفاق سے اتحاداورموجودہ سیاسی پیشرفت پربات چیت ہوگی

  • بلاول بھٹو کی ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخاب میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد

    بلاول بھٹو کی ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخاب میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد

    اسلام آباد : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخاب میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ڈونلڈٹرمپ کوصدارتی انتخاب میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے امریکا کی نئی انتظامیہ امن کو ترجیح دے گی اور امید کرتے ہیں نئی ٹرمپ انتظامیہ عالمی تنازعات ختم کرنے میں کردار ادا کرے گی۔

    خیال رہے امریکا میں صدارتی دوڑ ری پبلکنز امیدوار نے جیت لی، حکمرانی کی جنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ فاتح رہے، دو سو ستتر الیکٹورل ووٹ حاصل کرلیے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے سوئنگ اسٹیسٹس شمالی کیرولینا، جارجیا، پینسلوینیا اور وسکونسن میں کاملا ہیرس کو شکست دی، کاملا ہیرس سوئنگ اسٹیٹ میں صرف مینی سوٹا میں کامیابی حاصل کرسکیں اور دو سو چھیبس الیکٹورل ووٹ حاصل کئے۔

    ٹرمپ انڈیانا، کنٹیکی کٹ، مغربی ورجینیا، اوکلا ہوما، مسیسپی، الاباما، فلوریڈا، جنوبی کیرولائنا، ٹینیسی اور آرکنساس سے کامیاب ہوئے جبکہ کاملا ہیرس کی ورمونٹ، میساچوسٹس، رہوڈز آئی لینڈ، میری لینڈ اور نیویارک میں جیت ہوئی۔