Tag: بلاول بھٹو

  • سید مراد علی شاہ کی نئی صوبائی کابینہ کے اراکین کے ساتھ بلاول بھٹو سے ملاقات

    سید مراد علی شاہ کی نئی صوبائی کابینہ کے اراکین کے ساتھ بلاول بھٹو سے ملاقات

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی نئی صوبائی کابینہ کے اراکین کے ساتھ بلاول ہاوٴس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور قیادت کے اعتماد اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے زیادہ سے زیادہ کارکردگی دکھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی نئی کابینہ کے اراکین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور پارٹی کسی بھی وزیر کی غفلت کو برداشت نہیں کرے گی،تمام وسائل کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے عوام کے لیے کام کریں اور ان کی تکالیف کو کم کریں،صوبے میں ترقی اور خوشحالی کی رفتار کو آگے بڑہاتے ہوئے سابقہ کابینہ کے نامکمل کاموں اور منصوبوں کو مکمل کیا جائے۔

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے نئی کابینہ کے اراکین پر زور دیا کہ 18ترمیم کے بعد صوبے کو منتقل ہونے والے محکموں اور اختیارات پر عملدرآمد کے لیے مضبوط ہوم ورک تیار کیا جائے،وفاقی قابل تقسیم پول سے منصفانہ شیئر لیا جائے،عام آدمی پر بوجھ نہ ڈالنے کو اولیت دیتے ہوئے صوبائی آمدنی کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے،بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ امن امان، تعلیم اور صحت کے محکموں کے لیے زیادہ توجہ درکار ہے،کیونکہ یہ محکمے عام آدمی کی زندگی پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں،انہوں نے کہا کہ نو منتخب بلدیاتی اداروں کا اجتماعی دانش بھی شہری سہولیات کی بحالی کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

    قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے اراکین سندھ کابینہ کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ صوبے اور عوام کی بہتری کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کی پالیسیوں پر عملدرآمد کے لیے اپنی ممکنہ کوششیں ضرور لیں گے،اس موقع پر آج لاڑکانہ میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کی گئی، چیئرمین پیپلزپارٹی، وزیراعلیٰ سندھ اور اراکین کابینہ نے شہید اہلکار کے ایصال کے لیے دعا بھی کی۔

    بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ لاڑکانہ بم دھماکے کے زخمیوں کے بہتر علاج کا انتظام کیاجائے،ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ساتھ نئی کابینہ کے اراکین صوبائی وزراء مخدوم جمیل الزماں، نثار احمد کھڑو، جام مہتاب ڈہر،سکندر میندھرو، جام خان شورو،، شمیم ممتاز، سہیل انور سیال، سید سردار شاہ، مکیش چاولا،صوبائی مشیران مولا بخش چانڈیو، سینیٹر سعید غنی، اصغر جونیجو، مرتضیٰ وہاب، معاونین خصوصی ڈاکٹر کھٹو مل، ڈاکٹر سکندر شورو،ارم خالداور اور سید غلام شاہ جیلانی شامل تھے۔

  • بلاول بھٹو نے مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ سندھ بنانے کا اعلان کردیا

    بلاول بھٹو نے مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ سندھ بنانے کا اعلان کردیا

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مراد علی شاہ کو سندھ کا وزیراعلیٰ نامز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول ہاؤس کراچی میں بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نثار کھوڑو،گیان چند اسرانی، ممتاز جاکھرانی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

    اجلاس کے موقع پر انہوں نے مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیر اعلیٰ مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا، اعلان سے قبل بلاول بھٹوزرداری نے پارٹی رہنماؤں سے تین گھنٹے طویل مشاورت کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کی تبدیلی کا فیصلہ بہت مشکل تھا، مگر پارٹی مفادات کی خاطر اس طرح کے فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قائم علی شاہ پارٹی کا اثاثہ ہیں اور ہم پارٹی کی خدمت کرنے پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    دوسری جانب صوبائی وزراء نے بھی بلاول بھٹو کو اپنے اپنے استعفے پیش کردیئے ہیں، جس پر پارٹی چیئرمین نے وزیراعلیٰ سندھ سمیت وزراء کو ہدایت کی کہ وہ اپنے استعفے منظوری کیلئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو ارسال کریں۔

     

  • رینجرز اختیارات کا معاملہ پی پی قیادت کا اہم اجلاس دبئی میں طلب

    رینجرز اختیارات کا معاملہ پی پی قیادت کا اہم اجلاس دبئی میں طلب

    دبئی : رینجرز اختیارات، پاناما لیکس اور آزاد کشمیر انتخابات پر پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی قیادت کا دو روزہ اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے دو روزہ اہم اجلاس کی قیادت سابق صدر آصف علی زرداری کریں گے جبکہ اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سمیت پیپلزپارٹی کی اہم قیادت اور سندھ حکومت کے اہم وزراء کل صبح دبئی روانہ ہوں گے۔

    پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں رینجرز کے خصوصی اختیارات، سندھ حکومت کی کارکردگی اور پانامہ لیکس اور کشمیر الیکشن کے حوالے سے غور و خوض کیا جائے گا، سابق صدر آصف علی زرداری نے تمام معاملات میں قانونی مشاورت کے لیے فارق ایچ نائیک اور سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

    پیپلزپارٹی کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ’’دبئی اجلاس میں کراچی میں صفائی ستھرائی کی صورتحال، نئے چیلجز سے نمٹنے اور آزاد کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ ن کے خلاف تحریک چلانے پر بھی غور کیا جائے گا۔

    قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور سندھ کے اہم وزراء کو طلب کیا اور کور کمانڈر کراچی نوید مختار سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات طلب کی، قائم علی شاہ نے بلاول بھٹو زرداری کو تمام تفصیلات سے آگاہ کیا، جس کے بعد بلاول بھٹو زرداری اہم پیغام لے کر دبئی روانہ ہوں گے۔

  • حکومت کی ترجیحات میں مسئلہ کشمیر شامل ہے تو اس کے لیے کیا کیا، بلاول

    حکومت کی ترجیحات میں مسئلہ کشمیر شامل ہے تو اس کے لیے کیا کیا، بلاول

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں اگر مسئلہ کشمیر شامل ہے تو اس نے اس کے لیے کیا کیا؟ ن لیگ کے خلاف عمران خان کی حمایت کرتا ہوں۔

    بلاول بھٹو نے ن لیگ کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں مسئلہ کشمیر شامل ہی نہیں ہے۔ نواز شریف بھارت جا کر حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے نہیں ملے البتہ اسٹیل ٹائیکون سے ضرور ملے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لیے پچھلے 3 سال میں آپ نے کتنی بار بات کی۔ سب کشمیر کے بارے میں بات کر رہے ہیں آپ نے ایک بیان تک نہیں دیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجیحات میں کشمیر بھٹو کے وقت سے شامل ہے۔ ہم نے کشمیر کے لیے بہت قربانیاں دیں، کشمیر کے عوام نے قربانیاں دی ہیں۔

    آزاد کشمیر کے انتخابات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں آزادانہ اور برابری کا ماحول ملتا ہے تو ہم الیکشن جیتیں گے۔ آزاد کشمیر انتخابات میں تشدد کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ وہاں ن لیگ کے پاس دھاندلی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور سے قبل وہاں صرف ایک یونیورسٹی تھی، آج 6 ہیں۔ آزاد کشمیر کے نوجوان تعلیم اور روزگار چاہتے ہیں۔ کوئی وجہ نہیں ہے جس کی بنیاد پر آزاد کشمیر کے عوام ن لیگ کو ووٹ دیں۔

    انہوں نے تنبیہہ کی کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو وزیر اعظم 2014 کا دھرنا بھول جائیں گے۔

    انہوں نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کرنے والے کرپشن کا شور مچاتے ہیں، یہ منافق لوگ ہیں۔ عوام ان کی کرپشن کا جواب مانگ رہی ہے۔ وزیر اعظم نے ایوان میں کہا کہ سب سے پہلے میرا احتساب ہوگا پر ابھی تک نہیں ہوا۔

  • بلاول زرداری کے اہل خانہ کے ٹیکس پر بھی بات کی جائے، چوہدری نثار

    بلاول زرداری کے اہل خانہ کے ٹیکس پر بھی بات کی جائے، چوہدری نثار

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے اہل خانہ کی جائیداد پربات کیوں نہیں کی جاتی، انہوں نے بتایا کہ مشاورت کے بعد کراچی میں رینجرزکو اختیارات دیئے جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری نثارعلی خان نے  پیپلز پارٹی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے والد اور دیگراہل خانہ نے کتنا ٹیکس ادا کیا ہے، وہ پہلے انکارکرتے رہے پھر برطانوی عدالت میں سرے محل تسلیم کرلیا۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول کے نام پر اربوں روپے کی پراپرٹی ہے لیکن ان کا کوئی ٹیکس ریٹرن نہیں۔ سابق حکمرانوں کی دبئی میں رہائشوں کا کوئی اکاؤنٹ نہیں۔ ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ کون کون لوگ کرپشن میں ملوث ہیں۔

    وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کی ایران میں سرگرمیوں کے بارے میں مزید معلومات مل گئیں۔ ایران نے کلبھوشن کی تمام تفصیلات فراہم کردی ہیں، کلبھوشن کےساتھی کی بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ افغان مہاجرین کے بارے میں فیصلہ وزیراعظم کی واپسی پر ان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی موجودگی میں ہو گا۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے سوا کوئی بھی کراچی آپریشن کا کپتان نہیں ہو سکتا۔ رینجرز کو 30دن کیلئے کسی کو بھی حراست میں رکھنے کا اختیار دینے کے لئے مشاورت کر رہے ہیں۔ مشاورت کے بعد رینجرز کو اختیارات دینگے۔

     

  • پانامالیکس پر مشاورت اپوزیشن سے ہوگی حکومت سے نہیں، بلاول بھٹو

    پانامالیکس پر مشاورت اپوزیشن سے ہوگی حکومت سے نہیں، بلاول بھٹو

    کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت ٹی اوآرزنہ مان کردیگرآپشنزپرمجبور کررہی ہے، حکومت نہ مانی توڈٹ جائیں گے، حکومت کو بھاگنے نہیں دینگے۔

    تفصیلات کے مطابق پانامہ لیکس پر بنائی جانے والی پارلیمانی کمیٹی کی اہم بیٹھک آج ہورہی ہے، پانامہ لیکس کے ہنگامے سے نکلنے کیلئے حکومت کی ہر کوشش ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی حکومت کا ساتھ نہ دینے کی ٹھان لی۔

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پانامالیکس پر مشاورت اپوزیشن سے ہوگی حکومت سے نہیں، اپوزیشن جوبھی فیصلہ کرے پیپلز پارٹی ہراول دستہ ہوگی۔

    بلاول بھٹو زرداری نے بھی دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ حکومت ٹی اوآرزنہ مان کردیگرآپشنزپرمجبور کررہی ہے، ٹی او آرز پر حکومت نہ مانی توڈٹ جائیں۔

    واضح رہے کہ عمران خان ٹی او آرز کی ناکامی پر پہلے ہی سڑکوں پر آنے کا اشارہ دے چکے ہیں اب بلاول بھٹو زرداری نے بھی حکومت کےلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

    حکومت آج نئی تجاویز لے کرآرہی ہے اوراپوزیشن کو رام کرنے کے لئےحکومتی ارکان خورشید شاہ کے گھٹنوں کو ہاتھ لگانے سے بھی دریغ نہیں کررہے۔

  • جُھک کر ملنا میری تربیت میں شامل ہے، پرویز رشید

    جُھک کر ملنا میری تربیت میں شامل ہے، پرویز رشید

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ میں سب سے جھک کر ملتا ہوں بلاول بھٹو زرداری کو حق ہے کہ وہ اپنا تبصرہ کریں.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، پرویز رشید نے کہا کہ میرا اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا چیمبر بالکل ساتھ ساتھ ہے۔

    انہوں نے مجھے کھجوروں کا تحفہ بھیجا، جس کا شکریہ ادا کرنے ان کے پاس گیا اور ان سے جھک کر ملا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن پر کوئی برا وقت نہیں بلکہ معمول کا وقت ہے۔

    پرویز رشید نے کہا کہ اپوزیشن کے کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ پاناما لیکس کا معاملہ سڑکوں پر لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان انتخابات جیتنے کی پوزیشن میں نہیں، اس لئے پہلے ہی دن سے سڑکوں پر آ کر اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : حکمران مشکل میں ہوں تو پاؤں، باہر نکل آئیں تو گلا پکڑتے ہیں،بلاول

    واضح رہے کہ خورشید شاہ اور پرویز رشید کی ملاقات کی ایک تصویر منظر عام پر آئی ہے جس میں پرویز رشید احتراماً خورشید شاہ کے پیروں کو ہاتھ لگا رہے ہیں ۔اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ برا وقت ہو تو پیروں کو ہاتھ لگا تے ہیں اور مشکل وقت نکل جائے تو گلے پر ہاتھ ڈالتے ہیں۔

     

  • ٹی اوآرز پر مذاکرات، اعتزازاحسن بلاول بھٹو کو بریفنگ دینگے

    ٹی اوآرز پر مذاکرات، اعتزازاحسن بلاول بھٹو کو بریفنگ دینگے

    کراچی : پاناما لیکس کے ٹی اوآرز کیلئے قائم کمیٹی کے اجلاسوں پر بریفنگ کیلئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعتزازاحسن کو کراچی طلب کرلیا, سینیٹراعتزاز احسن کل شام کراچی پہنچیں گے, اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پانامہ لیکس کے معاملہ پر حکومتی وفد سے ہونے والے اب تک کے مزاکرات پر بریفنگ دیں گے۔

    اعتزاز احسن بلاول بھٹو زرداری کو اپوزیشن جماعتوں کے مؤقف اور ٹی او آرز پر بھی بریفنگ دیں گے، واضح رہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقاتی کمیٹی کے ٹی اوآرز کیلئے بننے والی پارلیمانی کمیٹی کے حکومتی اور اپوزیشن اراکین سات اجلاسوں کے باوجود اب تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم کے قومی اسمبلی میں خطاب کے بعد ٹی او آرز کی تیاری کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ کمیٹی میں حکومت کی نمائندگی وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، سعد رفیق، انوشہ رحمان، میر حاصل بزنجو اور اکرم درانی کریں گے۔

    کمیٹی کے اپوزیشن اراکین میں پیپلز پارٹی کے چوہدری اعتزاز احسن، پاکستان تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی، عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر الیاس بلور، جماعت اسلامی کےصاحبزادہ طارق اللہ، پاکستان مسلم لیگ ق کے طارق بشیر چیمہ اور متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف شامل ہیں۔

     

  • پیپلزپارٹی ون یونٹ بجٹ کو مسترد کرتی ہے، بلاول بھٹو

    پیپلزپارٹی ون یونٹ بجٹ کو مسترد کرتی ہے، بلاول بھٹو

    کراچی: بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ون یونٹ بجٹ کو مسترد کرتی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ لگتا ہے وفاقی بجٹ فیڈریشن کو توڑنے کے لئے بنایا گیا۔

    بلاول بھٹو نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ وفاقی بجٹ وفاق کو توڑنے کے مترادف ہے، پنجابستان کے لئے بنائے گئے ون یونٹ بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔

    دوسری جانب گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پر بحث کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بجٹ کی کوئی سمت نظر نہیں آرہی بجٹ کسان دوست ہے یا مزدور دوست یا پھر کیا صوبے اس بجٹ سے خوش ہیں۔

  • چوہدری نثار کے وزیراعظم بننے کا منصوبہ ناکام ہوگیا، بلاول بھٹوزرداری

    چوہدری نثار کے وزیراعظم بننے کا منصوبہ ناکام ہوگیا، بلاول بھٹوزرداری

    کراچی : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کا وزیراعظم بننے کا منصوبہ ناکام ہوگیا،اس لیے وہ بوکھلا گئے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرپیغام میں ایک بار پھر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری نثار کے وزیراعظم بننے کا منصوبہ ناکام ہوگیا، جس پر وہ بوکھلا گئے ہیں.

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف کی بیماری کا ایسے فائدہ اُٹھانا مناسب نہیں۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے بلاول بھٹو زرداری کے ٹویٹر پیغام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعائیں کررہی ہے جبکہ بلاول ذاتی حملےکر رہےہیں.

    گذشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کی صحت سے متعلق عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے الزامات لگائے جارہے ہیں،ایسا لگتا ہے کہ دونوں رہنماؤں میں اخلاقیات ہی نہیں ہیں.

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم وزیراعظم کی صحت یابی کے لیے دعائیں کررہی ہے، جبکہ دو سیاسی پارٹی کےسربراہان کی جانب سے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جارہی ہے.