Tag: بلاول کا افطار ڈنر

  • بلاول بھٹو پکوڑوں اور پھلوں کی چاٹ سے مہمانوں کی تواضع کریں گے: ذرایع

    بلاول بھٹو پکوڑوں اور پھلوں کی چاٹ سے مہمانوں کی تواضع کریں گے: ذرایع

    اسلام آباد: ذرایع نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری افطار ڈنر پر بلائے گئے مہمانوں کی روایتی پکوانوں سے تواضع کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی کی جانب سے اسلام آباد میں آج اپوزیشن لیڈرز کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا جا رہا ہے، معلوم ہوا ہے کہ مہمانوں کی تواضح روایتی پکوانوں سے کی جائے گی۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ روزہ افطار کرنے کے لیے پکوڑوں اور پھلوں کی چاٹ سے روایتی دستر خوان سجایا جائے گا۔

    بلاول بھٹو کی جانب سے اپوزیشن رہنماؤں کے اعزاز میں دیے جانے والے آج کے افطار ڈنر نے سیاسی ماحول میں خاصی ہل چل پیدا کر دی ہے، حکمران جماعت کے ارکان کی جانب سے بھی اسے مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اپوزیشن جماعتیں اکھٹی ہو رہی ہیں، ملکی معاملات پر بات چیت ہوگی: حمزہ شہباز

    کچھ دیر قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز بھی اس افطار ڈنر میں شرکت کے لیے جاتی امرا سے روانہ ہو چکی ہیں، ن لیگی رہنما پرویز رشید اور مریم اورنگزیب بھی ان کے ہم راہ ہیں۔

    پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے افطار ڈنر کے حوالے سے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں آج اکٹھی ہو رہی ہیں اور ملکی معاملات پر بات چیت ہوگی۔

    دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا کہ بلاول والد کے پیسوں سے افطار ڈنر دے رہے ہیں، پی پی اور ن لیگ کا گٹھ جوڑ کرپشن بچانے کی نا کام کوشش ہے۔

  • اپوزیشن جماعتیں اکھٹی ہو رہی ہیں، ملکی معاملات پر بات چیت ہوگی: حمزہ شہباز

    اپوزیشن جماعتیں اکھٹی ہو رہی ہیں، ملکی معاملات پر بات چیت ہوگی: حمزہ شہباز

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں آج اکٹھی ہو رہی ہیں، ملکی معاملات پر بات چیت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو کے افطار ڈنر میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانگی سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں آج اکٹھی ہو رہی ہیں، ملکی معاملات پر بات چیت ہو گی۔

    انھوں نے کہا ملک کو بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے، عمران خان کو کارکردگی بہتر کرنا ہوگی یا گھر جانا ہو گا، موجودہ حکمران نا اہل ہیں، عوام ان کے جھوٹ پر توجہ نہ دیں۔

    حمزہ شہباز نے کہا کہ آج اپوزیشن جماعتوں کے درمیان جو بات چیت ہوگی اس سے نواز شریف اور شہباز شریف کو آگاہ کریں گے، سیاسی جماعتوں کو مل کر بیٹھنا چاہیے ورنہ قوم معاف نہیں کرے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو کی دعوت افطار آج ہوگی، مریم نواز ودیگر رہنماؤں کی آمد متوقع

    انھوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گالیوں سے بائیس کروڑ لوگوں کا پیٹ نہیں بھرتا، آپ کو کارکردگی بہتر کرنا ہوگی، دواؤں کی قیمتوں میں تین سو فی صد اضافہ ہوا ہے، ملک کی تاریخ کا یہ بد ترین معاشی بحران ہے، کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہو گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمران نا اہل ہیں، بزنس مین چیخ رہے ہیں، گیس غریبوں کے لیے مہنگی اور امیروں کے لیے سستی کر دی گئی ہے، اب قوم کے لیے باہر نہیں نکلیں گے تو کب نکلیں گے۔

    حمزہ نے کہا ’کل وزیر اعظم نے کہا دعا مانگو ایک ہفتے میں گیس نکل آئے، ابھی الفاظ پورے بھی نہیں ہوئے کہ گیس نہ ملنے کا اعلان ہو گیا۔‘

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے نہ صرف آئی ایم ایف پروگرام شروع کیا بلکہ ختم بھی کیا، گروتھ ریٹ 6 فی صد پر چھوڑ گئے تھے، 9 ماہ میں انھوں نے آدھا کر دیا، الٹی گنگا بہہ رہی ہے جو زیادہ گیس استعمال کر رہے ہیں ان کو رعایت ہے، جو لوگ کم گیس استعمال کر رہے ہیں ان سے زیادہ پیسے لے رہے ہیں۔