Tag: بلاول ہاؤس کراچی

  • این اے 249: ن لیگ نے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگ لی

    این اے 249: ن لیگ نے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگ لی

    کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن نے کراچی کے انتخابی حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگ لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔

    ملاقات میں بلاول بھٹو اور شاہد خاقان میں این اے 249 ضمنی انتخاب پر بات چیت ہوئی، شاہد خاقان نے ن لیگی امیدوار کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت مانگ لی۔

    بلاول بھٹو نے ن لیگی رہنما کو جواب دیا کہ پارٹی سے مشاورت کے بعد آگاہ کروں گا، اس ملاقات میں شیری رحمان، نوید قمر اور مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔

    این اے 249: پاک فوج سے مدد طلب

    واضح رہے کہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں مقامی سطح پر سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 55 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، جن کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے اور 25 مارچ تک اس کی جانچ پڑتال جاری رہے گی، ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل جمع کرانے کی آخری تاریخ 29 مارچ ہے، جب کہ اپیلٹ ٹریبونل میں اپیل کے فیصلوں کی آخری تاریخ 5 اپریل مقرر کی گئی ہے۔

    کاغذات نامزدگی 7 اپریل تک واپس لیے جا سکتے ہیں، امیدواروں کو انتخابی نشان 8 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے، جب کہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 29 اپریل کو ہوگی۔

  • بختاور کا نکاح، بلاول بھٹو نے تصاویر شیئر کر دیں

    بختاور کا نکاح، بلاول بھٹو نے تصاویر شیئر کر دیں

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بہن بختاور کے نکاح کی تصاویر شیئر کر دیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بلاول بھٹو نے ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں بہن بختاور کے نکاح کی تصاویر شیئر کی ہیں، بلاول نے شادی کو طویل عرصے بعد آنے والا خوشیوں کا لمحہ قرار دیا۔

    ٹویٹ میں بلاول نے لکھا میری بہن بختاور بھٹو زرداری کی شادی ایک طویل عرصے بعد آنے والا خوشیوں کا لمحہ ہے، مجھے ایسا لگا کہ مسرت کے اس لمحے میں میری والدہ ہمیں دیکھ رہی ہیں۔

    بلاول نے نئے جوڑے کو مبارک باد بھی دی، لکھا ’میری جانب سے دونوں کو ایک ساتھ نئی زندگی کی ابتدا مبارک ہو۔‘

    واضح رہے کہ آج شام بلاول ہاؤس کراچی میں بختاور بھٹو محمود چوہدری کے ساتھ نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں، بختاور بھٹو کا نکاح مولانا غلام محمد بخش نے پڑھایا، ان کا تعلق ٹھٹھہ سے ہے۔

    نکاح کی تقریب میں آصف زرداری، بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو سمیت بھٹو خاندان، چوہدری خاندان، اور زرداری خاندان کے افراد نے شرکت کی۔

    طویل عرصے بعد بلاول ہاؤس شہنائیوں کی آوازوں سے گونج اٹھا، دلہا محمود چوہدری اپنے اہل خانہ کے ساتھ سفید لینڈ کروزر میں بلاول ہاؤس پہنچے تھے، ایک گاڑی میں پھولوں کے ہار اور گلدستوں کا ڈھیر تھا جب کہ دوسری میں بینڈ باجے کا انتظام کیا گیا تھا۔

  • آصف زرداری کی بیٹی بختاور کی منگی طے

    آصف زرداری کی بیٹی بختاور کی منگی طے

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور شہید بے نظیر بھٹو کی صاحب زادی بختاور کی منگنی رواں ماہ کی 27 تاریخ کو طے ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بے نظیر بھٹو شہید کی بڑی صاحب زادی بختاور بھٹو کی منگنی 27 نومبر کو چوہدری یونس کے صاحب زادے محمود سے ہوگی۔

    منگنی کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگی، مہمانوں کو منگنی کے دعوت نامے بھی بھجوا دیےگئے، بختاور کے منگیتر محمود، یونس چوہدری کے صاحب زادے ہیں۔

    دعوت نامے میں مہمانوں کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ تقریب میں شرکت سے قبل کرونا ٹیسٹ لازمی کروائیں گے، اور اس کی رپورٹ 24 گھنٹے قبل بلاول ہاؤس کراچی کو بھجوائی جائے گی۔

    مہمانوں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ تقریب کے دوران اپنا موبائل فون استعمال نہیں کریں گے، سیل فون تقریب میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تقریب میں آفیشل فوٹو گرافر ہی کو منگنی کی تصاویر لینے کی اجازت ہوگی، مہمانوں کو بھی وہی تصاویر دی جائیں گی۔

    تقریب میں محدود تعداد میں مہمانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

    بلاول ہاؤس کراچی سے بھی اس سلسلے میں اعلامیہ جاری ہو گیا ہے، جس میں بختاور بھٹو کی منگنی کی تصدیق کی گئی ہے، آصف زداری کا کہنا ہے کہ بختاور بھٹو کا رشتہ محمود چوہدری سے طے پایا ہے۔

  • شہباز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات، اے پی سی بلانے پر اتفاق

    شہباز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات، اے پی سی بلانے پر اتفاق

    کراچی: اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں شہباز شریف، آصف زرداری اور بلاول کے درمیان ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق رائے ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں میاں شہباز شریف نے بلاول ہاؤس میں آصف زرداری سے ملاقات کی، جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق بات چیت ہوئی، تینوں رہنماؤں نے اے پی سی بلانے پر اتفاق کر لیا ہے۔

    ادھر اپوزیشن نے رہبر کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے، اجلاس میں 11 اپوزیشن جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے، رہبر کمیٹی کا یہ اجلاس اکرم درانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس میں شاہد خاقان، احسن اقبال، ایاز صادق، مریم اورنگ زیب شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کو مضبوط کرنے پر تجاویز لی جائیں گی، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور دیگر جماعتوں کو تجاویز دے گی، اجلاس میں اے پی سی کے ایجنڈے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور ہوگا۔

    اجلاس میں حکومتی اتحاد چھوڑنے والی بی این پی مینگل بھی شریک ہوگی، پی پی، ن لیگ، جے یو آئی ف، جے یو پی، اے این پی، قومی وطن پارٹی، پی میپ، نیشنل پارٹی، بی این پی عوامی اور جمعیت اہل حدیث کے نمائندے شریک ہوں گے۔

  • ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کیلئےکمیٹی کا قیام

    ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کیلئےکمیٹی کا قیام

    کراچی : پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ کی سندھ حکومت میں شمولیت کا عندیہ دیدیا ہے۔

    سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کی ہدایت دی ہے جو اس سلسلے میں ایم کیو ایم کے ساتھ مذاکرات کرے گی ۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلزپارٹی کے اراکین اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، اس دوران پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے براہ راست اراکین اسمبلی سے تین بار ایم کیو ایم کے شمولیت کے حوالے سے پوچھا۔تاہم کسی نے بھی رائے دینے سے گریز کیا۔

    اس دوران پیپلزپارٹی کے رکن نادرمگسی کو شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے براہ راست مخاطب کیا اور کہا کہ آپ بتائیں کہ یہ فیصلہ درست ہے یا نہیں؟ جس پر نادر مگسی کا کہنا تھا کہ ذاتی پسند ناپسند سے ہٹ کر سیاسی طور پر ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ درست ہے ۔

    اس دوران پیپلزپارٹی کی خاتون رکن کلثوم چانڈیو نے بھی اس دوران کھڑے ہوکر ایم کیو ایم کی حکومت میں شمولیت کی واضح حمایت کی جس کے بعد پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ آپ لوگوں کی رائے مجھے مل گئی ہے اور وہ اجلاس ختم کرکے چلے گئے ۔

    اس سے قبل پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سینیٹ انتخابات میں کامیابی پر اپنی جماعت کے اراکین اسمبلی کو مبارکباد دی۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ہمیشہ سے سندھ حکومت کی گورننس کے خلاف باتیں کرتے تھے اب انہیں اپنی رائے تبدیل کرلینی چاہیے کیونکہ سندھ کے علاوہ ہر صوبے میں سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی سندھ واحد صوبہ ہے جہاں ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی ۔