Tag: بلدیاتی انتخابات

  • الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کا بلدیاتی انتخابات کے التوا کا عذر مسترد کر دیا

    الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کا بلدیاتی انتخابات کے التوا کا عذر مسترد کر دیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کا بلدیاتی انتخابات کے التوا کا عذر مسترد کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب کی لوکل گورنمنٹ کے سیکریٹری نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

    سیکریٹری نے بتایا کہ حکومت پنجاب فی الحال بلدیاتی الیکشن کی تاریخ دینے سے قاصر ہے، کرونا وبا کے پھیلاؤ کے باعث مشکلات در پیش ہیں۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے اس عذر پر برہمی کا اظہار کیا گیا، اور بلدیاتی انتخابات کے التوا کے عذر کو مسترد کر دیا گیا، چیف الیکشن کمشنر نے کہا پنجاب حکومت لوکل گورنمنٹ الیکشن کے انعقاد میں سنجیدہ نہیں۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ 10 جنوری تک ویلج اور نیبرہوڈ کونسلرز کے ناموں کی اشاعت کی جائے، جس پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے الیکشن کمیشن کو عمل درآمد کی یقین دہانی کرا دی، تاہم پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کے حوالے سے مہلت مانگ لی۔

    الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ 15 دن کے اندر پنجاب حکومت انتخابات کی تاریخوں سے آگاہ کرے، اس ضمن میں کمیشن کا آئندہ مشاورتی اجلاس 15 دن کے بعد طلب کیا گیا۔

    اجلاس میں فارن فنڈنگ کمیٹی نے کیسز کے حوالے سے بھی الیکشن کمیشن کو بریف کیا، الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کے عمل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا، بریفنگ میں کہا گیا کہ فریقین کے وکلا میٹنگز میں دیر سے آتے ہیں اور کم وقت دیتے ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ کمیٹی ہر ہفتے 3 دن کام کرے، اور اسکروٹنی کا کام جلد از جلد مکمل کرے، دریں اثنا، اجلاس کو ووٹر لسٹوں میں موجود صنفی فرق کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، بتایا گیا کہ انتخابی فہرستوں میں صنفی فرق 11.7 فی صد تھا، 2020 میں کم ہو کر 10.7 فی صد رہ گیا ہے۔

  • ق لیگ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیار

    ق لیگ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیار

    لاہور: ق لیگ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہو گئی، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر قیصر بریار اور سینئر نائب صدر مسلم لیگ ق چوہدری سلیم بریار نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ کرونا وبا سے ملکی معیشت کا برا حال ہے، تاجر برادری اس مشکل وقت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

    انھوں نے تاجر برادری کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تاجر معیشت کو سنبھالنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

    پرویز الہٰی نے حکومتی مدت سے متعلق پہلی بار دعویٰ ظاہر کر دیا

    چوہدری پرویز الہٰی نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں ہزارہ برادری کے کان کنوں کی ہلاکت پر بھی افسوس کا اظہار کیا، دریں اثنا، انھوں نے پارٹی کے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار کو سیالکوٹ میں تنظیم سازی کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں بھی سونپیں۔

    ملاقات میں ق لیگی کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے لائحہ عمل بھی مرتب کیا گیا، پرویز الہٰی نے کہا کارکنوں کو بلدیاتی الیکشن کے لیے تیار کیا جائے۔

  • پنجاب میں ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 15 دن کے لیے مؤخر

    پنجاب میں ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 15 دن کے لیے مؤخر

    اسلام آباد: پنجاب میں ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 15 دن کے لیے مؤخر کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی درخواست پر ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت مؤخر کر دی گئی، الیکشن کمیشن نے آج پنجاب کی ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت کرنی تھی۔

    پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن سے ولیج، پنچائت و نیبرہوڈ کونسلوں کے ناموں کی منظوری کے لیے مہلت مانگ لی ہے، دوسری طرف الیکشن کمیشن نے کرونا صورت حال میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق تفصیلی مؤقف طلب کر لیا۔

    واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت آج منعقدہ اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن و دیگر نے شرکت کی، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کے لیے کونسلوں کے ناموں کی کابینہ سے منظوری کے لیے وقت درکار ہے۔

    الیکشن کمیشن نے وفاق کو مردم شماری کی سرکاری اشاعت کا حکم دے دیا

    الیکشن کمیشن کی جانب سے قانونی پیچیدگیوں سے بچنے، لوکل گورنمنٹ انتخابات یقینی بنانے کے لیے یہ استدعا منظور کی گئی۔

    یاد رہے کہ 15 ستمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی حکومت کو حکم دیا تھا کہ جلد از جلد مردم شماری کی سرکاری اشاعت کی جائے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے وزارتِ پارلیمانی امور اور وزارتِ قانون کو احکامات جاری کیے۔

  • ملک میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا

    ملک میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا

    اسلام آباد: پرنٹنگ کارپوریشن پاکستان میں منیجنگ ڈائریکٹر کی عدم تعیناتی سے تمام معاملات التوا کا شکار ہو گئے، ملک میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بھی خطرے میں پڑ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پرنٹنگ کارپوریشن میں ایم ڈی کی عدم تعیناتی سے گلگت بلتستان میں انتخابات اور بیلٹ پیپر کی چھپائی خطرے میں پڑ گئی ہے، ملک میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بھی خطرے میں پڑ گیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ الیکشن کے تمام معاملات ایم ڈی کی ذمہ داری ہوتی ہے، ایم ڈی پرنٹنگ کارپوریشن پاکستان کی عدم تعیناتی سے تمام معاملات التوا کا شکار ہو گئے ہیں۔

    سیکریٹری کابینہ اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ بھی تاحال ایم ڈی پی سی پی کی سمری بھیجنے میں ناکام رہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر فنانس، سیکریٹری، ڈپٹی سیکریٹری، آڈٹ آفیسر، اور جنرل منیجر کی آسامیاں بھی خالی ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کیلئے کمیٹیوں کا اعلان کر دیا

    ذرایع نے مزید بتایا کہ پرنٹنگ کارپوریشن میں ایم ڈی کی عدم تعیناتی سے ملازمین کے واجبات بھی ادا نہیں ہو سکے ہیں۔

    ادھر آج الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کے لیے کمیٹیوں کا اعلان کر دیا ہے، نئی حلقہ بندیوں کے بعد سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ہوگا، جس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 9 سے 22 ستمبر تک سندھ بھر میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کو مکمل کیا جائے گا، 23 ستمبر کو سندھ میں ابتدائی حلقہ بندیاں آویزاں کی جائیں گی اور حلقہ بندیوں کے بعد بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہوگا۔

  • بلدیاتی نمائندوں سے گاڑیاں فوری واپس لینے کا حکم جاری

    بلدیاتی نمائندوں سے گاڑیاں فوری واپس لینے کا حکم جاری

    کراچی: محکمہ بلدیات سندھ نے بلدیاتی نمائندوں کے زیر استعمال گاڑیاں مدت ختم ہونے کے بعد واپس کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات نے بلدیاتی نمائندوں سے گاڑیاں واپس لینے کے سلسلے میں کراچی سمیت سندھ بھر کے میونسپل کمشنرز، سندھ بھر کے تمام ڈسٹرکٹ کونسل کے چیف افسران، ٹاؤن کمیٹیز اور سیکریٹری یونین کمیٹیز کو مراسلہ جاری کر دیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام بلدیاتی نمائندوں کے زیر استعمال گاڑیاں فوری واپس لی جائیں، اور بغیر کسی تاخیر کے زیر استعمال گاڑیوں کی انوینٹری تیار کی جائے۔

    مراسلے کے مطابق بلدیاتی مدت ختم ہونے کے بعد سرکاری گاڑیوں کا استعمال غیر قانونی ہے، جو نمائندے گاڑیاں واپس نہیں کر رہے ہیں ان سے متعلق پروفارمہ تیار کیا جائے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا اعلان

    مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام گاڑیاں محکمہ بلدیات کے ٹرانسپورٹ پول کو ویری فکیشن کے لیے بھیجی جائیں، جب کہ گاڑیوں کی حوالگی کے حوالے سے تین دن میں رپورٹ محکمہ بلدیات کو فراہم کی جائے۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 9 سے 22 ستمبر تک سندھ بھر میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کو مکمل کیا جائے گا اور 23 ستمبر کو سندھ میں ابتدائی حلقہ بندیاں آویزاں کی جائیں گی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں کے بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

  • پیپلز پارٹی نے حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات کو غیر آئینی قرار دے دیا

    پیپلز پارٹی نے حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات کو غیر آئینی قرار دے دیا

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات کو غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نے متنازع مردم شماری کے عارضی اعداد و شمار کو بنیاد بنا کر چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ 2017 کی مردم شماری میں سندھ کی آبادی کو کم دکھایا گیا۔

    پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ کی آبادی کم دکھانے پر تاحال اعتراضات ہیں، تمام سیاسی جماعتوں نے عارضی لسٹ پر عام انتخابات کی ہامی بھری تھی، آبادی کے حتمی اعداد و شمار کے بغیر حلقہ بندی اور الیکشن غیر آئینی ہوں گے۔

    نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ دیگر الیکشنز کے لیے سیاسی جماعتوں نے حتمی لسٹ پر اتفاق کیا تھا، مردم شماری کے 5 فی صد بلاکس کی دوبارہ چیکنگ پر بھی اتفاق کیا گیا تھا، الیکشن کمیشن نے تاحال 5 فی صد مردم شماری بلاکس کی دوبارہ چیکنگ نہیں کرائی، نہ ہی مردم شماری کی حتمی لسٹ کا اجرا کیا گیا، اس لیے بلدیاتی انتخابات کے لیے آئینی تقاضے پورے کیے جائیں اور آبادی کے اعداد و شمار ٹھیک کیے جائیں۔

    انھوں نے کہا آبادی کے اعداد و شمار کو ٹھیک نہیں کیا گیا تو این ایف سی میں صوبے کو کم حصہ ملے گا، سندھ واحد صوبہ ہے جس نے 4 سالہ بلدیاتی اداروں کی مدت پوری کی، بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کا الزام سول حکومتوں پر لگتا ہے، پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا 5 فی صد بلاکس کی دوبارہ چیکنگ کرانے اور حتمی لسٹ میں 2 سال ضایع کیے گئے، مردم شماری کی حتمی لسٹ پر این ایف سی آنا چاہیے جو نہیں دیا جا رہا۔

    ایڈمنسٹریٹر سے متعلق انھون نے کہا کہ کسی کو بھی ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنا صوبائی حکومت کا اختیار ہے، ایڈمنسٹریٹر افسران یا سول سوسائٹی سے بھی ہو سکتے ہیں، ایڈمنسٹریٹرز کی تقرری جلد کر دی جائے گی۔

  • ملک میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن نے 2 ستمبر کو اہم اجلاس طلب کر لیا

    ملک میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن نے 2 ستمبر کو اہم اجلاس طلب کر لیا

    اسلام آباد: ملک میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے 2 ستمبر کو اہم اجلاس طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں دو ستمبر کو اجلاس طلب کر کے پنجاب میں حلقہ بندیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اجلاس میں متعقلہ رولز کے نوٹیفکیشن کے اجرا پر بات چیت کی جائے گی، اور صوبائی نمائندگان سے مشاورت کی جائے گی، انتخابی مواد کے حصول اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں ڈی آر اوز اور آر اوز کی تعیناتی پر بھی فیصلے ہوں گے، سندھ میں حلقہ بندیوں سے متعلق کمیٹیوں کا جائزہ لیا جائے گا، حلقہ بندی سے متعلق اتھارٹیز کے قیام کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا اعلان

    اجلاس میں خیبر پختون خوا میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر سٹی کونسل کی تشکیل بھی زیر غور آئے گی، بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق ایکٹ، رولز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    دریں اثنا، الیکشن کمیشن نے سندھ میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے مجوزہ انتخابی حلقوں کی حد بندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، الیکشن کمیشن کی مقرر کردہ کمیٹیاں 9 ستمبر سے حلقہ بندیوں کا کام شروع کریں گی، 30 اکتوبر تک کمیٹیاں سندھ بھر میں حلقہ بندیوں کا کام مکمل کر لیں گی۔

  • ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ سے تجاوز کر گئی

    ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ سے تجاوز کر گئی

    اسلام آباد: پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ سے تجاوز کر گئی، بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 11 کروڑ سے تجاوز کر گئی، ملک بھر میں تجدید شدہ انتخابی فہرستوں کی اشاعت 16 ستمبر کو کی جائے گی۔

    مذکورہ اعداد و شمار بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں سامنے آئے ہیں جس کی تیاریاں الیکشن کمیشن نے تیزکر دی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کی جارہی ہے جبکہ ووٹرز آگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے۔

    گزشتہ کچھ ماہ سے کرونا وائرس کی وجہ سے معاملات التوا کا شکار تھے تاہم اب معمولات زندگی بحال ہونے کے بعد صوبائی الیکشن کمشنرز اور نادرا کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ سال 2018 کے انتخابات میں ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 60 ہزار تھی جس میں سے 55.9 فیصد مرد ووٹرز جبکہ 44.1 فیصد خواتین ووٹرز تھیں۔

    اس سے قبل سنہ 2013 کے عام انتخابات میں ووٹرز کی تعداد 8 کروڑ 61 لاکھ 90 ہزار تھی جو سنہ 2018 میں 23 فیصد بڑھ گئی تھی۔

  • وزیراعظم کی اراکین اسمبلی کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت

    وزیراعظم کی اراکین اسمبلی کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت

    لاہور:وزیراعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی اور اپنے حلقوں کے حوالے سے مسائل سامنے رکھے۔اس موقع پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی موجود تھے۔

    وزیراعظم پاکستان نے آئی جی پنجاب،چیف سیکریٹری کے جائز مسائل حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی کے میرٹ پر کام کیے جائیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کی بھی ہدایت کر دی۔

    وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ون آن ون ملاقات

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو پورے اعتماد کے ساتھ کھل کر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام کی فلاح کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

  • پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کب؟

    پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کب؟

    لاہور: پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے دنگل کی تیاری شروع کر دی، رواں سال کے آخر تک بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ رواں سال کے آخر تک شروع ہوگا، اراکین پنجاب اسمبلی کو اس سلسلے میں گرین سگنل بھی دے دیا گیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اراکین کو کرونا کے ساتھ بلدیاتی انتخابات پر بھی توجہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اراکین سے کہا گیا کہ اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کی تفصیلات فراہم کریں اور حلقوں پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں۔

    ذرایع نے بتایا کہ اراکین اسمبلی پارٹی قیادت کے ساتھ مل کر بلدیاتی انتخابات کے لیے کام کریں گے۔

    پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم کی اہم ہدایت

    ادھر خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ویلج اور نیبرہڈ کونسلز کی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں پر کام کا آغاز 6 جولائی سے کیا جائے گا، ہر ضلعے کا ڈسٹرکٹ کمشنر بطور کنوینر مقرر کیا گیا ہے، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیاتی کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندیوں کے لیے 25 جولائی تک ضروری انتظامات کیے جائیں گے، حلقہ بندیوں کے لیے نقشہ جات اور ضروری معلومات کو حتمی شکل دی جائے گی، کمیٹیاں 20 اگست تک حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری کریں گی۔

    عوامی تجاویز اور اعتراضات کے لیے حلقہ بندیوں کی فہرستیں 21 جولائی کو جاری ہوں گی، ان پر فیصلہ 5 اکتوبر کو کیا جائے گا، 13 اکتوبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستوں کا اعلامیہ جاری ہوگا۔