Tag: بلدیاتی نظام

  • بلدیاتی نظام سے مطمئن نہیں تو الیکشن کیوں لڑا؟ امیر جماعت اسلامی نے کیا کہا؟

    بلدیاتی نظام سے مطمئن نہیں تو الیکشن کیوں لڑا؟ امیر جماعت اسلامی نے کیا کہا؟

    کراچی (31 اگست 2025): شہر قائد کے بلدیاتی نظام میں جماعت اسلامی دوسری بڑی پارٹی ہے تاہم وہ اس بلدیاتی نظام سے مطمئن نہیں ہے۔

    اے آر وائی کے پوڈکاسٹ میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر شریک ہوئے۔ ان سے میزبان ایاز سموں نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ بلدیاتی نظام سے مطمئن ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہم بالکل بھی بلدیاتی نظام سے مطمئن نہیں ہیں۔ اس پر میزبان نے ایک سوال اور داغا کہ اگر مطمئن نہیں تو پھر لوکل باڈی الیکشن کیوں لڑا۔

    منعم ظفر نے کہا کہ ہم بلدیاتی نظام سے مطمئن نہیں، لیکن آپ دیکھیں کہ ہم نے فائٹ کی اور آج کراچی کے عوام کو سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت کے امیر جماعت اسلامی کراچی (موجودہ امیر جماعت اسلامی پاکستان) حافظ نعیم نے کراچی کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ جیسا بھی لوڑا لنگڑا نظام ہوگا ہم عوام کی خدمت کریں گے۔ اور جتنے بھی وسائل اور اختیارات ملیں گے اس میں کام کر کے دکھائیں گے۔

    منعم ظفر نے کہا کہ ہم کراچی کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر رہے ہیں۔ اختیارات اور وسائل نہ ہونے کے باوجود آج اپنے وسائل اور اختیار سے بڑھ کر کام کر رہے ہیں اور اپنے شہر کے عوام کی خدمت کے لیے مستقبل میں بھی یہ کام کرتے رہیں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/town-chairman-salary-how-much/

  • بلدیاتی نظام : پی ایس پی اور سندھ حکومت میں معاہدہ طے پاگیا

    بلدیاتی نظام : پی ایس پی اور سندھ حکومت میں معاہدہ طے پاگیا

    کراچی : پاک سر زمین پارٹی اور سندھ حکومت کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے ، جس کے تحت سندھ میں آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی نظام نافذ کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سر زمین پارٹی اور سندھ حکومت کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ، معاہدے کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

    آٹھ نکات پرمشتمل معاہدے پر ناصر شاہ اور ڈاکٹرارشد وہرہ نے دستخط کئے ، جس کے مطابق سندھ میں آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی نظام نافذ کرنے سمیت سیاسی ،انتظامی اور مالیاتی اختیارقانون میں ترمیم کرکےعوام نمائندوں کو دینے پر اتفاق ہوا۔

    دونوں پارٹیوں میں صوبائی مالیاتی کمیشن کو حقیقی معنوں میں فعال کرنے اور ایس بی سی اے، کے ڈی اے، ایم ڈی اے،واٹر بورڈمیں میئرکراچی کو اہم کردار دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور ماسٹر پلان سمیت دیگر اتھارٹیز میں مئیر کو اہم کردار پر بھی دونوں جماعتیں متفق ہوگئیں۔

    معاہدے کے متن میں کہا گیا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے بھی مئیر کے اختیار میں ہوں گے ،میٹروپولیٹن کارپوریشن کے بجائے میٹرو پولیٹن حکومت کےنفاذپربات چیت جاری رہےگی جبکہ میئر کے براہ راست انتخابات کے لیے مزید بات چیت ہوگی۔

  • سندھ میں نیا بلدیاتی نظام کثرتِ رائے سے منظور

    سندھ میں نیا بلدیاتی نظام کثرتِ رائے سے منظور

    کراچی: سندھ اسمبلی نے نئے بلدیاتی نظام کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج ہفتے کو آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اراکین نے نئے بلدیاتی نظام کا ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

    سندھ اسمبلی اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام کے بل کی مرحلہ وار منظوری دی گئی۔

    بل کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی کونسل کے چیئرمین کا انتخاب شو آف ہینڈ سے ہوگا، اپوزیشن کے شدید احتجاج اور اعتراضات کے بعد سندھ حکومت نے بلدیاتی قانون کے نئی ترمیمی مسودے میں خفیہ رائے شماری کی شق واپس لے لی تھی۔

    سندھ حکومت نے صوبے میں ٹاؤن سسٹم برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور بینظیرآباد میں ٹاؤنز بنیں گے، پیدائش اور اموات کا اندراج لوکل کونسلز کو واپس کر دیا جائے گا۔

    سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ میئر کے ماتحت کرنے کا بل بھی منظور کر لیا گیا۔

    واضح رہے کہ گورنر سندھ نے بل پر اعتراض عائد کیا تھا، اپوزیشن ارکان نے بل کی منظوری کے وقت شدید احتجاج کیا رور بل نامنظور کے نعرے لگائے۔

    سندھ اسمبلی اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم نے نمائندوں کو با اختیار بنایا ہے، اس پر تنقید جائز نہیں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا چیئرمین میئر ہوگا، بلاول بھٹو کی طرف سے ہدایت تھی کہ اداروں کو بااختیار کیا جائے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا اپوزیشن نے ایک بار پھر لسانیت شروع کر دی ہے، یہ قبضے قبضے کے نعرے لگا رہے ہیں، کیا ہم منتخب ہو کر نہیں آئے اسمبلی میں؟ پیپلز پارٹی سب سے زیادہ ووٹ لے کر اسمبلی میں آئی ہے، جب کہ لسانیت کرنے والا لندن بیٹھا ہے، یہ لوگ ان کی سوچ ذہنوں سے نکال نہیں سکے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یہ کہا گیا ناصر شاہ دوسری جگہ کا ہے اور وہ یہاں کے فیصلے کر رہا ہے، ناصر شاہ سندھ کا ہے اور سندھ کے ہی فیصلے کرے گا، ہنگامہ ڈالا گیا کہ اینی پرسن کیسے ہو سکتا ہے، کیا نعمت اللہ خان کسی کونسل کے ممبر تھے؟ ہم اکثریت میں ہیں صوبے کے فیصلے ہم کریں گے، ہمیں پاکستان کا حصہ سمجھو۔

  • پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کے قیام کا مقصد بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہے،عثمان بزدار

    پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کے قیام کا مقصد بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہے،عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کے قیام کا مقصد بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاؤن لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اکیڈمی ایک ارب 86 کروڑ 38 لاکھ کی لاگت سے 18 ماہ میں مکمل کی جائے گی۔

    بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اکیڈمی کی جدید بلڈنگ 2 بیسٹمنٹ،4 فلورز پر مشتمل ہوگی،3 اکیڈمک فلور،2 ایڈمنسٹریٹو بلاک، ہاسٹل فلور اور وسیع کار پارکنگ بھی ہوگی،پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کے فرسٹ اور سیکنڈر فلور کو کرائے پر دیا جائے گا، فلور کرائے پر دینے سے تقریباً 4 کروڑ روپے سالانہ آمدن متوقع ہے۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کے قیام کا مقصد بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہے،لاہور میں لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کا قیام خوش آئنداورقابل تحسین امر ہے۔

    سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ اکیڈمی میں عوامی نمائندگان،آفیشلز کو عصر حاضر کے مطابق ٹریننگ دی جائے گی،محکمہ بلدیات کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائےگا۔

  • بلدیاتی نظام ہی مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے، شاہد خاقان عباسی

    بلدیاتی نظام ہی مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے، شاہد خاقان عباسی

    کراچی: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نظام ہی مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مسلم لیگ ن کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ن لیگ کے وفد کی آمد کاشکریہ ادا کرتے ہیں۔

    خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جمہوریت سے پاکستان اپنی منزل تک پہنچ سکتا ہے،ایسا ایوان ضروری ہے جہاں کسان کی نمائندگی کسان کرے۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کے لیے ایم کیوایم سےملاقات کی، کئی معاملات میں ہم نے ایک دوسرے کو ہم آہنگ پایا۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں ملک میں مضبوط بلدیاتی نظام ہو، بلدیاتی نظام ہی مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے، بلدیاتی الیکشن کی حمایت میں کھڑے ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ایم کیوایم سے ملاقات جمہوریت کے استحکام کے لیے تھی، ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کا بیانیہ ایک ہی ہے، ملک جمہوریت سےترقی کرتا ہے، ماضی کی غلطیوں سےسبق سیکھا،کوشش ہے آئندہ نہ ہوں۔

  • کراچی کی بہتری کے لیے ہر دروازے پرگیا ہوں، وسیم اختر

    کراچی کی بہتری کے لیے ہر دروازے پرگیا ہوں، وسیم اختر

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کراچی کی بہتری کے لیے ہر دروازے پرگیا ہوں، بنا اختیارات کے ہم نے کچھ نا کچھ ڈلیور کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میئر کراچی وسیم اختر نے آل سٹی تاجر اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بلدیاتی صورت حال سے سب واقف ہیں۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کی بہتری کے لیے ہر دروازے پرگیا ہوں، جیل سے نکل کر سیدھا وزیراعلی سندھ کے پاس گیا کہ مل کر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے تاجر تو اسلام آباد جا کرمسائل حل کروا لیتے ہیں، بلدیاتی مسائل کا زیادہ شکار چھوٹے تاجر ہیں۔

    میئر کراچی نے کہا کہ نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی چاہتے ہیں، بنا اختیارات کے ہم نے کچھ نا کچھ ڈلیور کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں بھی شہرکی ترقی چاہتی ہیں، ججز نے وزیراعلیٰ سے پوچھا میئر کیسے شہر چلائے تمام اختیارات آپکے پاس ہیں؟

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ گڈاپ،لیاری کو نئے اضلاع بنانے کی ہم مخالفت کریں گے، عدالت نے کراچی ماسٹر پلان کا کہا توانہوں نے سندھ ماسٹر پلان اتھارٹی بنا دی، کراچی کا 1200 ارب روپیہ ملتا ہے آخر جاتا کہاں ہے؟

  • تحریک انصاف ملک میں پہلی مرتبہ حقیقی عوامی نمائندگی پر مشتمل بلدیاتی نظام لا رہی ہے، حاجی گلزار اعوان

    تحریک انصاف ملک میں پہلی مرتبہ حقیقی عوامی نمائندگی پر مشتمل بلدیاتی نظام لا رہی ہے، حاجی گلزار اعوان

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حاجی گلزار اعوان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف صحیح معنوں میں عوام کو با اختیار بنائے گی-

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں پہلی مرتبہ حقیقی عوامی نمائندگی پر مشتمل بلدیاتی نظام لا رہی ہے جس میں عوام کو بااختیار بنا کرشریک اقتدار کیا جائے گا-

    انہوں نے کہا کہ عوام کا استحصال کرنے والے نظام نے جڑیں اتنی مضبوط کرلی ہیں کہ اسے اکھاڑنے کے لیے بہت زیادہ محنت، خلوص، لگن اور دیانت و ایمانداری کی ضرورت ہے-

    حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ موجودہ مشکلات عارضی ہیں اور حکومت کے اقدامات کی بدولت بہت جلد عوام کو ریلیف ملنا شروع ہو جائے گا-

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ اس سے قبل جس جس نے بھی بلدیاتی سسٹم کو تبدیل کیا اور عوام کو شریک اقتدار کرنے کے نعرے لگائے وہ سب جھوٹ اور فریب تھا ان کی نیت ہی نہیں تھی کہ وہ عوام الناس کو با اختیار بنا کر شریک اقتدار کریں-

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف صحیح معنوں میں عوام کو با اختیار بنائے گی اور بلدیاتی سطح سے عوام کے منتخب نمائندوں کی ایسی سیاسی اور معاشی تربیت ہوگی جو آگے چل کر انہیں سیاست کے قومی دھارے میں کامیاب بنائے گی-

  • نئے بلدیاتی نظام کے بعد سندھ میں کسی تقسیم کی ضرورت نہیں ہوگی: وزیر اعظم

    نئے بلدیاتی نظام کے بعد سندھ میں کسی تقسیم کی ضرورت نہیں ہوگی: وزیر اعظم

    کراچی: وزیر  اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام کے بعد سندھ میں کسی تقسیم کی ضرورت نہیں ہوگی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا، وفد میں ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور پاکستان تحریک انصاف کے اراکین شامل تھے.

    ملاقات میں سندھ کی مجموعی و سیاسی صورت حال، سندھ میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں اور اتحادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ میں ایک اور صوبہ بنانے کے خلاف ہے، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے نئے بلدیاتی نظام کے بعد سندھ میں مزید صوبوں کی ضرورت نہیں رہے گا.

    اس اجلاس میں فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ، فیصل واوڈا، اشرف قریشی، ارباب غلام رحیم، نند کمار، نصرت سحر عباسی، صدرالدین شاہ راشدی اور دیگر شریک ہوئے.

    مزید پڑھیں: پاکستان میں سیاحت سے متعلق بین الاقوامی سطح پر آگاہی کا فقدان ہے: وزیر اعظم

    قبل ازیں وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے، اس موقع پر وزیر اعظم سے ایکسپو 2020 تھیم کمیٹی کے اراکین کی ملاقات ہوئی.

    وزیر اعظم کا اس ملاقات میں کہنا تھا کہ قدرت نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں اور صلاحیتیوں سے نوازا ہے، البتہ پاکستان میں سیاحت سے متعلق بین الاقوامی سطح پر آگاہی کا فقدان ہے.

  • پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام سے اختیارات نچلی سطح پرمنتقل ہوں گے، شاہ محمود قریشی

    پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام سے اختیارات نچلی سطح پرمنتقل ہوں گے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام سے بلدیاتی اداروں کوبراہ راست فنڈز دیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پارلیمانی اجلاس کا ایجنڈا 2 نکاتی تھا، اجلاس میں رمضان بازاروں سے متعلق پنجاب حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب بھرمیں 309 رمضان بازارقائم کیے جا رہے ہیں، رمضان بازاروں میں مختلف اشیا پر13 ارب سے زائد کی سبسڈی دی جائے گی۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام سے اختیارات نچلی سطح پرمنتقل ہوں گے، نئے بلدیاتی نظام سے بلدیاتی اداروں کوبراہ راست فنڈزدیے جائیں گے۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ نئے نظام سے فنڈزکی تقسیم میں شفافیت آئے گی۔

    یاد رہے کہ 30 اپریل کو پنجاب اسمبلی میں نئے بلدیاتی نظام کا قانون منظورکرلیا گیا تھا۔ اپوزیشن نے بل کی منظوری کے خلاف ایوان میں احتجاج کیا تھا۔ نئے بلدیاتی نظام کے تحت ویلج کونسل اور شہروں میں محلہ کونسل کا انتخاب غیرجماعتی بنیادوں پر ہوگا۔

    گورنر پنجاب چوہدری سرور نے تین روز قبل لوکل گورنمنٹ بل 2019 پر دستخط کیے جس کے بعد نیا بلدیاتی نظام صوبے میں نافذ ہوگیا۔ نئے بلدیاتی نظام کے تحت پنجاب کے بلدیاتی ادارے ایڈمنسٹریٹرز چلائیں گے جن کی معیاد ایک سال تک ہوگی۔ لوکل گورنمنٹ بل منظور ہوتے ہی مسلم لیگ ن کے ہاتھ سے لوکل گورنمنٹ بھی نکل گئی۔

    نئے بلدیاتی الیکشن آئندہ سال ہوں گے جب تک شہروں میں میونسپل اور محلہ کونسل جبکہ دیہات میں تحصیل اور ویلج کونسل ایڈمنسٹریٹرز کے تحت کام کریں گی۔

  • بلدیاتی نظام مضبوط ہوتا تو اسمبلیوں پر کرپشن کے نشان نہ ہوتے، صمصام بخاری

    بلدیاتی نظام مضبوط ہوتا تو اسمبلیوں پر کرپشن کے نشان نہ ہوتے، صمصام بخاری

    لاہور : وزیراطلاعات پنجاب صمصام علی بخاری نے کہا مشرف کے بلدیاتی سسٹم نے زیادہ بہتر طور پر ڈلیور کیا، بلدیاتی نظام مضبوط ہوتا تو اسمبلیوں پر کرپشن کے نشان نہ ہوتے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات پنجاب صمصام علی بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا نوازلیگ اور پی پی نے کبھی بلدیاتی نظام میں دلچسپی نہیں لی، مشرف کے بلدیاتی سسٹم نے زیادہ بہتر طور پر ڈلیور کیا، بلدیاتی نظام مضبوط ہوتا تو اسمبلیوں پر کرپشن کے نشان نہ ہوتے۔

    صمصام بخاری کا کہنا تھا پنجاب میں تاریخ کا بہترین لوکل باڈیز سسٹم لارہے ہیں ، اپوزیشن جماعتیں ہر قیمت پر اپنی کرپشن بچانا چاہتی ہیں، پی ٹی آئی شفاف بلدیاتی نمائندے سامنے لائےگی۔

    وزیراطلاعات پنجاب نے کہا پنچائت سسٹم اورنیبرہڈ کونسلز مکمل با اختیار ہوں گی، نیا بلدیاتی سسٹم کسی لحاظ سے آڈٹ سے مبرا نہیں ہوگا، چیک اینڈ بیلنس یقینی بنائیں گے، کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔

    ان کا کہنا تھا حکومت درپیش مسائل سےمؤثر انداز سے نمٹ رہی ہے، رمضان میں کسی کو مہنگائی کی اجازت نہیں دیں گے، وزراکی ڈیوٹیاں لگ گئی ہیں، کوتاہی پر انتظامیہ ذمہ دارہوگی۔

    صمصام بخاری نے کہا رمضان میں ہرضلع کےاچانک دورے ہوں گے،موقع پر کارروائی ہوگی، شہریوں کی سہولت کیلئے دکاندار اور تاجر بھی اپنا فرض ادا کریں۔

    یاد رہے کہ 30 اپریل کو پنجاب اسمبلی میں نئے بلدیاتی نظام کا قانون منظورکرلیا گیا تھا، اپوزیشن نے بل کی منظوری کے خلاف ایوان میں احتجاج کیا تھا، نئے بلدیاتی نظام کے تحت ویلج کونسل اور شہروں میں محلہ کونسل کا انتخاب غیرجماعتی بنیادوں پر ہوگا۔

    مزید پڑھیں : پنجاب بھر میں نیا بلدیاتی نظام نافذ، ایڈمنسٹریٹر تعینات، نوٹی فکیشن جاری

    بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے لوکل گورنمنٹ بل 2019 پر دستخط کیے تھے، جس کے بعد نیا بلدیاتی نظام صوبے میں نافذ ہوگیا، نئے بلدیاتی نظام کے تحت پنجاب کےبلدیاتی ادارےایڈمنسٹریٹرز چلائیں گے جن کی معیاد ایک سال تک ہوگی۔ لوکل گورنمنٹ بل منظور ہوتے ہی مسلم لیگ ن کے ہاتھ سے لوکل گورنمنٹ بھی نکل گئی۔

    نئے بلدیاتی الیکشن آئندہ سال ہوں گے جب تک شہروں میں میونسپل اور محلہ کونسل جبکہ دیہات میں تحصیل اور ویلج کونسل ایڈمنسٹریٹرز کے تحت کام کریں گی۔