Tag: بلدیہ ٹاؤن

  • کراچی میں خاتون کے ہاں بیک وقت 5 بچوں کی پیدائش

    کراچی میں خاتون کے ہاں بیک وقت 5 بچوں کی پیدائش

    (23 جولائی 2025): کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی عدنان شیخ کے ہاں بیک وقت پانچ بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں رہائشی عدنان شیخ کے ہاں بہ یک وقت پانچ بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ پانچوں بچے (Quintuplets) وقت سے پہلے 29 ہفتوں پر پیدا ہوئے۔

    ڈاکٹرزکے مطابق پیدائش ایمرجنسی سیزیرین سیکشن ذریعے ہوئی بچوں کا وزن بہت کم ہے سب بچوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جبکہ بچوں کو بچوں کو آکسیجن دی گئی اور بچوں کے ابتدائی لیبارٹری ٹیسٹ کروائے گئے۔

    اہلخانہ کے مطابق عدنان شیخ کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی بچوں کی حالت پہلے سے بہتر ہے، پیشے کے اعتبار سے بچوں کے والد ڈرائیور ہیں۔

    بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ اخراجات بہت زیادہ ہے لہذا نتظامیہ اور مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل ہے، انھوں نے کہا کہ ایک ساتھ پانچ بچوں کی پیدائش پر وہ بہت خوش ہیں اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

  • کراچی : بلدیہ ٹاؤن کی پہاڑیوں سے  12 سالہ بچے کی  برہنہ لاش برآمد

    کراچی : بلدیہ ٹاؤن کی پہاڑیوں سے 12 سالہ بچے کی برہنہ لاش برآمد

    کراچی :بلدیہ ٹاؤن کی پہاڑیوں سے 12 سالہ بچے کی برہنہ لاش برآمد ہوئی تاہم پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن رئیس گوٹھ کی سنسان پہاڑیوں پر ایک بچے کی کئی روز پرانی برہنہ حالات میں لاش ملی۔

    پولیس نے بتایا کہ لاش کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہ ملی، وقوعہ کے اطراف کئی کلومیٹر تک کوئی اباد نہیں۔

    پولیس نے بچے کی لاش کو ضابطے کی کاروائی کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچے کی وجہ موت سامنے آسکے گی۔

    مزید پڑھیں : کراچی : مدرسے کے احاطے سے 13 سالہ لڑکے کی لاش برآمد، زیادتی کی تصدیق

    یاد رہے رواں ماہ 11 مئی کو کراچی میں سپر ہائی وے گڈاپ ٹاوٴن میں واقع مدرسے سے 13 سالہ لڑکے کی تشدد زدہ لاش ملی تھی۔

    پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ بچے کی شناخت 13 سالہ مجیب الرحمان کےنام سےہوئی ، مجیب الرحمٰن کو جنسی درندوں نے زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا تاہم مدرسے کے معلم سمیت 2 افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کی۔

    بعد ازاں عباسی شہید ہسپتال میں پوسٹمارٹم کے دوران بھی بچے پر تشدد اور زیادتی کی تصدیق ہوگئی تھی۔

  • کراچی:  پرائیویٹ کمپنی کے دفتر میں  ایک شخص کی پھندا لگی لاش برآمد

    کراچی: پرائیویٹ کمپنی کے دفتر میں ایک شخص کی پھندا لگی لاش برآمد

    کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں پرائیویٹ کمپنی کے دفتر میں ایک شخص کی مبینہ خودکشی کرلی، دفتر عملے کے مطابق 40 سالہ شخص کئی لوگوں سے قرضے لینے کے بعد پریشان تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 8 سی میں واقع دفتر میں 40 سالہ شخص کی لاش لٹکی ہوئی ملی۔

    ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ہلاک 40 سالہ شخص کو مالی مشکلات کا سامنا تھا اور اس نے اپنے ساتھیوں سے کافی قرضے لیے تھے۔

    ریکارڈ کیے گئے عملے کے بیانات کی بنیاد پر پولیس کا خیال ہے کہ ذہنی دباؤ کی وجہ سے خودکشی کی ہو گی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ 40 سالہ شخص ایک پرائیویٹ کمپنی میں سویپرز کے انچارج کے طور پر کام کرتا تھا اور کمپنی کے مختلف کلائنٹس کے احاطے میں صفائی کے کاموں کی نگرانی کرتا تھا۔

    پولیس نے بتایا کہ کہ متوفی کا تعلق بلدیہ 8B کے مسیحی محلے سے تھا تاہم واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کئے۔

    پولیس نے مزید کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات بھی جاری ہیں، لاش کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • کراچی : شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی 22 سالہ صبا کے والد نے سارا قصہ بیان کردیا

    کراچی : شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی 22 سالہ صبا کے والد نے سارا قصہ بیان کردیا

    کراچی : بلدیہ ٹاؤن میں شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی 22 سالہ صبا کے والد نے سارا قصہ بیان کردیا اور مقدمہ درج کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں مبینہ طور پر شوہر کے ہاتھوں قتل 22 سالہ صبا کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    مقدمہ والد کی مدعیت میں سعیدآباد تھانےمیں درج کیا گیا ، مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی گئی اور شوہر کو ملوث قرار دیا گیا۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا ہے کہ بیٹی نے 4 سال قبل عرفان سے پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد عرفان صبا کو صادق آبادلے گیا تھا اور چار ماہ قبل عرفان اور صبا کراچی شفٹ ہوگئے تھے۔

    ایف آئی آر میں کہنا تھا کہ داماد عرفان نشہ کرتاہےاور گھر آکر صباپرتشدد کرتا تھا، جب بھی صباہمارے گھر آتی توعرفان منع اور غصہ کرتا تھا، چنددن قبل صبااور عرفان بلدیہ سیکٹر 12 میں شفٹ ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں‌: ’کراچی: باپ فرار، بچے ماں کی لاش سے لپٹ کر روتے رہے

    والد نے بتایا کہ کل صبح 5 بجےعرفان نے کال کرکے کہاصباکی لاش پڑی ہے،آکرلےجاؤ، صباکل رات کو اپنے دونوں بچےہمارے گھر چھوڑ کرگئی تھی، عرفان کی کال کے بعد میں اورمیرا بیٹا عثمان پہنچے تو صباکی لاش فرش پرپڑی تھی اور اس پر چادر ڈالی ہوئی تھی۔

    ایف آئی آر کے مطابق لاش کی گردن پرنشانات موجودتھے، ہم نے 15 پر کال کی اور لاش سول اسپتال منتقل کی، عرفان نے نامعلوم رنجش کی بنا پر تشدد کر کے صبا کاقتل کیا۔

    ملزم عرفان کی تصویر اے آروائی نیوز نے حاصل کرلی ، پولیس نے کہا کہ ملزم گرفتار نہیں ہوسکا، تحقیقات کر رہے ہیں، ملزم کا سی ڈی آر اور قریبی رشتہ داروں سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

  • فوٹیج: لٹیرے امام مسجد سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے

    فوٹیج: لٹیرے امام مسجد سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں لٹیرے ایک امام مسجد سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

    بلدیہ ٹاؤن 24 مارکیٹ کے قریب مسجد کے امام سے ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی، فوٹیج میں دیکھا گیا کہ مسجد کے امام گھر کے باہر بیٹھے موبائل فون استعمال کر رہے ہیں۔

    ایسے میں موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ڈکیٹ آئے اور اسلحے کے زور پر امام مسجد سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے، مسجد کے امام سے یہ واردات آج صبح 11 بج کر 45 منٹ پر ہوئی۔

    ویڈیو اور تصویر میں واردات میں ملوث ملزمان کے چہرے واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔

    اسما کا قتل؟ اہل خانہ کا تشدد ہونے کا الزام، پولیس کا پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شواہد نہ ملنے کا دعویٰ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کورنگی میں سعود آباد میں موٹر سائیکلوں پر سوار ڈاکوؤں نے گھر کی دہلیز پر ایک خاندان کو بھی لوٹ لیا تھا۔ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 لٹیروں نے گھر کے باہر میاں بیوی کو یرغمال بنایا۔

    ایک لٹیرے نے مرد سے موبائل فون اور دیگر سامان لوٹا، دوسرے نے خاتون کے ہاتھ سے چوڑیاں اور انگوٹھی اتروا لی، لٹیرے موٹر سائیکل سوار خاندان کا تعاقب کرتے ہوئے ان کے گھر تک پہنچے تھے۔

  • کراچی : مسلم لیگ ن کے سابق یوسی چیئرمین کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

    کراچی : مسلم لیگ ن کے سابق یوسی چیئرمین کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

    کراچی : مسلم لیگ ن کے سابق یوسی چیئرمین کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کاشاخسانہ لگتا ہے۔

    تفصیلات کے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 7 کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی شناخت  65سالہ امان اللہ آفریدی کے نام سے ہوئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول کا تعلق ن لیگ سے اور یو سی 5 عابد آباد سے بلدیاتی الیکشن میں امیدوار تھا۔

    مقتول کو فجر کی نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد سے نکلتے ہوئے نشانہ بنایا گیا تاہم لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اےآر وائی نیوز نے حاصل کرلی ، فوٹیج میں ملزم کو امان اللہ پرفائرنگ کرتےدیکھاجاسکتاہے، پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول ملے ہیں۔

    کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلئے ہیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کاشاخسانہ لگتاہے، تاہم مقتول کے بیٹے نے بتایا کہ ہماری کسی کےساتھ کوئی دشمنی نہیں۔

  • شہری پانی کی بوند کو ترس گئے، ہائیڈرنٹ سے نجی فیکٹریوں کو پانی کی فروخت

    شہری پانی کی بوند کو ترس گئے، ہائیڈرنٹ سے نجی فیکٹریوں کو پانی کی فروخت

    کراچی میں پڑنے والی شدید گرمی میں شہری پانی کی بوند کو ترس گئے، ہائیڈرنٹ سے نجی فیکٹریوں کو پانی کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔

    بلدیہ ٹاؤن 8 نمبر ہائیڈرنٹ سے نجی فیکٹریوں کو پانی کی فروخت کیخلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، بلدیہ ٹاؤن کے مکینوں نے ہائیڈرنٹ کا گھیراؤ کرلیا جس کے بعد صورتحال کو دیکھتے ہوئے پولیس اور رینجرز کو طلب کرنا پڑا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلدیہ ٹاؤن کے مکینوں کو ایک ٹینکر کے حصول کیلئے 48 گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے، اکبر نامی شخص ہائیڈرنٹ کا پانی ٹینکرز کے ذریعے نجی فیکٹریوں کو بیچتا ہے۔

    بلدیہ کے مکینوں نے کہا کہ علاقے کا پانی ہائیڈرنٹ مافیا چوری کرکے علاقے سے باہر فروخت کرتی ہے، اکبر نامی جرائم پیشہ شخص کو ہائیڈرنٹ کی انتظامیہ سے ہٹایا جائے۔

  • میں نے ہینڈ گرنیڈ کو لات مار کر دور کیا تو وہ پھٹ گیا، بم دھماکے میں زخمی شخص کا بیان

    میں نے ہینڈ گرنیڈ کو لات مار کر دور کیا تو وہ پھٹ گیا، بم دھماکے میں زخمی شخص کا بیان

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں گھر کے باہر دستی بم دھماکے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا، ایف آئی آر متاثرہ شہری اقبال کی مدعیت میں دہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج ہوا ہے۔

    بم دھماکے میں زخمی شخص مدعی اقبال نے پولیس کو اپنے بیان میں لکھوایا کہ ’’میں نے ہینڈ گرنیڈ کو لات مار کر دور کیا تو وہ پھٹ گیا، جس میں زخمی ہو گیا۔‘‘

    اقبال نے بیان میں کہا ’’میں معذرور ہوں اور اپنا اسٹور چلاتا ہوں، افطار سے پہلے اپنے گھر کی فٹ پاتھ پر بیٹھا تھا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر 4 ملزمان آئے اور بم پھینکا، میں نے ہینڈ گرنیڈ کو لات مار کر دور کیا تو وہ پھٹ گیا۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’چاروں ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، ہینڈ گرنیڈ پھٹنے سے مجھے ماتھے اور آنکھ پر چوٹ آئی، دھماکے سے گلی میں گزرتا ہوا راہگیر کامران بھی زخمی ہوا۔‘‘

    کراچی ’ملزمان نے اقبال نامی شہری کا گھر پوچھا اور دستی بم پھینک دیا‘

    اقبال کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد انھیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ تاحال زیر علاج ہیں۔

    یہ واقعہ گزشتہ روز بلدیہ ٹاؤن کے محلے پٹنی میں پیش آیا تھا، ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ واقعے میں 3 افراد زخمی ہو گئے تھے، موٹر سائیکل سوار افراد نے شہری اقبال کے گھر کا پوچھا اور پھر دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ آپس کی دشمنی کا لگتا ہے۔

  • بلدیہ ٹاؤن قائم خانی کالونی میں فائرنگ سے ڈاکٹر جاں بحق

    بلدیہ ٹاؤن قائم خانی کالونی میں فائرنگ سے ڈاکٹر جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں قائم خانی کالونی میں فائرنگ سے ڈاکٹر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے قائم خانی کالونی میں ایک ڈاکٹر کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا، پولیس نے گولی مارنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم چوہدری اسلم ریٹائرڈ پولیس افسر ہے، ملزم نے ڈاکٹر ماجد کو رشتے کے تنازع پر قتل کیا، ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ ڈاکٹر ماجد ملزم کی بیٹی سے شادی کرنا چاہتا تھا۔

  • کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے والا ڈکیت گروہ کا سرغنہ گرفتار

    کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے والا ڈکیت گروہ کا سرغنہ گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا، ملزم منشیات فروشی، ڈکیتی اور جرائم پیشہ افراد کو کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے میں ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کی۔

    کارروائی میں منشیات فروش اور ڈکیت گروہ کے سرغنہ جلال کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پسٹل، 100 عدد راؤنڈز اور 30 پیکٹ گٹکا برآمد کیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم منشیات فروشی، مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں اور جرائم پیشہ افراد کو کرائے پر اسلحہ فراہم کرنے میں بھی ملوث ہے، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان رینجرز کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشتبہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔