Tag: بلدیہ ٹاؤن

  • کراچی : بلدیہ ٹاؤن میں 2منزلہ مکان گرگیا ، خاتون اور بچی جاں بحق

    کراچی : بلدیہ ٹاؤن میں 2منزلہ مکان گرگیا ، خاتون اور بچی جاں بحق

    کراچی : بلدیہ ٹاؤن میں 2منزلہ مکان گرنے کے نتیجے میں خاتون اوربچی جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سعیدآباد میں علی الصبح ایک مکان کی اوپر منزل دھماکے سے نیچے کی منزل پر گر گئی جس کے نتیجے میں رہائشی فیملی ملبے تلے دب گئی۔

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں ایک‌‌ خاتون اور بچی جاں بحق ہوئی جبکہ 4 زخمیوں کوطبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے پچیس سالہ اظہرہ اور اس کی چار سالہ بچی زویہ کی لاش نکال لی جبکہ خاتون کی دوسری چند ماہ کی بیٹی زینب نوجوان بیٹے شاہد اور شوہر کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال کر سول اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 25 اے بس اسٹاپ کے قریب مکان پر اوپر کی منزل دھماکے سے گری ہے، جس کے نتیجے میں ماں بیٹی جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ باقی گھر کے افراد زخمی ہیں تاہم موقع پر ریسکیو کا عمل جاری ہے۔

  • این اے 249 ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی، ایم کیو ایم کی الیکشن کمیشن سے تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست

    این اے 249 ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی، ایم کیو ایم کی الیکشن کمیشن سے تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست

    کراچی: شہر قائد کے انتخابی حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے لیے پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن سے تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریجنل الیکشن کمشنر سید ندیم حیدر نے صوبائی الیکشن کمیشن کو ایک خط میں لکھا ہے کہ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی کی جانب سے ہمیں درخواست موصول ہوئی ہے، جس میں خرم شیر زمان نے این اے 249 میں ضمنی انتخاب کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے۔

    اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے الیکشن کمیشن سے رائے مانگ لی ہے، واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے این اے 249 ضمنی انتخاب کے لیے 29 اپریل کو پولنگ کا اعلان کیا ہوا ہے۔

    دوسری طرف ایم کیو ایم پاکستان نے بھی سیکریٹری الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ این اے 249 کراچی کی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن کی تاریخ کو تبدیل کیا جائے۔

    ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ حلقہ 249 کے ضمنی انتخاب کی تاریخ آگے بڑھائی جائے، قمر نوید جمیل کا کہنا تھا کہ جس دن الیکشن ہوگا اس دن 15 یا 16 واں روزہ ہوگا۔

    ڈپٹی کنوینئر قمر نوید جمیل نے خط میں الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ ضمی انتخاب عید الفطر کے بعد رکھا جائے، رمضان کے مہینے میں مہم چلانا مشکل ہو جائے گا۔

    این اے 249: تحریک انصاف کے امیدوار انٹرویو کیلئے طلب

    ادھر بلدیہ ٹاؤن ضمنی انتخاب کے سلسلے میں بلدیہ سے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر علاقے کی سیاسی صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔

    انھوں نے خط میں لکھا کہ NA – 249 کا نمائندہ اگر بلدیہ ٹاؤن کا نہ ہوا اور پاکستان تحریک انصاف یہ نشست ہار گئی تو اس کا ذمہ دار پارلیمانی بورڈ ہوگا، کیوں کہ علاقائی مسائل اور علاقائی سیاست کو علاقائی رہنما ہی سمجھ سکتا ہے۔

    ملک شہزاد اعوان نے خط میں لکھا کہ بلدیہ ٹاؤن (NA – 249) کے تمام ورکرز اس مطالبے پر متفق ہیں کہ امیدوار علاقائی ہی ہو، بلدیہ ٹاؤن کی سیٹ ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، ہمیں یہ سیٹ ہر حال میں جیتنی ہے۔

  • کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں لٹیروں نے امام مسجد کو لوٹ لیا

    کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں لٹیروں نے امام مسجد کو لوٹ لیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں لٹیروں نے امام مسجد کو بھی نہ بخشا، 2 مسلح ملزمان امام مسجد کو لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا سلسلہ جاری ہے، پولیس تا حال ان جرائم کو کنٹرول نہیں کر سکی ہے، آج بلدیہ ٹاؤن میں لٹیروں نے امام مسجد کو بھی لوٹ لیا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں ملزمان  امام مسجد کو لوٹتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

    2 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے امام مسجد کا بینک سے پیچھا کیا، گھر کے پاس اترتے ہی ملزمان نے امام مسجد سے 90 ہزار روپے چھین لیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں بد امنی کبھی واپس نہیں آنے دیں گے: ایڈیشنل آئی جی کراچی

    یاد رہے کہ دو دن قبل کورنگی میں بھی بینک سے رقم نکلوانے والے شہری کو گھر کے باہر لوٹ لیا گیا جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی تھی۔

    ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے کہا تھا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں پڑھے لکھے نوجوان ملوث ہیں، بد امنی کا خاتمہ ہو چکا ہے اب ریکوری کے مرحلے سے گزر رہے ہیں، کراچی میں بد امنی کبھی واپس نہیں آنے دیں گے۔

    ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا کہ غربت اور بے روزگاری کے باعث جرائم بڑھ رہے ہیں، نوکری پیشہ نوجوان موبائل چھینتے ہیں، غربت اور بے روزگاری جرائم بڑھنے کی وجوہات ہیں، نوجوانوں سے جیلیں بھری ہوئی ہیں۔

  • کراچی: خاتون اور دیور غیرت کے نام پر قتل

    کراچی: خاتون اور دیور غیرت کے نام پر قتل

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں پسند کی شادی کرنے والی خاتون اور اُس کے دیور کو قتل کردیا گیا، متاثرہ شوہر کا کہنا ہے کہ سالے نے فون کر کے بتایا ہم نے انہیں قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سے خاتون اور مرد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، پولیس کے مطابق مقتولین کا آپس میں دیور اور بھابھی کا رشتہ تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے سےنائن ایم ایم، 30 بورکے2،2خول ملے، مقتولین کا تعلق بلوچستان سے تھا۔ مقتولہ فضیلہ کے شوہر نے الزام عائد کیا ہے کہ اُس کی بیوی اور بھائی کے قتل میں 2 رشتے دار ملوث ہیں۔

    بعد ازاں فضیلہ کے خاوند تاج محمد نے پولیس کو بیان دیا کہ ہم نے پسند کی شادی کی جس سے لڑکی کے گھر والے خوش نہیں تھے، میں شارجہ میں تھا واپس آیا تو  سالے نے فون کر کے بتایا کہ ہم نے تمھارے بھائی اور بیوی کو قتل کردیا اُن کی لاشیں اٹھوا لو۔

    شوہر نے الزام عائد کیا کہ قتل میں دو سسرالی رشتے داور اور سالہ ملوث ہے، پولیس نے تاج محمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔

  • بلدیہ ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ‘ 3 افراد زخمی

    بلدیہ ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ‘ 3 افراد زخمی

    کراچی: بلدیہ کے علاقے رئیس گوٹھ میں واقع مکان میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے رئیس گوٹھ میں گھرمیں ڈکیتی کے دوران اہل خانہ کی مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ اورتشدد سے تین افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ سے محمد علی اور جلال زخمی ہوئے، تیسرا شخص یحییٰ پستول کے بٹ لگنے سے زخمی ہوا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے تینوں افراد آپس میں بھائی ہیں۔

    کراچی میں‌ پولیس کا ایکشن، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ’چڈا، ببلو اور پیرجی‘ گرفتار

    یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی پولیس نے مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود سے قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث متحدہ لندن کے دو ٹارگٹ کلرز سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ کی متعددوارداتوں کااعتراف کیا، عباس یونٹ 99 کا ٹارگٹ کلر تھا جس کی شاندہی پر اُس کے ساتھی مسعود ببلو کو گرفتار کیا گیا۔

  • بلدیہ ٹاؤن میں رینجرزاورسی ٹی ڈی کا دہشتگردوں سے مقابلہ، تین ہلاک

    بلدیہ ٹاؤن میں رینجرزاورسی ٹی ڈی کا دہشتگردوں سے مقابلہ، تین ہلاک

    کراچی : بلدیہ ٹاؤن میں سی ٹی ڈی اور رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران مقابلے میں تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سی ٹی ڈی اور دو رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے، دہشت گردوں سے دو خود کش جیکٹس، بلاک بم اوربارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں سی ٹی ڈی اور رینجرز نے دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق دوران آپریشن دہشت گردوں نے بھاگنے کی کوشش میں اہلکاروں پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    مقابلے میں دو رینجرز اہلکار اور ایک سی ٹی ڈی اہلکار بھی زخمی ہوا، ترجمان رینجرز نے کہا کہ دہشت گردوں سے دو خودکش جیکٹس، بلاک بم اور بارودی مواد ،دو آئی ای ڈیز ،دو ایس ایم جیز اور دیگر اسلحہ برآمد ہواہے۔

    رینجرز حکام کا مزید کہنا ہے کہ تاریکی کا فائدہ اٹھا کر کچھ دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    رینجرزاور پولیس کی کارروائیاں، 15ملزمان گرفتار، اسلحہ منشیات برآمد

    علاوہ ازیں کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون کا گھیرا تنگ کردیا گیا، رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا، ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی ہیں۔

    دوسری جانب موچکو پولیس نے پسند کی شادی کرنے پر بیٹی کو قتل کرنے والے ملزم احمد علی کو حراست میں لے لیا، محمود آباد چنسیر گوٹھ میں پولیس نے کارروائی کرکے منشیات اڈا چلانے والی ملزمہ کو ہتھکڑیاں لگادیں۔

    اس کے علاوہ لیاقت آباد میں پولیس نے کارروائی کرکے چھ جرائم پیشہ عناصر کو گرفتارکر لیا جبکہ ناظم آباد سے ایک ڈکیت گینگ کا کارندہ پکڑا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن سے بھاری تعداد میں مدفون اسلحہ برآمد کرلیا

    رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن سے بھاری تعداد میں مدفون اسلحہ برآمد کرلیا

    کراچی : رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن میں کامیاب کارروائی کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا، اسلحہ خالی پلاٹ میں زیرزمین چھپایا گیا تھا، اسلحہ سیاسی جماعت کے ایک عسکری ونگ کے زیر استعمال تھا۔ دوسری کارروائی میں رینجرز نے پرانا گولیمار میں گینگ وار کے مفرور کمانڈر کے گھر پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ، منشیات اور ایک کروڑ 71 لاکھ روپے نقد رقم برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں مدفون اسلحہ برآمد کر لیا ہے، اسلحہ خالی پلاٹ میں زیر زمین چھپایا گیا تھا۔ برآمد ہونے والے اسلحے میں تین عدد ایس ایم جیز، کلاشنکوف، تین عدد بے بی کلاشنکوف 30 بور، دو عدد پستول ، چار عدد رپیٹر بارہ بور، اور مختلف اقسام کے 666 راؤنڈز شامل ہیں۔

    ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ اسلحہ شہر میں بدامنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کیلئے استعمال ہونا تھا۔ علاوہ ازیں رینجرز نے پرانا گولیمار کے علاقے میں لیاری گینگ وار کے مفرور کمانڈر ماجد سخی داد کے گھر پر چھاپہ مارا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق چھاپے کی اطلاع پر گھر میں موجود تین ملزم فرار ہو گئے۔ تلاشی کے دوران رینجرز نے مفرور کمانڈر کے گھر سے 3 گرنیڈ، 2 کلاشنکوف، 1 ماؤزر، 2 پستول اور 20 کلو چرس برآمد لی جبکہ گھر کے اندر چھپائے گئے 1 کروڑ 71 لاکھ روپے بھی برآمد کئے گئے۔

  • بلدیہ ٹاؤن میں خوفناک حادثہ، ڈمپر نے نو افراد کو کچل ڈالا

    بلدیہ ٹاؤن میں خوفناک حادثہ، ڈمپر نے نو افراد کو کچل ڈالا

    کراچی : بلدیہ ٹاؤن میں خونی ڈمپر کی ٹکر سے ہائی روف میں سوار نو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، حادثہ نادرن بائی پاس کے قریب تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن  نادرن بائی پاس کے قریب تیز رفتار ڈمپرنے ہائی روف  کو کچل ڈالا، حادثے میں گاڑی میں سوار نو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    ہلاک شدگان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، واقعے کے بعد ریسکیو اداروں نے ایمبولینسوں کے ذریعے ہلاک اور زخمی افراد کو سول اسپتال پہنچایا،جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد پکنک منا کر واپس آرہے تھے،  ہلاک شدگان اور زخمیوں میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں ایم کیوا یم کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں نوافراد کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    ایک بیان میں الطاف حسین نے واقعہ کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونیوالے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس واقعہ میں جاں بحق ہونیوالے تمام افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحتیابی عطا فرمائے۔

  • پولیس اہلکارکے قتل میں ملوث بیوی ساتھی سمیت گرفتار

    پولیس اہلکارکے قتل میں ملوث بیوی ساتھی سمیت گرفتار

    کراچی : سعید آباد میں پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث اس کی اہلیہ کوپولیس نے ساتھی سمیت گرفتار کرلیا ۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعید آباد کا رہائشی پولیس اہلکار اپنی بیوی کے ہاتھوں مارا گیا، علاقہ پولیس کے مطابق اے ایس آئی علی احمد کو گزشتہ رات نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کرفائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا تو قاتل گھر میں ہی مل گیا، دوران تفتیش سوالات کرنے پرعلی احمد کی بیوی پولیس کو تسلی بخش جواب نہ  دے سکی ، بعد ازاں مقتول اہلکار علی احمد کی بیوی نے قتل کا اعتراف کرلیا۔

    ملزمہ کے مطابق اس نے اپنے ساتھی کی مدد سے علی احمد کو اسی کے سرکاری اسلحہ سے گولیاں ماریں، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

  • کراچی:بلدیہ کے مکین مبینہ طور پر گرفتاریوں کیخلاف سراپا احتجاج

    کراچی:بلدیہ کے مکین مبینہ طور پر گرفتاریوں کیخلاف سراپا احتجاج

    کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں خواتین اپنے بچوں کی مبینہ گرفتاری کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، مظاہرین نے ٹائر جلاکر حب ریور روڈ بلاک کردیا ہے، اہلخانہ نےحراست میں لئے جانے والے افراد کی باقاعدہ گرفتاری ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں گرفتاریوں کے خلاف خواتین اور بچے سڑکوں پر نکل آئے، دورانِ احتجاج مشتعل مظاہرین نے ایک پانی کے ٹینکر کو آگ لگا دی اور ٹائر جلا کر قانون نافذکرنے والے اداروں کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔

    سراپا احتجاج خواتین کا کہنا ہے کہ ہمارے بچوں کو کوئی قصور نہیں، سیکیورٹی اداروں نے زبردستی بچوں کو گھروں سے گرفتار کیا۔

    دھرنے میں موجود اہلخانہ کا مطالبہ ہے کہ کارروائی کے دوران گرفتار کیے جانے والوں کی گرفتاری ظاہر کی جائے۔

    بعد ازاں کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں پولیس اور رینجرز کیساتھ مذاکرات کے بعد اہلخانہ نے گرفتاریوں کے خلاف احتجاج ختم کردیا، رینجرز حکام نے اہلخانہ کو یقین دلایا کہ انٹیروگیشن کے بعد زیرِ حراست افراد بے گناہ ثابت ہوئے تو انھیں فوری رہا کردیا جائے گا۔

    رکن سندھ اسمبلی اور ایم کیو ایم کی رہنماء شازیہ جاوید کا کہنا تھا کہ اس طرح سے لوگوں کو گھروں سے اٹھا لیے جانا صحیح اقدام نہیں۔

    اس سے قبل گرفتار افراد کے اہلخانہ قانون نافذکرنے والے اداروں کے خلاف سراپا احتجاج تھے، خواتین اور بچوں سمیت مظاہرین کی بڑی تعداد نے دورانِ احتجاج ایک پانی کے ٹینکر کو بھی آگ لگا ئی اور ٹائر جلا کر قانون نافذکرنے والے اداروں کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔