Tag: بلقیس ایدھی

  • امریکا میں مقیم رابعہ، جنہیں اپنے ایدھی بے بی ہونے پر فخر ہے

    امریکا میں مقیم رابعہ، جنہیں اپنے ایدھی بے بی ہونے پر فخر ہے

    امریکا میں مقیم پاکستانی خاتون رابعہ بی بی کا کہنا ہے کہ بلقیس ایدھی کے انتقال کے بعد وہ خود کو ایک بار پھر سے یتیم محسوس کر رہی ہیں، انہیں اپنے ایدھی بے بی ہونے پر فخر ہے۔

    امریکا میں مقیم پاکستانی خاتون رابعہ بی بی کی کہانی سماجی کارکن اور عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی کے انتقال کے بعد سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، رابعہ کو 28 سال قبل کوئی ایدھی سینٹر کے جھولے میں ڈال گیا تھا اور پھر ان کی پرورش بلقیس ایدھی کے زیر نگرانی ہوئی۔

    رابعہ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ 28 سال پہلے مجھے کراچی میں ایدھی سینٹر کے باہر بچوں کے جھولے میں چھوڑ دیا گیا تھا، میں آپ کو ملی، آپ نے اپنی والدہ کا نام رابعہ بانو مجھے دیا، میری شناخت بنائی اور پھر مجھے گھر دیا۔

    رابعہ لکھتی ہیں کہ بلقیس ایدھی کی ہی وجہ سے انہیں نئے پیار کرنے والے والدین ملے اور ایک نئی شناخت ملی۔

    ایدھی سینٹر میں رہتے ہوئے رابعہ تعلیم حاصل کرتی رہیں، اپنی ذہانت کے بل بوتے پر انہوں نے اسکالر شپس حاصل کیں اور امریکا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔

    انہوں نے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی، برونکس ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس، یو ایس کانگریس اور یو ایس سینیٹ میں انٹرن شپس کیں اور اس کے بعد سائبر سیکیورٹی اینڈ ڈیٹا پرائیوسی لا میں ماسٹرز کیا۔

    رابعہ اس وقت نائیکی میں سینئر پرائیوسی اینڈ کمپلائنس اینالسٹ کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

    بلقیس ایدھی کے انتقال پر انہوں نے لکھا کہ بڑے ابو (عبدالستار ایدھی) کو کھونا مشکل تھا لیکن آپ کے نقصان نے مجھے آج پھر یتیمی کی کیفیت سے دوچار کردیا ہے۔

    رابعہ کا کہنا ہے کہ انہیں ایک ایدھی بے بی ہونے پر فخر ہے۔

    یاد رہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے تحت لگائے گئے جھولوں میں ڈالے گئے ہزاروں بچوں کی پرورش اس ادارے میں ہوئی جسے عبدالستار ایدھی اور ان کی اہلیہ بلقیس ایدھی چلاتے رہے۔

  • بلقیس ایدھی کی خدمات کی دنیا بھی معترف

    بلقیس ایدھی کی خدمات کی دنیا بھی معترف

    کراچی: ملک کی معروف سماجی شخصیت اور فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کی شریک سربراہ بلقیس ایدھی کو دہائی کی بہترین شخصیت قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے نمائندہ برائے انسانی حقوق پروفیسر یانگھی لی اور امریکی ماہر اخلاقیات اسٹیفن سولڈز کے ہمراہ بلقیس ایدھی کو بھی دہائی کی شخصیت (Person of the Decade) قرار دیا گیا ہے۔

    امپیکٹ ہال مارکس نامی ادارے نے بلقیس ایدھی کو اکیسویں صدی کی پہلی 2 دہائیوں کی سب سے زیادہ متاثر کن شخصیت بھی قرار دیا ہے۔

    بین الاقوامی ادارے امپیکٹ ہال مارکس نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ تین افراد بلقیس ایدھی، پروفیسر یانگھی لی اور اسٹیفن سولڈز نے دہائی کے اثر و رسوخ کی نمایاں علامتوں اور رائے عامہ کے مطابق سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    خیال رہے کہ بلقیس ایدھی عبدالستار ایدھی کی اہلیہ ہیں جو ایدھی فاؤنڈیشن کا اہم حصہ رہیں اور اب وہ ادارے کی سربراہ ہیں۔

    انہیں ایدھی صاحب کے ہمراہ خدمات عامہ کے لیے سنہ 1986 میں رومن میگسیسی اعزاز سے نوازا گیا جبکہ حکومت پاکستان کی جانب انہیں ہلال امتیاز بھی عطا کیا گیا ہے۔

    بھارتی لڑکی گیتا کی دیکھ بھال کرنے اور بحفاظت بھارت واپس پہنچانے پر پر بھارت نے انہیں مدر ٹریسا ایوارڈ 2015 سے نوازا تھا۔