Tag: بلومبرگ رپورٹ

  • بلومبرگ کی رپورٹ نے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا

    بلومبرگ کی رپورٹ نے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا

    واشنگٹن: بلومبرگ کی سامنے آنے والی تازہ ترین رپورٹ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی اصلیت کا پردہ چاک کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ مودی کے دور حکومت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر و جرائم کے بھارتی تاریخ میں سب سے زیادہ واقعات رونما ہوئے ہیں۔

    بلومبرگ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2014 میں مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارتیوں میں مسلمانوں کیخلاف رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

    یہ رپورٹ اس لحاظ سے بھی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اس میں 2017 میں بھارت کے کرائم بیورو کی جانب سے نفرت پر مبنی جرائم کے اعداد و شمار جمع نہ کرنے کے بعد سے مسلم مخالف تقاریر اور دیگر پرتشدد واقعات کو ریکارڈ کیا گیا۔

    بلومبرگ نے واشنگٹن ڈی سی میں قائم ایک تحقیقی گروپ ہندوتوا واچ کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں نفرت انگیز تقاریر اور بھارت میں اقلیتوں کے خلاف جرائم کے اعداد و شمار کا ذکر کیا گیا تھا۔

    مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے ریکارڈ شدہ 255 واقعات میں سے تقریباً 80 فیصد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر حکومت ریاستوں میں پیش آئے۔

    مودی حکومت کے باعث بھارت کی مسلمان آبادی کو تعصب اور مذہبی ظلم و جبر جھیلنا پڑ رہا ہے، ناقدین کے مطابق اس کا مقصد مسلمانوں کو پسماندہ کرنا اور انہیں بھارت سے بیدخل کرکے بھارت کو مکمل ہندو ملک میں تبدیل کرنا ہے۔

  • پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار

    اسلام آباد: عالمی ڈیٹا کمپنی بلومبرگ نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ڈیٹا کمپنی بلومبرگ کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹ ہے۔ بلومبرگ کے مطابق 36 فیصد ریٹرن کے ساتھ پاکستان اسٹاک مارکیٹ پہلے نمبر پر ہے۔

    بلومبرگ کا کہنا ہے کہ یہ لسٹنگ گزشتہ 3 ماہ کے اعداد و شمار پر ہے۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا چین کے ساتھ مشترکہ ٹریڈنگ کا معاہدہ ہوا ہے۔ معاہدے کی مالیت 28 لاکھ 50 ہزار ڈالر ہے۔ یہ رقم آسان اقساط میں پانچ سال میں ادا کرنی ہوگی۔

    یہ اخراجات اسٹاک مارکیٹ اتنظامیہ اٹھا رہی ہے، اسے بروکرز پر منتقل نہیں کیا جائے گا۔ مذکورہ سسٹم سے کمپنیوں کی کراس لسٹنگ آسان اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین سلیمان مہدی کے مطابق شینزین دنیا کی تیسری بڑی اسٹاک مارکیٹ ہے جہان ایک دن میں 40 لاکھ سودے ہوتے ہیں اور ایک سیکنڈ میں 2 ہزار سودے بک کیے جاتے ہیں۔

    معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں چینی بروکریج فرمز نے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

    چینی اسٹاک مارکیٹ سرمایہ کار فرمز اربوں ڈالر کا سرمایہ مینیج کرتی ہیں۔ ان کمپنیوں کی جانب سے پاکستانی حصص بازار میں 2 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔