Tag: بلونگڑا

  • ماں کی تڑپ: بلی بیمار بچوں کو علاج کے لیے خود اسپتال لے آئی (ویڈیو دیکھیں)

    ماں کی تڑپ: بلی بیمار بچوں کو علاج کے لیے خود اسپتال لے آئی (ویڈیو دیکھیں)

    ازمیر: ترکی کے شہر ازمیر میں ایک بلی ممتا کی تڑپ لیے اپنے بیمار بچوں کو خود اسپتال لے آئی، اور ڈاکٹرز سے مدد طلب کرنے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق ازمیر کے ضلع کارابگلر کے ایک اسپتال میں علاج کے لیے آنے والی ایک بلی نے لوگوں کے دلوں کو پگھلا دیا، بلی نے منہ میں اپنا بچہ پکڑا ہوا تھا اور ڈاکٹرز سے مدد طلب کر رہی تھی۔

    اسپتال کے کیمرے سے لی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلی اپنے بچے کو منہ میں اٹھا کر اسپتال کے دروازے سے اندر آتی ہے، اور دروازے پر کھڑے لوگ بلی کو راستہ دینے کے لیے ایک طرف ہو جاتے ہیں جب کہ کچھ لوگ دوسروں کو بلی کے لیے راستہ بنانے کا کہتے ہیں۔

    جب بلی کےبچوں کا معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ ان کی آنکھوں میں انفیکشن ہو گیا ہے، جس پر جانوروں کے ڈاکٹر سے علاج کے لیے مدد طلب کی گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نرس بلی کے بچوں کی آنکھوں میں دوا کے قطرے ڈال رہی ہے۔ ایک منظر میں بلی کے دونوں بچوں سے ڈاکٹر باتیں کر رہے ہیں۔

    مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپتال کے اسٹاف نے بتایا کہ وہ اکثر اس بلی کو کھانا اور دودھ دیتے رہتے تھے، جو پاس ہی سڑک پر کہیں رہتی ہے۔

    اسٹاف کا کہنا تھا کہ وہ صبح کے وقت مریض دیکھ رہے تھے جب یہ بلی اپنے بچے کو منہ میں دبائے آ گئی، اور وہ دیر تک میاؤں میاؤں کرتے ہوئے مدد مانگتی رہی، جسے دیکھ کر ہم دنگ رہ گئے، جب ہم نے احتیاط سے معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ انفیکشن کی وجہ سے بلونگڑا آنکھیں نہیں کھول پا رہا تھا۔

    بلی بیمار بچے کو لے کر اسپتال پہنچ گئی، تصاویر وائرل ہوگئیں

    آئی ڈراپس ڈالنے کے بعد جب بلونگڑوں نے آنکھیں کھولیں تو ہم سب بہت خوش ہوئے۔ بعد ازاں ہم نے بلی کو اس کے بچوں سمیت مزید علاج کے لیے دوسرے شہر بھیج دیا۔

  • بلی کا معذور بچہ دوبارہ چلنے کے قابل کیسے ہوا؟

    بلی کا معذور بچہ دوبارہ چلنے کے قابل کیسے ہوا؟

    امریکا میں ایک خاتون نے اپنی محبت اور خیال سے بلی کے ایک معذور بچے کو پھر سے چلنے کے قابل بنا دیا، 6 ماہ کی یہ بلی اب بالکل نارمل بلیوں کی طرح چل سکتی ہے۔

    جیسیکا نامی امریکی خاتون بتاتی ہیں کہ ایک بار ان کی ایک دوست، جو کہ جانوروں کے کلینک میں نرس ہیں، نے انہیں فون کیا اور بتایا کہ ان کے کلینک میں ایک معذور بلونگڑا لایا گیا ہے جو چلنے پھرنے سے قاصر ہے۔

    جیسیکا نے اس بچے کو رکھنے پر رضا مندی ظاہر کرلی۔

    وہ بتاتی ہیں کہ عضلات کی کمزوری کی وجہ سے یہ بلونگڑا اپنی پچھلی دونوں ٹانگوں کو حرکت نہیں دے پاتا تھا اور زمین پر گھسٹ کر چلتا تھا۔ تاہم وہ دوسری بلیوں کو دیکھ کر ان کی طرح چلنے کی کوشش کرتا تھا۔

    جیسیکا کے مطابق وہ ڈاکٹر کے مشورے پر گھر پر بلی کی فزیکل تھراپی کرتی رہیں، اس میں وہ بلی کی پچھلی ٹانگوں کو سائیکل چلانے کی طرح حرکت دیتی تھیں۔ وہ اسے چلنے میں بھی مدد دیتی تھیں۔

    علاوہ ازیں انہوں نے جانوروں کے ایک ڈاکٹر کی مدد سے بلی کی ایکو پنکچر ٹریٹمنٹ بھی کروائی تاکہ اس کے جسم میں خون کا بہاؤ تیز ہوسکے۔ ان تمام کوششوں سے آہستہ آہستہ بلی چلنے کے قابل ہوتی گئی، 6 ماہ کی عمر تک وہ دیگر عام بلیوں کی طرح چلنے کے قابل ہوگئی۔

    جیسیکا کہتی ہیں کہ اس بلی نے ان کی زندگی بدل دی ہے، انہوں نے اس معصوم سے ہمت، حوصلے اور مستقل مزاجی کا سبق سیکھا ہے۔