Tag: بلوچستان بلدیاتی انتخابات

  • بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے پارٹیوں‌ کی سیاست پر سوالیہ نشان لگا دیا، 1222 آزاد امیدوار کامیاب

    بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے پارٹیوں‌ کی سیاست پر سوالیہ نشان لگا دیا، 1222 آزاد امیدوار کامیاب

    کوئٹہ: بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے پارٹیوں‌ کی سیاست پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، آزاد امیدواروں نے بلدیاتی انتخابات میں 1222 نشستیں جیت کر پارٹیوں سے نالاں عوام کی رائے ظاہر کر دی۔

    غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پارٹیوں میں جمعیت علمائے اسلام سب سے آگے ہے، تاہم آزاد امیدواروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے جے یو آئی بھی بہت ہی پیچھے دکھائی دیتی ہے۔

    گزشتہ روز بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی، ووٹنگ میں شہریوں نے بھرپور دل چسپی لی اور خواتین نے بھی بڑی تعداد میں ووٹ کا حق استعمال کیا، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا ہے۔

    اب تک آزاد امیدواروں نے 1222 نشستیں حاصل کی ہیں، جمعیت علمائے اسلام 260 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر، صوبے کی حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی 141 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

    غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پشتونخوا میپ 94 نشستوں کے ساتھ چوتھے نمبر موجود ہے، نیشنل پارٹی 64، بی این پی مینگل 54 نشستوں پر کامیاب ہوئی، غیر متوقع طور پر پیپلز پارٹی نے 47 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، پی ٹی آئی نے 20، عوامی نیشنل پارٹی 19، جمہوری وطن 17، اور مسلم لیگ ن نے 15 نشستیں حاصل کیں، جب کہ مکران میں حق دو پارٹی کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز نے سب سے پہلے نتائج دینے کی روایت برقرار رکھی، پولنگ کے دوران چمن، سبی، کوہلو، جعفر آباد کے چند پولنگ اسٹیشنز پر جھگڑے اور ہوائی فائرنگ بھی ہوئی، جس میں 16 افراد زخمی ہوئے، تربت اور خالق آباد میں پولنگ اسٹیشن پر دستی بم حملے میں 2 افراد زخمی ہوئے۔

  • بلدیاتی انتخابات: چمن میں پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ

    بلدیاتی انتخابات: چمن میں پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ

    چمن: بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے دوران چمن ڈسٹرکٹ کے ایک وارڈ میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چمن میں میونسپل کارپوریشن وارڈ نمبر 3 پر پولنگ شروع نہ ہو سکی، پولنگ کے سامان سے 2 بیلٹ پیپرز غائب تھے جس پر سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہو گئی اور ہوائی فائرنگ شروع ہو گئی۔

    وارڈ نمبر 3 میں ہوائی فائرنگ کی اے آر وائی نیوز کی خبر پر ڈی آر او سہیل الرحمان پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے، پولیس اور انتظامیہ نے پولنگ اسٹیشن کا کنٹرول سنبھال لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر مرکزی کنٹرول روم سے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کی نگرانی کر رہے ہیں، انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔

    بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا

    چیف الیکشن کمشنر نے خبردار کیا ہے کہ پولنگ میں مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام بے خوف ہو کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔

    عوام سے اپیل کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عوام آج گھروں سے نکلیں اور ووٹ ڈالیں، خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا

    بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا

    کوئٹہ: بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے، پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

    ووٹرز اپنا ر حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشن پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

    ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ تمام ڈسٹرکٹس میں ہنگامی صورت حال سے متعلق تیاریاں مکمل ہیں، کوہلو، پنجگور، قلعہ عبداللہ میں ایف سی، پاک فوج کے جوان تعینات ہیں، جب کہ کوئیک رسپانس فورس تمام اضلاع میں موجود رہے گی۔

    صوبے میں بلدیاتی انتخابات میں 35 لاکھ 52 ہزار 398 افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے، صوبے بھر میں 5226 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جب کہ 1974 پولنگ اسٹیشنز کو حساس، اور 2034 کو انتہائی حساس قرار دے دیا گیا ہے۔

    کوہلو

    ضلع کے 94 وارڈز کے 103 پولنگ اسٹیشنز میں انتخابی عمل شروع ہو گیا ہے، شہری نے اپنا پہلا ووٹ 2 میونسپل کمیٹی ڈگری کالج میں کاسٹ کر دیا، ضلع کے دور دراز علاقوں ماوند، تمبو اور گرسنی میں بھی انتخابی عمل شروع ہو گیا ہے۔

    کوہلو میں انتخابی عمل صبح 8 سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہےگا، ضلع میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، اور 1200 سے زائد پولیس اہل کار تعینات ہیں۔

    گوادر

    بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں بھی صوبے بھر کی طرح بلدیاتی انتخابات کا آغاز ہو چکا ہے، انتخابی عملہ پولنگ اسٹیشنوں پر موجود ہے تاہم ووٹرز نہیں پہنچے، پولنگ اسٹیشنز میں عوام کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے، متعدد پولنگ اسٹیشنوں میں سہولیات ناکافی ہیں، بعض پولنگ اسٹیشنوں میں پھنکے نہ ہونے کی وجہ سے عملہ گرمی سے نڈھال ہے، ضلع بھر میں 376 امیدوار میدان میں ہیں۔

    پشین

    بلوچستان کے ضلع پشین میں بھی ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے، پشین سے مجموعی طور پر 1453 امیدوار میدان میں ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق پشین سے 7 خواتین امیدوار بھی میدان میں ہیں، پشین میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 2 لاکھ 2 ہزار 818 ہے۔

    پشین میں خواتین رجسٹرڈ ووٹرز 1 لاکھ 26 ہزار، مرد ووٹرز 1 لاکھ 76 ہزار سے زائد ہیں، پشین میں بلدیاتی انتخابات کے لیے قائم پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 505 ہے، مرد پولنگ اسٹیشنز 39، خواتین کے لیے 33 پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں، 67 یونین کونسلوں کے 380 وارڈز پر انتخابات ہو رہے ہیں۔

    ژوب

    ژوب میں بھی پولنگ کا عمل شروع ہو گیا، 28 یونین کونسلوں کے 137 وارڈز کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، انتخابات میں 528 امیدوار مد مقابل ہیں، بی اے پی کے 6، جے یو آئی (ف) کے 6 امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں، پشتونخوا میپ کے 2، ن لیگ کے 2 اور 10 آزاد امیدواروں سمیت 26 امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں۔ ژوب میں 40 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 42 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

    مستونگ

    مستونگ میں ووٹنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے، مستونگ سے مجموعی طور پر 500 امیدوار میدان میں ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق مستونگ سے 1 ایک خاتون امیدوار بھی میدان میں ہے۔

    شیرانی

    شیرانی میں پولنگ کا عمل جاری ہے، 18 یونین کونسلوں کے 86 وارڈز پر 281 امیدوار مدمقابل ہیں، 36 امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں،الیکشن کمیشن کے مطابق 7 انتہائی حساس جب کہ 42 حساس پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔

    جعفرآباد

    جعفر آباد میں بھی بلدیاتی الیکشن کا میدان سج گیا ہے، ضلع بھر میں پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے، ضلع بھر میں 2 لاکھ 62 ہزار 780 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، ووٹرز کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ گئی ہے، خواتین بھی بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے پہنچ چکی ہیں۔