Tag: بلوچستان کی خبریں

  • پی سی گوادر میں کلیئرنس آپریشن مکمل، 3 دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک

    پی سی گوادر میں کلیئرنس آپریشن مکمل، 3 دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک

    راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پی سی ہوٹل گوادر میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پی سی گوادر میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا، تینوں دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران ہوٹل کے 4 ملازمین اور پاک بحریہ کا ایک جوان عباس شہید ہو گیا۔

    پی سی گوادر آپریشن میں پاک فوج کے 2 کیپٹن، پاک بحریہ کے 2 جوان، اور 2 ہوٹل ملازمین زخمی ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  گوادر حملہ، تمام افراد کو ہوٹل سے بہ حفاظت نکال لیا گیا، کلیئرنس آپریشن جاری

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی لاشیں شناخت کے لیے تحویل میں لے لی گئی ہیں، دہشت گرد مہمانوں کو یرغمال بنانے کے لیے ہوٹل میں داخل ہوئے، دہشت گردوں کو سیکورٹی گارڈ نے مرکزی ہال میں داخل ہونے سے روکا تھا۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں نے ہوٹل کے مرکزی زینے پر پہنچ کر فائرنگ کی، دہشت گردوں کی فائرنگ سے سیکورٹی گارڈ شہید ہوا، دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ سے مزید 3 ہوٹل ملازمین شہید ہوئے، جن میں فرہاد، بلاول اور اویس شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج، بحریہ، پولیس کی کیو آر ایف ٹیمز فوراً ہوٹل پہنچیں، فورسز نے مہمانوں اور عملے کو فوری محفوظ مقام پر منتقل کیا، فورسز کی بر وقت کارروائی سے دہشت گرد چوتھی منزل کے کوریڈور تک محدود رہے۔

  • ڈگری ڈگری ہوتی ہے: اسلم رئیسانی نے قوم سے معافی مانگ لی

    ڈگری ڈگری ہوتی ہے: اسلم رئیسانی نے قوم سے معافی مانگ لی

    کوئٹہ: ڈگری ڈگری ہوتی ہے اصلی ہو یا جعلی، مشہور زمانہ بیان دینے والے اسلم رئیسانی نے قوم سے معافی مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق اراکین اسمبلی کی جعلی ڈگریوں کے حوالے سے ماضی میں بیان دینے والے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ایک انٹرویو میں قوم سے معافی مانگ لی ہے۔

    اسلم رئیسانی نے بتایا کہ وہ ان دنوں ایم فِل کی ڈگری کے لیے پڑھائی کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ایم فِل کے بعد وہ پی ایچ ڈی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کا ارادہ ہے کہ انسانی ماحول پر تحقیق کریں، وہ پی ایچ ڈی کرنا چاہتے ہیں، اور نوجوانوں کے ساتھ یونی ورسٹی میں پڑھنے کا مزا آ رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت کی پالیسی نہیں کہ کسی کوجعلی ڈگری پربھرتی کرے، اعظم سواتی

    اسلم رئیسانی کا کہنا تھا کہ ان سے صحافیوں نے صوبائی اسمبلی کے اراکین کی ڈگریاں جعلی ہونے کا سوال کیا تو انھوں نے کہا کہ ڈگری ڈگری ہوتی ہے اصلی ہو یا جعلی، یہ بیان ان کے گلے پڑ گیا، جس پر عوام سے معافی چاہتا ہوں۔

    یاد رہے کہ 64 سالہ نواب محمداسلم خان رئیسانی نے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز آف فلاسفی کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے بلوچستان یونی ورسٹی میں داخلہ لیا ہے۔

    اسلم رئیسانی 2008 سے 2013 تک بلوچستان کے وزیر اعلیٰ رہے، سیاست میں آنے سے قبل وہ پولیس میں ڈی ایس پی کے عہدے پر فائز تھے۔

  • بلوچستان میں گورننس کے مسائل کا سامنا ہے: جام کمال

    بلوچستان میں گورننس کے مسائل کا سامنا ہے: جام کمال

    کوئٹہ: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ ہمیں صوبے میں وسائل کی کمی اور گورننس جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ میں نیول وار کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں گورننس کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سی پیک (چائنا پاکستان اکانومک کوریڈور) سے بلوچستان کی اہمیت میں عالمی سطح پر اضافہ ہوا ہے۔

    جام کمال کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 سال میں مشکل حالات کے باعث بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں، تاہم آئندہ 4 سال میں بہتری کی امید ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سابقہ حکمرانوں نے عوام کو خوش کرنے کے لئے عارضی اقدامات کئے، جام کمال خان

    دو دن قبل نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا تھا کہ ماضی کے حکمرانوں نے مسائل کے حل کے حوالے سے عوام کو خوش کرنے کے لیے عارضی بنیادوں پر اقدامات کیے، آج عوام کو موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔

    انھوں نے کہا تھا کہ ماضی میں جوبھی خامیاں رہیں ہم بھی اس کا حصہ رہے ہیں تاہم اب نظام کی بہتری کے لئے ہماری کوششیں اور اقدامات سب کے سامنے ہیں۔

  • کوئٹہ: خروٹ آباد سے کالعدم تنظیم کا اہم دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ: خروٹ آباد سے کالعدم تنظیم کا اہم دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ: سی ٹی ڈی بلوچستان نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا ایک اہم ٹارگٹ کلر گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بلوچستان نے خروٹ آباد سے کالعدم تنظیم کے اہم دہشت گرد غلام فاروق کو گرفتار کر لیا۔

    سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سے بارودی مواد، ہینڈ گرنیڈ، پرائمہ کارڈ اور بال بیرنگ بر آمد ہوئے۔

    محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق گرفتار دہشت گرد پولیس اہل کاروں اور ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، دہشت گرد کالعدم تنظیم داعش کے کمانڈرز نعمت اللہ اور ممتاز پہلوان کا قریبی ساتھی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ: کوسٹل ہائی وے پرفائرنگ سے 14 افراد قتل

    یاد رہے کہ 12 اپریل کو ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہو گئے تھے، دھماکے میں ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    آج وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کوئٹہ، پشاور اور کوسٹل ہائی وے واقعے کو بہیمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملوں میں منظم پیٹرن نظرآ رہا ہے، ذمے داران کو عبرت کی مثال بنا دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  فوادچوہدری نے کوئٹہ ، حیات آباد اور کوسٹل ہائی وے واقعے کوبہیمانہ قرار دے دیا

    یاد رہے گزشتہ روز مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 14 افراد کو قتل کر دیا تھا، لیویز ذرایع کا کہنا تھا کہ تمام افراد کو بسوں سے اتار کر قتل کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوسٹل ہائی وے پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ ملک کو بد نام اور بلوچستان کی ترقی روکنے کی گھناؤنی سازش ہے۔

  • وفاقی وزیر مملکت شہریار آفریدی کی وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات

    وفاقی وزیر مملکت شہریار آفریدی کی وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات

    کوئٹہ: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے پیر کو وزیر اعلیٰ ہاؤس بلوچستان میں وزیر اعلی جام کمال سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق شہریار آفریدی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی، اس موقع پر مشیر وزیر اعظم زلفی بخاری، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر نذیر اختر، آئی جی ایف سی میجر جنرل فیاض احمد شاہ، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ بھی موجود تھے۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ نے وزیر اعلی بلوچستان سے سیکورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے پر ہونے والے نقصان پر اظہار افسوس کیا۔

    شہریار آفریدی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے کوئٹہ دھماکے پر ہونے والی تحقیقات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ: ہزار گنجی دھماکے کی تحقیقات میں پیشرفت

    یاد رہے کہ 12 اپریل کو ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہو گئے تھے، دھماکے میں ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا تھا، دھماکا خیز مواد آلوؤ ں میں رکھا گیا تھا، جاں بحق افراد میں سیکورٹی اہل کار بھی شامل تھے جب کہ 8 جاں بحق افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے تھا۔

    دھماکے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں نا معلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا کہ دھماکا پلانٹڈ نہیں بلکہ خود کش تھا، جائے وقوعہ سے حملہ آور کے اعضا بھی ملے۔

  • دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں پورے صوبے کا مسئلہ ہے: جام کمال

    دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں پورے صوبے کا مسئلہ ہے: جام کمال

    کوئٹہ: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا مسئلہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جام کمال نے ہزارہ ٹاؤن امام بارگاہ جا کر گزشتہ روز ہزار گنجی میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی۔

    لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام اور حکومت غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا مسئلہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت پوری ذمہ داری کے ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور سیکورٹی اداروں کو بہت سی کام یابیاں بھی ملی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ مغربی بائی پاس پر دھرنا دینے والوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنا دھرنا ختم کر دیں، حکومت واقعے میں ملوث عناصر اور دہشت گردی کے دیگر واقعات کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلوچستان میں سیلاب، سیکڑوں ہندو یاتری پھنس گئے، 2 ہلاک

    انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کی اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے، پولیس اور لیویز کی کارکردگی میں اضافہ کرنے کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ایک پرامن معاشرے کے قیام کے لیے مذہبی، سیاسی اور قبائلی عمائدین اور معاشرے کے تمام با اثر حلقوں کو ساتھ لے کر چلا جائے گا، دہشت گرد برادر قوموں اور قبائل میں تفریق پیدا کر کے امن کی فضا خراب کرنا چاہتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے لواحقین کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انھیں یقین دلایا کہ حکومت ان کی ہر ممکن مالی معاونت کرے گی۔

  • کیچ میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے مزید 93 کیسز رپورٹ

    کیچ میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے مزید 93 کیسز رپورٹ

    تربت: بلوچستان کے ضلع کیچ میں ڈینگی پریشان کن حد تک پھیلنے لگا ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے مزید 93 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کیچ میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے مزید 93 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ تربت میں روزانہ ڈینگی سے متاثر 12 مریض رپورٹ ہو رہے ہیں۔

    کیچ کے ڈی ایچ او ڈاکٹر فاروق نے بتایا کہ تین ماہ میں کیسز کی تعداد 243 ہو گئی ہے، ڈینگی سے متاثرہ تین مریض جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ کیچ میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے، ڈینگی کی روک تھام کے لیے دبئی حکومت سے بھی فنڈ مانگا گیا تھا تاہم وہ تا حال نہیں مل سکا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے علاقے اور گھروں میں اسپرے کیا جا رہا ہے، ان علاقوں کی نشان دہی بھی کی جا چکی ہے جہاں ڈینگی کی افزائش ہو رہی ہے، نیز لوگوں میں آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  4 سال میں 51 ہزار سے زائد افراد ڈینگی کا شکار

    واضح رہے کہ گزشتہ برس 7 نومبر 2018 کو قومی اسمبلی میں ایک رپورٹ پیش کی گئی تھی، جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ 4 سال کے دوران ملک بھر میں 51 ہزار سے زائد افراد ڈینگی جب کہ 6 سو سے زائد افراد کانگو بخار سے متاثر ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق سال 2015 سے اب تک 51 ہزار 764 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے، سب سے زیادہ 28 ہزار 298 افراد صوبہ خیبر پختون خواہ میں متاثر ہوئے، صوبہ سندھ میں 10 ہزار 447 اور صوبہ پنجاب میں 6 ہزار 58 افراد ڈینگی کا نشانہ بنے، اسلام آباد میں 3 ہزار 930 افراد جب کہ بلوچستان میں 1965 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔

  • وزیر اعظم عمران خان آج گوادر پورٹ کا دورہ کریں گے: ذرائع

    وزیر اعظم عمران خان آج گوادر پورٹ کا دورہ کریں گے: ذرائع

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان آج گوادر پورٹ کا دورہ کریں گے جہاں وہ گوادر ایکسپو میں شریک ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کا گوادر پورٹ کا دورہ پورے دن پر مبنی ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج گوادر پورٹ کا دورہ کریں گے، جہاں انھیں پاک چین اقتصادی راہ داری کے تحت جاری مختلف تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو سی پیک کے تحت جاری جدید ترین آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پر بریف کیا جائے گا۔

    بعد ازاں وزیرِ اعظم عمران خان شام کو کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، کمیٹی وزیر اعظم کو منصوبوں پر عمل درآمد سے متعلق بریفنگ دے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک سعودی عرب مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی پروقار تقریب

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 30 مارچ کو گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کریں گے، اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب گوادر پورٹ پر گیارہ بلین ڈالرز پر مبنی آئل ریفائنری اور پیٹرو کیمیکل کمپلیس کی تعمیر پر جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کر چکے ہیں۔

  • وزیرِ اعلیٰ کی بلوچستان بھر میں پوست کی کاشت کے خلاف بھرپور ایکشن کی ہدایت

    وزیرِ اعلیٰ کی بلوچستان بھر میں پوست کی کاشت کے خلاف بھرپور ایکشن کی ہدایت

    کوئٹہ: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے صوبے بھر میں پوست کی کاشت کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ایک انچ زمین پر بھی پوست کی کاشت اور پیداوار قابل قبول نہیں ہے۔

    انھوں نے دکی، لورالائی، قلعہ عبداللہ اور قلات انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کے ساتھ مل کر پوست کے خلاف کارروائی کرے۔

    جام کمال نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ زراعت کی دیگر پیداوار کے لیے لوگوں کو معاونت فراہم کی جائے، اور پوست کی کاشت کے علاقوں میں عوام کو متبادل روزگار کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔

    وزیرِ اعلیٰ جام کمال نے عزم کیا کہ بلوچستان کو منشیات سے پاک کر کے نوجوان نسل کو محفوظ بنایا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  15 سو ایکڑ پر کاشت سبزیوں کو تلف کیا جائے، بلوچستان اسمبلی میں قرارداد

    دریں اثنا، جام کمال نے چینی کمپنی کے صدر ژوپنگ سے ملاقات کی جس میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، چینی کمپنی کے حکام نے وزیرِ اعلیٰ کو صوبے میں سرمایہ کاری سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔

    وزیرِ اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان میں معدنی ترقی کی نئی پالیسی متعارف کرانے جا رہی ہے، معدنیات کے شعبے میں بہتری اور سرمایہ کاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • امدادی سرگرمیوں میں پاک فوج، ضلعی انتظامیہ کی خدمات قابل تعریف ہیں: گورنر بلوچستان

    امدادی سرگرمیوں میں پاک فوج، ضلعی انتظامیہ کی خدمات قابل تعریف ہیں: گورنر بلوچستان

    کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث بلوچستان میں تباہی کے بعد امدادی سرگرمیوں میں پاک فوج، ضلعی انتظامیہ کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر بلوچستان نے کہا ہے کہ صوبے میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے بر وقت اقدامات کیے گئے، امدادی سرگرمیوں میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

    [bs-quote quote=”برف باری کے باعث ہرنائی میں زرغون غر کا زمینی رابطہ 4 دن بعد بھی بحال نہیں ہو سکا۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    گورنر بلوچستان نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے طویل خشک سالی کے منفی اثرات زائل ہو جائیں گے، تاہم مختلف اضلاع میں سیلابی ریلوں سے نقصانات بھی ہوئے۔

    دریں اثنا، آصف زرداری نے بلوچستان، کے پی میں بارشوں سے جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں سیلاب کے متاثرین کی مشکلات دور کرنے کے لیے آگے آئیں۔

    ادھر، ہرنائی میں زرغون غر کا زمینی رابطہ 4 دن بعد بھی بحال نہیں ہو سکا ہے، کمشنر سبی زمینی رابطہ بحال کرنے کے لیے زرغون غر کے پہاڑی سلسلے پہنچ گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  قلعہ عبداللہ کی تحصیل حرمزئی میں ڈھائی کلو میٹر لمبا شگاف، ڈیم ٹوٹنے کا خطرہ

    کمشنر سبی فیصل شاہ نے کہا کہ زرغون غر کا زمینی رابطہ جلد بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، شدید برف باری کے باعث رابطہ سڑک بحال کرنے میں وقت لگے گا۔

    انھوں نے کہا کہ ڈی سی ہرنائی 24 گھنٹے سے برف ہٹانے کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ زرغون غر میں برف باری سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔