Tag: بلوچستان کی خبریں

  • بی اے پی بلدیاتی الیکشن میں پورے صوبے سے حصہ لے گی، وزیرِ اطلاعات بلوچستان

    بی اے پی بلدیاتی الیکشن میں پورے صوبے سے حصہ لے گی، وزیرِ اطلاعات بلوچستان

    کوئٹہ: وزیرِ اطلاعات بلوچستان ظہور بلیدی کا کہنا ہے کہ مکران ڈویژن میں پانی کی فراہمی شروع ہو گئی ہے، آج کے اجلاس میں حکومتی کارکردگی پرغور کیا گیا۔

    صوبائی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلدیاتی الیکشن میں پورے صوبے سے حصہ لے گی، ہمارے وزرا ہر ماہ مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے۔

    [bs-quote quote=”بلوچستان کابینہ ایک ہفتے میں مکمل کر لی جائے گی: منظور کاکڑ” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ظہور احمد بلیدی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ ہر ہفتے ایک وزیر پارٹی دفتر میں کارکنوں کے مسائل سنے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن بلوچستان اسمبلی منظور کاکڑ نے کہا کہ وزیرِ اعظم کوئٹہ آئے اور صوبائی کابینہ اجلاس کی صدارت کی، ہم نے پی بی 35 کے ضمنی الیکشن کی بھرپور تیاری کر لی ہے۔

    منظور کاکڑ نے بتایا کہ پی بی 35 کے ضمنی الیکشن کے لیے ٹکٹ مشاورت سے دیا گیا ہے، میر عاصم کرد گیلو پی بی 35 میں پارٹی امیدوار نور احمد کی حمایت کریں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  سی پیک میں بلوچستان کو پورا حق دیا جائے گا: وزیرِ اعظم کا بڑا اعلان


    بی اے پی کے رہنما اور رکن اسمبلی منظور کاکڑ نے بلوچستان کابینہ کی تکمیل کے حوالے سے کہا کہ بلوچستان کابینہ ایک ہفتے میں مکمل کر لی جائے گی۔

    اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی بشریٰ رند نے کہا کہ ہم متحد ہیں پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں۔ یاد رہے کہ دو روز قبل بشریٰ رند کی پیش کردہ سینڈک منصوبے کے کنٹرول‘ انتظام اور دیگر امور بلوچستان کے حوالے کرنے سے متعلق قرارداد بلوچستان اسمبلی نے منظور کر لی ہے۔

  • گوادر آئل سٹی کے لیے پاکستان اور سعودی عرب میں 10 ارب ڈالر کا اقتصادی پیکج طے

    گوادر آئل سٹی کے لیے پاکستان اور سعودی عرب میں 10 ارب ڈالر کا اقتصادی پیکج طے

    اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے مابین 10 ارب ڈالر کا اقتصادی پیکج طے ہوا ہے، پیکج کے تحت سعودی حکومت گوادر میں آئل سٹی بنائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ سعودی عرب میں دونوں ممالک کے درمیان دس ارب ڈالر کا ایک اقتصادی پیکج طے ہو گیا ہے جس کے تحت گوادر میں آئل سٹی بنایا جائے گا جو سی پیک کا حصہ ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دورۂ سعودی عرب میں متعدد معاہدے اور فیصلے کیے گئے ہیں، اے آر وائی نیوز کو موصولہ تفصیلات کے مطابق ان میں سب سے اہم اقتصادی راہ داری میں سعودی اشتراک ہے۔

    [bs-quote quote=”گوادر میں آئل سٹی کا معاہدہ پہلے چین کے پاس تھا” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ذرائع کے مطابق گوادر میں جس آئل سٹی بنانے کے لیے دس ارب ڈالر پر مبنی پاک سعودی معاہدہ ہوا ہے، یہ منصوبہ پہلے چین کے پاس تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے پاکستان نے چین کو آمادہ کرنے کے بعد معاہدہ سعودی عرب کو دے دیا، چین کو سعودی عرب کے ساتھ سی پیک معاہدوں سے متعلق اعتماد میں لیا گیا۔

    وزیرِ اعظم اور وفد نے بھارتی شر انگیزیوں پر بھی سعودی عرب کو اعتماد میں لیا، ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سعودی عرب شریف برادران کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل پر آمادہ نہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کی سعودی عرب کو سی پیک میں تیسرے پارٹنر کی حیثیت سے شمولیت کی دعوت


    ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم کی عرب قیادت سے سعودی عرب اور ایران تنازعات پر بھی گفتگو ہوئی، پاکستان نے برادر ممالک ایران اور سعودی عرب میں تنازعہ ختم کرانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    ذرائع نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک میں خلیج کم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے۔ دوسری طرف یو اے ای حکومت کے ساتھ بھی اربوں ڈالر کے معاہدے کیے جائیں گے۔

  • بلوچستان: 265 عسکریت پسند ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل

    بلوچستان: 265 عسکریت پسند ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل

    کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں 265 علیحدگی پسند اپنے ہتھیار سرکار کے حوالے کر کے قومی دھارے میں شامل ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کے 265 عسکریت پسند ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے، عسکریت پسندوں نے اس موقع پر قومی تعمیر و ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔

    کوئٹہ میں منعقدہ تقریب میں مہمانِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ جام کمال اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کے علاوہ اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

    اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے قومی دھارے میں شامل ہونے والے عکسریت پسندوں سے ہتھیار لے کر قومی پرچم اور تحائف دیے۔

    عسکریت پسندوں نے بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں بڑی تعداد میں اپنے ہتھیار سرکار کے حوالے کیے، ان کا کہنا تھا کہ وہ قومی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  سندھ اوربلوچستان کے وزیراعلیٰ دہشت گردی کی روک تھام پرمتفق


    وزیرِ اعلیٰ جام کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’آپ نے اس قومی دھارے میں آ کر اپنے دوستوں اپنے بھائیوں اور اپنے نظام پر جو اعتماد کیا ہے، یہ ہم پر بہت بڑی ذمہ داری ڈالی ہے۔‘

    انھوں نے مزید کہا ’ہماری حکومت ان معاملات کو پوری سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے، اور ہم پوری کوشش کریں گے کہ آپ کی ناراضگیوں کو آہستہ آہستہ دور کریں۔‘

  • بلوچستان کابینہ نے گوادر یونی ورسٹی بنانے کا اعلان کر دیا

    بلوچستان کابینہ نے گوادر یونی ورسٹی بنانے کا اعلان کر دیا

    کوئٹہ: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی زیرِ صدارت صو بائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلوچستان کابینہ نے گوادر تحصیل کو مکمل ایریا قرار دینے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کابینہ کے اجلاس میں گوادر سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس جام کمال کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، کابینہ میں فیصلہ ہوا کہ گوادر تحصیل کا اسٹیٹس تبدیل کر کے اسے مکمل علاقہ بنایا جائے۔

    [bs-quote quote=”گوادار یونی ورسٹی اور بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنانے کا تاریخی قدم” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    بلوچستان کابینہ نے گوادر میں یونی ورسٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا، کابینہ کی جانب سے گوادر یونی ورسٹی بنانے کے ایکٹ کے ڈرافٹ بل کی منظوری بھی دی گئی۔

    کابینہ اجلاس میں لیویز فورس کے سلسلے میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے بلو چستان لیویز فورس کے 4 سالہ منصوبے کی اصو لی منظوری بھی دے دی گئی، 8 ارب روپے کی لا گت سے یہ منصو بہ 4 مراحل میں مکمل ہوگا۔ منصوبے پر پائے جانے والے تحفظات کو دور کرنے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی تشکیل کا بھی فیصلہ کیا گیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایف سی بلوچستان نے محرم میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا


    کوئٹہ میں منعقد ہونے والے کابینہ اجلاس کی کارروائی کے دوران گزشتہ دور میں کی گئی بھرتیوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں کہا گیا کہ یہ بھرتیاں سیاسی بنیادوں پر کی گئی ہیں۔

    بلوچستان کابینہ نے صحت کے شعبے میں ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کے منصوبے کی منظوری دی، جب کہ وزیرِ اعلیٰ کے معاونِ خصوصی کی تعیناتی کے لیے رولز آف بزنس میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔

  • ایف سی بلوچستان نے محرم میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

    ایف سی بلوچستان نے محرم میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

    کوئٹہ: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ ایف سی بلوچستان نے ایک بڑی کارروائی کے دوران دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف سی نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے قمر دین کازیز میں دہشت گردوں کے خلاف کام یاب کارروائی کی۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایف سی کی کارروائی میں علاقے سے 21 بارودی سرنگیں بر آمد گئیں، ان بارودی سرنگوں کا مجموعی وزن 235 کلو گرام ہے۔

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان بارودی سرنگوں کو محرم کے جلوسوں میں استعمال کیا جانا تھا۔

    بلوچستان میں تعینات فرنٹیئر کور کی اس کارروائی سے علاقہ محرم میں ایک بڑی تباہی سے بچ گیا، محرم کے جلوسوں میں بارودی سرنگیں پھٹنے کے نتیجے میں بڑی تباہی پھیل سکتی تھی۔


    یہ بھی پڑھیں:  پشاور: پولیس نے امن دشمنوں کا منصوبہ خاک میں ملا دیا


    واضح رہے کہ ماضی میں بھی بلوچستان کے علاقے ژوب سے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا جا چکا ہے، یہاں خود کش دھماکے بھی ہوچکے ہیں جب کہ ایف سی متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرچکی ہے۔

  • بلوچستان ترقی کرے گا تو پورا پاکستان ترقی کرے گا: وزیر داخلہ

    بلوچستان ترقی کرے گا تو پورا پاکستان ترقی کرے گا: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی کی وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی تفتان بارڈر پر گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ وفاق کے ساتھ مل کر بلوچستان کا احساس محرومی ختم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کو ترجیح دینے پر وفاقی حکومت کے شکر گزار ہیں، بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں تحریک انصاف کی حکومت کا ساتھ دیا۔ ہم سب سنجیدگی سے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان کے معاملات حقیقی طور پر حل ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل زیادہ ہیں، تعلیم، صحت و دیگر سہولتوں کا فقدان ہے۔ حقیقت کو سامنے رکھ کر بلوچستان کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ پنجاب و سندھ میں مواصلاتی نظام مضبوط ہے، بلوچستان میں نہیں۔

    جام کمال کا کہنا تھا کہ تحفظات پارٹی میں کوئی بھی کر سکتا ہے، اس میں برائی نہیں۔ جمہوری نظام میں رہتے ہیں، تنقید کرنے والوں پر اعتراض نہیں۔ پورے پاکستان میں موٹر ویز بن گئی، بلوچستان میں اب تک جانے والے راستے بھی نہیں بنے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وفاق نے ماضی میں بلوچستان میں کام نہیں کیا، اب امید ہے کہ کرے گی۔ جلد بازی میں فیصلے نہیں کر رہے، نظام کے ذریعے کام کر رہے ہیں۔ ’تفتان میں سڑکیں نہیں، آج تفتان سے متعلق وفاق سنجیدہ ہے‘۔

    وزیر مملکت شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے قوم کو پیغام دیا ریاست ہر پاکستانی کی ذمے دار ہے، زائرین سے متعلق بھی حکومت نے تیز اقدامات کیے۔ ریاست کے تمام اسٹیک ہولڈر پاکستان کی اکائیوں کا اپنا سمجھیں۔

    انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں ہم لوگ ایک ٹیم بن کر کام کر رہے ہیں، ہم چھوٹے اور بڑے صوبوں میں تفریق نہیں کریں گے۔ تمام صوبے برابر ہیں، سب برابر کے پاکستانی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان ترقی کرے گا تو پورا پاکستان ترقی کرے گا۔ بلوچستان میں احساس محرومی ہے اسے ختم کریں گے۔ ہر پاکستانی ہمارا ہے اور حکومت تمام پاکستانیوں کی ہے۔ صوبائی خود مختاری کے حق میں ہیں، سب کو یکساں حقوق دیں گے۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستانی عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف حکومت نے بڑے اقدامات کیے۔ غیر قانونی تعمیر کی اجازت دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔

  • افغان شہری نے الیکشن میں حصہ کیسے لیا، الیکشن کمیشن کا وزارتِ داخلہ اور نادرا کو جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم

    افغان شہری نے الیکشن میں حصہ کیسے لیا، الیکشن کمیشن کا وزارتِ داخلہ اور نادرا کو جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم

    کوئٹہ: الیکشن کمیشن میں بلوچستان اسمبلی میں افغان شہری کے رکنِ اسمبلی منتخب ہونے کے کیس کی سماعت ہوئی، وزارتِ داخلہ اور نادرا کو حتمی رپورٹ پیش کرنے کے لیے دو ہفتے کی مہلت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے حلقہ پی بی 26 سے کامیاب ہونے والے امید وار علی احمد کوہ زاد کا شناختی کارڈ نادرا نے افغان شہری ہونے کے شبے میں بلاک کررکھا ہے ، الیکشن کمیشن نے پہلے کوہ زاد پر الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی تھی تاہم بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے پر الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی تھی۔

    علی احمد کا تعلق ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے اور انہوں نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں 5،117 ووٹ حاصل کرکے متحدہ مجلسِ عمل کے ولی محمد کو شکست دی تھی، جنہوں نے 3،342 ووٹ حاصل کیے تھے۔

    نادرا نے الیکشن سے قبل ان کا شناختی کارڈ بلاک کیا تھا جس کا سبب بتایا گیا تھا کہ علی احمد کو ہ زاد اپنی شناخت کے لیے کوئی بھی قابلِ اعتبا ر دستاویز پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں اور شبہ ہے کہ وہ افغان شہری ہیں۔ شناختی کارڈ بلاک کرنے اور الیکشن میں حصہ لینے پر روکے جانے پر علی احمد نے بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی تھی۔

    وزارتِ داخلہ کی جانب سے جمع کرائی گئی ابتدائی رپورٹ پر ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر کا کہنا تھا کہ ریکارڈبتارہاہےعلی احمد نےپہلےبھی الیکشن میں حصہ لیاہے، انہوں نے استسفار کیا کہ کیا نادرا ان چیزوں کا ذمہ دار نہیں ہے؟۔

    الیکشن کمیشن نے وزارت ِ داخلہ کو اس معاملے پر جامع رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کرنے کے ساتھ ساتھ نادرا سے بھی اس معاملے پر رپورٹ کرلی، وزارتِ داخلہ نے جامع رپورٹ پیش کرنے کے لیے دو ہفتے کا وقت طلب کرلیا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دو ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے وزارتِ داخلہ اور نادرا کو جامع رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔

    اس موقع پر علی احمد کے وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 28 دن سے ہماری کامیابی کا نوٹی فکیشن روک رکھا ہے جس کے سبب ہمارا موکل حکومت سازی ، وزیر اعلیٰ اور صدر کے انتخاب کے عمل میں حصہ لینے سے محروم ہوگیا ۔

  • گوادر کا نیا چہرہ دکھاتی انوکھی لڑکی

    گوادر کا نیا چہرہ دکھاتی انوکھی لڑکی

    گوادر: صوبہ بلوچستان اور ترقی سے کوسوں دور اس کا ساحلی شہر گوادر شاید آپ نے آج سے پہلے اس نظر سے نہیں دیکھا ہوگا جو ایک خاتون آپ کو دکھانے جارہی ہیں۔

    انیتا جلیل نامی یہ بلوچ نوعمر لڑکی ایک ولوگر ہے جس کا یوٹیوب چینل روز بروز مقبولیت حاصل کرتا جارہا ہے۔

    انیتا عام لڑکیوں سے ہٹ کر کچھ کرنا چاہتی تھی، اس نے سوچا کہ لوگ گوادر کو جیسا ٹی وی پر دیکھتے ہیں کیوں نہ اس سے ہٹ کر گوادر کا اصل چہرہ دکھایا جائے۔

    اس کے لیے اسے باہر نکلنا تھا جس پر اس کا خاندان راضی نہیں تھا۔ انیتا کو والدین کو منانے میں 3 سال لگے۔

    اس کے بعد اس نے گوادر کے مختلف مقامات، وہاں کے لوگ، ان کا رہن سہن اور ان کے مسائل پر ویڈیوز بنا کر یوٹیوب پر ڈالنا شروع کیں۔

    انیتا کا خیال تھا کہ یہ ایک مہنگا آئیڈیا ہے جس کے لیے اسے بیش قیمت کیمرہ اور بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہوگی۔ لیکن کسی مہربان دوست کے مشورے سے اس نے موبائل سے ہی ویڈیوز بنانی شروع کردیں۔

    چند ویڈیوز کے بعد لوگوں کا ردعمل آنا شروع ہوا جو بہت حوصلہ افزا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اس پر تنقید اور دھمکیوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

    دھمکیوں کے باوجود انیتا اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے اور بلوچ نوجوانوں میں اسے بے انتہا مقبولیت حاصل ہورہی ہے۔

  • پنجاب اور بلوچستان کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    پنجاب اور بلوچستان کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    لاہور، کوئٹہ: پنجاب اور بلوچستان کی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، پنجاب کابینہ سے قائم مقام گورنر پنجاب پرویز الٰہی جب کہ بلوچستان کابینہ سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے حلف لیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس پنجاب میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں پنجاب کی 23 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا، دوسری طرف گورنر ہاؤس بلوچستان میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں بلوچستان کی 10 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریکِ انصاف نے پنجاب کی تئیس رکنی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے علیم خان کو بلدیات، یاسمین راشد کو صحت، فیاض الحسن چوہان کو وزارتِ اطلاعات کا قلم دان سونپا تھا۔

    کابینہ میں شامل میاں محمود الرشید ہاؤسنگ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر میاں اسلم اقبال انڈسٹری، کامرس اینڈ انویسٹمنٹ کے وزیر، یاسر ہمایوں ہائر ایجوکیشن، تیمور خان یوتھ افیئرز اور کھیلوں کے وزیر ہاشم بخت وزیر خزانہ مقرر کیے گئے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب کی 23 رکنی صوبائی کابینہ کا اعلان

    مزید پڑھیں:  نامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل سندھ اسمبلی کی رکنیت سےمستعفی


    دوسری طرف آج عمران اسماعیل صوبائی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہو گئے ہیں، وہ آج سندھ کے 33 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک صوبے کے گورنر ہیں، مخصوص شہر کے نہیں، کوشش کریں گے کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں۔

    ادھر نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور کی تقریبِ حلف برداری ملتوی کردی گئی ہے، ان کی حلف برداری کی تقریب 28 اگست کو منعقد ہونا طے تھی۔ ان کی تقریبِ حلف برداری اب صدارتی الیکشن کے بعد ہوگی، چوہدری سرور پہلے بطور سینیٹر صدر کے لیے عارف علوی کو اپنا ووٹ دیں گے۔

  • مذاکرات کام یاب: بلوچستان نیشنل پارٹی وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمران خان کی حمایت کرے گی

    مذاکرات کام یاب: بلوچستان نیشنل پارٹی وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمران خان کی حمایت کرے گی

    کوئٹہ: تحریکِ انصاف کے رہنماؤں اور بی این پی کے سربراہ اختر مینگل کے درمیان ہونے والے مذاکرات کام یاب ہوگئے، بی این پی مرکز میں عمران خان کی حمایت کرے گی، دونوں جماعتوں نے معاہدے پر دستخط کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں آج ہونے والے پی ٹی آئی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مذاکرات کام یاب ہوگئے، تحریکِ انصاف کی جانب سے جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی نے بی این پی سربراہ اختر مینگل کے ساتھ 6 نکاتی معاہدے پر اتفاق کر لیا۔

    پی ٹی آئی اور بی این پی کے درمیان معاہدہ تحریکِ انصاف کی مرکز میں ایک بڑی کام یابی ہے، معاہدے پر دستخط سے قبل عمران خان سے بھی فون پر منظوری لی گئی، کام یاب مذاکرات کے بعد دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

    سردار اختر مینگل


    بی این پی کے سربراہ کا کہنا تھا ’بلوچستان کی حکومت کو ہمیشہ وفاق کے لیے قربان کیا گیا، آج گوادر میں پینے کے لیے پانی اور مکران میں تین ماہ سے بجلی نہیں ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کو کوئٹہ بلانا انا کا مسئلہ نہیں بلکہ مسائل اور حقائق سے روشناس کرانا تھا۔

    پاکستان اور امریکا میں باہمی اعتماد کا فقدان ہے، عمران خان کی امریکی سفارتی وفد سے بات چیت

    بلوچستان 70 سال سے مشکلات کا شکار ہے، آج ہمارے دکھ درد کو غور سے سنا گیا، ہم نے ماضی میں دیگر جماعتوں کے سامنے بھی اپنے نکات رکھے، عمران خان کے ساتھ دو دن سے رابطے میں ہوں، اب بلوچستان کے لوگوں کے زخموں کو بھرنے کا وقت آ گیا، پی ٹی آئی بلوچستان کا احساسِ محرومی ختم کر سکتی ہے۔‘

    شاہ محمود قریشی


    تحریکِ انصاف کے رہنما نے کہا ’ہم نے تفصیلی نشست میں ایک دوسرے کا نقطۂ نظر سمجھنے کی کوشش کی، بلوچستان وفاق کی اہم اکائی ہے، آگے بڑھنا ہے اور بلوچستان کے دیرینہ مسائل حل کرنے ہیں، یہ ملاقات مسائل کے حل کی جانب بہت بڑا قدم ہے، ہم معاہدہ کرنے میں کام یاب ہوگئے ہیں، بی این پی کی قیادت وفاق میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر اور وزارتِ عظمیٰ کے لیے ہمیں سپورٹ کرے گی۔

    عمران خان نے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ نامزد کر دیا

    پی ٹی آئی وفاق کی علامت ہے، وفاقی سوچ لے کر کوئٹہ آئے، سی پیک قومی منصوبہ ہے، بلوچستان کی اہمیت تبدیل ہو جائے گی، تمام فیصلے مشترکہ اتفاق رائے سے ہوں گے، دونوں جماعتیں مشترکہ منشور پر عمل درآمد کریں گی، نیشنل ایکشن پلان پر بھی عمل درآمد ہونا چاہیے، بلوچستان میں پانی کی قلت کے مسئلے کا حل ہمارے منشور کا حصہ ہے۔‘

    قبل ازیں کام یاب مذاکرات کے دوران دونوں جماعتوں میں مختلف نکات پر اتفاق رائے ہوا اور بعد ازاں مفاہمتی یادداشت پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے دستخط کیے۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے وسائل پر اس کا مکمل اختیار پی ٹی آئی منشور کا حصہ ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔