Tag: بلوچستان

  • بلوچستان میں فائرنگ،ہندو تاجر ہلاک

    بلوچستان میں فائرنگ،ہندو تاجر ہلاک

    کوئٹہ : صوبہ بلوچستان کے افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک ہندو تاجر ہلاک ہوگیا.

    تفصیلات کے مطابق ہندو تاجر سنتوش کمہار تاج روڈ پر اپنی دکان پر بیٹھے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد آئے اور ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ہندو تاجر جان کی بازی ہار گیا.

    ہندو تاجر کو ہلاک کرنے کے بعد نامعلوم مسلح حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے.

    انجمن تاجران کے صدر محمد صادق اچکزئی کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کے خلاف شہر میں تجارتی مراکز بطور احتجاج بند ہو گئے جبکہ تاجروں اور سیاسی رہنماؤں کے علاوہ ہندو برادری نے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر احتجاج بھی کیا.

    انجمن تاجران کے صدر نے بتایا کہ سنتوش کمہار کو ہر سال بھتہ دینے کے حوالے سے دھمکیاں بھی ملتی تھیں.

    یاد رہے کہ چمن شہر میں بد امنی کے دیگر واقعات کے علاوہ اغوا برائے تاوان کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے.

    *کوئٹہ: بلوچستان کے شہر چمن سے سینیئر ڈاکٹر اغوا

    واضح رہےکہ گزشتہ دنوں سول اسپتال چمن کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے بیٹے کو اغوا کیا گیا جبکہ کہ گذشتہ ماہ ریلوے اسپتال کے ایم ایس کو بھی اغوا کیا گیا تھا.

  • بلوچستان میں فائرنگ کےدو واقعات میں5افرادجاں بحق

    بلوچستان میں فائرنگ کےدو واقعات میں5افرادجاں بحق

    کوئٹہ :صوبہ بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں لیویز فورس کے ایک اہلکار سمیت پانچ افرادجاں بحق ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر کے اندر گھس کر فائرنگ کی جس کےنتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جان کی بازی ہارگئے، مرنے والوں میں ایک کمسن بچہ بھی شامل ہے.

    ذرائع کے مطابق مارے جانے والے افراد کو کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی،گزشتہ چند ماہ کے دوران آواران میں گھروں کے اندر گھس کر لوگوں کو ہلاک کرنے کے متعدد واقعات میں اضافہ ہواہے.

    *بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں فائرنگ،4افراد جاں بحق

    دوسری جانب آواران سے متصل ضلع کیچ کے علاقےزعمران میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سےلیویز فورس کاایک اہلکار جان کی بازی ہار گیا.

    *بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور آوران میں فائرنگ،بچی سمیت دو افراد جاں بحق

    کیچ ہی کے علاقے کپکپار میں نامعلوم مسلح افراد نے مچھلی فروش کو قتل کیا.ذرائع کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے.

    واضح رہے کہ آواران اور کیچ کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو کہ شورش سے زیادہ متاثر ہیں.

  • بلوچستان کو حقوق دینے کے دن آگئے، وزیراعظم، سبی کوہلو شاہراہ کا افتتاح

    بلوچستان کو حقوق دینے کے دن آگئے، وزیراعظم، سبی کوہلو شاہراہ کا افتتاح

    سبی: وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کو جس طرح حقوق سے محروم رکھا گیا یہ ایک الگ داستان ہے لیکن اب اس کے حقوق دینے کے دن آگئے ہیں،سبی تا کوہلو شاہراہ لوگوں سے ان کا فاصلہ 600 کلومیٹر سے سمٹ کر 174 کلومیٹر پر آگیا۔

    Prime Minister salutes army FC for bringing peace by arynews

    سبی سے کوہلو تک 174 کلومیٹر طویل شاہراہ کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کی کمر توڑ دی، اندرونی و بیرونی دشمن بے نقاب ہوچکے ہیں، فوج، ایف سی اور پولیس کی محنت سے دشمنوں کو منہ کی کھانی پڑی جس میں سیاسی جماعتوں نے بھی ساتھ دیا، امن و امان کے بغیر سرمایہ کاروں کو راغب نہیں کیا جاسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حقوق واپس دینے کا دن آگیا ہے، ان کی برسوں کی محرومیوں کا ازالہ ہورہا ہے آج سبی تاکوہلو سڑک مکمل ہوگئی ہے، یہاں کوئی راستہ نہیں تھا سبی سے کوہلو آنے جانے کے لیے لوگوں کو 600 کلومیٹر کا طویل فاصلہ طے کرنا پڑتا تھا اب یہاں کے لوگ یہ فاصلہ 174 کلومیٹر میں طے کرکے اپنی منزل پر پہنچ جائیں گے۔
    انہوں نے کہاکہ اس سڑک سے بلوچستان کے دور دراز علاقے ہائی وے سے منسلک ہوجائیں گے، کسانوں، اور تاجروں کو اپنا مال بڑی منڈی تک پہنچانے میں مدد ملے گی ساتھ ہی کوئٹہ اور پنجاب کے مابین فاصلے میں 180 کلومیٹر کی کمی آئے گی جس سے دلوں کے فاصلے بھی کم ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خوشحالی ہماری منزل ہے، سبی اور کوہلو کے درمیان ترقی کا نیا دروازہ کھل رہا ہے،ہم آئے تو بلوچستان کو دہشت گردی اور غربت کا سامنا تھا، اسے محروم رکھا گئے یہ ایک الگ داستان ہے لیکن اب اس کے حقوق کی ادائیگی کے دن آگئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے امکانات صرف بڑے شہروں تک نہیں چھوٹے شہروں تک بھی ہونے چاہئیں،گوادر کے چین سے جڑنے پر ساری دنیا کا سرمایہ اس طرف آئے گا کیوں کہ گوادر پاکستان اور پاکستان گوادر ہے۔

    مزید ازاں انہوں نے کوہلو سے رکھنی تک 80 کلومیٹر طویل ایک اور شاہراہ سمیت دو سڑکیں بنانے کا اعلان کیا۔

  • گوادر: ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، اے آر وائی کو کوریج سے روک دیا گیا

    گوادر: ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، اے آر وائی کو کوریج سے روک دیا گیا

    گوادر: وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ گوادر کے دوران مختلف منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے کو شرکت سے روک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف آج گوادر پہنچے جہاں انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے سلسلے میں گوادر فری ٹریڈ زون سمیت 5 مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر ان کے ذاتی اسٹاف کی جانب سے انتہا درجہ کی تفریق برتی گئی اور انہوں نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے اللہ بخش کو تقریب میں شرکت سے روک دیا۔

    مذکورہ نمائندے کو سیکیورٹی کلیئرنس دی گئی تھی اور مقامی سیکیورٹی نے بھی طریقہ کار کے مطابق انہیں کلیئر قرار دیا لیکن وزیر اعظم کے ذاتی اسٹاف نے انہیں تقریب میں شرکت نہیں کرنے دی اور ان کا لوگو، کیمرا اور مائیک واپس رکھوا دیا۔

    کراچی: ایم کیو ایم کارکنان کا اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ *

    عملہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں انہیں وزیر اعظم کی جانب سے واضح اور خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ اے آر وائی نیوز کو شرکت نہ کرنے دی جائے۔

    اس موقع پر پورے ملک کا میڈیا بھی وہاں موجود تھا اور انہیں جانے کی اجازت دی گئی تاہم اے آر وائی نیوز کے ساتھ متعصبانہ رویہ اختیار کیا گیا۔

    صحافی تنظیموں اور عہدیداران نے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے نہایت شرمناک عمل قرار دیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اے آر وائی نیوز متعصبانہ سلوک کا شکار رہا ہے اور وزیر اعظم اور ایوان صدر میں ہونے والی اکثر تقریبات میں اے آر وائی کے نمائندگان کو مدعو نہیں کیا جاتا۔


    ARY stopped from covering Gwadar project… by arynews

    اس سے قبل واشنگٹن میں ہونے والی وزیر اعظم کی ایک پریس بریفنگ میں بھی اے آر وائی نیوز کے سینیئر اینکر پرسن سمیع ابراہیم کو بھی شرکت سے روک دیا گیا تھا۔ اس موقع پر پاکستانی سفارت خانے کے عملہ نے ان سے بدتمیزی بھی کی تھی۔ وہاں موجود دیگر صحافیوں کی مداخلت پر معاملہ رفع دفع کیا گیا۔

  • گوادر پاکستان ہے اور پاکستان گوادر ہے،وزیراعظم نوازشریف

    گوادر پاکستان ہے اور پاکستان گوادر ہے،وزیراعظم نوازشریف

    گوادر:وزیراعظم نواز شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے سلسلے میں گوادر فری ٹریڈ زون سمیت 5 مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف ایک روزہ دورے پرگوادر پہنچے تووزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری اور گورنر بلوچستان نے ان کا استقبال کیا.اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ قادر بلوچ،ناصر خان جنجوعہ،احسن اقبال اور میر حاصل خان بزنجوبھی وزیراعظم کے ہمرا ہ تھے.

    وزیراعظم نوازشریف نےگوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کو بین الاقوامی شہر بنتا دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے.

    nawaz-post-1

    انہوں نے کہا کہ گوادر مستقبل میں پاکستان کا بہترین شہر ہوگا،یہاں جدید انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی ہوگا،جہاں سے گلف کے علاوہ یورپ کے لیے بھی پروازیں چلیں گی.

    ان کا کہنا تھا کہ یہاں 50 ہزار ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے، جس میں مقامی افراد کو موقع دیا جائے گا.

    وزیراعظم نے کہاکہ گوادر پورٹ سے ناصرف بلوچستان بلکہ ملک پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے جبکہ اقتصادری راہداری میں گوادر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے.

    انہوں نے کہا یہاں 150 بستروں پر مشتمل ایک جدید اسپتال بنایا جارہا ہے،جسے بعد میں 300 بستروں پر مشتمل کردیا جائے گا.اس کے علاوہ پینےکےپانی کےلیےپلانٹ اور بجلی کےمنصوبوں پر کام جاری ہے.

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کا یہ دیرینہ خواب تھا اور یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ یہاں امن بھی قائم ہوا ہے، جس کے لیے انھوں نے فوج، پولیس اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا.

    وزیراعظم نے کہا کہ مجھے وہ دن نظر آرہا ہے جب ٹریفک چین سے گوادر اور گوادر سے چین جائے گی،جس کا فائدہ دونوں ملکوں کو ہوگا.

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں چین کا بڑا عمل دخل ہے اور یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے.

    nawaz-post-3

    اس سے قبل وزیر اعظم نوازشریف نے گوادر میں 5 ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔

    ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق ان منصوبوں میں فری ٹریڈ زون، بزنس کمپلیکس آف گوادر پورٹ اتھارٹی، پاک چین گورنمنٹ پرائمری اسکول فقیر کالونی، سوار اور شادی خور ڈیمز اور گوادر یونیورسٹی شامل ہیں.

    وزیراعظم کو ان منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، جو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہیں.

    گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی تقریب خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری نےکہا کہ گوادر منصوبے سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے اورگوادر کی ترقی اب حقیقت بنتی نظر آرہی ہے.

    ثنااللہ زہری کا مزید کہنا تھا کہ گوادر منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنےپروزیراعظم کےمشکور ہیں.وزیراعظم خود گوادر کےترقیاتی منصوبوں میں ذاتی دلچسپی لےرہےہیں.

    nawaz-post-2

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ اب گوادر میں رئیل اسٹیٹ کےکاروبار کی قیمتیں3 گناتک بڑھ گئی ہیں،رئیل اسٹیٹ کاکاروبار ایک زمانے میں ختم ہوگیا تھا.

    واضح رہے کہ گوادر فری زون 2300 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جائےگا،چین اوور سیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کی جانب سے منصوبے کی تعمیر کی جائےگی جبکہ فری زون میں انڈسٹریل یونٹس کے قیام کےلیے صنعتی زون بھی بنایا جائےگا.

  • گوادر میں مسافر بس اورٹرک کا تصادم،5 افراد جاں بحق 15 زخمی

    گوادر میں مسافر بس اورٹرک کا تصادم،5 افراد جاں بحق 15 زخمی

    گوادر : گوادرکے قریب کوسٹل ہائی وے پر ٹرک اور مسافر کوچ میں تصادم میں 5 افراد جاں بحق اور 15 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔

    لیویز ذرائع کے مطابق کوسٹل ہائی وے پر مسافر بس سامنے سے آتے ٹرک سے ٹکرا گئی، تصادم اتنا شدید تھا کہ مسافر بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ بس میں سوار مسافروں میں سے 5 افراد موقع پر دم توڑ گئے۔

    ریسکیو اداروں نے فوری طور پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کردیا اور حادثے میں زخمی ہونے والے 15 سے زائد مسافروں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں فوری طبی امداد دی جا رہی ہے جہاں 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    لیویز حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے مسافروں کے ورثاء کو اطلاع دے دی گئی ہے،ورثاء کے اسپتال پہنچنے کے بعد میتیں آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردی جائیں گی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی مسافرابھی بیان قلم بند کرانے کے قابل نہیں ہیں، طبی امداد ملنے کے بعد مسافروں کے بیانات قلم بند کیے جائیں گے اس کے بعد ہی حادثے کی وجہ کا تعین کیا جاسکتا ہے اس سے قبل کچھ کہنا نا ممکن ہے۔

    تا ہم خیال کیا جا رہا ہے کہ حادثہ ٹرک ڈرائیور کی بے احتیاطی اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے۔

  • غیرقانونی طورپرمقیم 328 افغان شہری گرفتار، ایف آئی اے کے حوالے

    غیرقانونی طورپرمقیم 328 افغان شہری گرفتار، ایف آئی اے کے حوالے

    کوئٹہ : پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز نے قانونی دستاویزات کے بغیر پاکستان میں مقیم 328 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

    گزشتہ روزافغان شہریوں کو سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔ کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کے مطابق ایف سی نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر افغان شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ جن افغان شہریوں کوگرفتار کیا گیا وہ کاروبار وغیرہ کے سلسلے میں یہاں کسی قانونی دستاویز کے بغیر مقیم تھے۔

     ترجمان کے مطابق ان افغان باشندوں کو افغانستان واپس بھیجنے کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

     دریں اثناء کوئٹہ شہر کے مشرقی بائی پاس کے علاقے میں عبد اللہ بن زبیر کے نام سے ایک مدرسے کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔

    سرکاری حکام کے مطابق اس مدرسے کو سیل کرنے کے علاوہ اس سے سو کے قریب افغان شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مدرسے سے گرفتار ہونے والے لوگ ان ساڑھے تین سو افراد میں شامل ہیں یا نہیں۔

    چمن میں ایک سرکاری اہلکار نے فون پر بتایا کہ رواں سال اب تک غیر قانونی طور پر بلوچستان میں مقیم ایک ہزار سے زائد افغان باشندوں کو گرفتار کرکے واپس ان کے ملک بھیجا گیا ہے۔

    کوئٹہ شہر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں افغان شہریوں کے خلاف گذشتہ دو سال سے کارروائیوں میں تیزی آئی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ سرکاری حکام کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں افغان شہریوں کی گرفتاری ظاہرکی گئی۔

     یہ گرفتاریاں ایک ایسے موقع پر ہوئی ہیں جب چند روز قبل افغانستان کے صوبہ قندہار سے پاکستان کے سو سے زائد شہریوں کو واپس ملک بھجوایا گیا ہے۔

    چمن کے مقامی صحافیوں کے مطابق افغانستان سے واپس آنے والے پاکستانی شہری وہاں محنت مزدوری کرتے تھے۔ انہوں نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ افغان حکام نے کسی جواز کے بغیر کے گرفتار کر کے بے دخل کیا ہے۔

  • کوئٹہ میں غیر قانونی طور پر مقیم،350افغانی گرفتار

    کوئٹہ میں غیر قانونی طور پر مقیم،350افغانی گرفتار

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز نے قانونی دستاویزات کے بغیر پاکستان میں مقیم 350 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا.

    تفصیلات کےمطابق فرنٹیئر کور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف سی نےکوئٹہ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر افغان شہریوں کو حراست میں لیا.

    ترجمان کا کہنا ہے کہ جن افغان شہریوں کوگرفتار کیا گیا وہ کاروبار وغیرہ کے سلسلے میں یہاں کسی قانونی دستاویز کے بغیر مقیم تھے.ان افغان باشندوں کو افغانستان واپس بھیجنے کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے.

    درایں اثناء کوئٹہ شہر کے مشرقی بائی پاس کے علاقے میں عبد اللہ بن زبیر کے نام سےمدرسے کو بھی سیل کردیا گیا ہے.

    *چمن سے افغان انٹلی جنس ایجنٹ گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

    سرکاری حکام کے مطابق اس مدرسے کو سیل کرنے کے علاوہ اس سے سو کے قریب افغان شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مدرسے سے گرفتار ہونے والے لوگ ان ساڑھے تین سو افراد میں شامل ہیں یا نہیں ہیں.

    *کراچی پولیس کی کارروائی،6 افغان باشندوں سمیت 20 ملزمان گرفتار

    ذرائع کےمطابق رواں سال اب تک غیر قانونی طور پر بلوچستان میں مقیم ایک ہزار سے زائد افغان باشندوں کو گرفتار کرکے واپس ان کے ملک بھیجا گیا ہے.

    واضح رہے کہ کوئٹہ شہر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں افغان شہریوں کے خلاف گذشتہ دو سال سے کارروائیوں میں تیزی آئی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ سرکاری حکام کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں افغان شہریوں کی گرفتاری ظاہر کی گئی.

  • نوشکی : سیکیورٹی فورسزکی کارروائی ، داعش کا کمانڈرساتھیوں سمیت گرفتار

    نوشکی : سیکیورٹی فورسزکی کارروائی ، داعش کا کمانڈرساتھیوں سمیت گرفتار

    نوشکی : سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے القاعدہ اور داعش سے تعلق رکھنے والے کمانڈر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا، دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق داعش کا کمانڈر بلوچستان سے گرفتار کرلیا گیا، پہلت سے گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پرحساس اداروں نے بلوچستان کے سرحدی علاقے نوشکی میں کارروائی کرکے داعش اورالقاعدہ کے اہم علاقائی کمانڈر کو چھ ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

    صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔

    برآمد شدہ اسلحہ میں سات کلاشکوفیں، چالیس دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد کے علاوہ داعش کا جھنڈا اور جہادی لٹریچر ،لیب ٹاپ ،وائرلیس سیٹس شامل ہے۔

    ابتدائی تفتیش میں دہشت گرد نے اعتراف کیا کہ اس نے سال دوہزار بارہ تیرہ میں القاعدہ میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی، ٹریننگ افغانستان اور بعد میں شام میں حاصل کی۔

    سیکیورٹی فورسز کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائیاں اور اقدامات کئے جارہے ہیں۔

     

  • گوادر میں فائرنگ، تحصیلدار سمیت لیویز فورس کے چھ اہلکارجاں بحق

    گوادر میں فائرنگ، تحصیلدار سمیت لیویز فورس کے چھ اہلکارجاں بحق

    گوادر: صوبہ بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ تحصیلدار اور لیویز فورس کے پانچ اہلکار جاں بحق ہوگئے.

    تفصیلات کےمطابق بلوچستان ضلع گوادر میں یہ واقع ضلع کے ایران سے متصل تحصیل جیوانی کے علاقے کلدان میں پیش آیا.تحصیلدار جیوانی لیویز فورس کے اہلکاروں کے ہمراہ کلدان گئے تھے.

    کمشنر مکران بشیر احمد بنگلزئی کا کہنا تھا کہ تحصیلدار لیویز فورس کے ہمراہ اس علاقے میں ایک اراضی کا تنازعہ نمٹانےگئے تھے کہ واپسی پر نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑیوں کو روکا اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی.

    اس حملے میں چھ افراد جاں بحق ہوگئے جن میں تحصیلدار اور لیویز فورس کے پانچ اہلکار شامل ہے. واقعے میں لیویز فورس کے ایک نائب رسالدار اور ایک اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں.زخمیوں کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال گوادر منتقل کیا گیا.

    یاد رہے کہ گوادر بلوچستان کا ایران سے متصل سرحدی ضلع ہے.اس ضلع میں پہلے بھی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں.

    *چمن،پاک افغان بارڈر پرپاک فوج کا کومبنگ آپریشن

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج نے پاک افغان بارڈر پر چمن میں ایک آپریشن کے دوران آٹھ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں گولہ اور بارود بر آمد کیا تھا.