Tag: بلوچستان

  • پاکستان کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنانا ہے،کمانڈرسدرن کمانڈعامرریاض

    پاکستان کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنانا ہے،کمانڈرسدرن کمانڈعامرریاض

    کوئٹہ : کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا اولین ذمہ داری ہے اس میں دشمنوں کے ہمدرد ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

    قائد اعظم ریزیڈنسی میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ آزادی ایک بڑا خاص تحفہ ہے ہمارے اکابرین نے پاکستان بنایا اور ہم آج یہاں آزادی سے سانس لے رہے ہیں،ہر پاکستانی کے خون کا پورا پورا حساب لیا جائےگا دشمن نے ہمیں تکلیف اوردکھ دیا، لیکن وہ ہمارا اتحاد نہیں توڑ سکتا۔ دشمن نے ہمیں دکھ ضرور پہنچایامگر وہ ہمارا دل اور جذبہ توڑ نہیں سکا جنہوں نے بندوق اٹھائی اگر آج وہ واپس آنا چاہتے ہیں تو آجائیں۔

    انہوں نے کہا کہ لوگ یہ کہتے ہوئے شرماتے ہیں کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاستی بنناہے اس میں کوئی شرمانے کی بات نہیں ہے کیونکہ فلاحی ریاست بننا پاکستان کا مقدر ہے پاکستان میں دنیا کی سب سے بڑی معاشی تجارت ہونے جارہی ہے اور پاک فوج ملک میں سیاسی و معاشی آزادی کیلئے عوام کے شانہ بشانہ ہے ملک تیزی سے اسلامک ویلفیئرسٹیٹ بنے گاجس کا فائدہ خطے کو بھی ہوگا۔

    کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض نے واضح کیا کہ پاکستان کے اندر بھی لوگ بکے ہوئے ہیں لیکن دشمنوں کے یہ ہمدرد ہمارے لوگوں کے حوصلوں اورنظریے کو ہرا نہیں سکتے اور ہمارے دشمنوں کو یہ ہی بات کٹھکتی ہے۔

  • کوئٹہ : سیکورٹی اداروں کی کارروائی،3دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ : سیکورٹی اداروں کی کارروائی،3دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: سریاب روڈ پر دہشت گردوں سے مقابلے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق سریاب روڈ پر سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا تاہم اس دوران فورسز کی جوابی فائرنگ میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے.

    سیکورٹی فورسزکے ساتھ فائرنگ کے تبادلےمیں2 سیکورٹی اہلکارگولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جنہیں ایف سی اسپتال منتقل کردیاگیا.

    دہشت گردوں کے قبضے سے کلاشنکوف،دوپستول،تین موبائل فون اور دوموٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئیں.

    *کوئٹہ:زرغون روڈ پر دھماکا، 5پولیس اہلکاروں سمیت14افراد زخمی

     یاد رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں زرغون روڈ فلائی اوور کے قریب زوردار بم دھماکے میں پانچ پولیس اہلکاروں سمیت چودہ افراد زخمی ہوگئے تھے.

    *کوئٹہ: سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن،40افراد گرفتار

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 40 افراد کوگرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کیا.

  • بلوچستان میں زیادتیوں کا جواب اب پاکستان کو بھی دینا ہوگا، نریندرمودی

    بلوچستان میں زیادتیوں کا جواب اب پاکستان کو بھی دینا ہوگا، نریندرمودی

    نئی دہلی : بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو بھی بلوچستان اور اپنے زیرِ انتظام کشمیر میں ہونے والی زیادتیوں کے لیے جوابدہ بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نریندرمودی نے جمعہ کو دارالحکومت نئی دلی میں کشمیر پر ہونے والی کل جماعتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھول جاتا ہے کہ وہ اپنے ہی شہریوں پر جنگی طیاروں سے بمباری کرتا ہے اور ’اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو بھی بلوچستان اور اپنے زیرِ انتظام کشمیر میں ہونے والی زیادتیوں کے لیے جوابدہ بنایا جائے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت دستور ہند کے بنیادی اصولوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کی پابند ہے اور وزارت خارجہ کو یہ کوشش کرنی چاہئیے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والی مبینہ زیادتیوں کوعالمی برادری کے سامنے پیش کیا جائے۔

    کمیونسٹ پارٹی کے رہنما سیتا رام یچوری کہا کہ وادی میں پیلٹ گنز کا استعمال فوراً روکا جائے اور وہاں تمام فریقین سے بلا تاخیر بات چیت شروع کی جائے۔

    اس موقع پر بھارت کے وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ یہ معاملہ جمعے کو ہونے والے اجلاس مں زیر غور نہیں آیا۔ ایک سوال کے جواب میں مسٹر جیٹلی نے کہا کہ کشمیر میں بات چیت کا سلسلہ پہلے سے ہی جاری ہے لیکن علیحدگی پسند حریت کانفرنس سے بات کرنے کے بارے میں فیصلہ اس وقت کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہی کیا جائے گا۔

     

  • امریکااور اقوام متحدہ کی کوئٹہ خود کش حملے کی شدید مذمت

    امریکااور اقوام متحدہ کی کوئٹہ خود کش حملے کی شدید مذمت

    واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نےکوئٹہ میں ہونے والےخودکش حملے اور سینئر وکیل ایڈوکیٹ بلال انور کاسی کے قتل کی شدید مذمت کی.

    تفصیلات کے مطابق محکمہ خارجہ کی ترجمان الیزبتھ ٹروڈو کا کہنا تھا کہ اس ہولناک واقعے کی تحقیقات کےلیے نواز حکومت کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں.

    انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ خودکش حملے میں عدلیہ اور میڈیا کو بھی نشانہ بنایا گیا جو کسی بھی جمہوریت کے دو اہم ستون ہیں.

    دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کوئٹہ خودکش حملے کی شدید مذمت کی اور پاکستانی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

    *کوئٹہ: سول اسپتال میں دھماکا، 70افراد جاں بحق، 112 زخمی

    امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے اس موقع پر پاکستان کی فوجی امداد روکے جانے پر تبصرہ کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع امداد پر بات کرنے کےلیے مناسب نہیں ہے،دہشت گردی کے اس واقعے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہتی.

    *اسلام آباد سےامریکی شہری گرفتار

    پاکستان میں امریکی شہری میتھیو بیرٹ کی گرفتاری کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے شہری کی پاکستان میں گرفتاری کے حوالے سے مکمل طور پر آگاہ ہے تاہم شہریوں کی پرائیویسی ایکٹ کے تحت اس معاملے پر کوئی بات نہیں کر سکتے.

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ خودکش حملے میں 70افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

  • ہرنائی سیلابی ریلے سے 7 افراد ہلاک، 11 افراد لاپتہ

    ہرنائی سیلابی ریلے سے 7 افراد ہلاک، 11 افراد لاپتہ

    زیارت : دو روز سے مسلسل بارشوں کے باعث بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی جس کے باعث 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیلابی ریلا داخل ہونے سے متعدد مکانات تباہ جبکہ پانی کے تیز بہاؤ میں کئی گاڑیاں بہہ گئی، سیلابی ریلا گزشتہ رات ہرنائی میں داخل ہوا جس کے باعث گھروں میں سوئے ہوئے کئی افراد ریلے میں بہہ گئے، ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 7 افراد جاں بحق اور 11 افراد لاپتہ ہوئے ہیں جبکہ 3 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

    صوبائی اور ضلعی انتظامیہ نے ہرنائی میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور ڈاکٹرز کی ٹیم سمیت ریسکیو اداروں نے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ کوئٹہ کے سول اسپتال کی انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے اب تک 4 لاشیں لائیں گئی ہیں جن کی شناخت ہوگئی ہے۔

    اسپتال منتقل کی گئی لاشوں کی شناخت 2 مقامی صحافیوں سمیت مزید دو افراد کی ہیں جنہیں ابتدائی پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان بھی کیا گیا ہے جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضے دینے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

  • کوئٹہ: سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن،40افراد گرفتار

    کوئٹہ: سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن،40افراد گرفتار

    کوئٹہ : صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 40 افراد کوگرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کرلیاگیا.

    تفصیلات کے مطابق ایف سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف سی اور پولیس نے کوئٹہ کے علاقوں سریاب اور کلی اسماعیل میں سرچ آپریشن کے دوران 40مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا.

    بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے 14اگست اور 23 مارچ کی مناسبت سے سرکاری سطح پر بڑے پیمانے پر تقاریب کا انعقاد کے قبل سکیورٹی آپریشن کیے جاتے ہیں اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جاتی ہیں.

    اس سال بھی اگست کے مہینے کے آغاز سے کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں سرچ آپریشنز کے دوران گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے.

    بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے اگست کے مہینے کی جو علامتی اہمیت ہے اس کو ریاست دشمن عناصر سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں.

    انہوں نے کہا کہ ’ہمارے لوگ بلوچستان کے طول عرض میں یوم آزادی کو جوش و خروش سے مناتے ہیں.جب ریاست دشمن عناصر ان کو سبوتاژ کرنے کے لیے اپنی کاروائیوں کی منصوبہ کرتے ہیں تو پھر سیکورٹی فورسز انٹیلیجنس پر مبنی آپریشن کرتے ہیں۔‘

    *گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان کی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی اداروں کومبارکباد

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو پر امن صوبہ بنانے کےلیے سیکورٹی اداروں کی کارکردگی قابل تحسین ہے جو اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دن رات دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیا ں کررہے ہیں.

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ عوام اپنی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جس کی بدولت آج صوبے میں امن وامان قائم ہے.

  • کوئٹہ: جشن آزادی ویک کی تقریبات کاآغاز

    کوئٹہ: جشن آزادی ویک کی تقریبات کاآغاز

    کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ آزادی کی نعمت طویل قربانیوں کے نتیجے میں ملتی ہے اس لیے جشن آزادی کی تقاریب کو شایان شان طریقے سے منا رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوب اسٹیڈیم میں جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر کمانڈر لیفٹیننٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’بلوچستان کے نوجوانوں پر فخر ہے، نوجوانوں کے چہروں کی خوشی ان کے شوق کی نشاندہی کررہی ہے، بلوچستان کے غیور نوجوانوں نے کبھی مایوس نہیں کیا اور ہر کڑے وقت میں ملک کا نام روشن کیا‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’جشن آزادی ویک فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا ہے اور اس کے ذریعے ملک کے دشمنوں کو واضح پیغام دینا ہے کہ پاکستانی عوام اپنی آزادی کے موقع کر جوش و خروش سے منارہے ہیں‘‘۔

    فیسٹیول کا افتتاح گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کیا۔ اس آزادی فیسٹیول کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ایوب اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی جس میں نمائشی میچ بھی کھیلا گیا جبکہ مختلف اسکولوں کے طلبا کی جانب سے 300 فٹ طویل قومی پرچم بردار آزادی ریلی نکالی گئی۔

    قبل ازیں میراتھن ریس بھی افتتاحی تقریب میں آکر ختم ہوئی جس میں کامیاب ہونے والے ایتھلیٹس کو گورنر بلوچستان اور کمانڈر سدرن کمانڈ نے انعامات دیے۔

  • بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور آوران میں فائرنگ،بچی سمیت دو افراد جاں بحق

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور آوران میں فائرنگ،بچی سمیت دو افراد جاں بحق

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور آواران میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں کم از کم ایک بچی سمیت دو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق مسجد روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک دکان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے،زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاکر جان کی بازی ہار گیا.

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جس دکان پر فائرنگ کی گئی وہ پلاسٹ کی تھیلیاں فروخت کرنے والی دکان تھی لیکن اس وقت اس پر پرچم بھی فروخت کیے جارہے تھے.

    دوسری جانب بلوچستان کے ضلع آواران میں لیویز فورس کے ایک اہلکار کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا،حملے کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوئے.

    یاد رہے کہ آواران کے علاقے مشکے میں گذشتہ روز فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوئے تھے.

    واضح رہے کہ دو روز قبل بھی اسی ضلع کے دو مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات محکمہ تعلیم کا ایک افسر اور ایک ریٹائرڈ ٹیچر جان کی بازی ہار گئے تھے.

  • کوئٹہ دکان پر فائرنگ 1 شخص جاں بحق 3 زخمی

    کوئٹہ دکان پر فائرنگ 1 شخص جاں بحق 3 زخمی

    کوئٹہ : مسجد روڈ کے علاقے میں نامعلوم افراد کی دکان پر شدید فائرنگ، ایک شخص جاں بحق 3 افراد زخمی اسپتال منتقل کردیا۔

    پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے دکان کے قریب بیٹھے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک شخص زخموں کاتاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس حکام نے مزید بتایا کہ مسلح افراد دکان پر فائرنگ کرنے کے بعد باآسانی فرار ہوگئے تاہم سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت نور احمد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے تینوں افراد کی حالت تشیویشناک ہے۔

    مزید پڑھیں :  بلوچستان سے 6 خطرناک دہشت گرد گرفتار، کوئٹہ دھماکوں کا اعتراف

    وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے کوئٹہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ پولیس حکام کو دہشت گردوں کو ہر صورت گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    واضح رہے گزشتہ روز وزیرداخلہ بلوچستان نے گرفتار کیے گئے دہشت گردوں کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے اُن کے اعترافی بیان کو سامنے رکھا تھا، سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ ’’دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور انہیں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے کوئٹہ میں دہشت گردی کے لیے رقم مہیا کی گئی تھی، گرفتار ملزمان نے کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ دھماکوں کا بھی اعتراف کیا تھا‘‘۔

  • سابق مشیرخزانہ بلوچستان خالد لانگونے استعفیٰ واپس لے لیا

    سابق مشیرخزانہ بلوچستان خالد لانگونے استعفیٰ واپس لے لیا

    کوئٹہ : سابق مشیر خزانہ بلوچستان خالد لانگو نے بلوچستان اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے بعد وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر استعفیٰ واپس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشہور زمانہ مشتاق رئیسانی کرپشن کیس میں گرفتار سابق مشیر خزانہ خالد لانگو نے اسمبلی میں خطاب میں بلوچستان اسمبلی کی رکنیت سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا،انہوں نے کہا کہ اگر میں نے کرپشن کی ہے تو مجھے اس اسمبلی میں بیٹھنے کا کوئی حق نہیں‌ ہے،سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کی گرفتاری کے بعد میں نے بہ طور مشیر خزانہ مستعفی ہو کر کیس کا سامنا کرنے کی پیشکش کی تھی۔

    یہ خبر پڑھیں : مشیر خزانہ بلوچستان میرخالد لانگو کو عدالت سے گرفتار کر لیا گیا

    واضح رہے سابق مشیر خزانہ بلوچستان خالد لانگو مشاتق رئیسانی کرپشن کیس میں گرفتار ہیں اور انہیں بکتر بندگاڑی میں اسمبلی لایا گیا ،اسمبلی پہنچ کر سابق مشیر خزانہ نے اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اور رکنیت سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کر کےاسمبلی سے باہر چلے گئے تا اہم وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری کی مداخلت پر استعفیٰ واپس لے لیا۔

    یہ خبر بھی پڑھیں : نیب نے سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق احمد رئیسانی کو گرفتارکرلیا

    اس موقع پر خالد لانگو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ ذہری نہ صرف وزیر اعلیٰ ہیں بلکہ میرے سردار بھی ہیں اس لیے اپنے بڑوں کی ہدایت پر استعفیٰ واپس لیتا ہوں۔