Tag: بلوچستان

  • کوئٹہ میں پولیس مقابلہ پانچ دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ میں پولیس مقابلہ پانچ دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ : پولیس کے ساتھ مقابلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے ،پولیس نے اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا.

    تفصیلات کے مطابق خفیہ اداروں کی اطلاع پر پولیس نے شہر کے نواحی علاقے چشمہ اچوزئی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے نفری علاقے میں پہنچائی،تو وہاں موجود دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا.

    پولیس نے مزید نفری طلب کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کردی مقابلے کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے.

    پولیس نے دہشت گردوں سے پندرہ کلو گرام بارود،دو تیار بم ،سات ہینڈ گرینیڈز ،تین کلاشنکوفیں اور دو پستول میں قبضے میں لے لیے،مارے جانے والے دہشت گردوں کی نعشیں سول اسپتال پہنچائی گئیں.

    پولیس حکا م نے بتایا کہ پانچوں کا تعلق کالعدم مذہبی تنظیم سے ہے،جبکہ ایک حملہ آور کی جیب سے سائنس کالج کا اسٹوڈنٹ کارڈ بھی برآمد ہوا.

  • بلوچستان : کالعدم تنظیم کے 6کارندوں نے ہتھیار ڈال دیے

    بلوچستان : کالعدم تنظیم کے 6کارندوں نے ہتھیار ڈال دیے

    خاران : کالعدم تنظیم کے 6 افراد ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوگئے۔

    ترجمان ایف سے کے مطابق ہتھیار ڈالنے والے تمام افراد کالعدم تنظیم کے سہولت کار تھے جنہوں نے بلوچستان کے علاقے خاران میں واقع قانون نافذ کرنے والے  ادارے کے کیمپ پہنچ کر اپنے ہتھیار اہلکاروں کے حوالے کیے اور قومی دھارے میں شامل ہوگئے۔

    اس موقع پر عبدالقیوم عرف ذاکر،علی دوست عرف طور خان سمیت 6 ملزمان نے ملک سے وفاداری کا حلف بھی اٹھایا، بعدا زاں کیمپ پر موجود ایف سی افسران اور اہلکاروں کی جانب سے تمام افراد کو قومی دھارے میں شامل ہونے پر مبارک باد دی گئی۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان سے افغان انٹیلی جنس کے 6 اہلکار گرفتار

     یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مئی میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کا اہم کمانڈر احمد نواز بھی ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوا تھا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزم کالعدم بی ایل اے میں بھرتیاں اور دہشت گردوں کی تربیت کرواتا تھا۔ علاوہ ازیں احمد نواز بی ایل اے کے بلوچستان میں موجود کیمپس کی نگرانی بھی کرتا تھا۔

    سابق بی ایل اے کمانڈر نے قومی پرچم کو لہرایا اور قومی ترانہ بھی پڑھا۔ اس موقع پر ایف سی حکام کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔

  • کوئٹہ :  سابق پروفیسر کی ہاتھ پاؤں بندھی نعش گھر سے برآمد

    کوئٹہ : سابق پروفیسر کی ہاتھ پاؤں بندھی نعش گھر سے برآمد

    کوئٹہ : سابق پروفیسر کی ہاتھ پاؤں بندھی نعش ان کے گھر سے برآمد کرلی گئی،پولیس کے مطابق نعش دو سے تین روز پرانی ہے.

    تفصیلات کےمطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے کینٹ مدرسہ روڈ میں ریٹائرڈ پروفیسر صفی اللہ اپنے گھر میں اکیلے مقیم تھے، بدھ کی شام اہل محلہ نے تعفن پھیلنےپر پولیس کو اطلاع دی.

    پولیس نےمکان نمبر فور سی کی تلاشی لی تو وہاں سے ریٹائرڈ پروفیسر صفی اللہ کی ہاتھ پاؤں بندھی نعش برآمد کی، پولیس نے نعش کو قبضے میں لے کر ایدھی اہلکاروں کی مدد سے سول اسپتال منتقل کردی گئی.

    پولیس حکام نے واقعے کی تفتیش شروع کردی،پروفیسر صفی اللہ کی موت کی فوری وجہ معلوم نہ ہوسکی تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نعش دو سے تین روز پرانی لگ رہی ہے اور مسخ ہوچکی ہے.

  • کرپشن کیس میں سابق چیئرمین پبلک سروس کمیشن اشرف مگسی احتساب عدالت میں پیش

    کرپشن کیس میں سابق چیئرمین پبلک سروس کمیشن اشرف مگسی احتساب عدالت میں پیش

    کوئٹہ : بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین اشرف مگسی کو کرپشن کیس میں احتساب عدالت میں پیش کردیاگیا، ملزم پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے.

    تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین پبلک سروس کمیشن کو کرپشن کیس میں کوئٹہ کی احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا،ملزم کو ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، ملزم اشرف مگسی پر آج فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے.

    یاد رہے گذشتہ ماہ قومی احتساب بیورو نیب نے کاروائی کر کے پبلک سروس کمیشن بلوچستان کے سابق چیئرمین اشرف مگسی کوحراست میں لیاتھا.

    ملزم اشرف مگسی پراختیارات کا ناجائز استعمال اور غیرقانونی بھرتیوں کے الزامات ہیں،سابق چیئرمین پبلک سروسکمیشن نے عہدے پر رہتے ہوئے کئی محکموں میں من پسند افسران بھرتی کرائے تھے.

    یاد رہے کہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین محمد اشرف مگسی کو نومبر 2014 میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے ان کےعہدے سے برطرف کیا تھا.

    واضح رہے ملزم اشرف مگسی پر بطور چیئرمین پبلک سروس کمیشن اپنے گھر کے افراد سمیت مختلف تعیناتیوں میں بےقاعدگیوں کےحوالے سے الزام ہے.

  • بلوچستان : ملازمین کےاغوا پرکالعدم تنظیم کیخلاف احتجاجی ریلی

    بلوچستان : ملازمین کےاغوا پرکالعدم تنظیم کیخلاف احتجاجی ریلی

    کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع کیچ میں شہریوں نے کالعدم تنظیم بی آر اے کے خلاف ریلی نکالی،احتجاجی ریلی میں شہریوں اورعمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی.

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں احتجاجی ریلی نکالی کی گئی،ریلی میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی.

    مظاہرین نے محکمہ بی اینڈ آر کے ملازمین کے اغوا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم بی آر اے سمیت دیگر کالعدم تنظیمیں کی اس طرح کی کا رروائیوں سے ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرنا چاہتی ہیں.

    ریلی میں احتجاج کرنے والے مظاہرین نے اغوا اور قتل کے واقعات پر افسوس کرتے ہوئے اس عزم کا اظہارکیا کہ ان مٹھی بھر عناصر کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے.

    ضلع کیچ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شہریوں نے کا لعدم تنظیموں کیخلاف احتجاج اور دہشتگردی کےواقعات کی مذمت کی ہے.

  • بلوچستان میں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں پرسیاسی جماعتوں کا اظہارِتشویش

    بلوچستان میں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں پرسیاسی جماعتوں کا اظہارِتشویش

    کوئٹہ : بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں نے صوبے میں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے اغواء کئے گئے چار مغویوں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ پریس کلب میں جماعت اسلامی، جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی سمیت سات سیاسی و سماجی تنظیموں اور تاجر رہنماﺅں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    پریس کانفرنس میں قاری مہر اللہ، مولانا عبدالکبیر و شاکر و دیگر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بدامنی دوبارہ سر اٹھارہی ہے، گزشتہ چند ماہ میں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں کے 6 واقعات رونما ہوئے ہیں، جن پر بلوچستان کی عوام کو شدید تشیویش ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ اغواء ہونے والے ’’خدام بھٹی 70 لاکھ اور ڈاکٹر ارشاد کھوسہ بھاری تاوان کی رقم ادا کرنے کے بعد رہا ہوئے ہیں، جبکہ باقی چار مغوی ’’محمد رفیق کاکڑ، اسد خان ترین، عبدالنافع اچکزئی اور شیر خان اچکزئی‘‘ تاحال اغواء کاروں کے پاس موجود ہیں۔

    اس موقع پر رہنماؤں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اغواء برائے تاوان میں ملوث افراد کے سخت خلاف کارروائی کرتے ہوئے مغویوں کو فوری طور پر بازیاب کروائے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے مغویوں کو بازیاب نہیں کروایا تو بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر کے سخت احتجاج کریں گے۔

  • چاغی : پاک ایران دوطرفہ تجارت معطل

    چاغی : پاک ایران دوطرفہ تجارت معطل

    کوئٹہ : ایران نےپاکستان کی اشیا ئےخردونوش روک کی تجارت روک دی، ایرانی حکام کی جانب سے تجارت روکنے پر پاکستان کی جانب سے احتجاج کیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق ایران نے پاکستان کی اشیائےخردونوش کی تجارت روک دی جس پر پاکستانی حکام کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا، احتجاج کے بعد ایرانی حکام نے دو طرفہ تجارت کے لیے سرحدی گیٹ بند کردیا.

    یاد رہےگذشتہ دنوں اسلام آباد میں ایرانی سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ گوادر اور چاہ بہار حریف نہیں دوست بندرگاہیں ہوں گی،ایران اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا.

    ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ چاہ بہار کو کسی منصوبے کے مد مقابل شروع نہیں کیا گیا،انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کا آزمایا ہوا دوست ہے.

  • سابق مشیر خزانہ کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان میں دوسرے روز بھی ہڑتال جاری

    سابق مشیر خزانہ کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان میں دوسرے روز بھی ہڑتال جاری

    قلات: سابق مشیرخزانہ بلوچستان میر خالد خان لانگو کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے خلاف بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کی گرفتاری کے خلاف دوسرے روز بھی بلوچستان کے علاقوں قلات اور منگچر میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

    مشتعل مظاہرین نے دوسرے روزبھی ٹائر نظر آتش کر کے قومی شاہراہ کو احتجاجاً بلاک کیا، مشتعل مظاہرین نے صوبائی حکومت اور نیب بلوچستان کے خلاف شدید نعرے بازی گی۔

    مظاہرین نے کوئٹہ سے کراچی جانے والی سڑک پر سات گھنٹے احتجاج کیا، جس کے باعث قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قلات  نصیر احمد جتک اور اسسٹنٹ کمشنر نے نیشنل پارٹی کے رہنماؤں سے مذاکرات کیے اور قومی شاہراہ کو کھول دیا گیا۔

    اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو  کر تے ہوئے کہا کہ ہم اپنے قائدین کے حکم پر قومی شاہرہ کو عارضی طور پر کھولا ہے، اگر نیب بلوچستان نے سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کو فوری طور پر رہا نہیں کیا تو پھر اس شاہراہ کو غیرمعینہ مدت کے لیے بند کرکے سخت احتجاج کیا جائے گا۔

    واضح رہے دو روز قبل خالد لانگو کو نیب نے بلوچستان کی عدالت سے گرفتار کر کے آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جج نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے چودہ روزہ جسمانی ریمارنڈ نیب کے حوالے کردیا ہے۔

  • بلوچستان : ضلع ہرنائی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ،تین افراد ہلاک

    بلوچستان : ضلع ہرنائی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ،تین افراد ہلاک

    کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں گھر کے اندر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور دو خواتین سمیت تین زخمی ہوگئے،جبکہ حملہ آوردو افراد کو اغواء کرکے لےگئے.

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ بازار میں واقع گھر میں نامعلوم مسلح افراد داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی.

    فائرنگ کے نتیجے میں دو بھائیوں سمیت تین افراد موقع پر جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے.

    زخمی ہونے والے افراد کو کوئٹہ اسپتال منتقل کردیا گیا،جبکہ حملہ آور اہل خانہ کے دو افراد کو اغواء کرکے لے گئے.

    واقعے کی اطلاع ملنے پر لیویز اور ضلعی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر نعشیں ڈسٹرکٹ اسپتال ہرنائی منتقل کردیں، انتظامیہ کی جانب سے تفتیش شروع کردی گئی.

  • اسلام آباد میں انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز

    اسلام آباد میں انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز

    اسلام آباد: انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا ملک کے مختلف علاقوں سے 13 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔مذکورہ چیمپیئن شپ بارہ دن جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی سطح پر ہاکی کے فروغ کے لیے ہاکی فیڈریشن کی جانب سے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں تیرہ ٹیموں پر مشتمل انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز ہو گیا، ابتدائی میچ بلوچستان اور پنجاب کے مابین کھیلا گیا.

    پہلے روز کھیلے جانے والے میچ میں پنجاب نے بلوچستان کو 9 گول سے شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی ہے، ٹورنامنٹ میں ملک کے مختلف علاقوں سے 13 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

    چپیمئن شپ میں سندھ، پنجاب، خیبرپختونخواہ، بلوچستان سے دو دو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سے ایک ایک ٹیم حصہ لے رہی ہے۔

    ایونٹ کا دوسرا میچ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی ٹیمیوں کے مابین کھیلا گیا جس میں پنجاب کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 10 گول کر کے میچ اپنے نام کرلیا۔

    اس موقع پر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن فاروق احمد نے بتایا کہ سیریز میں بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو انڈر 18 ایشاء کپ میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیریز کے انعقاد سے کھلاڑیوں میں خاصہ جوش و خروش پایا جاتا ہے اور اس ایونٹ سے ایشیا کپ انڈر 18 کے لیے کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا۔