Tag: بلوچستان

  • بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی دوسری سڑک بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی

    بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی دوسری سڑک بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی

    کوئٹہ: مون سون کی طوفانی بارشوں نے صوبہ بلوچستان میں تباہی مچادی ہے، بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی دوسری سڑک بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی دوسری سڑک بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، ڈپٹی کمشنر الیاس کبزئی کا کہنا ہے کہ بھلونک میں ایم 8 روڈ بھی سیلاب سے تباہ ہوگئی۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کا زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے، سڑک کو بحال کرنے میں ایک ہفتے سے زیادہ وقت درکار ہوگا۔

    انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے لوگ ایم 8 روڈ پر سفر نہ کریں۔

    خیال رہے کہ طوفانی بارشوں نے صوبہ بلوچستان میں تباہی مچا دی ہے، بارش سے 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں مکانات منہدم اور سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں۔

  • بلوچستان میں طوفانی بارشیں: درجنوں افراد جاں بحق، ہزاروں مکان منہدم

    بلوچستان میں طوفانی بارشیں: درجنوں افراد جاں بحق، ہزاروں مکان منہدم

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، ساڑھے 6 ہزار سے زائد مکانات منہدم ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بلوچستان میں بارشوں سے جانی و مالی نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 100 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ حادثات کا شکار ہو کر 57 افراد زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے مجموعی طور پر صوبے بھر میں 6 ہزار 63 مکانات منہدم ہوئے، بارشوں سے 550 کلو میٹر مشتمل مختلف 4 شاہرائیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔

  • بارش کے بعد بلوچستان میں موسم گرم ہوگیا

    بارش کے بعد بلوچستان میں موسم گرم ہوگیا

    کوئٹہ: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم کچھ حصوں میں بارش متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم خضدار، قلات، لسبیلہ، خاران، مکران، تربت، پنجگور، آواران، جیونی اور گوادر میں بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجگور میں 15، تربت اور لسبیلہ میں 10 ملی میٹر، گوادر میں 9، پسنی میں 6، جیونی اور بارکھان میں 2 اور خضدار میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

    سیلاب کے بعد کوئٹہ، قلات، خضدار، آواران، تربت، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، لسبیلہ، چمن، کوہلو اور دیگر اضلاع میں ریلیف اور ریسکیو سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔

  • بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا، موسلا دھار بارش متوقع

    بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا، موسلا دھار بارش متوقع

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے بیشتر شہروں اور بلوچستان کے کچھ شہروں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا، کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین اور میرپور خاص میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، شہید بے نظیر آباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں جبکہ بلوچستان کے لسبیلہ، اورماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی اور تربت میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو کل تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • گرد کا طوفان: کوئٹہ سے ایران جانے والی مال گاڑی ریت میں دھنس گئی

    گرد کا طوفان: کوئٹہ سے ایران جانے والی مال گاڑی ریت میں دھنس گئی

    کوئٹہ: سندھ اور بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں چلنے سے پاک ایران ریلوے ٹریک دب گیا، اب تک 2 ٹرینیں ریت میں دھنس چکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ گرد آلود ہوائیں چلنے سے پاک ایران ریلوے ٹریک دب گیا، کوئٹہ سے ایران جانے والی ایک اور مال گاڑی ریت میں دھنس چکی ہے۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ 9 روز قبل ایران سے کوئٹہ آنے والی مال گاڑی بھی دھنس گئی تھی۔

    حکام کے مطابق 10 روز سے پاکستان اور ایران کے درمیان کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں، مال گاڑیوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے، ایران جانے والی ایک مال گاڑی دالبندین ریلوے اسٹیشن پر روک دی گئی ہے۔

  • بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ، طوفانی بارشوں کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری

    بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ، طوفانی بارشوں کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری

    کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے صوبے بھر میں ڈیمز، آبی ذخائر اور نہروں میں تیراکی پر پابندی عائد کردی ہے، طوفانی بارشوں اور سیلاب کے بعد امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، کوئٹہ، قلات، خضدار، آواران، تربت، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، لسبیلہ، چمن، کوہلو و دیگر اضلاع میں شدید بارشوں کے بعد ریلیف اور ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں۔

    کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کے لیے متعلقہ اداروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں 4 ہزار 165 خیمے، 2500 کمبل، 743 سولر لائٹس اور خوراک و دیگرامدادی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔

    تیراکی پر پابندی عائد

    دوسری جانب حکومت بلوچستان نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے صوبے بھر میں ڈیمز، آبی ذخائر اور نہروں میں تیراکی پر پابندی عائد کردی ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بارشوں اور سیلابی صورتحال میں انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے، ڈیمز، آبی ذخائر اور نہروں کے قریب پکنک منانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    مزید بارشیں متوقع

    صوبائی محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آج بھی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، کوئٹہ، خضدار، قلات، لسبیلہ، پنجگور، آواران، خاران اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

  • بلوچستان میں بھی کرونا وائرس کیسز میں اضافہ

    بلوچستان میں بھی کرونا وائرس کیسز میں اضافہ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں مثبت کیسز کی شرح 2 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بلوچستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز شرح 2.26 فیصد رپورٹ کی گئی۔

    صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2.60 فیصد رپورٹ کی گئی۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے 6 اضلاع میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے۔

    اب تک صوبے میں 35 ہزار 517 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 35 ہزار 128 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کووڈ 19 کے باعث 378 افراد کی اموات ہوئیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 204 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 1.53 فیصد رہی۔

  • محکمہ صحت کا گریڈ 9 کا ملازم کروڑوں روپے کے اثاثوں کا مالک نکلا

    محکمہ صحت کا گریڈ 9 کا ملازم کروڑوں روپے کے اثاثوں کا مالک نکلا

    کوئٹہ: قومی ادارہ احتساب (نیب) بلوچستان نے محکمہ صحت کے گریڈ 9 کے ملازم کی کروڑوں روپے کی جائیداد پکڑ لیں، ملزم کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت بلوچستان کا گریڈ 9 کا ملازم کروڑوں روپے کے اثاثوں کا مالک نکلا، نیب نے میڈیکل ٹیکنیشن کے اثاثوں کا سراغ لگا لیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازم نے اثاثے بیوی اور بزنس پارٹنر کے نام پر کوئٹہ، لاہور اور ساہیوال میں لیے، اثاثوں میں کمرشل پلازا، گھر اور زرعی اراضی شامل ہے۔

    نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا گیا، ملزم کرپشن کے ایک الگ کیس میں پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔

  • بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کل ہوگی

    بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کل ہوگی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کل بروز اتوار ہوگی، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ میں ایک دن باقی ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں الیکشن ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بیلٹ پیپرز، بیگز اور اسٹاف کو متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک پہنچا دیا جائے گا۔ پولنگ مٹیریل کی تقسیم کا کام 32 اضلاع میں صبح 8 بجے شروع ہوچکا ہے، ریٹرننگ افسران کے دفتر سے پولنگ مٹیریل کی تقسیم جاری ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کنٹرول روم سے پولنگ سامان کی ترسیل کی نگرانی جاری ہے، چیف الیکشن کمشنر انتظامات کی سینٹرل کنٹرول روم سے نگرانی کر رہے ہیں۔

  • بلوچستان میں ہزاروں اسکالر شپس دینے کی ہدایت

    بلوچستان میں ہزاروں اسکالر شپس دینے کی ہدایت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت صوبہ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیمی منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان میں جامعات کے لیے 5 ہزار اسکالر شپس کی اسکیم تیار کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت صوبہ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیمی منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔

    وفاقی وزیر احسن اقبال نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں جامعات کے لیے 5 ہزار اسکالر شپس کی اسکیم تیار کی جائے، بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں وفاقی حکومت کے تحت زیر تعمیر جامعات کو جلد مکمل کیا جائے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا ترجیح ہے۔