Tag: بلوچستان

  • بلوچستان: شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی

    بلوچستان: شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی

    کوئٹہ: بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال، گوادر، تربت، اوماڑہ، چمن، کیچ اور پشین میں کچے مکانات گرگئے، جب کہ رابطہ سڑکیں بھی بہہ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفےوقفےسےجاری ہے، شدید بارشوں کے نتیجے میں گوادر،کیچ اور دیگر کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے، گندھاوا اور اطراف کےعلاقوں میں شدید بارش سے برساتی نالےابل پڑے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم مزید سرد ہوگیا

    شدید بارشوں اور طغیانی کے باعث رابطہ سڑکیں شدید متاثر ہیں، مختلف علاقوں کا کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے، طور پل پر سیلابی ریلہ مسافروں سمیت گاڑی کو بہا لےگیا۔دوسری جانب پہاڑوں پر برفباری کے سبب کوئٹہ چمن شاہراہ کو ہرقسم کی ٹریفک کےلیے بند کردیا گیا ہے، راستوں کی بندش کے باعث ایک ہزار سے زائد مسافر گاڑیاں پھنس گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، محصور مسافروں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔

    بلوچستان میں شدید بارشوں اور برف باری کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال پر پاک فوج بھی ضلعی انتظامیہ کی مدد میں پیش پیش ہے، پاک فوج کی جانب سے گوادر،پسنی اور تربت میں امدادی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔

  • بلوچستان کے 17 شہروں میں 445 ملی میٹر بارش ریکارڈ

    بلوچستان کے 17 شہروں میں 445 ملی میٹر بارش ریکارڈ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے، بارشوں سے صوبے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے 17 شہروں میں 24 گھنٹے کے دوران بارشوں کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے، 17 شہروں میں 445 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح 8 بجے تک پسنی میں سب سے زیادہ 115 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گوادر میں 64، اوماڑہ میں 60، خضدار میں 42، پنجگور میں 29، جیوانی میں 27 اور تربت میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لسبیلہ اور پشین میں 21، 21، کوئٹہ میں 18، قلات میں 18، زیارت میں 9، مسلم باغ میں 8 جبکہ بارکھان اور کوہلو میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    اسی طرح سبی میں 3 اور لورالائی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    یاد رہے کہ موسلا دھار بارشوں سے بلوچستان کے مختلف شہروں میں سیلابی صورتحال ہے جس کے باعث سیاح اور مقامی آبادی شدید مشکلات میں پھنس گئے، گزشتہ روز مختلف علاقوں میں پھنسے سیاحوں اور گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

    کوسٹل ہائی وے پسنی، سور بندر، نگور اور جیوانی میں ریسکیو آپریشن بھی کیا گیا اور اس دوران خوراک ‏کے ساتھ رہائش بھی فراہم کی گئی۔

  • بلوچستان میں 3 گنا زیادہ سڑکیں بن رہی ہیں: مراد سعید

    بلوچستان میں 3 گنا زیادہ سڑکیں بن رہی ہیں: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں گزشتہ 15 سالوں سے 3 گنا زیادہ سڑکیں بن رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ موجودہ حکومت بلوچستان میں 33 سو کلو میٹر سڑکیں بنا رہی ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ سڑکوں کا کام گزشتہ 15 سالوں سے 3 گنا زیادہ بنتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قومی خزانے سے اہم ترین شاہراہ کراچی کوئٹہ چمن کچلاک خضدار کے پہلے سیکشن پر اس ماہ کام ک آغاز ہو جائے گا، دوسرا سیکشن پروکیورمنٹ اور مزید 2 سیکشنز فزیبلٹی اسٹیج پر ہیں۔

  • سسرال والوں کے ظلم سے تنگ خاتون نے آئی جی بلوچستان سے مدد مانگ لی

    سسرال والوں کے ظلم سے تنگ خاتون نے آئی جی بلوچستان سے مدد مانگ لی

    کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سسرال والوں کے ظلم سے تنگ خاتون نے آئی جی بلوچستان سے مدد مانگ لی، خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے سسرال والے ان کے ڈھائی سال کے بیٹے کو چھین کر کراچی فرار ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی رہائشی خاتون نے سسرالیوں کے ظلم سے تنگ آ کر انسپکٹر جنرل (آئی جی) بلوچستان سے مدد مانگ لی۔

    شکیلہ نعمت نامی متاثرہ خاتون نے اپنی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کردیں، خاتون اور ان کی بیٹی کو سسرالیوں نے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے سسرال والے ڈھائی سال کے بیٹے کو ان سے چھین کر کراچی فرار ہوگئے ہیں، کراچی میں ان کے شوہر نے دوسری شادی رچالی۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ سسرالیوں نے انہیں اور ان کی 6 بیٹیوں کو گھر چھوڑنے کو کہا، گھر نہ چھوڑنے پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

  • بلوچستان میں گزشتہ روز کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا

    بلوچستان میں گزشتہ روز کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کرونا کیسز کی صفر شرح پر اظہار اطمینان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، صوبے میں کرونا وائرس کے 294 ٹیسٹ کیے گئے جو تمام منفی نکلے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کرونا کیسز کی صفر شرح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے احتیاط جاری رکھیں۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 32 ہزار 471 ہے۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں بھی کرونا کیسز کی مثبت شرح کم ترین سطح پر برقرار ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے 176 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 84 ہزار 365 ہوگئی۔

    گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے مزید 9 مریض جاں بحق ہوئے، ملک میں کووڈ 19 سے مجموعی اموات کی تعداد 28 ہزار 718 ہوگئی۔

  • نیب افسران اور کرپشن کیسز کے ملزمان کو جعلی فون کالز کا انکشاف

    نیب افسران اور کرپشن کیسز کے ملزمان کو جعلی فون کالز کا انکشاف

    کوئٹہ: نیب بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل کے نام پر افسران اور کرپشن کیسز کے ملزمان کو جعلی فون کالز کا انکشاف ہوا ہے، نیب کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ جعلی کالز کا ڈیٹا شیئرکردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل کے نام پر افسران اور کرپشن کیسز کے ملزمان کو جعلی فون کالز کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد نیب بلوچستان نے کارروائی کا آغاز کردیا۔

    ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ نیب انٹیلی جنس ونگ نے گروہ کی سرکوبی کے لیے لائحہ عمل پر کام شروع کر دیا ہے، متعلقہ اداروں کے ساتھ جعلی کالز کا ڈیٹا شیئرکردیا گیا ہے۔

    نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جعلی کالز کرنے والے کو کسی بھی قسم کی معلومات نہ دی جائیں، کیسز میں کوئی بھی افسر ذاتی طور پر ملزمان یا افراد سے رابطے کا مجاز نہیں۔

    نیب کا مزید کہنا ہے کہ عوام جعلساز عناصر کی کالز سے متعلق نیب آفس کو فوری مطلع کریں، قانونی طریقہ کار کے تحت ملزمان کو فون نہیں مراسلہ بھیجا جاتا ہے۔

  • وزیر اعظم کی بلوچستان ترقیاتی پیکج پر تیزی سے کام کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی بلوچستان ترقیاتی پیکج پر تیزی سے کام کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان ترقیاتی پیکج پر تیزی سے کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کی زندگیاں بہتر بنانے کے لیے حل تلاش کرنا ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی سست رفتاری پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس نہ ہونے پر بھی اظہار تشویش کیا۔ وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ایک سال کے دوران ایپکس کمیٹی کا صرف ایک اجلاس ہوا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، ملک میں مقامی طور پر پیدا گیس کا 40 فیصد بلوچستان سے حاصل ہوتا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے 200 ارب کے منصوبوں پر تیزی سے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں منصوبوں کے جائزے پر ہر ماہ اجلاس کی صدارت کروں گا، بلوچستان میں بکھری آبادی کے باعث مسائل دیگر ملک سے مختلف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کی زندگیاں بہتر بنانے کے لیے حل تلاش کرنا ہوں گے۔

    وزیر اعظم نے ایپکس کمیٹی کا ماہانہ اور ایگزیکیوشن کمیٹی کا اجلاس ہر 15 دن بعد بلانے کی ہدایت کی جبکہ تربت ایئرپورٹ کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

    انہوں نے گودار اور تربت میں زیر تعمیر نرسنگ کالجز پر کام تیز کرنے کی تاکید کرتے ہوئے وزارت منصوبہ بندی، توانائی، سمندری امور اور حکومت بلوچستان کو پیکج پر تیزی سے کام کی ہدایت دی۔

  • پاکستان تحریک انصاف حکومت کے بلوچستان میں شروع منصوبوں کی تفصیلات جاری

    پاکستان تحریک انصاف حکومت کے بلوچستان میں شروع منصوبوں کی تفصیلات جاری

    کوئٹہ: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے بلوچستان میں شروع منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں معاشی ترقی کا آغاز ہوگا، سی پیک کے ذریعے پورے خطے میں معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے پاکستان تحریک انصاف حکومت کے صوبہ بلوچستان میں شروع منصوبوں کی تفصیلات جاری کردیں۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، بلوچستان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔ وزیر اعظم نے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کا وعدہ کیا اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے عملی اقدامات کیے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے بلوچستان کی ترقی اور عوام کے مسائل پر خصوصی توجہ دی، انہوں نے بلوچستان کے کئی دورے کیے، دوروں میں انہوں نے بلوچستان کے معاملات میں ذاتی دلچسپی کا اظہار کیا۔

    انہوں نے منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مغربی روٹ سی پیک کی منظوری دی، ژوب، کچلاک منصوبے کا آغاز کیا گیا۔ ہوشاب آواران 146 کلومیٹر شاہراہ کی تعمیر زور و شور سے جاری ہے۔ منصوبے اپنے مقررہ وقت سے 20 فیصد تیزی سے انجام دیا جا رہا ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے مغربی بائی پاس، ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھا، کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس منصوبے کی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے۔ موڑ کچ ہرنائی 165 کلو میٹر شاہراہ، 198 کلو میٹر بسیمہ خضدار پر کام جاری ہے۔ بسیمہ خضدار شاہراہ بھی رواں سال دسمبر میں مکمل ہو جائے گی، منصوبوں کا سنگ بنیاد گزشتہ برس وزیر اعظم عمران خان نے رکھا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ جل جو بیلہ منصوبے کا سنگ بنیاد وزیر اعظم آئندہ ہفتے رکھیں گے، کراچی چمن کوئٹہ خضدار منصوبے کے ایک سیکشن کی پروکیورمنٹ مکمل ہو چکی ہے، 330 کلو میٹر کے دوسرے سیکشن کے لیے اشتہار جاری کر دیا گیا ہے، دونوں سیکشن بی او ٹی کے تحت مکمل ہوں گے۔ سڑک کی طوالت 796 کلو میٹر ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ سڑکوں کے منصوبوں سے بلوچستان میں فاصلے کم ہوں گے، سڑکوں سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور فصلیں بروقت مارکیٹ پہنچ سکیں گی۔ بلوچستان کے منصوبوں سے ملک کے دیگر حصوں سے رابطے بحال ہوں گے، ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں معاشی ترقی کا آغاز ہوگا، سی پیک کے ذریعے پورے خطے میں معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

  • بلوچستان میں کرونا وائرس کیسز میں نمایاں کمی

    بلوچستان میں کرونا وائرس کیسز میں نمایاں کمی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس کیسز کی شرح کم ترین سطح پر پہنچ گئی، ستمبر کے پہلے ہفتے میں صوبے میں مثبت کیسز کی شرح صرف 3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ کرونا آپریشن سیل کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کرونا وائرس کے فعال کیسز صرف 1 فیصد رہ گئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں فعال کیسز 400 سے کم ہوگئے، اسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد صرف 6 ہے، کرونا کیسز رپورٹ ہونے کی شرح 7 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    کرونا آپریشن سیل کے مطابق ستمبر کے پہلے ہفتے میں صوبے میں مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد ریکارڈ کی گئی، یہ فروری 2021 کے بعد کیسز رپورٹ ہونے کی کم ترین سطح ہے۔

    گزشتہ روز بلوچستان کے 4 اضلاع سے 8 کیسز رپورٹ ہوئے۔

  • کوئٹہ میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

    کوئٹہ میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکا ہوا ہے جس میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مستونگ روڈ پر نواحی علاقے میں دھماکا ہوا ہے جس میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

    پولیس کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل بھی کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر دستی بم حملہ ہوا تھا جس میں 1 شخص جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس کے مطابق نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوئے تھے۔