Tag: بلویر سنگھ

  • متحدہ عرب امارات، فون نمبر کی دوبارہ رجسٹریشن، نوجوان نے مہنگی گاڑی جیت لی

    متحدہ عرب امارات، فون نمبر کی دوبارہ رجسٹریشن، نوجوان نے مہنگی گاڑی جیت لی

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں نوجوان نے موبائل فون نمبر کی دوبارہ رجسٹریشن کرواکے مہنگی گاڑی جیت لی۔

    عرب میڈیا کے مطابق بھارتی شہری بلویر سنگھ نے اپنے موبائل نمبر کی دوبارہ رجسٹریشن کرواکے لگژری سپر کار میکلرین جیت لی جس کی مالیت سات لاکھ پچاس ہزار درہم ہے۔

    بھارتی شہری بلویر سنگھ متحدہ عرب امارات میں کار پینٹر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین نہیں آرہا ہے کہ میں نے موبائل نمبر کی دوبارہ رجسٹریشن کرواکے اتنی مہنگی گاڑی جیت لی ہے۔

    متحدہ عرب امارات ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی (ای آئی ٹی سی) کی جانب سے 31 جنوری سے قبل موبائل فون سم کی رجسٹریشن منسوخ ہونے کی صورت اسے دوبارہ رجسٹرڈ کروانے پر انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    کمپنی کے مطابق 31 جنوری سے قبل جن اماراتی شہریوں کی جانب سے موبائل فون کی دوبارہ رجسٹریشن کرائی گئی ہے انہیں قرعہ اندازی کے ذریعے انعام دیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: دبئی : اردن کے شہری نے 10 لاکھ امریکی ڈالر کی لاٹری جیت لی

    لگژری کار جیتنے والے بلویر سنگھ کا تعلق بھارت کے شہر پنجاب کے چھوٹے سے قصبے سے ہے، وہ متحدہ عرب امارات میں دس سال سے مقیم ہیں اور کار پینٹر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔

    بلویر سنگھ کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے دوست شاپنگ کے ذریعے لکی کوپن حاصل کرتے رہتے ہیں تاکہ بڑا انعام حاصل کرسکیں لیکن آج کا دن ان کے لیے بہت ہی اہم ہے۔

    بھارتی شہری کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ ’پیر‘ کا دن میرے لیے خوش قسمتی کی علامت ہے، اس سے قبل میرے بیٹے کی پیدائش بھی 14 جنوری پیر کے دن ہوئی تھی۔

    بلویر سنگھ کا کہنا تھا کہ اس سے قبل انہوں نے کبھی گاڑی نہیں چلائی ہے اور نہ ہی ان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہے۔

    بھارتی شہری نے لگژری کار 6 لاکھ 25 درہم میں فروخت کردی اور اس سے حاصل کردہ رقم کو کسی بزنس میں انویسٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔