Tag: بلیغ الرحمان

  • مریم نواز نے تعزیت کے لیے بیٹھی محفل کو سیاسی جلسے میں بدل ڈالا

    مریم نواز نے تعزیت کے لیے بیٹھی محفل کو سیاسی جلسے میں بدل ڈالا

    بہاولپور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میاں بلیغ الرحمان کے گھر جا کر ان کی اہلیہ اور بیٹے کے لیے تعزیت کی، تاہم اس دوران تعزیت کے لیے بیٹھی محفل کو انھوں نے سیاسی جلسہ بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مریم نواز کی کیپٹن صفدر، مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ، پرویز رشید اور مائزہ حمید گجر کے ہم راہ سابق وفاقی وزیر میاں بلیغ الرحمن کے گھر آمد ہوئی۔

    مریم نواز نے بلیغ الرحمان کی اہلیہ اور بیٹے کی ناگہانی موت پر ان سے تعزیت کی، اس دوران انھوں نے کارکنوں سے خطاب بھی کر ڈالا۔

    مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان اور ان کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا، تعزیت کے لیے بیٹھے افراد مریم نواز کے حق میں سیاسی نعرے بھی لگانے لگے۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس حکومت میں ادویات کی قیمتیں عروج پر پہنچ گئیں، بجلی کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے اور لیموں چار سو روپے کلو ہوگیا۔

    انھوں نے کہا کہ بلیغ الرحمان اور ان کے اہل خانہ کو اللہ صبر عطا کرے، میاں صاحب اگر یہاں آ سکتے تو ضرور آتے، بلیغ الرحمان سے فون پر بات کر کے میاں صاحب رنجیدہ ہو گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سابق وفاقی وزیربلیغ الرحمٰن کی فیملی کی گاڑی کو حادثہ، اہلیہ اور بیٹا جاں بحق

    مریم نواز نے کہا کہ ملک میں لا قانونیت کا راج ہے، فرشتہ کے ورثا کو انصاف کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑ رہی ہیں، اپوزیشن کی ایک افطاری نے ان پر بوکھلاہٹ سوار کر دی ہے، ہم ان کی حکومت نہیں گرانا چاہتے ہم تو چاہتے ہیں کہ یہ چند ماہ اور عوام کے سامنے کھل کر آئیں۔

    اس موقع پر لیگی کارکنوں نے مریم نواز پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور وزیر اعظم مریم نواز اور چاروں صوبوں کی زنجیر مریم نواز کے نعرے لگائے۔

  • اسکولوں میں قرآنی تعلیم کو لازمی قرار دینے کیلئےکوشاں ہیں، بلیغ الرحمان

    اسکولوں میں قرآنی تعلیم کو لازمی قرار دینے کیلئےکوشاں ہیں، بلیغ الرحمان

    اسلام آباد : وفاقی وزیرتعلیم انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر کےتمام سرکاری اسکولوں میں قرآنی تعلیم کو لازمی قرار دیے جانے کے لیے کوششیں کررہی ہے۔

    اس مرحلے کا آغاز تمام صوبوں سے بین الصوبائی وزراء تعلیم کی کانفرنس کے پلیٹ فارم پر مشاورت کے بعد شروع کیا گیا ہے۔

    الہادی انٹرنیشل اسکول کے زیر اہتمام چوتھی سالانہ کانفرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیربرائے تعلیم بلیغ الرحمان نے کہا کہ قرآن کی تعلیم کو بہت جلد ملک بھر کے تمام سرکاری اسکولوں میں دسویں کلاس تک لازمی کیاجائے گا۔

    پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک ناظرہ قرآن کی تعلیم دی جائے گی جبکہ چھٹی جماعت سے دسویں جماعت تک کے طالب علموں کو سرکاری اسکولوں میں قرآن کی تعلیم ترجمے کے ساتھ دی جائے گی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بچے ہمارے ملک کا قومی اثاثہ ہیں۔ ہمیں ملکی وسائل کو بہترین اندازمیں بروئے کارلاتے ہوئے انہیں معاشرے کا اچھا انسان بنانا ہے تاکہ یہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکیں۔

    وفاقی وزیرکا مزید کہنا تھا کہ تعلیم اور تحقیق دونوں ہمارے مذہب میں ضروری ہیں، ہمیں نصاب پر انحصار کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں کو تحقیق کے میدان میں حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دیگر مضامین میں نئے خیالات دریافت کئے جاسکیں۔

    پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں بہتری آرہی ہے اور ہم سب کو مل کر اسے مزید بہتر بنانا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے نجی اسکولوں کے کردار کوسراہتے ہوئے کہا کہ نجی اسکول تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں جو قابل تعریف ہے۔