Tag: بلین ٹری سونامی مہم

  • کراچی: درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف مظاہرہ، خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت

    کراچی: درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف مظاہرہ، خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت

    کراچی: شہرِ قائد میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف شہریوں نے بڑی تعداد میں مظاہرہ کیا، جس میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں سی ویو کے قریب بڑی تعداد میں شہریوں نے درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف مظاہرہ کیا۔

    مظاہرے میں کلفٹن اور ڈیفنس کی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی ایم این اے آفتاب صدیقی کر رہے تھے۔

    مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ’درختوں کی غیر قانونی کٹائی بند کرو‘ کے نعرے درج تھے۔

    مظاہرے کے دوران شرکا کی جانب سے نعرے بھی لگائے گئے، مظاہرین نے ’درخت کاٹنا بند کرو‘ کے نعرے لگائے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر درختوں کی کٹائی جاری رہے گی تو ہماری آنے والی نسلوں کو زمین پر سانس لینا بھی مشکل ہو جائے گا۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے درخت اگاؤ مہم جاری ہے، اس کے با وجود کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کا سلسلہ جاری ہے۔

    درختوں کی کٹائی میں مختلف ادارے بھی ملوث ہیں، گزشتہ دنوں میٹروول سائٹ ایریا میں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے پول لگانے کے لیے سڑک کے کنارے درختوں کو کاٹا گیا۔

  • بلین ٹری سونامی مہم کام یاب ہو چکی ہے: وزیرِ اعظم عمران خان کا ٹویٹ

    بلین ٹری سونامی مہم کام یاب ہو چکی ہے: وزیرِ اعظم عمران خان کا ٹویٹ

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلین ٹری سونامی مہم کام یابی سے ہم کِنار ہو چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے اطلاع دی ہے کہ انھوں نے ایک ارب درخت اُگانے کی جو مہم شروع کی تھی، وہ کام یاب ہو گئی ہے۔

    وزیرِ اعظم نے لکھا کہ سونامی مہم نرسریوں سے مکمل جنگلات میں بدل گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ درخت اگانے کی مہم میں نجی اور عوامی اشتراک بے مثال رہا، جس کی وجہ سے مہم نے بے مثال کام یابی حاصل کی۔

    وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس مہم کی کام یابی سے ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں سے لڑنے کا حوصلہ ملا ہے، اب ہمیں ہمت ملی ہے کہ اس مہم کو 10 ارب درختوں کے ہدف تک لے کر جائیں۔

    انھوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی مہم کے بعد خیبر پختون خوا میں جنگلات کا رقبہ 4 فی صد تک بڑھ گیا ہے۔

    خیال رہے کہ کے پی میں بلین ٹری منصوبے نے دنیا بھر میں پاکستان کے لیے عزت کمائی، عالمی اقتصادی فورم، عالمی ادارہ برائے تحفظ فطرت آئی یو سی این اور ورلڈ وائلڈ لائف سمیت کئی عالمی اداروں نے منصوبے کی تعریف کی ہے۔