Tag: بلیو اسکائی

  • ’بلیو اسکائی‘ کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ صارفین کی تعداد کتنے کروڑ تک جا پہنچی؟

    ’بلیو اسکائی‘ کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ صارفین کی تعداد کتنے کروڑ تک جا پہنچی؟

    مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’بلیو اسکائی‘ نے چند ہفتوں میں ہی انٹرنیٹ صارفین میں بے پناہ مقبولیت حاصل کرلی ہے، استعمال کرنیوالوں کی تعداد کروڑ تک جا پہنچی۔

    عالمگیر مقبولیت کی وجہ سے اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ ڈی سینٹرلائزڈ مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’بلیو اسکائی‘ دیگر ایپس جیسے فیس بک، انسٹاگرام اور تھریٹز کی طرح مقبولیت حاصل کرلے گا، لانچ کے بعد سے اب تک اسے استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 2 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔

    21 نومبر تک سامنے وٓنے والے اعداد و شمار کے مطابق ’بلیو اسکائی‘ کے صارفین کی مجموعی تعداد 2 کروڑ تک پہنچ چکی تھی جو یقیناً اس وقت مزید بڑھ چکی ہوگی، مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم کی مقبولیت سے پتا چلتا ہے کہ صارفین اسے استعمال کرنا پسند کررہے ہیں۔

    نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حکومت میں ’ایکس‘ کے مالک ایلون مسک کو شامل کرنے کا اعلان کیا تھا، اس کے بعد سے ویب سائٹ بلیو اسکائی کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    اکثر سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کرنے والے نیٹیزنز کا ماننا ہے کہ دنیا کی امیر ترین شخصیت میں سے ایک ایلون مسک کے امریکی حکومت کا حصہ بننے کے بعد سے ایکس متنازع حیثیت کا حامل ہوگا۔

    اس صورتحال کے پیش نظر دنیا بھر کے مختلف بڑے میڈیا آؤٹ لیٹس، انسانی حقوق کے رہنماؤں اور صحافیوں نے ایکس کو چھوڑنے کا اعلان کیام گزشتہ دنوں مشہور اخبار دی گارڈین نے بھی ایکس کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

    صحافیوں اور میڈیا آؤٹ لیٹس نے جیسے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سے کنارہ کشی اختیار کی، بلیو اسکائی کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا اور لوگوں کی بڑی تعداد اس کی طرف متوجہ ہوئی۔

    بلیو اسکائی کمپنی کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں سے یومیہ لاکھوں افراد ہمارے پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ بنا رہے ہیں، 21 کو کمپنی نے اعلان کیا کہ بلیو اسکائی کے صارفین کی تعداد 2 کروڑ ہوگئی ہے۔

  • ٹوئٹر کے متبادل ’بلیو اسکائی‘ کی مقبولیت میں اضافہ

    ٹوئٹر کے متبادل ’بلیو اسکائی‘ کی مقبولیت میں اضافہ

    سماجی رابطوں کی مقبول ترین ایپ ٹوئٹر کا متبادل بلیو اسکائی کی مقبولیت میں بے حد اضافے کے بعد نئے صارفین کیلئے نئے سائن اپ کو غیر فعال کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کی جانب سے ٹوئٹس کی تعداد کی حد متعارف کرانے کے ایک دن کے بعد بلیو اسکائی ایپ کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا تھا اسے حل کرنے کے لیے نئے صارفین کے سائن اپس کو روک دیا گیا ہے۔

    اگرچہ بلیو اسکائی ایپ کو استعمال کرنے کے لیے کوڈ کی ضرورت ہوتی ہے، اس کے باوجود یہ نئی ایپ کچھ صارفین کی آمد سے ہی مسائل کا سامنا کررہی ہے۔

    بلیو اسکائی نے ایک پوسٹ میں اس حوالے سے لکھا کہ’ ہم عارضی طور پر بلیو اسکائی سائن اپس کو روک رہے ہیں جبکہ ہماری ٹیم موجودہ مسائل کو حل کرنے کی مسلسل کوشش کررہی ہے‘۔

    ’ جیسے کی انوائٹ کوڈز کو دوبارہ فعال کیا جائےگا ہم آپ کو اپ ڈیٹ کردیں گے، ہم جلد ہی اپنی ایپ پر مزید صارفین کا استقبال کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔

    بلیو اسکائی ایپ رواں سال فروری میں آئی او ایس پر لانچ ہوئی تھی لہذا آئی فون صارفین کے لیے پہلے ہی دستیاب ہے، اس ایپ کے خالق جیک ڈروسی نے پہلی بار 2019 میں بلیو اسکائی بنانے کا اعلان کیا تھا۔

    سوشل میڈیا صارفین کیلیے خوشخبری، ٹوئٹر کا متبادل میدان میں آگیا

    اس ایپ کا تصور چار سال قبل پیش کیا گیا تھا اور طویل عرصے بعد بالآخر یہ اینڈرائیڈ صارفین کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے دستیاب تھی۔ تاہم مکمل رسائی کے لیے ابھی بھی انوائٹ کوڈ کی ضرورت پڑتی ہے۔

    واضح رہے کہ جب سے ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کو خریدا ہے، تب سے مسلسل تبدیلیاں کی جارہی ہیں، غیر واضح تبدیلیوں کی وجہ سے افراتفری کا ماحول پیدا ہو جاتا ہے۔

    حال ہی میں تمام صارفین کے لیے ٹوئٹس دیکھنے کی حد مقرر کی گئی تھی۔ ایلون مسک کی جانب سے یکم جولائی کو اعلان کیا گیا تھا کہ اب تصدیق شدہ اکاؤنٹس والے صارفین ایک دن میں 6000 جبکہ غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس 600 پوسٹس دیکھ سکتے ہیں اور نئے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس صرف 300 پوسٹس دیکھ سکتے ہیں۔

    مسک نے 12 گھنٹے کے اندر دو بار حد بڑھانے کی بھی اطلاع دی، جس کے بعد اس وقت تصدیق شدہ، غیر تصدیق شدہ اور نئے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹ کے لیے ایک دن میں پوسٹس دیکھنے کی حد بالترتیب 10 ہزار، 5 ہزار اور 500 ہے۔