نئی دہلی: ایئر انڈیا طیارے کی تباہی کے بعد اس کا بلیک باکس بھی مل گیا ہے، جس کی ریکارڈنگ نے نہ صرف اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کا ذمہ دار طیارے کا کپتان تھا بلکہ گفتگو سے کپتان کے ناقابل یقین رویے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملنے والے بلیک باکس کی ریکارڈنگ سے حاصل معلومات کی بنیاد پر یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ ایئر انڈیا طیارے کی تباہی کا ذمہ دار مبینہ طور پر طیارے کا کپتان تھا۔
وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق جہاز کے دونوں پائلٹوں کی گفتگو سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کیپٹن سُومیت سبروال نے اُن سوئچز کو بند کر دیا تھا جن کے ذریعے دونوں انجنوں کو ایندھن کی فراہمی ہوتی ہے۔
بوئنگ ڈریم لائنر طیارے کے فرسٹ آفیسر کلائیو کندر نے طیارے کے اڑان بھرتے ہی تجربہ کار کیپٹن سے پوچھا تھا کہ آخر اس نے سوئچز کو کٹ آف پوزیشن پر کیوں کر دیا ہے؟ کیپٹن کو پُرسکون دیکھ کر فرسٹ آفیسر پہلے حیرت میں ڈوبا اور پھر دہشت زدہ رہ گیا۔
ایئر انڈیا طیارہ حادثہ، سینئر پائلٹ کے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا انکشاف
56 برس کے کپتان سوُمیت سبروال نے 1994 میں ایئرانڈیا میں ملازمت اختیار کی تھی اور لائن ٹریننگ کیپٹن کے عہدے پر فائز تھا۔
واضح رہے کہ 12 جون کو احمد آباد سے لندن جانے والا طیارہ اڑان بھرتے ہی گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اور طیارے میں سوار 242 میں سے 241 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔ طیارہ میڈیکل کالج کی عمارت پر گرنے سے مزید 19 افراد بھی مارے گئے تھے۔