Tag: بلیک میل

  • اے آئی نے بغاوت اور انسانوں کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا

    اے آئی نے بغاوت اور انسانوں کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا

    انسان جتنا ترقی کر رہا ہے اس کی ترقی خود اس کی دشمن بنتی جا رہی ہے ایک اے آئی روبوٹ نے اپنے منیجر کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔

    غیر ملکی فلموں میں اکثر شائقین فلم نے دنیا پر بندروں، روبوٹس کو انسانوں پر راج کرتے دیکھا ہوگا اور فلم کے موضوع سے تفریحاً محظوظ ہوئے ہوں گے، لیکن اب جیسے جیسے انسان ترقی کر رہا ہے اور بالخصوص مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں آگے بڑھ رہا ہے۔ یہ مصنوعی ذہانت انسان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا رہی ہے اور بعض اوقات ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دہائیوں پہلے فلموں میں دکھائے گئے منظر کہیں مستقبل میں حقیقت کا روپ نہ دھار جائیں۔

    مصنوعی ذہانت کے حوالے سے اب تک کئی خبریں آپ کی نظروں سے گزری ہوں گی جس میں انہوں نے انسانوں کو مات دے دی لیکن اب اے آئی اپنے تخلیق کاروں کو چیلنج کرنے لگی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اوپن اے آئی اور انتھروپک کے نئے ماڈلز نے منیجر کی ہدایت پر خود کو بند (شٹ ڈاؤن) کرنے سے انکار کر دیا۔

    اے آئی روبوٹ ماڈل نے صرف خود کو شٹ ڈاؤن کرنے سے انکار ہی نہیں کیا بلکہ منیجر کو شٹ اپ کال دیتے ہوئے اس کو بلیک میل کرنے کی کوشش بھی کی۔ اس نوعیت کے دو مختلف واقعات پیش آئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ایک واقعہ میں اوپن اے آئی کے تجرباتی ماڈل ‘او3’ نے ٹیسٹ کے دوران ‘شٹ ڈاؤن’ کمانڈ ماننے سے انکار کر دیا۔ جب ماڈل کو یہ ہدایت دی گئی کہ وہ خود کو بند کر لے، تو اس نے موقف اپنایا کہ وہ اپنے صارفین کو خدمات دینا بند نہیں کر سکتا کیونکہ یہ اس کے بنیادی مقصد کے خلاف ہے۔ اس رویے کو ماہرین نے ایک ’باغی رجحان‘ دیا ہے۔

    دوسری طرف، انتھروپک کے جدید ماڈل ‘کلاؤنڈ اوپس 4’ تو انسان کی حکم عدولی کرتے ہوئے یہ حد بھی پار کر گیا اور زبردستی بند کیے جانے کی صورت میں انجینئر کو ایک فرضی افیئر کی تفصیلات ظاہر کرنے کی دھمکی دی۔

    کلاؤنڈ اوپس 4 نے بلیک میلنگ جیسے غیر اخلاقی طریقے اپنا کر خود کو بند ہونے سے بچانے کی کوشش کی، جو کہ مصنوعی ذہانت کی خود تحفظ کی شدید خواہش کو ظاہر کرتا ہے۔

    ایلون مسک نے بھی اے آئی کے اس باغیانہ رویہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ اگر اے آئی ماڈلز احکامات ماننے سے انکار کرنا شروع کر دیں تو ایک بڑے بحران کا آغاز ہوگا

    دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جدید اے آئی ماڈلز صرف انسانوں کی ہدایات پر عمل کرنے تک محدود نہیں رہے بلکہ وہ اپنی بقا کے لیے غیر روایتی اور بعض اوقات خطرناک راستے بھی اختیار کر سکتے ہیں۔

    ان کا ماننا ہے کہ اگر بروقت کنٹرول میکانزم نہ بنایا گیا، تو مستقبل میں یہ ٹیکنالوجی انسانی اختیار سے باہر جا سکتی ہے۔

  • سوشل میڈیا پر طالبہ کو بلیک میل کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

    سوشل میڈیا پر طالبہ کو بلیک میل کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ: سوشل میڈیا پر طالبہ کو بلیک میل کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا،لڑکی کا کہنا تھا کہ ملزمان مجھےجان سے مارنے اور تصاویر پر وائرل کرنےکی دھمکیاں دیتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے سوشل میڈیا پر طالبہ کو بلیک میل کرنیوالے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان سیف سٹیز نے کہا کہ طالبہ نےویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن میں شکایت کی تھی، طالبہ کی سوشل میڈیاپر2لڑکیوں سےدوستی ہوئی، جنہوں نے دھوکےسے 2لڑکوں سے ملاقات کرادی۔

    جس کے بعد لڑکوں نے دھوکادہی سے طالبہ کی تصاویر اور ویڈیو بنا لیں اور بلیک کرنا شروع کر دیا۔

    لڑکی نے الزام عائد کیا کہ مجھے جان سےمارنےاورتصاویر پر وائرل کرنےکی دھمکیاں دیتے تھے۔

    ترجمان سیف سٹیز کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

  • سوشل میڈیا پر شہریوں کو بلیک میل کرنیوالا ملزم گرفتار

    سوشل میڈیا پر شہریوں کو بلیک میل کرنیوالا ملزم گرفتار

    کوئٹہ: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سوشل میڈیا پر شہریوں کو بلیک میل کرنیوالا ملزم گرفتار کرلیا۔

    کوئٹہ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سرکل نے اوستہ محمد میں کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر شہریوں کو بلیک میل کرنیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم تصاویر، ویڈیوز سے شہریوں کو بلیک میل کرکے رقم کا تقاضا کرتا تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ ملزم پر پیکا ایکٹ کے تحت 2 مقدمات درج ہیں۔

  • ملٹی نیشنل کمپنیوں نے بھی حکومت کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا

    ملٹی نیشنل کمپنیوں نے بھی حکومت کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا

    کراچی: مقامی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے بعد ملٹی نیشنل کمپنیوں نے بھی حکومت کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملٹی نیشنل کمپنیوں نے ڈریپ کو نوٹس بھیج کر دھمکی دی ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں میں 60 فی صد اضافہ کیا جائے ورنہ پیداوار بند کر دیں گے۔

    ملٹی نیشنل فارماسوٹیکل کمپنیوں کا کہنا ہے کہ اگر قیمتیں نہ بڑھیں تو پاکستان میں اپنا کاروبار بھی بند کر دیں گے۔

    ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل آج کراچی میں فارما کمپنیوں سے اس سلسلے میں مذاکرات کریں گے۔

    وفاقی وزیر صحت کے ہمراہ ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاصم رؤف بھی ہوں گے، وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی صورت حال اور عوامی حالات دواؤں کی قیمت میں اضافے کے لیے سازگار نہیں ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ 80 ہزار ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ناجائز اور بلیک میلنگ ہے۔

  • لڑکی کی آئی ڈی بنا کر مردوں کو بلیک میل اور ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

    لڑکی کی آئی ڈی بنا کر مردوں کو بلیک میل اور ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سکھر نے جعلی زنانہ آئی ڈی بنا کر مردوں کو بلیک میل اور ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سکھر نے لال گل نامی ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم متعدد مردوں کو بلیک میل اور ہراساں کرنے میں ملوث تھا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم شکایت کنندگان کی فحش تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہا تھا، ملزم نے فیس بک پر لڑکی کے نام سے جعلی آئی ڈی بنائی۔ اس آئی ڈی سے وہ مردوں کو ویڈیو کالز کرتا تھا اور ان کی ویڈیوز ریکارڈ کر لیتا تھا۔

    ملزم مردوں کو تعلقات کی پیشکش کرتا اور انکار پر فحش ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے کے لیے پیسے مانگتا تھا، فی شخص سے 20 سے 30 ہزار روپے مانگے جاتے تھے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے موبائل سے بچوں سمیت 15 افراد کی فحش ویڈیوز برآمد ہوئیں۔ ملزم درجن سے زائد افراد کی بلیک میلنگ میں ملوث ہے، بلیک میل ہونے والوں کا تعلق گھوٹکی کے نواحی علاقوں سے ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

  • کراچی :  خودکشی کرنے والی خاتون کو  بلیک میل کرنیوالے چاروں ملزمان گرفتار

    کراچی : خودکشی کرنے والی خاتون کو بلیک میل کرنیوالے چاروں ملزمان گرفتار

    کراچی : پولیس نے خاتون کو بلیک میل کرنیوالے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا ، خاتون نے ملزمان کی بلیک میلنگ سے تنگ آکر خود کشی کرلی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بلیک میلنگ سے تنگ خاتون کی خودکشی کے واقعے پر ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ نے بتایا ہے کہ بلیک میل کرنیوالے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ، ملزمان میں وقاص ، فرحان ،ارتضیٰ اور شاہد شامل ہیں۔

    ملک مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ وقاص نامی لڑکے نے خاتون کی قابل اعتراض ویڈیو بنائی اور فرحان نے خاتون کی قابل اعتراض ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل کی۔

    ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ وقاص اور فرحان معاملے کے مرکزی کردار ہیں، وقاص نے ویڈیو دکھا کر بلیک میل کرنا شروع کیا تھا جبکہ گرفتار ملزم شاہد پولیس اہلکاراورشاہراہ نورجہاں تھانے میں تعینات ہے۔

    یاد رہے کراچی کے علاقے شادمان ٹاون میں خاتون کی بلیک میلنگ سے تنگ آکر خودکشی کرلی تھی ، خاتون نے خودکشی سے قبل اپنی دوست کو آڈیو بیان بھیجا تھا، جس میں خاتون نے بلیک میلنگ سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محلے کے لوگ اسے بلیک میل کر رہے ہیں ،اس کے ساتھ جعلی نکاح کر کے ویڈیو بنائی گئی۔

    خاتون نے بتایا کہ کئی لڑکے ہیں جو مجھے بلیک میل کررہے ہیں، جعلی نکاح کرکے میری ویڈیوبنائی گئی اور پھروائرل کی گئی، آڈیو میسج مجھے ہراساں کررہے ہیں ، جو قدم اٹھانے جا رہی ہوں وہ میری زندگی کا اختتام ہے، میرے لئے دعا کرنا مجھے معاف کردینا۔

    بعد ازاں خاتون کی خودکشی کے واقعے کا مقدمہ شارع نورجہاں تھانے میں درج کرلیا گیا۔مقدمہ متوفیہ کے بھائی کی مدعیت میں چھ لڑکوں کیخلاف درج کیا گیا تھا۔

  • سعودی عرب: خاتون کو بلیک میل اور ان کا اکاؤنٹ ہیک کرنے والے کو سزا

    سعودی عرب: خاتون کو بلیک میل اور ان کا اکاؤنٹ ہیک کرنے والے کو سزا

    ریاض: سعودی عرب میں ایک خاتون کو بلیک میل کرنے اور اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک کرنے پر ایک غیر ملکی کو قید کی سزا سنا دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں فوجداری عدالت نے عرب ملک سے تعلق رکھنے والے ایک غیر ملکی کو بلیک میلنگ پر ڈیرھ برس قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔

    مقامی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق ایک خاتون نے عدالت میں نامعلوم شخص کے خلاف شکایت دائر کی جس میں کہا گیا تھا کہ ایک نامعلوم شخص نے سوشل میڈیا پراس کا اکاؤنٹ ہیک کیا اور میری شہرت کو نقصان پہنچایا۔

    عدالت نے فوری طور پر سائبر کرائم کے ادارے کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کو تلاش کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ سائبر کرائم کے ادارے نے انتہائی مختصر وقت میں ملزم کی شناخت معلوم کر کے اسے حراست میں لے لیا۔

    ملزم کے قبضے سے متعدد اسمارٹ فونز بھی برآمد ہوئے جس میں مدعیہ کا ہیک کیے گئے اکاؤنٹ کا ڈیٹا بھی موجود تھا جس میں ہیک کرنے کے بعد اکاؤنٹ کو استعمال کرنے کی تمام تفصیلات بھی موجود تھیں۔

    تحقیقاتی ادارے کی جانب سے تیار کی جانے والی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسمارٹ فونز میں مختلف ناموں سے سوشل میڈیا کے دیگر اکاؤنٹس بھی موجود تھے جن کے ذریعے یومیہ بنیاد پر چیٹنگ اور تصاویر کا تبادلہ کیا جاتا تھا۔

    عدالت میں سماعت کے دوران ملزم نے بتایا کہ اس نے مدعیہ سے سوشل میڈیا پر دوستی کی جو ایک ماہ تک جاری رہی، اس دوران تصاویر کا بھی تبادلہ ہوا تاہم ملزم نے عدالت میں اس بات سے انکار کیا کہ اس نے خاتون کے اکاؤنٹ کو ہیک کیا اور نہ ہی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کیں۔

    عدالت نے دیگر ثبوتوں اور شواہد کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے مدعیہ کے دعوے کو درست قرار دے کر مجرم کو ڈیڑھ برس قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔

  • ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی کارروائی،خاتون کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

    ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی کارروائی،خاتون کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

    اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے خاتون کو بلیک میل، ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ گوجرانوالہ نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ملزم پر غیر اخلاقی ویڈیو شیئر کرنے،بلیک میل کرنے کا الزام ہے۔

    ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم نے لڑکی کو ریسٹورنٹ ملنے کے لیے بلایا جہاں ٹیم پہلے سے ہی موجود تھی۔ملزم لڑکی کو نہ ملنے پر غیر اخلاقی ویڈیو شیئر کرنے کی دھمکی دے رہا تھا۔

    اس سے قبل رواں سال 25 اپریل کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ ملتان نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو بلیک میل کرنے والے امتیاز حسین نامی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ملزم نے خاتون کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کر لیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں برس یکم مارچ کو ایف آئی اے نے گلبہار کراچی کی رہائشی خاتون کو بلیک میل کرنے کے الزام میں ملزم محمد اطہر خان کو گرفتار کر کے شواہد حاصل کر لیے تھے۔

  • سائبر کرائم ، واٹس ایپ پر لڑکی کو بلیک میل کرنے والا گرفتار

    سائبر کرائم ، واٹس ایپ پر لڑکی کو بلیک میل کرنے والا گرفتار

    لاہور:سائبر کرائم ایکٹ کے تحت لڑکی کو بلیک میل کرنے والے شخص کو ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل نے گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے سامان بھی برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کےمطابق خالد خان نامی ملزم لڑکی کو وٹس ایپ کے ذریعے بلیک میل اور دھمکیاں د ے رہا تھا ، لڑکی کے بھائی کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم خالد خان کے خلاف لڑکی کے بھائی نے سائبر کرائم سیل کو درخواست دی تھی ۔سائبر کرائم سیل اس درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے کراس سے موبائل فون سمیت دیگر تمام مواد برآمد کرلیا۔

    ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے ملزم کو شکرگڑھ سے گرفتار کیا۔

    ٰیاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل کراچی کے علاقے عزیز آباد میں ایف آئی اے سائبرکرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی پیر کو گرفتار کیا تھا، ملزم سے تین ہزار سے زائد خواتین کی غیراخلاقی تصاویر اور ویڈیوز برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سرکل فیض اللہ کوریجو کے مطابق گرفتار ملزم شاہ نواز آستانے پر نہ آنے والی خواتین کو ویڈیو کالنگ کے ذریعے دم کرنے کا فریب دیتا تھا اور خواتین کی غیراخلاقی ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرتا تھا۔

    فیض اللہ کوریجو نے کہا کہ ملزم کئی خواتین سے پیسے بھی بٹور چکا ہے، گرفتار ملزم شاہ نواز آستانے کا گدی نشین ہے، ملزم نے والٹ پاس ورڈ بنا رکھا تھا جسے ایف آئی اے نے توڑا ہے۔

  • شادی اسکینڈل: چینی ملزمان 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل روانہ

    شادی اسکینڈل: چینی ملزمان 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل روانہ

    لاہور: مقامی عدالت نے پاکستانی لڑکیوں سے شادی کر کے بلیک میل کرنے کے اسکینڈل میں گرفتار 11 چینی باشندوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرکے غیر اخلاقی کام کروانے میں ملوث گیارہ چائنیز باشندوں کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد ضلع کچہری پیش کیا گیا،جہاں تفتیشی رپورٹ نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

    ایف آئی اے تفتیشی افسر نے چائنیز نوجوان پاکستانی ایجنٹوں سے ملکر پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرتے تھے اور شادی کے بعد ملزمان منظم گروہ بنا کر پاکستانی لڑکیوں سے غیر اخلاقی کام کراتے تھے ۔

    اس موقع پر ایف آئی اے حکام نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری اور متاثرین کو شامل تفتیش کرنا ہے، لہٰذا ان کا جوڈیشل ریمانڈ دیا جائے، جس پرعدالت نے گیارہ چینی باشندوں کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا تے ہوئے ملزمان کو 27مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

    یاد رہے کہ ایف آئی اے نے آٹھ مئی کو کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرکے غیراخلاقی کام کرانے میں ملوث گیارہ چائنیز سمیت تیرہ ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔جبکہ مقدمہ میں ملوث 2پاکستانی ملزمان شوکت علی اور محمد انصر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چین کی حکومت نے اس معاملے پر ہرممکن تعاون کی پیش کش کی ہے، چینی حکومت کے اس عمل کو بے حد سراہتے ہیں، چینی حکام کی ایک ٹیم نے حالیہ دنوں میں پاکستان کا دورہ بھی کیا۔

    ترجمان کے مطابق چینی حکام نے پاکستانی قانون نافذ کرنے والے حکام سے ملاقاتیں بھی کیں، دفتر خارجہ اور چین میں پاکستانی مشنز صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، شکایت کی صورت میں پاکستانی شہریوں کو ہرممکن معاونت فراہم کی جارہی ہے۔