Tag: بلیک پینتھر

  • بلیک پینتھر کا سیکوئل: نیا بلیک پینتھر کون ہوگا؟

    بلیک پینتھر کا سیکوئل: نیا بلیک پینتھر کون ہوگا؟

    سنہ 2018 میں کامیابی کے ریکارڈ توڑنے والی فلم بلیک پینتھر کا سیکوئل جلد ریلیز کیا جائے گا اور مداح بے صبری سے جاننا چاہتے ہیں کہ نیا بلیک پینتھر کون ہوگا۔

    مارول اسٹوڈیوز کی نئی فلم واکانڈا فار ایور میں نئے بلیک پینتھر کے حوالے سے مداح تجسس میں ہیں اور جاننا چاہتے ہیں کہ اگلا بلیک پینتھر کون ہوگا، البتہ فلم کے نئے ٹیزر میں واضح اشارے دیے گئے ہیں کہ کونسا کردار اس ماسک کے پیچھے ہوگا۔

    سنہ 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم بلیک پینتھر نے عوام اور ناقدین دونوں کو متاثر کیا تھا اور اس کے بعد ہی سیکوئل کی تیاری شروع ہوگئی تھی۔

    مگر بلیک پینتھر کا مرکزی کردار ادا کرنے والے چیڈوک بوسمین کے انتقال کے باعث فلم کی تیاری متاثر ہوئی اور اس وقت اسٹوڈیو نے کہا تھا کہ چیڈوک بوسمین کو ڈیجیٹل طریقے سے فلم کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔

    اب بلیک پینتھر کے دوسرے حصے کے لانگ لیو واکانڈا نامی ٹیزر کو جاری کیا گیا ہے جس میں نئے بلیک پینتھر کو ایکشن میں دکھایا گیا ہے، جو وہ ہتھیار استعمال کررہا ہوتا ہے جو پہلی فلم میں بلیک پینتھر کی بہن شوری (لیٹیا رائٹ) کے زیراستعمال دکھایا گیا تھا۔

    اس سے نئے ہیرو کی شناخت کی تصدیق نہیں ہوتی مگر اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ ٹی چالا (چیڈوک بوسمین کے کردار کا نام) کی چھوٹی بہن ہی بلیک پینتھر بنے گی۔

    اس ٹریلر میں آئرن ہارٹ کے سوٹ کو بھی ایکشن میں دکھایا گیا ہے جو ممکنہ طور پر مارول یونیورس میں آئرن مین کی جگہ لینے والا کردار ثابت ہوگا۔

    فلم بلیک پینتھر واکانڈا فار ایور 11 نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہوگی۔

  • نایاب نسل کے بلیک پینتھر کی ویڈیو وائرل

    نایاب نسل کے بلیک پینتھر کی ویڈیو وائرل

    بھارت کے ٹائیگر ریزرو میں نایاب نسل کے بلیک پینتھر کو دیکھا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں ٹائیگر کی نسل کو بچانے کے لیے پینچ ٹائیگر ریزرو قائم کیا گیا ہے جس میں ایک نایاب نسل کے بلیک پینتھر کو دیکھا گیا ہے۔

    بلیک پینتھر کی یہ ویڈیو پینچ ٹائیگر ریزرو کے ٹویٹر پیج سے شیئر کی گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    وائرل ویڈیو میں بلیک پینتھر کو جنگل سے گزرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ اس موقع پر وہاں موجود کچھ لوگ دور کھڑے ہیں اور ویڈیو بنانے میں مصروف ہیں۔

    واضح رہے کہ بلیک پینتھر کی یہ نسل معدومیت کا شکار ہے جس وجہ سے یہ انتہائی نایاب ہے اور بہت کم دیکھنے میں آتی ہے۔

  • کینیا میں سیاہ تیندوا منظر عام پر

    کینیا میں سیاہ تیندوا منظر عام پر

    آپ نے ہالی ووڈ کی ریکارڈ ساز سپر ہیرو فلم بلیک پینتھر تو ضرور دیکھی ہوگی، افریقی ملک کینیا میں بھی بلیک پینتھر کا نظارہ دیکھا گیا لیکن یہ بلیک پینتھر ہالی ووڈ کی فلم سے کہیں زیادہ شاندار اور قابل دید تھا۔

    افریقہ کے جنگلات میں عکس بند کیا جانے والا یہ سیاہ تیندوا، تیندوے کی نایاب ترین نسل ہے۔

    اس سے تقریباً 100 سال قبل ایک سیاہ تیندوا دیکھا گیا تھا اور اس کی موجودگی کے بارے میں صرف اندازے قائم تھے، تاہم اب اس خوبصورت جانور کی صاف تصاویر نے ماہرین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

    اس کی تصاویر کھینچنے والے وائلڈ لائف فوٹو گرافر ول لوکس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس علاقے میں اس خوبصورت جانور کی موجودگی کے بارے میں سنا تھا، تاہم انہیں یقین نہیں تھا کہ وہ اسے دیکھنے میں کامیاب ہوسکیں گے۔

    یہ تیندوا اتنا انوکھا کیوں ہے؟

    اس بارے میں ماہر جنگلی حیات نکولس پلفولڈ کا کہنا ہے کہ یہ تیندوا ایک نایاب جینیاتی مرض میلینزم کا شکار ہے۔

    ہم دیکھتے ہیں کہ انسانوں میں البانزم (یا برص) کا مرض موجود ہوتا ہے۔ یہ مرض انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کو بھی لاحق ہوجاتا ہے۔

    اس مرض میں جسم کو رنگ دینے والے عناصر جنہیں پگمنٹس کہا جاتا ہے کم ہوجاتے ہیں، جس کے بعد جسم کا قدرتی رنگ بہت ہلکا ہوجاتا ہے۔

    اس مرض کا شکار انسان یا جانور سفید رنگت کے حامل ہوتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: البانزم کا شکار سفید بارہ سنگھا

    اس کے برعکس میلینزم میں رنگ دینے والے پگمنٹس نہایت فعال ہوتے ہیں جس کے باعث یا تو جسم پر گہرے یا سیاہ رنگ کے دھبے پڑجاتے ہیں، یا پھر پورا جسم سیاہ ہوجاتا ہے۔

    البانزم کی نسبت میلینزم نایاب ترین مرض ہے اور اس کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ضروری نہیں کہ اس تیندوے کے والدین میں بھی یہ مرض موجود ہو، البتہ ان کی جینیات میں اس کا امکان ضرور ہوسکتا ہے جو ان کی آنے والی نسل میں ظاہر ہوتا ہے۔

  • بلاک بسٹر فلم بلیک پینتھر کے ساتھ سعودی عرب میں سینما کی واپسی

    بلاک بسٹر فلم بلیک پینتھر کے ساتھ سعودی عرب میں سینما کی واپسی

    ریاض: چالیس سال کی طویل پابندی کے بعد آخر کار سعودی عرب میں آج بدھ کو سنیما کی واپسی ہوگئی ہے، سعودی شہری اسکرین پر دنیا بھر میں بلاک بسٹر فلم بلیک پینتھر دیکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پچھلے برس مملکت کے کئی شہروں میں سینما ہاؤسز میں فلموں کی نمائش کھولنے کی منظوری دی گئی تھی جس کے بعد پہلا شو آج دارلحکومت ریاض میں دکھایا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مملکت میں بے پناہ اصلاحات لاکر دنیا کے سامنے سعودی عرب کا ایک زیادہ روشن چہرہ پیش کیا ہے، اسی سلسلے میں انھوں نے چار عشروں سے بند سعودی سینما کو بھی بحال کردیا ہے۔

    سعودی ولی عہد نے علما کو بھی سینما کے خلاف وعظ کرنے سے سختی سے روک دیا ہے جن کا کہنا تھا کہ سینما سے لوگوں کے اخلاق پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    سعودی سینما میں پہلی فلم کے طور پر ڈزنی کی بلاک بسٹر فلم بلیک پینتھر کو منتخب کیا گیا ہے جس نے پوری دنیا میں تہلکہ مچادیا ہے اور اب تک اویٹار کے بعد دوسری تیزترین بزنس کرنے والی فلم ثابت ہوئی ہے۔

    سعودی عرب کی تاریخ میں پہلے فیشن ویک کی شروعات

    یہ ایک دل چسپ امر ہے کہ سعودی اخبارات میں اس فلم پر کیا ریویو لکھے جائیں گے، کیا وہ مقامی سیاست کی طرف اشارے کرنے کے لیے آزاد ہوں گے کیوں کہ فلم میں ایسی کئی چیزیں ہیں جن سے مملکت کی سیاست کے ساتھ مماثلت مل سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں 80 کی دہائی کے آغاز تک فلموں کی نمائش ہوتی رہی ہے، اس کے بعد سینما کو شریعت اور معاشرتی اقدار کے خلاف قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر ختم کردیا گیا تھا۔ سینما کی واپسی کے ساتھ دنیا کے سامنے مملکت کی ایک نئی تصویر پیش ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ہالی ووڈ کی نئی فلم’’بلیک پینتھر‘‘ نمائش کیلئے پیش کردی گئی

    ہالی ووڈ کی نئی فلم’’بلیک پینتھر‘‘ نمائش کیلئے پیش کردی گئی

    لاس اینجلس : ہالی ووڈ کی نئی فلم  ’’بلیک پینتھر‘‘ سنیما کے پردے پر سج گئی، فلمی جوتشیوں نے پیش گوئی کردی ہے کہ بلیک پینتھر باکس آفس پر کامیابی کے نئے ریکارڈ بنائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایکشن ایڈونچر سے بھرپور نئی سائنس فکشن فلم’’بلیک پینتھر‘‘ سینماؤں پر نمائش کیلئے پیش کردی گئی، سیاہ فام سپر ہیرو کے دیوانوں کا انتظار ختم ہوگیا، مارولز کا سیاہ فام سپر ہیرو تہلکہ مچانے آگیا۔

    فلم کی کہانی افریقی ریاست واکانڈا کے بادشاہ کے گرد گھومتی ہے جو اپنی سلطنت بچانے کے لئے ’کنگ ٹی چالا‘ بلیک پینتھر کا روپ دھارتا ہے۔

    سلطنت کو ٹکڑے ہونے سے بچانے کیلئے ’کنگ ٹی چالا‘ بلیک پینتھر کا روپ دھار کر سی آئی اے ایجنٹ اور ریاست واکانڈا کی سلطنت کی سیکیورٹی فورسز کی مدد سے اپنے دشمنوں کا خاتمہ کرنے کیلئے اعلانِ جنگ کر دیتا ہے۔

    غیر مرئی طاقتوں سے بھرپور بادشاہ ٹی چالار ریلیز سے ہی پہلے ہی باکس آفس پر اپنی دھاک بٹھا چکاہے، فلم میں مرکزی کردار اداکار چیڈوِک بوسمین نبھارہے ہیں۔

    دیگر اداکاروں میں مائیکل جارڈن، لیوپیٹا یانگ، مارٹن فری مین، ڈینئیل کالویا، وِنسینٹ ڈوک، فاریسٹ وائیٹیکر، ایجلا بیسٹ اور اینڈی سرکس شامل ہیں۔ فلمی جوتشیوں نے پیش گوئی کردی’’بلیک پینتھر‘‘ پہلے ہفتے میں ہی کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرےگی۔

  • معصوم سے پنک پینتھر کے بعد سپر ہیرو بلیک پینتھر

    معصوم سے پنک پینتھر کے بعد سپر ہیرو بلیک پینتھر

    آپ نے اپنے بچپن میں معصوم اور سادہ لوح سے پنک پینتھر کی کارٹون سیریز ضرور دیکھی ہوگی اور کچھ بچوں کا تو یہ اتنا پسندیدہ ہوگا کہ وہ اس کا اسٹف ٹوائے بھی اپنے ساتھ لے کر سوتے ہوں گے۔

    تاہم اب اس پنک پینتھر کے بعد بلیک پینتھر بھی منظر عام پر آگیا ہے جو کوئی کارٹون سیریز نہیں بلکہ مارول کامک کی نئی پیشکش ایک سپر ہیرو ہے جس کی انفرادیت یہ ہے کہ یہ سیاہ فام ہے۔

    بلیک پینتھر نامی سپر ہیرو کا ناول امریکا میں سنہ 60 سے 70 کی دہائی میں خاصا مقبول تھا اور اب مارول اسٹوڈیوز کے تحت بننے والی اس فلم کی کہانی بھی اسی ناول سے ماخوذ ہے۔

    سپر ہیروز کی دنیا میں اس سے قبل تمام سپر ہیروز کو سفید فام دکھایا جا چکا ہے تاہم امید ہے کہ اس سیاہ فام سپر ہیرو کو بھی بے حد پسند کیا جائے گا جس کا ثبوت فلم کا ٹریلر ہے جسے ریلیز ہوتے ہی چند گھنٹوں کے اندر لاکھوں افراد نے دیکھ لیا۔

    فلم میں موجود تمام ہی کردار افریقی ہیں جو جدید ٹیکنالوجی اور شاندار سینماٹو گرافی کے ساتھ پیش کیے جارہے ہیں۔

    ٹریلر میں اس سپر ہیرو کو طاقتور دشمنوں کے خلاف معرکہ آرا دیکھا جاسکتا ہے۔ فلم بلیک پینتھر کو فروری 2018 میں ریلیز کے لیے پیش کردیا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔